Tag: Cricket

  • پوری کوشش ہوگی کل آسٹریلیا کو آؤٹ کریں: یاسر شاہ

    پوری کوشش ہوگی کل آسٹریلیا کو آؤٹ کریں: یاسر شاہ

    برسبین: قومی ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ آج کھیلے جانے والے میچ میں پچ پہلے دن کی طرح نہیں تھی، کوشش کریں گے کل آسٹریلیا کو آؤٹ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ آج مجھے پچ پر باؤنس مل رہا تھا، پہلے سیشن میں اچھی بولنگ نہیں کی، دوسری نئی بال سے لڑکوں نے اچھی بولنگ کی۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کل آسٹریلیا کو آؤٹ کریں، وکٹ اسپنر کے لیے مددگار نہیں تھی، بال نہ گھومنے کی وجہ سے وکٹ نہیں ملی، کوشش کے باوجود وکٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوئے۔

    پہلا ٹیسٹ: دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 312رنز بنالیے

    خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بیٹنگ میں بھی آسٹریلوی بلے باز پاکستان پر حاوی رہے، اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیا،دوسرے روز کے اختتام پر کینگروز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 312رنز بنالیے۔

    بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی آسٹریلوی بلے بازوں کے سامنے قومی ٹیم بے بس دکھائی دی، اوپنر ڈیوڈ وارنر نے موقع ملنے پر سنچری جڑ دی، نسیم شاہ نے وارنر کو آؤٹ کیا لیکن نوبال نے وارنر کو بچایا۔ جوبرنز 97رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے، ڈیوڈ وارنر 151 اور مارنس لبوشین 55رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

  • آج جس طرح بیٹنگ کی اس کی ٹیم کو ضرورت تھی: اسد شفیق

    آج جس طرح بیٹنگ کی اس کی ٹیم کو ضرورت تھی: اسد شفیق

    برسبین: قومی ٹیسٹ ٹیم کے بلے باز اسد شفیق کا کہنا ہے کہ آج جس طرح بیٹنگ کی اس کی ٹیم کو ضرورت تھی، کوشش تھی اپنی اننگز آخر تک کھیلوں، ورلڈ کلاس بولنگ کے خلاف کھیلنے میں مزہ آتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز مکمل ہوا، پاکستان نے پہلی اننگز میں 240 رنز بنائے، میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد شفیق کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی وکٹ فاسٹ بولرز کو مدد دیتی ہے، میچ میں اپنی طرف سے بھرپور جان لگائی۔

    پوچھے گئے سوال پر اسد شفیق نے کہا کہ مجھے لوگوں کی باتوں سے فرق نہیں پڑتا، میرا کام پاکستان کے لیے پرفارم کرنا ہوتا ہے، رضوان کے آؤٹ پر مجھے بات کرنے کا حق نہیں ہے، میچ ریفری ہوتے ہیں وہی اس معاملے کو دیکھیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جتنے رنز بنانا چاہتے تھے اتنے نہیں بن سکے، نسیم شاہ اچھا بولر ہے۔

    پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

    خیال رہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ شاہینوں کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوا، برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پاکستانی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی، قومی ٹیم پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر ٹک کرنہ کھیل سکا، حارث سہیل مسلسل ناکام رہے، اسد شفیق اور یاسر شاہ نے 84 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کی عزت بچائی، اسد شفیق نے سب سے زیادہ چھہتر رنز بنائے۔

  • نسیم شاہ نے آسٹریلوی سرزمین پر تاریخ رقم کردی

    نسیم شاہ نے آسٹریلوی سرزمین پر تاریخ رقم کردی

    برسبین: قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے تاریخ رقم کردی، آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کرکٹر بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم کے باصلاحیت بولر نسیم شاہ نے 16 سال اور 279 دن کی عمر میں ڈیبیو کرکے آسٹریلیا کے آئن کریگ کا ریکارڈ تور ڈیا، نسیم شاہ سے قبل آئن کریگ نے 17 سال 239 دن کی عمر میں آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو کیا تھا۔

