Tag: Cricket

  • ہم جیسے کھلاڑیوں کو خود کشی کرلینی چاہیئے،یونس خان

    ہم جیسے کھلاڑیوں کو خود کشی کرلینی چاہیئے،یونس خان

    کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہونے پر دلبرداشتہ ہوگئے، کہتے ہیں کہ پاکستان میں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے۔ ہم جیسے کھلاڑیوں کو خود کو گولی مارلینی چاہئیے۔

    وہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ،یونس خان میڈیا کے سامنے سینٹرل کانٹریکٹ کو بھی خاطر میں نہ لائے اور بس بولتے ہی چلے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ میں  نے کرکٹ عزت سے کھیلی ہے اس طرح کی بے عزتی برداشت نہیں کرسکتا ,انہیں خود پر ہنسی آتی ہے۔ اس ملک میں سینئیرز کے ساتھ مذاق ہوتا ہے۔ یونس خان نے کہا کہ کرکٹ سے بھاگوں گا نہیں اور نہ ہی ریٹائر ہوں گا۔ اگرٹیم میں منتخب نہیں کیا جارہا تو کیا خود کو گولی مارلوں۔

    سابق کپتان نے کہا کہ کیا میرا قصور یہ ہے کہ میں سلیکٹرز کو فون نہیں کرتا، کیا میرا قصور یہ ہے کہ میں نے پاکستان کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جتوایا۔ یونس خان  نے کہا کہ اگر سلیکٹرزیہ کہتے کہ پہلا ون ڈے کھیل کر ریٹائر ہوجاؤ تو ٹیم کی خاطر ایسا کرلیتا، اگر ورلڈ کپ تک ٹیم بن گئی تو کرکٹ چھوڑ دوں گا۔

  • ایشین گیمز: قومی ویمنزکرکٹ ٹیم کی تھائی لینڈ کو اکیاون رنز سے شکست

    ایشین گیمز: قومی ویمنزکرکٹ ٹیم کی تھائی لینڈ کو اکیاون رنز سے شکست

    انچیون: ایشین گیمز میں دفاعی چیمپئین پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تھائی لینڈ کو شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ انچیون میں کھیلا جانے والا میچ بارش کے سبب چودہ اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔

    تھائی ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا۔ گیارہ رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد نین عابدی نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ نین عابدی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ چودہ اوورز میں سات وکٹوں پر ستانوے رنزبنائے۔

    نین عابدی چالیس رنزبناکر نمایاں رہیں۔ جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں سات وکٹوں پر چھیالیس رنز بناسکی، اسماویہ اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

  • لاہورلائنز کےعدنان رسول کا بولنگ ایکشن بھی مشکوک قرار

    لاہورلائنز کےعدنان رسول کا بولنگ ایکشن بھی مشکوک قرار

    حیدرآباد دکن: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار اسپنر سعید اجمل کے بعد لاہور لائنز کےآف اسپنر عدنان رسول کا بولنگ ایکشن بھی مشکوک قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعید اجمل کے بعد ایک اور پاکستانی اسپنر کا ایکشن رپورٹ ہوگیا۔ چیمپیئنز لیگ میں شرکت کرنے والی قومی ڈومیسٹک ٹیم لاہور لائنز کے اسپنر عدنان رسول کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا ہے۔

    عدنان رسول کا ایکشن کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف میچ میں چیمپیئنز لیگ انتظامیہ نے رپورٹ کیا، عدنان رسول نے کولکتہ کیخلاف میچ میں چار اوورز میں اٹھائیس رنز دیکر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا،ایونٹ انتظامیہ نے عدنان رسول کو چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔

  • ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر زیادہ توجہ مرکوز کرنی ہے، شاہد آفریدی

    ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر زیادہ توجہ مرکوز کرنی ہے، شاہد آفریدی

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی دوہزار سولہ کو مدنظر رکھتے ہوئے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں کہ کرکٹ ورلڈ کپ دوہزار پندرہ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دینگے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع مل سکے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اب انکا مقصد ٹی ٹوئنٹی کی بہترین ٹیم بنانا ہے جو ان کی قیادت میں کامیابیاں سمیٹ سکے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی دو ہزار سولہ تک کیلئے قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔

    وہ آسٹریلیا کیخلاف یو اے ای سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے قیادت کے فرائض سنبھالیں گے۔

  • ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں،شاہد آفریدی

    ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں،شاہد آفریدی

    کراچی: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان شاہد آفریدی نے قیادت ملنے پربورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ صرف پریشر کا کھیل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  شاہد خان آفریدی نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں، انہیں درست انداز میں کھلا نے کی ضرورت ہے۔ وہ دوہزار سولہ تک بہترین ٹیم بنانے کی کوشش کریں گے۔

    آفریدی اپنی پرفارمنس پر پوچھے گئے سوال پر سیخ پا ہوگئے، کہتے ہیں ان پر تنقید کرنے والے ماضی کو پہلے دیکھ لیں۔ بوم بوم نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ پریشر کا کھیل ہے۔ جو دباؤ برداشت کرلے وہ کامیاب رہتا ہے۔

    مصباح کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اچھا پرفارم کررہے ہیں ایک سیریز سے کوئی نتیجہ اخذ نہیں کرنا چاہیے، آفریدی کا بطور کپتان پہلا امتحان پانچ اکتوبرکوآسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہوگا۔

  • شاہد خان آفریدی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لئے کپتان مقرر

    شاہد خان آفریدی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لئے کپتان مقرر

