Tag: crash plane

  • طیارے کا بلیک باکس اور وائس ریکارڈ کراچی پہنچا دیا گیا

    طیارے کا بلیک باکس اور وائس ریکارڈ کراچی پہنچا دیا گیا

    کراچی: حویلیاں میں حادثے کے شکار طیارے کا بلیک باکس اور وائس ریکارڈر کراچی پہنچا دیا گیا، جسے فرانس بھیجا جائےگا ساتھ ہی طیارہ بنانے والی فرانسیسی کمپنی نے پی آئی اے کو تحقیقات میں مدد کی پیشکش کردی۔

    سانحہ حویلیاں حادثہ تھا یا غفلت ادارے اس بات کی کھوج میں ہیں،بدقسمت طیارے کے بلیک باکس اور وائس ریکارڈر کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے کراچی لایا گیا، جسے پیرس بھجوایا جائے گا، پی آئی اے اور سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی ٹیم کے ارکان بلیک باکس اور وائس ریکارڈر لے کر فرانس جائیں گے۔

    طیارہ بنانے والی فرانسیسی کمپنی حادثے کی تحقیقات میں مدد کے لیے تیار ہے،پی آئی اے سے اجازت ملنے کے بعد اے ٹی آر کمپنی تحقیقات کے لیے 5 رکنی ٹیم پاکستان بھیجےگی، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ٹیم ایس آئی بی سے ملاقاتیں کرے گی۔

    پاک فوج،سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کی ٹیموں نے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔

    ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں طیارہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا ہو،پی آئی اے کا بد قسمت اے ٹی آر طیارہ حویلیاں کے نزدیک گر کر تباہ ہوا تھا حادثے میں جنید جمشید سمیت 47 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے صلاح الدین کے مطابق ٹیم کے ارکان کے ویزے اور کاغذات کی تیاری جاری ہے جیسے ہی کام مکمل ہوگا بلیک باکس اور وائس ریکارڈ فرانس بھیج دیا جائےگا، ان کے ہمراہ پی آئی اے کی ٹیم اور بورڈ کے ارکان بھی موجود ہیں، کمپنی ان دونوں کو ڈی کوڈ کرے گی جس کے بعد پتا چل جائے گا کہ کاک پٹ میں پائلٹس کی آپس میں گفتگو، پائلٹس کی کنٹرول ٹاور سے گفتگو کیا تھی سب کچھ سامنے آجائے گا جس سے صورتحال واضح کی حادثہ کیوں پیش آیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ڈی کوڈ ہونے کے عمل میں کئی دن لگیں گے، جو کچھ بھی ڈی کوڈ ہوگا کمپنی وہ ڈیٹا پی آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کردے گی، سیفٹی بورڈ تحقیقات کررہا ہے اور وزیراعظم کو ابتدائی رپورٹ پیش کرچکا ہے جس میں مزید پیش رفت جاری ہے۔

    رپورٹر کے مطابق اے ٹی آر کی فرانسیسی کمپنی نے پی آئی اے کو تحقیقات کی پیشکش کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا عندیہ دیا ہے۔

  • وزیراعظم کا طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کا حکم، جنید جمشید کے بیٹے کو فون

    وزیراعظم کا طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کا حکم، جنید جمشید کے بیٹے کو فون

    اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے سے متعلق حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے،  جس کے لیے انہوں نے سیفٹی تحقیقاتی بورڈ کے تحت انکوائری کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

    یہ ہدایات وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اسلام آباد میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بریفنگ سننے کے بعد دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ سیفٹی تحقیقاتی بورڈ کے تحت انکوائری کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تا کہ حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ سول ایوی ایشن پاک فضائیہ کے سینئر افسر کو انکوائری ٹیم میں شامل کریں تا کہ تحقیقات میں مدد حاصل رہے اور تحقیقات شفاف طریقے سے منطقی انجام تک پہنچے جس کی روشنی مسافروں کے تحفظ اور طیاروں کی بہتر کارکردگی کے حوالے سے اہم اور ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔

    قبل ازیں اجلاس میں سیکریٹری ایوی ایشن نے وزیراعظم کو حادثے سے متعلق تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ پیش کی اور ساتھ ہی انہیں اب تک کی جانے والی امدادی کارروائیوں، لاشوں کی منتقلی اور ایمرجنسی ڈیسک سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

    اجلاس میں چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے بھی شرکت کی ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے طیاروں کا معیار عالمی اسٹینڈرڈ کے مطابق ہے اور مسافروں کے تحفظ کے لیے ہر احتیاط بروئے خاطر لائی جاتی ہے۔

    سی ای او پی آئی اے نے وزیر اعظم کو بتایا کہ جہاز اڑانے والا پائلٹ اور عملہ انتہائی تجربہ کار تھا، جاں بحق پائلٹ کا فلائنگ تجربہ 10 ہزار گھنٹے سے زائد کا تھا۔

    اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، چیئرمین پی آئی اے ، سیکریٹری سول ایوی ایشن سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    دریں اثنا نواز شریف نے مرحوم جنید جمشید کے بیٹے تیمور جمشید کو ٹیلی فون کیا اور ان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے جنید جمشید کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا ۔

    وزیراعظم نے کہا کہ دل دل پاکستان کا نغمہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا انہوں نے بیٹے کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے والد کا جسد خاکی جلد از جلد ان تک پہنچا دیا جائےگا۔