Tag: Cricket

  • فاسٹ بولرجنید خان ان فٹ، یواے ای سیریزسے باہر

    فاسٹ بولرجنید خان ان فٹ، یواے ای سیریزسے باہر

    شارجہ: پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان انجری کے باعث یو اے ای سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ کرکٹر جنید خان کو گزشتہ روز ٹریننگ کے دوران گھنٹے میں تکلیف کا سامنا رہا جس کی وجہ سے وہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے ون ڈے میچ شرکت نہیں کرسکے۔

    ٹیم مینجمنٹ نے منگل کو فاسٹ بولر کا ایم آر آئی ٹیسٹ کرایا تھا۔ رپورٹ میں انھیں ان فٹ قرار دیا گیا ہے اور اب وہ سیریز سے ہی باہر ہوگئے ہیں۔ ان کے متبادل کھلاڑی کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ جلد کرے گی۔اس سے پہلے آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی انجری کی وجہ سے یو اے ای سیریز سے باہرہوچکے ہیں۔

  • پہلا ون ڈے:آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف شاندار فتح

    پہلا ون ڈے:آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف شاندار فتح

      شارجہ: آسٹریلیا کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی ٹیم کو لے ڈوبی۔اسٹیون اسمتھ کی شاندار سنچری اور عمدہ بولنگ نے آسٹریلیا کو ترانوے رنز سے جیتا کرسیریز میں ایک صفر کی سبقت دلادی ہے۔

    شارجہ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کیخلاف آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلی وکٹ صفر پر ایرون فنچ کی گری۔ اسٹیون اسمتھ نے ذمہ داری سے نہ صرف اسکور میں اضافہ کیا بلکہ ون ڈے کیرئیر کی پہلی سنچری بھی بنائی۔ وہ ایک سو ایک رنز بناکر نمایاں رہے۔

    مقررہ اوورز میں آسٹریلوی ٹیم آٹھ وکٹوں پردو سو پچپن رنز بنائے، پاکستان کیلئے شاہد آفریدی نے تین،وہاب ریاض نے دو وکٹیں حاصل کیں، جواب میں پاکستانی بلے باز ناکام ہوگئے۔ وکٹیں گرنے کا سلسلہ تھم نہ سکااور پوری ٹیم کے ڈھیر ہونے پر ختم ہوا۔

    سرفراز احمد اور عمراکمل نے کینگروز کے سامنے مزاحمت کی مگر ان کی زیادہ دیر تک چل نہ سکی، پاکستان ٹیم ایک سو باسٹھ رنز پر ہمت ہار گئی۔ سرفراز احمد چوتیس،عمر اکمل چھالیس رنز بناسکے۔

    مچل جانسن نے تین، نیتھن لیون اور گلین میکسویل نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز کا دوسرا میچ دس اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔

  • پاک آسٹریلیا ون ڈے میچ کل شارجہ میں ہوگا

    پاک آسٹریلیا ون ڈے میچ کل شارجہ میں ہوگا

    شارجہ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کل شارجہ میں کھیلا جائےگا۔ پاکستانی شاہینوں اور کینگروز کے درمیان متحدہ عرب امارات کے ریگستانوں میں ون ڈے سیریز کا آغاز ہونے جارہا ہے۔

    جیت کا جنون لیے کھلاڑی پرجوش ہونگے ۔ میدان کے اندر بھی اور باہر بھی موسم گرم ہوگا۔ پچاس اوورز کے فارمیٹ میں کینگروز کو گرین شرٹس پر واضح برتری حاصل ہے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک نواسی ون ڈے میچز کھیلے جاچکے ہیں۔قسمت کی دیوی شاہینوں پر صرف اکتیس بار مہربان ہوئی۔ آسٹریلیا فتوحات کی نصف سنچری مکمل کرکے چوون بار میدان مار نے میں کامیاب ہوچکا ہے۔

    ایک میچ ٹائی اور تین غیر فیصلہ کن رہے۔ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی دونوں سیریز کینگروز کے نام رہی۔ دو ہزار نو میں آسٹریلیاتین دو سے سیریز اپنے نام کی تو دوہزار بارہ میں دو ایک سے کامیابی سمیٹی۔

