Tag: Cricketer Umar Akmal

  • میچ فکسنگ کیس : عمر اکمل کیخلاف بڑا فیصلہ آگیا

    میچ فکسنگ کیس : عمر اکمل کیخلاف بڑا فیصلہ آگیا

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کردی گئی، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈسپلنری پینل نے مڈل آرڈر بیٹسمین پر ہر قسم کی کرکٹ کے دروازے بند کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈسپلنری پینل کے چیئرمین جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کی، سماعت میں عمر اکمل اکیلے ہی ڈسپلنری پینل کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

    اس موقع پر چیئرمین پینل نے کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر اسپاٹ فکسنگ معاملے میں 3 سال کی پابندی عائد کردی۔

    چیئرمین ڈسپلنری پینل کے فیصلے کے مطابق کرکٹر عمر اکمل پر آئندہ تین برس تک ہر طرح کی کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ سماعت سے قبل ہی چیئرمین جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے فریقین کو نوٹس بھجوا رکھے تھے، جبکہ امکان تھا کہ ایک سے دو سماعتوں میں ہی فیصلہ آجائے گا۔

    مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر الزام تھا کہ انہوں نے میچ فکسنگ کی پیشکش اور روابط کے بارے میں متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ نہیں کیا تھا۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن کوڈ کی دو بار خلاف ورزی پر عمر اکمل کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا۔


    اس سے قبل آرٹیکل 6.2 کے تحت آرٹیکل 2.4.4 کی خلاف ورزی پر قومی کرکٹر عمر اکمل کا فکسرز سے رابطہ کی اطلاع نہ کرنے کا جرم ثابت ہوگیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق پی سی بی نے عمر اکمل کا معاملہ چیئرمین ڈسپلنری پینل کے سپرد کر دیا  تھا۔ چیئرمین ڈسپلنری پینل نے عمر اکمل کے جواب پر نظر ثانی کے بعد فیصلہ لیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے20 فروری کو عمرا کمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کرتے ہوئے کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عمر اکمل کے بارے میں اس طرح کی شکایت سامنے آئی ہے بلکہ ان کا کریئر اس طرح کے واقعات سے بھرا پڑا ہے۔

    عمر اکمل نے اپنا ڈیبو نیوزی لینڈ کے خلاف کیا تھا جہاں انہوں نے سنچری اسکور کی۔ اس کے بعد پاکستان کی ٹیم دورہ آسٹریلیا پر گئی جہاں عمر اکمل کی پہلے دو میچوں میں کارکردگی مناسب تھی مگر پاکستان سیریز میں شکست کھا چکا تھا۔

    مگر ان کے بڑے بھائی اور وکٹ کیپر کامران اکمل کی انتہائی ناقص پرفارمنس پر انہیں آخری میچ کے لیے ڈراپ کرنے کا اعلان کیا گیا تو بعد میں اپنا پانچواں میچ کھیلنے والے عمر اکمل نے مبینہ طور پر بھائی کے ڈراپ ہونے پر بطور احتجاج انجری کا بہانہ کیا اور کہا کہ وہ تیسرا میچ نہیں کھیلیں گے بعد میں انھوں نے میچ تو کھیلا لیکن کرکٹ بورڈ نے ان پر جرمانہ عائد کردیا۔

  • ہیڈ کوچ پرالزام، عمراکمل نے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا

    ہیڈ کوچ پرالزام، عمراکمل نے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین نے عمر اکمل نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جو کچھ ہوا تھا وہ جواب میں لکھ دیا ہے امید ہے پی سی بی بہتر فیصلہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کے الزام پر عمر اکمل نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا ہے۔

    عمراکمل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جو کچھ بھی ہوا وہ سب لکھ دیا ہے، مکی آرتھر کو بہت برداشت کیا لیکن اب یہ میری برداشت سے باہر ہو گیا تھا۔ مسلسل زیادتیاں ہوتی رہیں اس لئے میڈیا پر آنا پڑا۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے انصاف کی امید ہے، بورڈ جو بھی فیصلہ کرے گا اسے من وعن قبول کروں گا۔


    مزید پڑھیں: مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں، عمر اکمل


    واضح رہے کہ قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمراکمل نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر غلط زبان استعمال کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس پر پی سی بی نے ایک ہفتہ قبل عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

  • مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں، عمر اکمل

    مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں، عمر اکمل

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے کہا ہے کہ مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں اور ناجائز وارننگ دے کر ٹیم سے باہر نکال دیا۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر عمر اکمل نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں اور کہا کہ اکیڈمی آنے کے بجائے کلب کرکٹ کھیلو۔

    عمر اکمل نے دعویٰ کیا کہ مکی آرتھر نے چیف سلیکٹر اور کھلاڑیوں کے سامنے مغلظات بکیں اور اس دوران کسی کھلاڑی نے انہیں گالیاں دینے سے روکا نہیں جبکہ وہ مختلف اوقات میں دیگر کھلاڑیوں کو بھی گالیاں دیتے ہیں۔

    مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف کے رویے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتانا چاہتا ہوں مگر کوئی سننے والا نہیں، انہیں ٹریننگ بھی نہیں کرنے دی گئی اور ٹرینر نے بھی ٹریننگ دینے سے صاف انکار کردیا۔

    عمر اکمل نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف نے میرے ساتھ نازیبا رویہ کیوں رکھا ہوا ہے یہ بات ابھی تک سمجھ نہیں آئی جبکہ مجھے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ پہلے کرکٹ کلب کھیلوں اور پھر قومی ٹیم میں جگہ بننے کی خواہش کا اظہار کروں۔

    میں نے کوئی گالی نہیں دی، مکی آرتھر

    دوسری جانب مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ عمر اکمل غلط بیانی کررہے ہیں میں نے کوئی گالی نہیں دی۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ عمر اکمل کو کہتا تھا کہ اپنے روئیے میں بہتری لاؤ۔

    یہ بھی پڑھیں: عمر اکمل چیمپیئنز ٹرافی سے باہر