    بولنگ کوچ وقار یونس سے ٹیسٹ کیپ لیتے ہوئے نسیم شاہ آبدیدہ ہوگئے۔

    نسیم شاہ ہمت، حوصلہ اور جنون سے سرشار ہیں، ان کی بولنگ اسپیڈ 140 سے زیادہ ہے، لائن اور لینتھ بھی بہترین ہے، نیوزی لینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر شین بونڈ جیسے ایکشن سے بولنگ کرنے والے نسیم شاہ آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین بولر ہیں۔

    نسیم شاہ آسٹریلیا اے کے خلاف شاندار بولنگ کرکے دنیا بھر میں اپنی دھاک بٹھا چکے ہیں، ٹیسٹ کے نمبر ایک بیٹسمین اسٹیو اسمتھ بھی نسیم کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے تھے۔

    آسٹریلیا کے پاس بڑے نام ہیں، میری توجہ بولنگ پر مرکوز ہے، نسیم شاہ

    اپنے ایک بیان میں نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ موقع ملنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں، میری توجہ صرف اپنی بولنگ پر ہے، انڈر 16 سے کھیلتا آرہا ہوں، شعیب اختر، وقار یونس اور وسیم اکرم کی ویڈیو دیکھ کر بہت مدد ملتی ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے کرکٹ عبدالقادر کرکٹ اکیڈمی سے شروع کی وہاں سے انڈر 16 اور پھر انڈر 19 کھیلی، لوگ وقار یونس سے کمپیئر کرتے ہیں لیکن میں اپنے نیچرل ایکشن میں رہتا ہوں، کوشش ہوتی ہے کوئی بھی بیٹسمین ہو اچھی بولنگ کروں۔

  • بنگلہ دیش اور ایم سی سی کو پاکستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں: وسیم خان

    بنگلہ دیش اور ایم سی سی کو پاکستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں: وسیم خان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، بنگلہ دیش اور ایم سی سی کو پاکستان لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز ملک میں ہونے کو خوش آئند قرار دیا، وسیم خان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی میریلیبون کرکٹ کلب(ایم سی سی) کو پاکستان لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ سے 3 ٹی 20میچز کی سیریز پر بھی بات چل رہی ہے۔

    خیال رہے کہ 10سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے، گزشتہ ہفتے سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی منظوری دی۔

    قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلے گی، سری لنکن ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 11سے15دسمبر تک راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19سے23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے بعد ہی ٹیسٹ شیڈول بھی زیرغور تھا۔

    10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

    دوسری جانب پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو میں بھی دنیا بھر کے نامور کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہیں، پی ایس ایل 2020 کے لیے پلاٹینم کیٹگری کے بعد ڈائمنڈ کیٹگری کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں 58غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔

    پی ایس ایل فائیو؛ ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست جاری

    ابتدائی فہرست میں ڈیوڈمیلان سمیت انگلینڈ کے19کھلاڑی کیٹگری کاحصہ ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے12 اورجنوبی افریقہ کے11کھلاڑی شامل ہیں، پی ایس ایل سیزن فائیو کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل 21نومبر تک جاری رہےگا۔

  • قومی کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے پی سی بی کا اہم اقدام

    قومی کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے پی سی بی کا اہم اقدام

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور فٹنس بہتر کرنے کے لیے فٹنس کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 8 روزہ کیمپ 25 نومبر تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری رہے گا۔ کیمپ میں محمد عرفان، محمد عامر اور عماد وسیم کو طلب کیا گیا، محمد عرفان اور محمد عامر نے کیمپ کے پہلے روز ڈاکٹر سہیل سلیم کی زیرنگرانی فزیکل ٹریننگ کی۔

    عمرہ کی ادائیگی کے باعث عماد وسیم کیمپ میں شرکت نہیں کررہے۔ شاداب خان، فخر زمان اور عثمان قادر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں مصروفیت کے باعث کیمپ میں طلب نہیں کیا گیا۔

    شعیب ملک، آصف علی اور وہاب ریاض کو جنوبی افریقہ میں جاری مزانسی ٹی ٹونٹی لیگ کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے جبکہ خوشدل شاہ اور محمد حسنین اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں شرکت کے باعث کیمپ کا حصہ نہیں ہیں۔