    موجودہ ٹیم میں آفریدی آسٹریلیا کیخلاف انتالیس ون ڈے میچز میں چوالیس کینگروز کا شکار کرچکے ہیں۔بیٹنگ میں آفریدی چھ سو تراسی رنز کے ساتھ پہلے اور کپتان مصباح الحق تین سو ستتر رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجودہیں۔

  • پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

    پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

    دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یواے سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ آج دبئی میں کھیلا جائیگا۔ کپتان شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ کھلاڑی میچ جیت کر قوم کو عید کا تحفہ دیں گے۔

    متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر میلہ سجنے کو ہے۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج چھکے اور چوکوں کی بارش ہوگی ۔ دنیائے کرکٹ کی دو مایہ ناز ٹیمیں پاکستان اور آسٹریلیا آج واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے مدمقابل ہونگی۔

    دوہزار بارہ میں دونوں ٹیموں نے تین ٹی ٹوئنٹئ میچز کی سیریز دبئی میں کھیلی تھی جس میں پاکستان کو دو ایک سے کامیابی ملی۔ آسٹریلوی ٹیم شکست کا بدلہ لینے کیلئے بے تاب دکھائی دیتی ہے۔

    کینگروز نے سری لنکا کے سابق لیجنڈری اسپنر مرلی دھرن کی خدمات حاصل کرتے ہوئے اسپنرز کو پاکستان کیخلاف تیار کیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے اہم رکن سعید اجمل کی غیرموجودگی اور محمد حفیظ کی انجری کے بعد کھلاڑیوں پر ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

    شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے کی امید ہے اور یقین ہے کہ پاکستان ٹیم عید کا تحفہ کامیابی کی صورت میں دے گی۔

  • آسٹریلیا کے مقابلے میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے

    آسٹریلیا کے مقابلے میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے

    دبئی :پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں مختصر طرز کے فارمیٹ میں کئی بار مدمقابل آچکی ہیں،مار دھاڑکے طرزکی کرکٹ میں پاکستان کو آسٹریلیا پر واضح برتری حاصل ہے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک بارہ میچزکھیلے جاچکے ہیں جس میں سے آٹھ میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کی چار میں آسٹریلیا فاتح رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان شاہد خان آفریدی واضح فرق ہیں۔

    آٖفریدی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہزار سے زائد رنز اور پچاس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے واحد بولر ہیں، کنگروز کے خلاف مختصر طرز کی کرکٹ میں اکمل برادرز کی کارکردگی بھی نمایاں ہے۔

    کامران اکمل سب سے زیادہ تین سو چھیاسٹھ رنز جبکہ عمر اکمل تین سو چھ رنز بناچکے ہیں، آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف دو سو سولہ رنز بنائے ہیں۔

    بولنگ میں پاکستان کی جانب سے ٹاپ وکٹ ٹیکر سعید اجمل ہیں جو اب ٹیم کا حصہ نہیں۔انہوں نے انیس وکٹیں اپنے نام کیں۔ بوم بوم آفریدی بھی کنگروز کے خلاف دس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

    پاکستان کی جانب سے سب بڑی شراکت کا ریکارڈ مصباح الحق اور شعیب ملک کے پاس ہے دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں ایک سو انیس رنز بنائے تھے۔

  • آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سے باہر

    آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سے باہر

    متحدہ عرب امارات: پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم انجری مسائل سے دوچار ہے۔ آل راؤنڈر مچل مارش ہیمسٹرنگ انجری کے باعث پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی سے باہر ہوگئے ہیں ۔

    متحدہ عرب امارات میں سیریز کیلئے پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے پڑاؤ ڈال لیا ہے، سیریز کا آغاز اتوار کو ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا۔ مہمان ٹیم کو ایک جھٹکا لگ گیا ہے۔

    مچل مارش بھارت میں جاری چیمپئینز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے ہیں جس کے سبب وہ پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    ٹیم کے فزیو ایلکس کونٹورس کا کہنا ہے کہ مارش کو مکمل فٹ ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔ جس کے باعث ان کی ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں بھی شرکت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

