Tag: Cricket

  • نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی چھت نصب کرنے کا کام شروع

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی چھت نصب کرنے کا کام شروع

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی تیاریاں عروج پر ہیں ، اسی سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھی اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم جو کہ گزشتہ سال بحالی کے مرحلے سےگزرا تھا اب اسکے دوسرے فیز میں انکلوژر کی چھت لگانے کے لیے غیر ملکی انجینئرز کی ٹیم نے اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا ہے۔

    بتایا جارہاہے کہ ملائیشیا کی ملٹی میڈیا انجینئرنگ نامی کمپنی کے انجینئرز اس کام کو دو مرحلوں میں طے کریں گے، پہلے مرحلے میں جاوید میانداد انکلوژر سے لے کر نسیم الغنی انکلوژر تک کی چھت نصب کی جائے گی۔

    نصب کی جانے والی چھت کی تھری ڈی ڈرائینگ

    دوسرے مرحلے میں حنیف محمد انکلوژر سے لے کر اقبال قاسم انکلوژر تک کی چھت کی تنصیب کی جائے گی۔

    غیر ملکی انجینئرز کی ٹیم چار لاکھ اسکوائر میٹر ٹیفلون فیبرک کی چھت کی تنصیب کا کام ایک سے دو روز میں شروع کرے گی ، غیرملکی انجینئرنگ ٹیم کو میڈیا کوریج سے دور رکھا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے پانچ میچز سات سے سترہ مارچ تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوں گے، شہر قائد اس میگا ایونٹ کے فائنل کی بھی میزبانی کرے گا۔

    گزشتہ سال پی ایس ایل سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں کئی طویل مدتی منصوبے مکمل کیے گئے تھے، جن میں انکلوژرزکی تزئین و آرائش، لفٹ کی تنصیب، سیوریج سسٹم کی بحالی، نشستوں کی مرمت اور تبدیلی شامل ہیں۔

  • ہیڈ‌ کوچ مکی آرتھر کے غصے کی وجہ سامنے آگئی

    ہیڈ‌ کوچ مکی آرتھر کے غصے کی وجہ سامنے آگئی

    سنچورین: جنوبی افریقہ کے خلاف ناقص کارکردگی پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سینئر کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلے بازوں کی خراب پرفارمینس پر مکی آرتھر غصےسے پھٹ پڑے، تمام کھلاڑیوں کو کھری کھری سنا دی۔

    انھوں نے غیر ذمے دارانہ شاٹس کھیلنے پر کپتان سرفراز احمد، اظہر علی اور اسد شفیق کو بالخصوص تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اس موقع پر کھلاڑیوں نے غلط شاٹس کھیلنے کا اعتراف کرلیا، البتہ ہیڈ کوچ کا غصہ ختم نہیں ہوا۔


    مزید پڑھیں: سنچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی


    موصولہ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر کھلاڑیوں اور کوچ کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    البتہ پی سی بی نے جھگڑے کی باتوں کو بے بنیاد قرار دے دیا، ٹیم مینجمنٹ کے مطابق کھلاڑی پرفارم نہیں کرتے تو ڈانٹ ڈپٹ ہوتی ہے۔

    مکی آرتھر کو وارننگ مل گئی

    ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد بھی مکی آرتھر خبروں کی زینت بنے رہے۔ ہیڈ کوچ کو پی سی بی کی جانب سے وارننگ مل گئی۔

    تیسرے روز جنوبی افریقی بیٹسمین ڈین ایلگر کو ناٹ آؤٹ قرار دینے پر مکی آرتھر نے ٹی وی امپائر جوئل ولسن کے کمرے میں جا کر فیصلہ کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

    ٹی وی امپائر کی شکایت پر میچ ریفری ڈیوڈ بون نے انھیں وارننگ دیتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ سے محروم کردیا، مکی آرتھر نے غلطی کا اعتراف کیا ہے۔

  • سنچورین ٹیسٹ : پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیمیں کل مد مقابل ہوں گی

    سنچورین ٹیسٹ : پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیمیں کل مد مقابل ہوں گی

    سنچورین : پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ باکسنگ ڈے یعنی26دسمبر سے سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلا جائے گا، ایک بار پھر پاکستان کی بیٹنگ اور سرفراز احمد کی کپتانی کا امتحان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیزن کا پہلا سنچورین ٹیسٹ26دسمبر کو کھیلا جائے گا، پاکستان کا کڑا بلکہ سخت کڑا امتحان اب شروع ہونے جارہا ہے.۔

