Tag: crash

  • معروف اداکار کا 10 سالہ بیٹا ڈرائیونگ سیٹ پر، گاڑیوں کی ٹکر سے کروڑوں کا نقصان

    معروف اداکار کا 10 سالہ بیٹا ڈرائیونگ سیٹ پر، گاڑیوں کی ٹکر سے کروڑوں کا نقصان

    ہالی ووڈ کے معروف اداکار بین ایفلک کے 10 سالہ بیٹے نے دو مہنگی گاڑیاں آپس میں ٹکرا کر 8 کروڑ روپے کا نقصان کردیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ اداکار بین ایفلک کے 10 سالہ بیٹے سیموئیل نے شوروم میں کھڑی مہنگی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرا دی۔

    اتوار کو بین ایفلک گلوکارہ جینیفر لوپیز کے ہمراہ لاس اینجلس میں ایک کار شو روم گئے جہاں بین نے اپنے صاحبزادے کو گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بٹھا دیا۔

    غیر ملکی میڈیا میں شائع ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیموئیل پیلے رنگ کی لیمبورگنی کی ڈرائیونگ سیٹ سے باہر آرہے ہیں، عقب میں سفید رنگ کی بی ایم ڈبلیو کھڑی ہے جس سے سیموئیل کی گاڑی ٹکرائی۔

    رپورٹس کے مطابق جس لیمبورگنی کی ٹکر ہوئی اس کی مالیت 4 لاکھ ڈالر (تقریباً 8 کروڑ 23 لاکھ 14 ہزار پاکستانی روپے) ہے۔

  • اسرائیل میں اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ

    اسرائیل میں اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ

    اسرائیل میں اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ کیا گیا ہے جس میں وزیر اعظم آفس سمیت متعدد سرکاری ویب سائٹس ڈاؤن ہوگئی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کے سب سے بڑے سائبر حملے میں وزیر اعظم آفس سمیت متعدد سرکاری ویب سائٹس ڈاؤن ہوگئی ہیں۔

    ان سائبر حملوں کے نتیجے میں وزیر اعظم ہاؤس، وزارت داخلہ، وزارت صحت، انصاف اور بہبود کی وزارتوں سمیت متعدد ویب سائٹس ڈاؤن ہوگئی ہیں جنہیں بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔

    اخبار نے وزارت دفاع کے حوالےسے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اسرائیل کے خلاف ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سائبر حملے کے پیچھے ریاستی عناصر یا کسی بڑی آرگنائزیشن کا ہاتھ ہے تاہم ابھی تک ان حملوں کے محرکات کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حملے پیر کی شام کیے گئے، جس کے بعد نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    ان حملوں میں ایسے ڈومینز (ویب سائٹ کے ایڈریسز) کو نشانہ بنایا گیا جن کا ایکسٹینشن Gov.IL تھا اور یہ ایکسٹینشن سرکاری ویب سائٹ استعمال کرتی ہیں۔

  • اس تصویر میں ایسا کیا ہے جو اینڈرائڈ فون کو کریش کردیتا ہے؟

    اس تصویر میں ایسا کیا ہے جو اینڈرائڈ فون کو کریش کردیتا ہے؟

    کیلی فورنیا: دنیا بھر میں اکثر افراد اپنے موبائل فون پر کسی خوبصورت سے نظارے کو بطور وال پیپر سیٹ کرتے ہیں، ایسا ہی ایک خوبصورت سا منظر متعدد اینڈرائڈ فونز کو کریش کرنے کا سبب بن گیا۔

    متعدد اینڈرائڈ صارفین نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ سمندر کنارے غروب آفتاب کی ایک تصویر جب انہوں نے اپنے وال پیپر پر سیٹ کی تو اس سے ان کا موبائل فون کریش کر گیا۔

    کئی افراد کا کہنا تھا کہ اس تصویر کو بطور وال پیپر پر سیٹ کرنے کے بعد ان کا موبائل بار بار بند ہونے لگا یہاں تک اسے فیکٹری ری سیٹ کرنا پڑا، جس کے بعد موبائل کا سارا ڈیٹا ضائع ہوگیا۔

    جب یہ تصویر سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی تو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایک سائنسدان اور فوٹوگرافر گورو اگروال نے برطانوی نشریاتی ادارے سے رابطہ کر کے انہیں بتایا کہ یہ تصویر اس کی کھینچی ہوئی ہے۔

    گورو نے بتایا کہ اس نے ریاست مونٹانا میں واقع سینٹ میری جھیل کی یہ تصویر گزشتہ برس کھینچی تھی، اس کے بعد اسے لائٹ روم نامی پکچر ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کے ذریعے ایڈٹ کیا گیا اور پھر فلکر پر اپ لوڈ کیا گیا۔