    قومی ٹیم کے برسبین میں ڈیرے، بھرپور پریکٹس جاری

    دوسری جانب دورہ آسٹریلیا میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی گابا ٹیسٹ کے لیے برسبین میں پریکٹس کا دوسرا روز ہے، پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو بیٹنگ کی ٹپس دیں، جبکہ نیٹس میں قومی بلے بازوں نے جم کر پریکٹس کی۔

    پریکٹس سیشن کے دوران عابدعلی کو بھی وکٹ کیپنگ کی مشقیں کرائی گئیں، بولرز نے ٹیسٹ میچز میں آسٹریلوی بلےبازوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے لائن لینتھ پر توجہ مرکوز کرلی، پہلا ٹیسٹ میچ جمعرات سے کھیلا جائے گا۔

  • 10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

    10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

    کراچی: 10سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوگئی، سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیے کھیل کی دنیا سے ایک اور بڑی خبرسامنے آگئی، سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی منظوری دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا۔

    قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلے گی، سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 11سے15دسمبر تک راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19سے23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے بعد ہی ٹیسٹ شیڈول بھی زیرغور تھا۔

    ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے لیے یہ شاندار خبر ہے، یہ سیریز اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم بھیجنے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں، سیریز کے لیے معیاری انتظامات کیے جائیں گے۔

    دورہ پاکستان کیلئے سری لنکا کی 16 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان آج متوقع

    دوسری جانب چیف ایگزیکٹوسری لنکن ٹیم ایشلے ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ دوبارہ دورہ پاکستان کی تصدیق کرکے خوشی محسوس کررہے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ کے لیے یہاں کنڈیشنز سازگار ہیں، ٹیسٹ سیریز میں مقابلہ سخت ہوگا، شائقین کو سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

    واضح رہے کہ دورہ پاکستان کے لیے سری لنکن کرکٹ بورڈ 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان بھی آج کرسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سری لنکن ٹیم دورہ پاکستان پر تھی، جہاں سری لنکا نے پاکستان کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں شکست دی تھی جبکہ پاکستان نے ون ڈے سیریز میں 2-0 سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔

  • دورہ آسٹریلیا سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے: مصباح الحق

    دورہ آسٹریلیا سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے: مصباح الحق

    لاہور: قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ موجودہ دورہ آسٹریلیا میں ماضی کے برعکس بہتر نتائج کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایشین ٹیموں کو آسٹریلیا میں ہمیشہ مشکل ہوتی ہے لیکن ہماری لیے اچھی بات یہ ہے کہ ہماری بیٹنگ لائن تجربہ کار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دورے میں رنز کرنے والے اظہر علی، اسد شفیق اور شان مسعود اس ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ ان کا دورہ جنوبی افریقہ بھی اچھا رہا تھا، ہمارے پاس اچھے نوجوان فاسٹ بولرز اور ساتھ میں یاسر شاہ بھی ہیں، یہ ٹیم پرعزم ہے لہٰذا آپ اچھے نتائج کی توقع کر سکتے ہیں۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہمارا سب سے مثبت پہلو نوجوان فاسٹ بولرز اور یاسر شاہ ہیں، یاسر آسٹریلین کنڈیشنز سے واقفیت رکھتے ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اس کی تیاری بھی کی تھی، انہوں نے طویل اسپیل بھی کیے ہیں اور وہ اب جانتے ہیں کہ گزشتہ دورہ آسٹریلیا کے دوران کس چیز کی کمی تھی، ہماری تیاری پہلے سے بہتر ہے۔

    دورہ آسٹریلیا ایشین ٹیموں کے لیے کبھی آسان نہیں ہوتا، مصباح الحق

    اس موقع پر انہوں نے سیریز کے دوران وکٹوں کے حصول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے میچ میں 20وکٹیں لینا سب سے اہم ہے کیونکہ اس کے بغیر ہم جیت نہیں سکتے، ہماری بیٹنگ لائن اسکور بورڈ 400-500 رنز سجانے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے ہمارے بولرز کو بھی مدد ملے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم 17-2016 کے دورہ آسٹریلیا میں مصباح الحق کی زیر قیادت کسی بھی ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کی 20وکٹیں لینے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی تاہم اس کے باوجود مصباح کو امید ہے کہ بولرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

