Tag: criticism

  • شوبز شخصیات پر تنقید : اداکار عفان وحید بھی بول پڑے

    شوبز شخصیات پر تنقید : اداکار عفان وحید بھی بول پڑے

    اے آر وائی ڈیجیٹل کی مشہور ڈرامہ سیریل دو بول اور دیگر ٹی وی ڈراموں میں زبردست اداکاری کرنے والے اداکار عفان وحید نے عوام کی جانب سے شوبز شخصیات پر کی جانے والی تنقید پرجواب دے دیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ لوگ چاہتے ہیں کہ شوبز شخصیات ہر لحاظ سے مکمل پرفیکٹ دکھائی دیں، ان میں کوئی خامی نہ ہو، لوگوں کے شوبز شخصیات کی بڑھتی عمر اور ان جسمانی ساخت پر منفی تبصرے نامناسب بات ہے۔

    یہ بات انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر انہوں نے شوبز انڈسٹری سے متعلق بہت مسائل پر اظہار خیال کیا۔

    اداکار عفان وحید کا کہنا تھا کہ شائقین کے اس قسم کے پریشر میں جب کوئی مشہور اداکار کسی بھی قسم کی بیوٹی ٹریٹمنٹ لیتا ہے تو بھی اس پر تنقید کی جاتی ہے کہ اس کو قدرت کی دی ہوئی خوبصورتی پر خوش نہیں ہے وغیرہ وغیرہ۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ انسان ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہ سکتا، جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے تبدیلیاں آتیں ہیں اور اگر لوگوں کو کسی بھی اینگل سے یہ اندازہ ہوجائے کہ کسی اداکار کی عمر بڑھ رہی ہے تو اس پر جملے کسے جاتے ہیں کہ اب آپ کا کیریئر ختم۔

    اداکار عفان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ اس بات کو سمجھیں کہ اداکار بھی انسان ہوتے ہیں جن میں آپ کی طرح ہی خامیاں اور خوبیاں ہوتیں ہیں، لہٰذا بے جا قسم کی تنقید کرنا نامناسب سی بات ہے۔

  • تنقید ضرور کریں لیکن اپنی حد میں رہیں، اسماء عباس

    تنقید ضرور کریں لیکن اپنی حد میں رہیں، اسماء عباس

    لاہور : پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسماء عباس کا کہنا ہے کہ دیکھنے والے ہمارے کام پر ضرور تنقید کریں لیکن حد سے آگے نہ بڑھیں۔

    اسماء عباس نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ہونے والے نامناسب تبصروں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    تنقید اچھی بات ہے لیکن لمٹ کراس نہیں ہونی چاہیے

    انہوں نے کہا کہ کسی بھی فنکار کے کام پر تنقید کرنا مداحوں کا حق ہے اسے فنکار کو سننا بھی چاہیے اور برداشت بھی کرنا چاہیے لیکن یہ بھی یاد رہے کہ تنقید کرنے والے ایک حد میں رہیں تھوڑا بہت تو اعتراض تو اچھا لگتا ہے لیکن اپنی لمٹ کراس نہ کریں۔

    زرا نور عباس بچپن میں خود کو کیا کہتی تھیں؟

    اداکارہ زارا عباس کی والدہ اسماء عباس نے اپنی بیٹی کے ذکر پر بتایا کہ اب اس نام زارا نور عباس صدیقی بن گیا ہے، بچپن کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ جب وہ چھوٹی تھی تو توتلی زبان اپنا نام زارا نور عباس گِل چوہدری بتاتی تھی۔ اب ماشاءاللہ سے خود ایک بیٹی کی ماں بن گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ زارا ویسے تو بہت اچھی اداکارہ ہے اس میں اداکاری کے سارے جراثیم موجود ہیں لیکن میں اس کو مزید اچھا پرفارم کرنے کیلئے مشورے دیتی ہوں کہ کون سا ڈائیلاگ کیسے ادا کرنا چاہیے اور وہ فلمیں ڈرامے دیکھ کر خود بھی سیکھتی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Asma Abbas (@asmaabbasgill)