    اب ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے اس سافٹ ویئر میں استعمال کیا جانے والا کلر اسپیس اس تصویر کو تباہ کن بنانے کا سبب بن رہا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گورو نے جو رنگ سافٹ ویئر کے ذریعے اس تصویر میں شامل کیے، انہیں اکثر اینڈرائڈ فون سپورٹ نہیں کر رہے، یہی وجہ ہے کہ اس تصویر کو بہتر طور پر پیش کرنے کے چکر میں اینڈرائڈ کا سسٹم کریش کر جاتا ہے۔

    ماہرین نے اس تصویر کو بطور وال پیپر نہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • طیارہ بھیانک حادثے کا شکار ہوگیا

    طیارہ بھیانک حادثے کا شکار ہوگیا

    واشنگٹن: امریکا میں چھوٹے طیارے کو خطرناک حادثہ پیش آیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ طیارے میں صرف دو افراد سوار تھے جبکہ ان کے ساتھ پالتو کتا بھی تھا۔ خوش قسمی سے کسی کو خراچ تک نہیں آئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ حادثہ فلوریڈا کے شہر ڈسٹن میں پیش آیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ طیارہ انجن ناکارہ ہونے کی صورت ہوا، واقعے میں 47 سالہ باپ اور 22 سالہ بیٹا محفوظ رہے۔

    ریسکیو عملے کا کہنا ہے کہ باپ بیٹے ڈسٹن کی فضائی حدود میں سیر کررہے تھے کہ اچانک لینڈنگ کے دوران انجن فیل ہوگیا اور طیارہ درخت سے جا اٹکا، زمین پر گرنے کی صورت میں جہاز تباہ بھی ہوسکتا تھا جس میں دونوں مسافروں کی اموات بھی یقینی تھی لیکن خوش قسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔

    واقعہ صبح سویرے پیش آیا جبکہ حادثے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر موجود شہریوں نے متاثرین کی مدد کی۔

  • یوکرینی طیارے پر مبینہ میزائل حملے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

    یوکرینی طیارے پر مبینہ میزائل حملے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

    تہران: یوکرین کے طیارے حادثے سے متعلق ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز کو مبینہ طور پر میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین کا طیارہ حادثے کا شکار ہوا یا پھر اسے تباہ کیا گیا، ابھی تک معمہ حل نہ ہوا البتہ ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی ہے جس سے متعق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ جہاز پر حملے کی ویڈیو ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک میزائل نماہتھیار رات کی تاریکی میں فضا میں نمادار ہوا اور کسی چیز سے ٹکرایا جس کے باعث آگ کے شعلے بلند ہوئے اور زور دار دھماکے کی آواز آئی۔

    امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ وہی ویڈیو اور مقام ہے جہاں ایران نے اپنے میزائل سے یوکرین کے طیارے کو نشانہ بنایا جس کے باعث جہاز کا ٹرانسمیشن سگلنل بھی معطل ہوا۔ البتہ اب تک یہ گتھی سلجھ نہ سکی۔

    یوکرین طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ

    خیال رہے کہ ایران میں یوکرین کا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے واقعے سے متعلق گزشتہ روز امریکی ہفتہ روزہ میگزین نیوز ویک نے دعویٰ کیا کہ طیارے کو ایران نے غلطی سے تباہ کیا تھا، طیارے کو اینٹی ایئر کرافٹ میزائل لگا تھا، پینٹاگون اور عراقی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے اس حادثے سے متعلق آگاہ کیا، طیارے کو جو میزائل لگا وہ روسی ساختہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل ٹی او آر ایم ون تھا۔

    ادھر برطانوی اور کینیڈین وزرائے اعظم نے بھی دعویٰ کر دیا ہے کہ یوکرین طیارہ ایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوا ہے۔

  • امریکا میں مسافر طیارہ گرکر تباہ، 10 افراد ہلاک

    امریکا میں مسافر طیارہ گرکر تباہ، 10 افراد ہلاک

    واشنگٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دس افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی کمپنی کا جہاز مقامی ایئرپورٹ کے ہینگر میں گرکرتباہ ہوا، کنگ ایئر350 کے دو انجن کےطیارے پر سوار کوئی شخص زندہ نہیں بچا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں پیش آیا، جہاں نجی آیئرلائن کا طیارہ ایئرپورٹ کے ہینگر میں ہی گرکر تباہ ہوگیا۔

    ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی، البتہ وفاقی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مل کر تفتیش کررہے ہیں جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد طیارے میں فوراً آگ بھڑک اٹھی، خوش قسمتی سے ایئرپورٹ کے ہینگر میں عملے کا کوئی شخص موجود نہیں تھا، مذکورہ جہاز اپنی نوعیت کا چھوٹا طیارہ ہے جس میں بہ یک وقت تیرہ افراد سوار ہوسکتے ہیں۔