    دونوں ٹیموں کی بولنگ مضبوط اور بیٹنگ مشکوک ہے، ڈیل اسٹین جنوبی افریقی بولنگ کے سردار، ایک وکٹ لے کر422 پر پہنچیں گے۔ جو ملک کا نیا ریکارڈ ہوگا۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر ، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور یاسر شاہ پاکستان کا اٹیک ہوگا، پچ ہری اور خطروں سے بھری ہوگی پر یہاں آخری تین ٹیسٹ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے جیتے ہیں۔

    تینوں بار جنوبی افریقہ نے فتح کا جھنڈا گاڑا جبکہ پاکستان جنوبی افریقہ سے دس میں سے صرف ایک سیریز جیتا۔ پاکستان نے اب تک بارہ میں سے صرف دو ٹیسٹ جیتے، سیریز کبھی نہیں جیتی۔

    پاکستان کو ٹاپ آرڈر سے اچھی کارکردگی کی امید ہے، اظہر علی اور اسد شفیق اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور جنوبی افریقہ کو ہاشم آملہ سے اچھے رنز مل سکتے ہیں تاہم اس ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ فیورٹ ہے پر پاکستان بھی شائقین کرکٹ کو حیران کر سکتا ہے۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ کا آغاز آج سے ہوگا

    قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ کا آغاز آج سے ہوگا

    بینونی: پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ کا آغاز آج سے ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان سہ روزہ میچ کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آج سے بینونی میں سہ روزہ میچ کھیلا جائے گا، اوپنر فخر زمان فٹ ہوگئے، میچ میں حصہ لیں گے۔

    پاکستان ٹیم کے لیے پہلے ٹیسٹ کی تیاری کا واحد موقع ہے، بینونی میں تین روزہ میچ میں بیسٹ الیون کا تجربہ اچھا ہے، جبکہ فاسٹ بولر محمد عباس فٹ نہیں ہیں۔

    ٹیسٹ سے پہلے انکا کھیلنا ضروری تصور کیا جارہا تھا، جنوبی افریقہ میں فرنچائز کرکٹ کی وجہ سے اھم کھلاڑی اس سہ روزہ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

    دوسری جانب کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بیٹنگ سدھارنا ہے، تین روزہ میچ میں نوجوان اور ناتجربہ کار بولنگ کے سامنے ٹاپ آرڈر کو اچھی پریکٹس حاصل کرنا ہوگی، پاکستان ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اہل ہے۔

    اب ساری توجہ ساؤتھ افریقہ کے دورے پر ہے: سرفراز احمد

    خیال رہے کہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ گیارہ جنوری سے جوہانسبرگ میں شیڈول ہے، قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز بھ کھیلے گی۔

    پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے 19جنوری کو کھیلا جائے گا، گرین شرٹس جنوبی افریقہ میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی کھیلیں گے، جنوبی افریقہ کے طویل دورے کا اختتام 6 فروری کو ہوگا۔

    قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں سرفراز احمد، فخر زمان، شان مسعود، شاداب خان ،فہیم اشرف اور محمدعامر، امام الحق، اظہر علی، حارث سہیل، اسدشفیق، بابر اعظم، محمدرضوان، محمدعباس، حسن علی، شاہین آفریدی بھی شامل ہیں۔

  • میری نظر میں سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں: وسیم اکرم

    میری نظر میں سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں: وسیم اکرم

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے موجودہ کپتان سرفراز احمد کی کپتانی سے متعلق منفی خبروں پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے انھیں بہترین کپتان قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ سے سن رہا ہوں کہ نیا کپتان بنا دو، کپتان کے لیے کوئی اور موزوں ہے تو لوگ ہی نام بتا دیں۔

    [bs-quote quote=”جنوبی افریقا کا دورہ مشکل ہے، قومی ٹیم کے لیے یہ دورہ امتحان ثابت ہوگا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وسیم اکرم” author_job=”سابق فاسٹ بولر”][/bs-quote]

    سابق کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پیچھے کوئی عمران خان یا جاوید میاں داد بیٹھے ہیں تو ان کو کپتان بنا دیں، جب بھی کوئی اَپ سیٹ ہوتا ہے فوری کپتان کو ہٹانے کی باتیں ہونے لگتی ہیں۔

    سوئنگ کے سلطان نے کہا ’ٹیم کو اسپورٹس میں ہارنا بھی آنا چاہیے اور کم بیک بھی آنا چاہیے، میری نظر میں سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں۔‘

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کا دورہ مشکل ہے، قومی ٹیم کے لیے یہ دورہ امتحان ثابت ہوگا۔

