Tag: Cricket

  • کیا آپ جھینگر والی آئس کریم کھانا چاہیں گے؟

    کیا آپ جھینگر والی آئس کریم کھانا چاہیں گے؟

    دنیا بھر میں مختلف حشرات اور جانوروں کو کھایا جاتا ہے تاہم ہر شخص اس ذائقے کو محسوس نہیں کرسکتا، جرمنی میں بھی ایک منفرد ذائقہ رکھنے والی ایسی آئس کریم متعارف کروائی گئی ہے جس میں جھینگر شامل کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق جرمنی میں ایک سٹور نے اپنے مینو میں جھینگر کے ذائقے والی آئس کریم متعارف کروائی ہے۔

    یہ جھینگر کے ذائقے والی آئس کریم جنوبی جرمنی کے شہر روٹنبرگ ایم نیکر کے تھامس میکولینو کے اسٹور پر دستیاب ہے، میکو لینو روایتی آئس کریم کے بجائے غیر معمولی ذائقے والی آئس کریم کے لیے جانے جاتے ہیں۔

    ماضی میں انہوں نے لیور ساسیج اور گارگنزلا پنیر (نیلا پنیر) کے ذائقے والی اور گولڈ پلیٹڈ آئس کریم متعارف کروائی تھی۔ آئس کریم کے ہر سکوپ کی قیمت 4 یورو ہے۔

    تھامس میکولینو کا کہنا ہے کہ وہ غیر روایتی ہیں اور ہر چیز کو چکھنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سی چیزیں کھائی ہیں جن میں کچھ عجیب و غریب ہیں، جھینگر ایسی چیز تھی جس کو میں ٹیسٹ کرنا چاہتا تھا اور اس کو آئس کریم کی شکل میں بھی متعارف کروانا چاہا۔

    یورپی یونین کے قواعد و ضوابط کے تحت جھینگر کو منجمد، خشک اور پاؤڈر کی شکل میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    اس سے قبل یورپی یونین ٹڈیوں اور آٹے میں موجود لاروے کو کھانے کی منظوری دے چکا ہے۔

    میکولینو کی آئس کریم جھینگر کے پاؤڈر، کریم، ونیلا اور شہد سے مل کر بنتی ہے اور اس پر ٹاپنگ کے لیے خشک جھینگر بھی استعمال ہوتے ہیں۔

    تھامس میکولینو کا کہنا ہے کہ اس کا زبردست ذائقہ ہے لیکن کچھ لوگوں نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے کہ کیڑے مکوڑوں والی آئس کریم تیار کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے کسٹمرز بھی ہیں جو روزانہ آتے ہیں اور اس کا ایک سکوپ خریدتے ہیں۔ ان کے ایک کسٹمر کا کہنا ہے کہ یہ لذیذ آئس کریم ہے اور اس کو کھایا جا سکتا ہے۔

  • سعودی عرب: دوسری قومی کرکٹ چیمپیئن شپ کا آغاز

    سعودی عرب: دوسری قومی کرکٹ چیمپیئن شپ کا آغاز

    ریاض: سعودی اسپورٹس فیڈریشن کے تعاون سے مملکت میں دوسری قومی کرکٹ چیمپیئن شپ کا آغاز کیا جارہا ہے، گزشتہ برس منعقد ہونے والی چیمپیئن شپ کا انعقاد اہم کامیابیوں میں سے ایک ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی اسپورٹس فار آل فیڈریشن کا کہنا ہے کہ سعودی کرکٹ فیڈریشن کے تعاون سے دوسری قومی کرکٹ چیمپیئن شپ کا پورے سعودی عرب میں انعقاد ہو رہا ہے۔

    سعودی فیڈریشن مملکت کے 11 شہروں میں 4 ماہ کے دوران کرکٹ میچوں کی میزبانی کرے گی، اس قومی کرکٹ چیمپیئن شپ میں 8 ہزار کھلاڑیوں اور شرکا کی آمد متوقع ہے۔

    قومی کرکٹ چیمپیئن شپ کے لیے مملکت کے جن شہروں کو میزبانی دی گئی ہے ان میں ریاض، جدہ، دمام، جبیل، قصیم، تبوک، مدینہ منورہ، ینبع، ابہا، جیزان اور نجران شامل ہیں۔

    مملکت بھر میں منعقد کی جانے والی چیمپیئن شپ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کو بہترین مواقع ملنے کی توقع ہے جہاں ہر ٹیم کو ایک راؤنڈ ملے گا، ونر اور رنر اپ ٹیموں کو انعامات اور نقد رقم دی جائے گی۔