    امریکی ریاست ٹیکساس کے حکام نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں امریکی ریاست ٹیکساس میں ڈبل انجن طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں نیویارک کے سابق میئر اور ان کی نواسی بھی شامل تھیں۔

    امریکی ریاست ٹیکساس میں طیارہ گر کر تباہ، 6 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں کولمبیا میں چھوٹا گیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا حادثے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • کیلی فورنیا میں امریکی ایف 16 طیارہ گر کر تباہ، 12 افراد جھلس کر زخمی

    کیلی فورنیا میں امریکی ایف 16 طیارہ گر کر تباہ، 12 افراد جھلس کر زخمی

    واشنگٹن : کیلی فورنیا کے علاقے کاؤنٹ ریور سائیڈ میں گودام میں موجود 12 افراد طیارے کی تباہی سے ہونیوالی آتشزدگی کی زد میں آکر جھلس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنوبی علاقے کاؤنٹ ریور سائیڈ میں ایف سولہ طیارہ ایک گودام پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں بارہ افراد زخمی ہو گئے۔

    کیلی فورنیا کی کاؤنٹ ریور سائیڈ میں ایف سولہ طیارہ ایک گودام کی چھت توڑتا ہوا نیچے جا گرا، طیارے کا پائلٹ پیراشوٹ کے ذریعے اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا۔

    بتایا گیا ہے کہ گودام میں موجود 12 افراد طیارے کی تباہی سے ہونیوالی آتشزدگی کی زد میں آکر جھلس گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    مزید پڑھیں : کیلی فورنیا میں طیارہ گرکر تباہ‘ 2 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے رہائشی علاقے میں طیارہ گرنے سے ایک گھر میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    افسوس ناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور گھر میں لگی آگ پر قاپو پایا، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے کی وجوہات فوری طور پرسامنے نہیں آسکی تھیں تاہم واقعے کی تفتیش تاحال جاری ہے۔

  • اسرائیلی خلائی جہاز کا چاند پر اترنے کا مشن ناکام، جہاز تباہ

    اسرائیلی خلائی جہاز کا چاند پر اترنے کا مشن ناکام، جہاز تباہ

    تل ابیب: اسرائیل کی چاند پر خلائی جہاز اتارنے کی کوشش ناکام ہوگئی اور لینڈنگ کے دوران خلائی جہاز تباہ ہوگیا جس کے بعد اسرائیل چاند پر پہنچنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے سے رہ گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کا نجی سرمایہ کاری سے تیار کردہ خلائی جہاز اپنے مشن میں ناکام ہوگیا۔ برشیٹ نامی خلائی جہاز چاند کی سطح پر بھیجا گیا تھا۔

    مشن کی کامیابی کی صورت میں اسرائیل چاند پر جہاز بھیجنے والا چوتھا ملک بن جاتا، اب تک امریکا، روس (سوویت یونین) اور چین اپنے خلائی جہاز کامیابی سے چاند کی سطح پر اتار چکے ہیں تاہم اسرائیل اس فہرست میں شامل ہونے سے رہ گیا۔

    خلائی جہاز برشیٹ 4 اپریل کو چاند کے مدار میں پہنچا تھا اور اس وقت سے چاند کے گرد گردش کررہا تھا۔ گزشتہ روز مقررہ شیڈول کے مطابق اسے چاند پر لینڈنگ کرنی تھی تاہم لینڈنگ کی تیاری کے دوران انجن میں خرابی پیدا ہوئی اور وہ چاند کی سطح سے ٹکرا گیا۔

    اسرائیلی مشن کنٹرول کا کہنا تھا کہ لینڈنگ سے پہلے جہاز کا انجن خراب ہوگیا تھا جس کے باعث لینڈنگ نہ ہو سکی۔

    مشن سے منسلک ماہرین کے مطابق لینڈنگ سے قبل خلائی جہاز کا زمین سے رابطہ بھی منقطع ہوگیا تھا، جہاز کی لینڈنگ کی مانیٹرنگ کرتے زمین پر موجود خلائی عملے نے رابطہ بحال کرنے اور انجن کی خرابی دور کرنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے۔

    مذکورہ خلائی جہاز کی تیاری میں 100 ملین ڈالرز کی لاگت آئی تھی اور اسے اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز نے ایک نجی کمپنی کے ساتھ مل کر تیار کیا تھا۔

  • تمام بوئنگ 737 طیارے گراؤنڈ کیے جائیں: ایتھوپیا کا مطالبہ

    تمام بوئنگ 737 طیارے گراؤنڈ کیے جائیں: ایتھوپیا کا مطالبہ

    نیروبی: ایتھوپین ایئرلائن کے سربراہ تیوولڈے گَیبرے نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام بوئنگ 737 طیارے گراؤنڈ کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق آٹھ بوئنگ 737 میکس طیارے دنیا بھر میں زیراستعمال ہیں، ایتھوپین ایئرلان کے سربراہ نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام طیارے گراؤنڈ کیے جائیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تیوولڈے گیبرے نے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ پر زور دیا ہے کہ وہ تمام طیارے گراؤنڈ کرے تاکہ اس کا استعمال بند ہو۔