    لاہور: نوجوانوں کے کھیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لئے چونیتس سالہ شاہد آفریدی کو کپتان مقررکردیا گیا۔ بوم بوم آفریدی مختصر فارمیٹ میں ہزار سے زائد رنز اور پچاس سے زائد وکٹ حاصل کرنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں۔

    پی سی بی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی دو ہزار سولہ تک شاہد آفریدی کو ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ آفریدی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی دستے کی کمان سنمبھالیں گے۔

    آفریدی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دنیا کے عمر رسیدہ کپتان بھی ہیں۔ چونتیس سالہ شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں گزشتہ دو سالوں سے کوئی نصف سینچری اسکور نہیں کرسکے ہیں۔

    آخری بار آفریدی نے تین جون دو ہزار بارہ کو سری لنکا کے خلاف میچ میں باون رنز اسکور کیے تھے۔ بوم بوم آفریدی کا ماضی میں ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کا ریکارڈ زیادہ متاثر کن نہیں ہے۔

    انہوں نے دو ہزار نو سے دو ہزار گیارہ تک انیس میچز میں ٹیم کی قیادت کی جس میں سے آٹھ میں کامیابی حاصل کی جبکہ گیارہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    اسٹار آل راؤنڈر کو مختصر فارمیٹ میں سب سے زیادہ نو مین آف میچز حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ اس فارمیٹ میں چوہتر میچز کھیل کر چار نصف سینچریوں کی بدولت ایک ہزار ایک سو بارہ رنز اسکور کیے جبکہ ستتر وکٹیں بھی اپنے نام کی ہیں۔

  • اجمل کے ایکشن کی درستگی، ثقلین مشتاق کی خدمات لینے کا فیصلہ

    اجمل کے ایکشن کی درستگی، ثقلین مشتاق کی خدمات لینے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پابندی کا شکارہونے والے آف اسپنر سعید اجمل کے ایکشن کی درستگی کے لئے سابق اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    آئی سی سی نے غیر قانونی ایکشن کے سبب سعید اجمل کو مزید بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے سے روک دیا ہے۔ پی سی بی اجمل پر پابندی کے خلاف اپیل کے بجائے ان کے ایکشن کی درستگی کوترجیح دے رہا ہے۔

    اس سلسلے میں پی سی بی نے دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ثقلین مشتاق کو لندن سے پاکستان طلب کیا جائے گا۔ سابق مایہ ناز آف اسپنر ثقلین مشتاق نے گزشتہ روز اجمل کے ایکشن کی درستگی کے لئے اپنی خدمات فراہم کرنے کی پیش کش کی تھی۔

  • ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو بد ترین شکست کا خطرہ

    ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو بد ترین شکست کا خطرہ

    کنگزٹاؤن: ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش پر شکست کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے مزید چھیالیس رنز درکار ہیں اور اس کی پانچ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

    کنگزٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے فالو آن کے بعد دوسری اننگز کا آغاز بھی مایوس کن ہی رہا۔ گیارہ کے مجموعی اسکور پر اس کا پہلا کھلاڑی آؤٹ ہوگیا۔ جس کے بعد بنگلہ دیشی بیٹسمینوں نے کچھ محتاط ہوکر کھیلا لیکن کھیل کے اختتام تک اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

    مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے اب بھی مزید چھیالیس رنز درکار ہیں اور اس کی پانچ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف ایک سو بیاسی رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی

  • چیمپئینزلیگ کرکٹ: بھارت کی جانب سے لاہورلائنزکوویزے جاری

    چیمپئینزلیگ کرکٹ: بھارت کی جانب سے لاہورلائنزکوویزے جاری

    ممبئی: بھارت نے چیمپئینز لیگ کرکٹ کےلئے پاکستان کی ڈومیسٹک ٹیم لاہور لائنز کو ویزے جاری کردیئے۔ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی چیمپئین لاہورلائنز کی ٹیم محمد حفیظ کی قیادت میں چیمپینز لیگ کے لئے منعقدہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لے گی۔

    لاہورلائنز کو کوالیفائنگ راؤنڈ کے لئے ویزے مل گئے ہیں اور وہ کل بھارت جائیں گے۔ لاہور لائنز میں ناصر جمشید، وہاب ریاض، احمد شہزاد اور عمر اکمل بھی شامل ہیں۔

    چیمپینز لیگ میں لاہورلائنز کا پہلا کوالیفائنگ میچ تیرہ ستمبر کوممبئی انڈینز کے خلاف ہے۔ چودہ ستمبر کو وہ نادرن ڈسٹرکٹس کے خلاف میچ کھیلے گی جبکہ سولہ ستمبر کو آخری کوالیفائنگ میچ میں اس کا سامنا سدرن ایکسپریس سے ہوگا

  • پاک بھارت کرکٹ ممبئی حملوں سے متاثرہوئی،شہریارخان

    پاک بھارت کرکٹ ممبئی حملوں سے متاثرہوئی،شہریارخان

    کراچی: چیئرمین پی سی بی شہریارخان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ روابط ممبئی حملوں کی وجہ سے متاثر ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو جمہوری انداز میں چلایا جائیگا۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ ممبئی حملوں کی وجہ سے متاثر ہو ئی ہے۔ پی سی بی چئیرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں میں مشکل حالات میں کھیلنے کی خوبی نہیں ہے اور انہیں فواد عالم سے سیکھنا چاہیے۔

    شہریار خان کا کہنا تھا کہ بورڈ میں ڈاؤن سائزنگ کے سلسلے کو شروع کیا جائے گا۔ شہریار خان نے اس بات کی تردید کی وہ ڈمی چیئرمین ہیں اور سابق چیئرمین نجم سیٹھی سارے فیصلے کرتے ہیں۔ پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کا اعلان جلد ہوگا۔