    گزشتہ دورہ آسٹریلیا میں یاسر شاہ کی بری طرح ناکامی کے باوجود ہیڈ کوچ کو ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

  • پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے: نسیم اشرف

    پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے: نسیم اشرف

    واشنگٹن: سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر پاکستان ٹیم کو ایک خاص سطح تک لے کر گئے تھے، مکی آرتھر کو بحیثیت کوچ تبدیل نہیں کرنا چاہیے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر نسیم اشرف کا اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچ بہترین آپشن ہے، پاکستان میں اب بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔

    سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں بےپناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کرکٹ کے فروغ کے لیے پی ایس ایل اہم کردار ادا کرے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو میں وائلڈ کارڈ پک کا قانون متعارف کرادیا گیا ہے۔

    پی ایس ایل سیزن فائیو پلیئرز ڈرافٹ کے لیے پک آرڈر کی ترتیب طے کرلی گئی ہے، پک آرڈر طے ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی ٹرانسفر ونڈو کھول دی گئی ہے۔ پی سی بی کے مطابق ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھ سکتی ہے، پلیئنگ الیون میں 3 سے 4 غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔

  • بابراعظم میں قابلیت ہے وہ پاکستان کو فتوحات دلوائے گا: سرفرازاحمد

    بابراعظم میں قابلیت ہے وہ پاکستان کو فتوحات دلوائے گا: سرفرازاحمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کھلاڑی پر اچھا اور برا وقت آتا ہے، بابراعظم میرے ساتھ بھی رہا ہمیشہ سپورٹ کیا، بابراعظم میں قابلیت ہے وہ پاکستان کو فتوحات دلوائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سرفراز احمد نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان ان کے پاس آئے تھے اور کہا تھا کہ آپ استعفیٰ دے دیں، ان کے مایوس ہونے نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، فیصلہ پی سی بی نے لینا ہوتا ہے۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا ڈومیسٹک کھیلیں اور پھر ٹیم میں شامل ہوجائیں، میری بابراعظم کے لیے نیک خواہشات ہیں، آسٹریلیا کا دورہ ہمیشہ سے مشکل رہا ہے، 100میچ میں نے سپروائز کیے، کوشش کی کہ بہتر سے بہتر پاکستان کے لیے کھیل سکوں۔

    سابق کپتان نے بتایا کہ احسان مانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے فون پر کہا کوئی مسئلہ ہو رابطہ رکھیں۔ اسی طرح وسیم صاحب کا بھی شکریہ انہوں نے میری کارکردگی کو سراہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ہماری ٹیم ٹیسٹ سیریز میں اچھا کھیلے گی۔

    سرفراز کی بطور کپتان پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں: وہاب ریاض

    یاد رہے کہ حال ہی میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کی فارم اچھی نہیں ہے، سرفراز احمد کی بطورکپتان پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں، ان کی خدمات کے سب معترف ہیں۔

  • اثاثے ظاہر نہ کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں: محمدحفیظ

    اثاثے ظاہر نہ کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں: محمدحفیظ

    لاہور: قومی کرکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ اثاثے ظاہر نہ کرنے کی خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ذرائع نے کہا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے قومی کرکٹر محمد حفیظ کو اثاثے چھپانے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے، تاہم کرکٹر نے خبر من گھڑت قرار دے دی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ اثاثے ظاہرنہ کرنے کی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسی ادارے کی جانب سے نوٹس موصول نہیں ہوا، میں ملک میں ٹیکس ادا کرتا ہوں۔ قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ جب سے کھیلنا شروع کیا ہر سال اپنے ٹیکس ریٹرنز جمع کراتا ہوں، مکمل طور پر حکومت پاکستان کا ٹیکس دہندہ ہوں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے 17 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ظاہر نہیں کیے ہیں۔

    ایف بی آر نے محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

    ایف بی آر نے محمد حفیظ کی تمام بینکوں سے تفصیلات طلب کرلی ہیں، محمد حفیظ کا 2014 سے 2018 تک کا آڈٹ کیا جارہا ہے۔دوسری جانب کرکٹر محمد حفیظ نے کہا تھا کہ انہیں ایف بی آر کے نوٹس کا علم نہیں ہے، خبر بے بنیاد ہے۔