    اس چیمپیئن شپ کے ذریعے کرکٹ سے محبت کرنے والوں اور کمیونٹی کے اراکین کو اپنی فٹنس کی سطح بلند رکھنے کے لیے حوصلہ افزائی ملتی ہے۔

    فیڈریشن کے صدر شہزادہ خالد بن الولید بن طلال آل سعود نے کہا ہے کہ کرکٹ فیڈریشن میں قومی چیمپیئن شپ کا دوبارہ آغاز فیڈریشن کے لیے پرجوش لمحہ ہے۔ گذشتہ سال کا کرکٹ ایونٹ فیڈریشن کی مقبول ترین کرکٹ چیمپیئن شپ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی سرگرمیاں مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کو مشغول رکھنے اور جسمانی فٹنس کے معیار کو بلند کرنے کے علاوہ سماجی رابطوں کو مضبوط کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔

    سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود نے بھی سعودی فیڈریشن کے ساتھ اس تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2021 میں کھیلوں کے شعبے میں قومی کرکٹ چیمپیئن شپ کا انعقاد اہم کامیابیوں میں سے ایک ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس مملکت کے 9 شہروں کی 369 ٹیموں اور 15 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ذریعے ہزاروں کھلاڑیوں اور شرکا نے حصہ لیا تھا اور 14 ہفتوں تک 106 میدانوں میں قومی کرکٹ چیمپیئن شپ منعقد ہوئی جس میں 456 پیشہ ور اہلکاروں اور رضا کاروں نے خدمات انجام دیں۔

  • بنگال ٹائیگرز نے پروٹیز دیس میں تاریخ رقم کردی

    بنگال ٹائیگرز نے پروٹیز دیس میں تاریخ رقم کردی

    کیپ ٹاؤن: بنگال ٹائیگرز نے پروٹیز کے دیس میں تاریخ رقم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقا کو ریکارڈ 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

    اسی کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اپنے ملک سے باہر پہلی مرتبہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا۔

    یہ پہلا موقع ہے جب بنگلا دیش نے پروٹیز کے دیس میں سیریز پہلی بار ون ڈے سیریز جیتی ہے، اس سے قبل بنگال ٹائیگرز نے جنوبی افریقا کی سرزمین پر 19 ایک روزہ میچز کھیلے جس میں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

    حالانکہ پروٹیز ٹیم بھی زبردست فارم میں تھی اور اس نے جنوری میں بھارت کو ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا جبکہ بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں بھی شکست سے دوچار کیا تھا تاہم بنگال ٹائیگرز نے جنوبی افریقا کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئےتاریخی فتح حاصل کی۔

    تیسرے اور آخری میچ میں کپتان تمیم اقبال نے ناقابل شکست 87 رنز کے ساتھ مثال کی قیادت کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ انہوں نے آخر تک اپنا بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ انہیں ساتھی اوپنر لٹن داس نے اچھا سپورٹ کیا، جس کے ساتھ انہوں نے 155 کے ہدف پر 127 رنز بنائے۔

    اس سے قبل جنوبی افریقا نے سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے جارہے تیسرے ڈے نائٹ اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جہاں پروٹیز ٹیم بنگلا دیشی فاسٹ بولر تسکین احمد کی شاندار بولنگ کے باعث 37 اوورز میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

    پروٹیز کی جانب سے کوئی بیٹر بھی نصف سنچری اسکور نہ کر سکا ، میلان 39 ، ڈیوائن پریٹورئیس 20 اور کیشو مہاراج 28 رنز بنا سکے، تسکین احمد نے 9 اوورز میں 35 رنز دے کر 5 پروٹیز کا شکار کیا۔

    ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز کے اوپنرز کپتان تمیم اقبال اور لٹن داس کے درمیان 127 رنز کی عمدہ پارٹنر شپ نے میچ کا نتیجہ قبل از بتادیا، کپتان تمیم اقبال نے 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ لٹن داس 48 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے۔

    واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بنگلا دیش نے 38 رنز سے اپنے نام کیا تھا، دوسرے میچ میں پروٹیز نے کم بیک کرتے ہوئے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

  • نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی

    نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی

    لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی، مہمان ٹیم آئندہ سال دسمبر جنوری میں 2 ٹیسٹ میچز اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی جبکہ 2023 میں بھی ایک اور دورہ متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین مارٹن سنیڈن کی ملاقاتوں کے دوران نیوزی لینڈ ٹیم کے دورہ پاکستان کو حتمی شکل دے دی گئی۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی، مہمان ٹیم آئندہ سال دسمبر جنوری میں 2 ٹیسٹ میچز اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم اپریل 2023 میں ایک مرتبہ پھر پاکستان آئے گی، 2023 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 5 ون ڈے اور 5 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈز اب دوروں کی تاریخوں کو حتمی شکل دیں گے۔

    چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ مارٹن سنیڈن اور ان کے بورڈ کا شکر گزار ہوں، ملاقاتوں کے نتائج پر بہت خوشی ہے۔ اس اعلان سے تصدیق ہوتی ہے کہ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ (بورڈ) کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ اور مارٹن سنیڈن کی دبئی میں ملاقاتیں نتیجہ خیز رہیں۔

  • انگلینڈ بورڈ کا فیصلہ بزدلانہ ہے، کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا گیا: برطانوی مصنف

    انگلینڈ بورڈ کا فیصلہ بزدلانہ ہے، کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا گیا: برطانوی مصنف

    لندن: برطانیہ کے ایک مصنف پیٹر اوبورن نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا فیصلہ بزدلانہ قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے دورۂ پاکستان کی منسوخی کا فیصلہ انگلش کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے مصنف پیٹر اوبورن نے انگلش بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا، انھوں نے کہا کہ جس بنیاد پر دورۂ پاکستان منسوخ کیا گیا وہ انتہائی تشویش کی بات ہے۔

    پیٹر اوبورن نے کہا کہ انگلینڈ بورڈ نے دورہ منسوخی کا فیصلہ بزدلانہ اور کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا ہے، بالخصوص اس فیصلے میں آئی پی ایل کا بھی کردار ہے، پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات وہی تھے جو شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے لیے کیے گئے تھے، پاکستان میں انگلش ہائی کمیشن سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن تھا۔

    برطانوی مصنف نے اسکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کی کرکٹ کے لیے نہیں یہ فیصلہ پوری دنیا کے لیے ایک دھچکا ہے، پاکستان کی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ہے، انگلینڈ نے بظاہر یہ فیصلہ سیکیورٹی بنیاد پر نہیں کیا۔

    مصنف اوبورن نے فیصلے کا پول کھولتے ہوئے کہا کہ انگلش بورڈ کی سیکیورٹی ایڈوائس میں کوئی تبدیلی نہیں تھی، پریس ریلیز میں سیکیورٹی کا نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے ذہنی دباؤ کا ذکر ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرونا وبا کے خطرناک وقت میں بھی برطانیہ آ کر کھیلا، پاکستان نے کرونا وبا میں آ کر برطانیہ پر احسان کیا تھا۔

  • عمر اکمل نے معافی مانگ لی

    عمر اکمل نے معافی مانگ لی

    لاہور: عمر اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا، اور سب سے معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹر عمر اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا، انھوں نے کہا کہ 17 ماہ قبل مجھ سے ایسی غلطی ہوئی جس سے کرکٹ اور میرے کیریئر کو نقصان ہوا۔

    انھوں نے کہا کہ غلطی یہ تھی کہ کچھ لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا جسے میں وقت پر رپورٹ نہ کر سکا، میں اعتراف کرتا ہوں کہ میری غلطی کی وجہ سے پاکستان کی کرکٹ کی بدنامی ہوئی۔

    عمر اکمل نے جرمانہ ادا کر دیا

    وکٹ کیپر بیٹسمین نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنی فیملی اور دنیا بھر میں کرکٹ فینز سے معافی مانگتا ہوں۔

    عمر اکمل نے ویڈیو پیغام میں یہ اعتراف کیا کہ ان سے کچھ لوگوں نے رابطہ کیا تھا لیکن انھوں نے بروقت پی سی بی اینٹی کرپشن کو اس کے بارے میں نہیں بتایا، انھوں نے کہا کہ فکسنگ کی پیش کش کے بارے میں بروقت نہ بتانے پر مجھے 12 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

    انھوں نے کھلاڑیوں کے لیے پیغام دیا کہ وہ ملک اور کھیل کے سفیر ہیں، انھیں کسی بھی مشکوک سرگرمی سے دور رہنا چاہیے، کوئی مشکوک شخص ان سے رابطہ کرتا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا جائے۔

  • سعودی عرب میں بھی اب کرکٹ کھیلی جائے گی

    سعودی عرب میں بھی اب کرکٹ کھیلی جائے گی

    ریاض: سعودی عرب میں بھی اب کرکٹ کھیلی جائے گی، مختلف ممالک کے سفیروں نے سعودی حکومت کے اس منصوبے پر اظہار مسرت کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے سفارت کاروں نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کی جانب سے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے پروگراموں پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