    انھوں نے کہا ’نوجوانوں کو کرکٹ کی طرف لانے کے لیے ایونٹ شروع ہو رہا ہے، ایونٹ کا نام ٹالرنس رکھاگیا ہے، جس میں یونی ورسٹی اور مدرسے کے بچے کھیلیں گے، اس ایونٹ سے یہ سکھایا جائے گا کہ جیت ہار ہوتی ہے تو ہار کے بعد کیسے ٹالرنس کا مظاہرہ کرنا ہے۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کیلئے روانہ


    خیال رہے کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستان ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کو کارکردگی بہتر بنانی ہوگی، کوئی کپتان تا حیات نہیں ہوتا، جنوبی افریقا کی سیریز ہمیشہ سے سخت رہی ہے، ہمیں بہت محنت کرنا ہوگی۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں پانچ روز قبل جنوبی افریقا کے لیے جا چکی ہے، سیریز میں 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔

  • پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کو ایک بار پھر پاکستان میں میچز کھیلنے کی دعوت دیدی

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کو ایک بار پھر پاکستان میں میچز کھیلنے کی دعوت دیدی

    لاہور: ملک میں سکیورٹی کے حالات بہتر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کو ایک بار پھر پاکستان میں ون ڈے میچز کھیلنے کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سکیورٹی کے حالات بہتر ہیں جس کے پیش نظر پی سی بی ایک بار پھر آسٹریلیا سے پاکستان میں میچز کھیلنے کی بات کررہا ہے۔

    پی سی بی کی خواہش ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیدار پی ایس ایل کے میچز دیکھ کر پاکستان آنے کا فیصلہ کریں۔

    پی سی بی پی ایس ایل کے میچز کے بعد کراچی میں دو ون ڈے میچز کرانے کی خواہش مند ہے، پاکستان آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچز اگلے سال انیس مارچ سے ہونا ہیں۔

    پرتھ ٹیسٹ : بھارت 283 رنز پر آؤٹ، آسٹریلیا کو چار وکٹ پر175 رنز کی برتری

    آسٹریلیا نے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے 1998 کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

    خیال رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ان دنوں ٹیسٹ سیزیز جاری ہے۔

    بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر132رنز بنالیے، جس کے بعد آسٹریلیا کو 43رنز کی سبقت حاصل ہے۔

  • اب ساری توجہ ساؤتھ افریقہ کے دورے پر ہے: سرفراز احمد

    اب ساری توجہ ساؤتھ افریقہ کے دورے پر ہے: سرفراز احمد

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، اب ساری توجہ ساؤتھ افریقہ کے دورے پر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آگے کی سوچ لے کر جنوبی افریقہ جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ساؤتھ افریقہ میں بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ہمارے بیٹسمینوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اپنی اننگز کو لمبا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ساوتھ افریقہ کی پچز باؤنسی ہیں، فاسٹ بولر کا کردار اہم ہوگا، ساوتھ افریقہ کیخلاف تینوں شعبوں میں بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا، ہار پر تنقید سنی پڑتی ہے۔

    طویل دورے کا باقاعدہ آغاز 19 دسمبر سے 3 روزہ وارم اپ میچ سے ہوگا، سیریز میں 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔

    سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں شروع ہوگا، 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں دوسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔

    دورے کا باقاعدہ آغاز 19 دسمبر سے 3 روزہ وارم اپ میچ سے ہوگا، سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ گیارہ جنوری سے جوہانسبرگ میں شیڈول ہے، قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز بھیلے گی۔

    پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے 19جنوری کو کھیلا جائے گا، گرین شرٹس جنوبی افریقہ میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی کھیلیں گے، جنوبی افریقہ کے طویل دورے کا اختتام 6 فروری کو ہوگا۔

    قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں سرفراز احمد، فخر زمان، شان مسعود، شاداب خان ،فہیم اشرف اور محمدعامر، امام الحق، اظہر علی، حارث سہیل، اسدشفیق، بابر اعظم، محمدرضوان، محمدعباس، حسن علی، شاہین آفریدی بھی شامل ہیں۔

  • سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کیلئے روانہ

    سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کیلئے روانہ

    لاہور: نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ آج رات براستہ دبئی جنوبی افریقہ پہنچےگا، ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کررہے ہیں۔

    طویل دورے کا باقاعدہ آغاز 19 دسمبر سے 3 روزہ وارم اپ میچ سے ہوگا، سیریز میں 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔

    سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں شروع ہوگا، 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں دوسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔

    دورہ جنوبی افریقہ: ٹیم کی کارکردگی کا انحصار کس پر ہوگا؟ محمد حفیظ نے بتا دیا

    قومی ٹیم نے روانگی سے قبل میچ میں بھرپور کارکردگی دکھانے اور سیریز جیتنے کے عظم کا اظہا کیا ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل سابق کپتان محمد حفیظ نے پاکستانی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ سے متعلق اپنے بیان میں کہا تھا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑی جنوبی افریقا میں اہم کردارکریں گے۔