    مارش کی جگہ گلین میکسویل آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ شین واٹسن اور مائیکل کلارک پہلے ہی انجری کے سبب ٹیم میں شامل نہیں ہیں

  • پاکستان کیخلاف سیریز، نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا

    پاکستان کیخلاف سیریز، نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول ٹیسٹ سیریز کے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے نو نومبر سے پاکستان کیخلاف شیڈول تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کیلئے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، برینڈن مک کلم کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے، ویسٹ انڈیز کیخلاف مایوس کن پرفارمنس دکھانے والے کیوی اوپنر پیٹر فلٹن کو ٹیم میں شامل نہیں گیا۔ فاسٹ بولر ڈگ بریسول کو ایک سال بعد کم بیک کرنے میں کامیاب رہے، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ نو نومبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا، سیریز میں دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

  • نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ:پشاورپینتھرزکی فائنل میں شاندارفتح

    نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ:پشاورپینتھرزکی فائنل میں شاندارفتح

    کراچی: پشاور پینتھرزنے پہلی بار نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، فائنل میں پشاور پینتھرزنےلاہورلائنزکوسات وکٹ سےشکست دی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں لاہورلائنزنے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا۔

    لیکن پشاور کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کے آگے لائنز کے بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکے، صرف امام الحق باون رنز ہی کچھ مزاحمت کرسکے، تاج ولی نے تین اورعمران خان نے دو وکٹیں لیں۔

    جواب میں پشاور پینتھرز کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا پھر افتخار احمد پچاس رنز ناٹ آؤٹ نے عادل امین تینتیس رنز کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو سات وکٹ سے فتح دلوادی۔ پشاور پینتھرز کی ٹیم پہلی بار قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا ایونٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

  • ایشین گیمز: قومی ویمن کرکٹ ٹیم نےسونےکاتمغہ اپنےنام کرلیا

    ایشین گیمز: قومی ویمن کرکٹ ٹیم نےسونےکاتمغہ اپنےنام کرلیا

    انچیون: جنوبی کوریا میں جاری ایشین گیمزمیں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا، پاکستان ویمنزکرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو فائنل میں چاررنزسے شکست دے کرسونے کا تمغہ حاصل کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انچیون میں پاکستان ویمنزٹیم نے سبزہلالی پرچم سربلند رکھتے ہوئےاعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ قومی ویمنزٹیم کی جیت کا سفرفائنل تک جاری رہا اورگولڈ میڈل معرکے میں پاکستان ویمنزٹیم نے میدان مارلیا۔

    بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اورمقررہ اوورز میں چھ وکٹوں ستانوے رنزبنائے، بسمہ معروف چوبیس رنزبناکر نمایاں رہیں۔

    جواب میں بارش کے باعث بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت سات اوورزمیں تینتالیس رنز کا ہدف دیا گیا جس کو حاصل کرنے کے لئےبنگلہ دیش نے اننگزکا آغازتو برق رفتاری سے کیا لیکن پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے حریف ٹیم کے عزائم خاک میں ملادیئے ۔

    قومی ویمنزکرکٹ ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے مسلسل دوسری مرتبہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے ثناء میر، ندا ڈاراورسعدیہ یوسف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

  • پی سی بی کا یونس خان کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ

    پی سی بی کا یونس خان کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ

     لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کی میڈیا سے گفتگو کےبعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کی جانب سے سلیکٹرز اور بورڈ پر تنقید کرنے کے بیان کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے اور سابق کپتان کودوسری مرتبہ  شو کاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونس خان نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران  قومی ون ڈے ٹیم میں سلیکٹ نہ ہونے پر سلیکٹرزاوربورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا تھا جس پرپاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کے بیان پر نوٹس لیا ہے۔

    پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی یونس خان کے بیان کا جائزہ لے رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یونس خان کو پہلے بھی متنبہ کیا گیا تھا کہ میڈیا پر بیان بازی نہ کریں۔

    پی سی بی ترجمان نے مزید کہا کہ یونس خان مسلسل سینٹرل کانٹریکٹ کی خلاف ورزی کررہے ہیں جس پر ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