    گزشتہ ہفتے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشال ال سعود نے ایک انٹرویو میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے بڑے منصوبوں کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر بھی کیا تھا، جن سے کمیونٹی، کلب اور عالمی سطح پر مقامی شہریوں اور غیر ملکی تارکین وطن کی اس کھیل میں شرکت بڑھے گی۔

    سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے سرکاری، نیم سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ساتھ متعدد معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں۔ ان میں کھیل کے حوالے سے آگاہی پھیلانے، پورے ملک میں کرکٹ کی سہولیات میں اضافے اور اسکول پروگراموں کے ذریعے سعودی نوجوانوں کو کھیل سے متعارف کروانے کے منصوبے شامل ہیں۔

    کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں کمیونٹی کی سطح پر کرکٹ نہایت مقبول ہے اور پاکستان، سری لنکا اور برطانیہ کے سفارت کاروں اور دیگر شخصیات نے مشغولیت بڑھانے اور مختلف قومیتوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کے نئے منصوبوں کی حمایت کی ہے۔

    سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے اس حوالے سے بتایا کہ صرف ایک سال میں ایس اے سی ایف کی اتنی ترقی خوشی کی بات ہے۔ میں ذاتی طور پر بہت خوش ہوں کہ کرکٹ سعودی معاشرے میں جڑیں پکڑ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی واقعی کھیل کے بارے میں جذباتی ہیں اور سعودی عرب میں کرکٹ کی سرگرمیوں کا آغاز محبت بھرے سلوک سے کم نہیں ہے، امید ہے کہ ایس اے سی ایف کے چیئرمین کے وژن پر کامیابی کے ساتھ عمل ہوگا۔ ان کا سنہ 2021 میں ٹورنامنٹس کے انعقاد کا شیڈول متاثر کن ہے۔

    ان مقابلوں میں نیشنل کرکٹ چیمپئن شپ بھی شامل ہے، جو 11 شہروں میں کھیلی جاتی ہے اور چار پروگراموں کا حصہ ہے، جس پر ایس اے سی ایف نے سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کے ساتھ دستخط کیے تھے۔ فروری 2021 میں منعقد ہونے والا یہ سعودی عرب کی تاریخ کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ ہے۔

    برطانیہ کے سفیر برائے سعودی عرب نیل کرومپٹن نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایک کرکٹ فین کی حیثیت سے میں دوسروں کو کھیلتا دیکھ کر ہمیشہ خوش ہوتا ہوں۔

    سعودی عرب میں ہونے والی ان تبدیلیوں کا خیر مقدم کرنے والوں میں کرکٹر عبدالقادر خان بھی شامل ہیں، وہ اس وقت ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کھیل رہے ہیں اور سعودی عرب کی جونیئر اور سینیئر دونوں سطحوں پر نمائندگی کر چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اب سعودی عرب میں کرکٹ کو حکومتی سرپرستی حاصل ہو گئی ہے۔ اب یہاں کرکٹ تیزی سے پھیلے گی۔

  • دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ کس ملک کا ہے؟

    دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ کس ملک کا ہے؟

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ بن گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے 19۔2018 میں بھارتی ٹیم کے میڈیا حقوق سے بہت فائدہ اٹھایا تھا، بورڈ نے اب 2020 کی بیلنس شیٹ جاری کر دی ہے۔

    دنیا کے امیر ترین کرکٹ بورڈ نے مالی سال 19۔2018 کے دوران صرف کرکٹ ٹیم کے میڈیا حقوق سے 828 کروڑ روپے کمائے، جو آج تک کسی بورڈ کو نہیں دیے گئے۔

    بی سی سی آئی کی بیلنس شیٹ کے مطابق انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے 2018 ایڈیشن کے دوران، بورڈ نے 2،407.46 کروڑ روپے کمائی کی۔

    بھارتی بورڈ مالی سال 19۔2018 کے اختتام تک 14،489.80 کروڑ روپے کے ساتھ ایک بڑا کرکٹ بورڈ بن گیا ہے، اور اب اس نے اپنے مالی اثاثوں میں مزید 2،597.19 کروڑ کا اضافہ کر لیا ہے۔

    بھارتی بورڈ نے بتدریج ہر سال اپنی مالی حالت مستحکم کی ہے، مالی سال 2014 کے اختتام پر بی سی سی آئی کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 5،438.61 کروڑ روپے تھی، 2015 میں مجموعی اثاثے 7،847.07 کروڑ روپے تک پہنچے، 2016 میں 8000 کروڑ روپے، 2017 میں 11،892.61 کروڑ روپے، اور اب یہ اثاثے بڑھ کر 14،889.80 کروڑ روپے ہوگئے ہیں۔