    سیدھے ہاتھ کے بلے باز کا کہنا تھا کہ دورہ جنوبی افریقہ مشکل ثابت ہوگا، البتہ امید ہے کہ ہماری ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف بہترپرفارم کرے گی۔

    محمد حفیظ یہ بھی کہا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی کا دارومدار سینئر کھلاڑی پر ہوگا، انھیں پرفارم کرنا ہوگا۔

  • یونس خان کو سالگرہ مبارک

    یونس خان کو سالگرہ مبارک

    پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کرکٹر آج اپنی 41 ویں سالگرہ منارہے ہیں، یونس خان پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔

    آپ کا مکمل نام ’محمد یونس خان‘ ہے اورآپ 29 نومبر، 1977ء کو سرحد کے شہر مردان میں پیدا ہو ئے تھے۔ آج آپ اپنی زندگی کی 41 ویں سالگرہ منارہے ہیں اور آپ کے مداح دنیا بھر سے آپ کو مبارک باد دے رہے ہیں ۔

    یونس خان ایک کامیاب کرکٹر ہیں اور آپ پاکستانی ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے لیے کھیلتے رہے ہیں ۔پاکستان نے سنہ 2009ء میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تو اس فاتح ٹیم کی قیادت آپ ہی کررہے تھے۔

    حنیف محمد اورانضمام الحق کے بعد یونس خان پاکستان کے تیسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کی ہے۔ وہ پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں ۔

    آپ نے 26 فروری سنہ 2000 میں سری لنکا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور آخری میچ1 نومبر2015 کو انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ پہلا ون ڈے سری لنکا کے خلاف فروری سنہ 2000 میں جبکہ آخری 11 نومبر 2015 کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔

    دس ہزار رنز مکمل کرنے پر یونس خان نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب پاکستانی ٹیم میں آیا تو ڈریسنگ روم میں دنیا کے بہترین کرکٹر موجود تھے مجھے سعید انور، راشد لطیف، باسط علی اور محمد یوسف جیسے بلے باز ملے۔ جب کہ وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے بولرز کے ساتھ کھیلا ہوں اس لیے خود کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں کہ مجھے ذہن اور باصلاحیت دوست اور سینئرز ملے۔

    واضح رہے یونس خان دنیا کے 13 ویں بیٹسمین ھیں جنہوں نے دس ہزار رنز یا اس سے زائد زنز بنائے جب کہ وہ پہلے پاکستانی بلے باز ہیں جنہوں نے یہ معرکہ سر کیا اس کے علاوہ وہ ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں پانچ سنچریاں، 11 ملکوں میں سنچری بنانے کا منفرد ریکارڈ اور ٹیسٹ میچ کھیلنے والی نو کی نو ٹیموں کے خلاف سینچریاں بنانے کا بھی ریکارڈ اپنے نام کر رکھا ہے۔

    دس ہزار رنز مکمل کرنے کے بعد اے آروائی نیوز کو دیا انٹرویو

  • کرپشن اور تعلیم کی کمی پاکستان کے دوسنگین مسائل ہیں: شاہد آفریدی

    کرپشن اور تعلیم کی کمی پاکستان کے دوسنگین مسائل ہیں: شاہد آفریدی

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کرپشن اور تعلیم کی کمی کو پاکستان کے دو سنگین مسائل قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اللہ کرے عمران خان کرپشن کے خاتمے میں کامیابی حاصل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ تعیلم کی کمی اور کرپشن ملک کے لیے سنگین مسائل ہیں۔

    آفریدی کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں وائی فائی پہنچ گئی، وہاں تعلیم پہنچائی جانی چاہیے، پڑھا لکھا پاکستان ترقی کی ضمانت ہے۔

    خیال رہے کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

    شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں، 2 اسکولوں کا انتظام سنبھال لیا

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سندھ کے علاقے ریڑھی اور وانگی گوٹھ میں دو اسکولوں کا انتظام سنبھالا ہے، شاہد آفریدی اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے درمیان معاہدے کے تحت ریڑھی گوٹھ میں ایس اے ایف اسکول کا افتتاح کیا گیا۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ مشکل حالات کا سامنا کرنے والے بچے اب تعلیم حاصل کریں گے، پاکستان میں تعلیم کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ملک بھر میں 3 اسکول کھل چکے ہیں اب چوتھا وادی تیرہ میں ہوگا، منشیات کے عادی لوگوں کو سیدھے راستے پر لانا ہمارا مقصد ہے۔