    ایتھوپین ایئرلائن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جب تک یہ واضح اور طے نہیں ہوجاتا کہ بوئنگ 737 پرواز کے لیے محفوظ ہے اُس وقت تک یہ طیارے استعمال نہ کیے جائیں۔

    حالیہ چھ ماہ کے دوران بوئنگ طیارہ گرکر تباہ ہونے کے دو واقعات کے بعد کئی سوالات اٹھ رہے ہیں، جس کے باعث متعدد ممالک نے اپنی فضائی حدود میں مذکورہ طیاروں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    متحدہ عرب امارات، برطانیہ، فرانس، چین، سنگاپور اور انڈونیشیا بوئنگ737 ماڈل کے تمام طیاروں کی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کرچکے، جبکہ کئی یورپی ممالک بھی مذکورہ پابندی پر غور کررہے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں بوئنگ 737 طیاروں پر پابندی عائد

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ایتھوپین ائیرلائن کا بوئنگ طیارہ تباہ ہوا جس کے نتیجے میں 157 افراد ہلاک ہوئے تھے، اسی طرح اکتوبر 2018 میں بھی اسی ماڈل کا طیارہ کریشن ہوا تھا جس کے نتیجے میں 189 مسافر مارے گئے تھے۔

  • دباؤ کے باوجود بوئنگ 737 پر پابندی نہیں لگائیں گے، امریکی ایوی ایشن اتھارٹی

    دباؤ کے باوجود بوئنگ 737 پر پابندی نہیں لگائیں گے، امریکی ایوی ایشن اتھارٹی

    واشنگٹن : امریکی ایوی ایشن اتھارٹی کا بوئنگ 737 سے متعلق کہنا ہے کہ ’ہم بے تحاشا دباؤ کے باوجود بوئنگ 737 میکس ایئرکرافٹ پر کوئی پابندی عائد نہیں کریں گے‘۔

    تفصیلات کے مطابق ایتھوپیا میں گذشتہ دنوں ہولناک طیارہ حادثہ پیش آیا تھا، بوئنگ 737 میکس 8 طیارے میں سوار 35 ممالک سے تعلق رکھنے والے 157 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

    امریکا کی فیڈریل ایوی ایشن اتھارٹی نے اپن جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’طیارے کے نظام میں کوئی کارکردگی کا مسئلہ نہیں ہے‘ اور نہ ہی طیارے کو بند کرنے کی کوئی بنیادی وجوہات ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پانچ ماہ کے دوران بوئنگ 737 کا یہ خوفناک حادثہ ہے جس کے نتیجے میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

    ایتھوپین ایئرلائن کے طیارہ حادثے کے بعد دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے بوئنگ 737 پر پابندی لگانے کی ایک لہر چل پڑی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز ہانگ کانگ، ویت نام، نیوزی لینڈ اور متحدہ عرب امارات بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے بوئنگ 737 طیارے کی اپنی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ، چین، یورپی یونین اور آسٹریلیا پہلے ہی بوئنگ 737 کے تمام ماڈلز پر پابندی لگا چکے ہیں۔

    ایوی ایشن و اسپیس کی ذیلی کمیٹی کے چیئرمین ریپبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز کا کہنا ہے کہ ’مجھے یقین کہ امریکا بھی دیگر ممالک کی طرح عارضی طور پر بوئنگ 737 پر پابندی عائد کردے گا جب ایف اے اے طیارے اور مسافروں کی حفاظت کی یقین دہانی نہیں کرواتا‘۔

    ڈیموکریٹ کی امریکی صدارتی امیدوار الیزبتھ وارن کا کہنا ہے کہ ’فیڈریل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) دیگر ممالک کی تقلید کرے اور فوری طور پر تمام بوئنگ 737 طیاروں پر پابندی لگا دے‘۔

    مزید پڑھیں: ایتھوپیا میں طیارہ حادثہ، امریکی ٹیم تحقیقات کرے گی

    یاد رہے کہ ایک روز قبل ایتھوپین ائیرلائن کا بوئنگ طیارہ تباہ ہوا جس کے نتیجے میں 157 افراد ہلاک ہوئے تھے، اسی طرح اکتوبر 2018 میں بھی اسی ماڈل کا طیارہ کریشن ہوا تھا جس کے نتیجے میں 189 مسافر مارے گئے تھے۔

    امریکی کمپنی بوئنگ 737 طیارے تیار کرتی ہے، ایتھوپیا کے پاس اب اس ماڈل کے چار طیارے باقی ہیں جنہیں سول ایوی ایشن کے حکم پر فوری گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