    بھارتی ٹیم کے میڈیا حقوق کی فروخت کے سبب بی سی سی آئی کی آمدنی میں گزشتہ برسوں میں کافی اضافہ ہوا، میڈیا کے ان حقوق میں ہوم گراؤنڈز پر کھیلے جانے والے دو طرفہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 میچز شامل ہیں۔

    بی سی سی آئی کا سرکاری براڈ کاسٹر اسٹار انڈیا بھارت میں کھیلے جانے والے ہر بین الاقوامی میچ کے لیے 43.20 کروڑ کی ادائیگی کرتا ہے، مالی سال 2018 کے دوران بورڈ نے 22 بین الاقوامی میچز کی میزبانی کی، جس میں 7 ٹیسٹ، 10 ون ڈے اور پانچ ٹی 20 میچز شامل تھے۔ اسٹار انڈیا کے پاس آئی پی ایل میں میڈیا کے حقوق بھی ہیں، اس نے 2019 سے 2022 تک آئی پی ایل کے میڈیا حقوق کے لیے 16،347.50 کروڑ روپے کی تاریخی بولی لگائی تھی، جس میں ہر میچ پر تقریباً 54 54.50 کروڑ کی بولی ہے۔

  • نیوزی لینڈ کے نوجوان کرکٹر کو کینسر لاحق

    نیوزی لینڈ کے نوجوان کرکٹر کو کینسر لاحق

    ولنگٹن: نیوزی لینڈ کے ایک نوجوان کرکٹر کو کینسر لاحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹر اینڈریو ہیزلڈائن خون کے کینسر کا شکار ہوگئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کنٹربری کے 26 سالہ فرسٹ کلاس کرکٹر اینڈریو ہیزلڈائن نے کینسر کی تشخیص کے بعد تمام طرز کی کرکٹ سے بریک لے لیا ہے۔

    فاسٹ بولر اینڈریو کا علاج جاری ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 2021 تک وہ کرکٹ کے میدانوں میں واپس آنے کے قابل ہو جائیں گے۔

    واضح رہے کہ ڈومیسٹک کرکٹر اینڈریو ہیزلڈائن نے اپنا فرسٹ کلاس میچ 2018 کھیلا تھا، کنٹربری کرکٹ کے عہدے دار مارٹی کرو کا کہنا ہے کہ اینڈریو کے لیے فطری طور پر یہ ایک پریشان کن صورت حال ہے، ہماری ہمدردیاں ان کے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    بنگلہ دیشی کرکٹر کے لیے سیکورٹی گارڈ

    ادھر بنگلادیش کے مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن کو قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔ حال ہی میں پریکٹس سیشن کے دوران گراؤنڈ میں مسلح گارڈ شکیب الحسن کے ہمراہ دیکھا گیا۔

    یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ملکی پلیئر کو مسلح گارڈ فراہم کیا گیا ہو تاہم غیر ملکی پلیئزر، آفیشلز اور دیگر آئی سی سی حکام کو سیکورٹی گارڈز مہیا کیے جاتے رہے ہیں۔ بی سی بی نے مسلح گارڈ کی تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شکیب الحسن کو سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے پر انھیں مسلح گارڈ فراہم کیا گیا ہے۔

  • پاک انگلینڈ ٹیسٹ : چوتھے دن کا کھیل بارش کے باعث روک دیا گیا

    پاک انگلینڈ ٹیسٹ : چوتھے دن کا کھیل بارش کے باعث روک دیا گیا

    ساؤتھمپٹن : پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا کھیل شروع ہوگیا، قومی ٹیم میچ کے تیسرے روز 273رنز پر آل آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو انگلینڈ میں دس سال بعد ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا ہے، ساؤتھمپٹن میں تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستان فالو آن کے بعد دوسری اننگز کھیل رہا ہے۔

    پاکستان کی جانب سے اوپنر شان مسعود اور عابد علی کریز پر موجود ہیں ، شان مسعود نے 13 اور عابد علی نے 22رنز بنائے ہیں، تاہم بارش کے باعث فی الحال میچ روک دیاگیا ہے۔

    انگلینڈ کی پہلی اننگز583 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں273رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، کپتان اظہرعلی نے ناقابل شکست 141 رنز بنائے تھے، پاکستان کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے اور اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 310رنز درکار ہیں۔

    اس حوالے سے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف 150 رنز کی لیڈ مل گئی تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں آسکتے ہیں۔

    ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی کپتان اظہر علی نے اپنی سنچری مکمل کرلی ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 6 ہزار رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے، انہوں نے یہ کارنامہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انجام دیا۔