    ہم نے کبھی اپنے لیے منیجر نہیں رکھے

    اپنی بڑی بہن بشریٰ انصاری کی طرح خوش گفتار اسماء عباس نے بتایا کہ ہم نے کبھی اپنے لیے منیجر نہیں رکھے جو بھی فون آتا ہے چاہے وہ انجان نمبر ہی کیوں نہ ہو ریسیو کرلتے ہیں، ایسا نہیں ہے کہ منیجر رکھنا بُری بات ہے بہت سے لوگ رکھتے ہیں خاص طور پر نئے لڑکے لڑکیاں کیونکہ ان کے کام کی نوعیت بھی الگ ہوتی ہے۔

    اپنے کام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ڈراموں میں اب ہم جیسے لوگوں کیلئے صرف اچھی یا بری ماں اچھی یا بری ساس بس یہی رہ گیا ہے کوئی نئی بات یا نیا کریکٹر سامنے نہیں آرہا اب کچھ الگ اور نیا کردار ادا کرنے کا دل چاہتا ہے۔

    کردار جیسا بھی ہو اس میں ورائٹی ہونی چاہیے

    اسماء عباس نے اپنے یادگار کرداروں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ننھی نامی ڈرامے میں دائی کا منفی کردار مجھے بہت پسند تھا جس میں وہ بچے چُراتی تھی۔ اس کے علاوہ بیٹی ڈرامے میں 85 سالہ خاتون کا کردار کیا جاوید شیخ نے بیٹے کا کردار ادا کیا تھا جس میں ایک منفی کردار تھا کہ وہ بیٹیوں کو جلا کر مار دیتی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شکل اور خوبصورتی سے زیادہ کام کی اہمیت ہے کردار جیسا بھی ہو اس میں ورائٹی ہونی چاہیے جس کو ادا کرنے میں محنت کرنا پڑے مزہ اسی میں آتا ہے۔

  • سلمان خان نے خواتین کے لباس سے متعلق بیان کی وضاحت کردی

    سلمان خان نے خواتین کے لباس سے متعلق بیان کی وضاحت کردی

    ممبئی : بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے آخرکار اپنی فلم کے سیٹ پر مختصر لباس پہننے والی خواتین کے بارے میں دیے گئے بیان کے بعد خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔

    مشہور بھارتی ٹی وی شو آپ کی عدالت میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے سلمان خان نے اپنے مؤقف کا دفاع کیا اور کہا کہ خواتین جتنی ڈھکی ہوئی ہوں گی ان کیلئے اتنا ہی اچھا ہے۔

    یہ تنازعہ اس وقت پیدا ہوا تھا جب فلم ’’کسی کا بھائی کسی کی جان‘‘ میں ان کی ساتھی اداکارہ پلک تیواری نے فلم کے سیٹ پر سلمان خان کا خواتین کے لباس سے متعلق مقررہ اصول بیان کیا جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے مثبت اور منفی ردعمل سامنے آیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق دبنگ خان نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ خواتین کے ساتھ نہیں بلکہ مردوں کے ساتھ ہے کہ وہ جن نظروں سے خواتین کو دیکھتے ہیں، ان میں آپ کی بہنیں، بیوی اور ماں بھی شامل ہے اور یہ بات مجھے اچھا نہیں لگتی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ہم کوئی اچھی فلم بناتے ہیں تو لوگ بڑی تعداد میں اپنے گھر والوں کے ساتھ دیکھنے آتےہیں، لہٰذا ایسی فلمیں نہ بنائیں کہ لوگ ہماری ہیروئنز اور عورتوں کو بری نگاہوں سے دیکھیں۔

  • پیسہ ہو تو آسکر بھی خریدا جاسکتا ہے: اکیڈمی ایوارڈ ملنے پر بھارتی ہی ناخوش

    پیسہ ہو تو آسکر بھی خریدا جاسکتا ہے: اکیڈمی ایوارڈ ملنے پر بھارتی ہی ناخوش

    بھارت کی دستاویزی فلم اور ساؤتھ انڈین فلم کے گانے ناٹو ناٹو کو اکیڈمی ایوارڈز ملنے کے بعد جہاں ایک طرف تو دونوں کی پذیرائی جاری ہے، وہیں انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

    بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈز کے میک اپ آرٹسٹ نے بھارت کو ملنے والے آسکر ایوارڈز کو متنازع قرار دے دیا۔

    میک اپ آرٹسٹ شان منتھل نے بھارتی فلم انڈسٹری پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اکیڈمی ایوارڈز خریدے ہیں۔

    ناٹو ناٹو کی جیت کا اعلان کرنے والی سوشل میڈیا پوسٹ پر طنزیہ انداز میں کمنٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ بہت مضحکہ خیز ہے، میں نے سوچا تھا کہ ہم صرف ہندوستان میں ہی ایوارڈ خرید سکتے ہیں۔ لیکن پیسے سے ہم کیا حاصل نہیں کر سکتے، جب ہمارے پاس پیسہ ہو تو آسکر بھی خریدا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز آسکر ایوارڈ کی تقریب میں بہترین مختصر دستاویزی فلم کا ایوارڈ بھارتی دستاویزی فلم دا ایلیفنٹ وسپررز کو دیا گیا، یہ بھارت کی پہلی دستاویزی فلم ہے جس نے آسکر ایوارڈ اپنے نام کیا۔

    ساؤتھ انڈین فلم آر آر آر کا بے حد مقبول گانا ناٹو ناٹو نے بھی آسکر ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ یہ کسی بھی بھارتی پروڈکشن کا پہلا گانا ہے جس نے بہترین اوریجنل سانگ کی کیٹگری میں اکیڈمی ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

  • شعیب اختر کی قومی ٹیم پر سخت تنقید، بھارتی اداکار نے ٹوک دیا

    شعیب اختر کی قومی ٹیم پر سخت تنقید، بھارتی اداکار نے ٹوک دیا

    نئی دہلی / اسلام آباد: سابق فاسٹ بولر شعیب اختر قومی ٹیم کو مسلسل تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں اور اب ان کی اس عادت پہ ایک بھارتی اداکار نے بھی انہیں ٹوک دیا۔

    بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار نکول مہتا نے اپنی ہی قومی ٹیم پر مسلسل تنقید کرنے پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    شعیب اختر اکثر و بیشتر ہی قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں اور ان خیالات کا اظہار اپنے یوٹیوب چینل پر کرتے ہیں جس پر صارفین تبصرے بھی کرتے ہیں۔

    اسی حوالے سے نکول مہتا نے شعیب اختر کی تنقید پر اعتراض کیا ہے۔

    بھارتی اداکار نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ شعیب اختر کو اپنے یوٹیوب کیریئر کو برقرار رکھنے کے لیے قومی ٹیم کا استعمال کرتے دیکھنا ایک مضحکہ خیز چیز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں تبدیلی کے بعد پاکستان کی یہ ٹیم بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔

    خیال رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی زمبابوے کے ہاتھوں شکست پر شعیب اختر نے چیئرمین پی سی بی سمیت ٹیم مینجمنٹ کو کھری کھری سنائی تھیں۔

    شعیب اختر نے کہا تھا کہ بار بار کہہ رہا ہوں کہ ہمارے اوپنرز اور مڈل آرڈر اس کام کے نہیں کہ ہم کوئی جیت حاصل کر سکیں، مسلسل ہم نہیں جیت پائیں گے، پاکستان کے پاس اچھا کپتان نہیں اس میں کوئی شک نہیں۔

  • ویرات کوہلی پر تنقید : روی شاستری کھل کر میدان میں آگئے

    ویرات کوہلی پر تنقید : روی شاستری کھل کر میدان میں آگئے

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کی کارکردگی کا معیار صرف ورلڈ کپ جیتنا نہیں، ویرات کوہلی پر تنقید بلاجواز ہے۔

    یہ بات انہوں نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہی، روی شاسرتی ایک بار پھر سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی حمایت میں سامنے آگئے۔ انہوں نے ویرات پر تنقید کرنے والوں کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کہا کہ صرف ورلڈ کپ جیتنا ہی کسی کھلاڑی کا کی کارکردگی کا فیصلہ کرنے کا واحد معیار نہیں ہے، اور بھی بہت سے پہلو ہیں جن پر بات کی جانی چاہیے۔

    روی شاستری نے ویرات کوہلی کے ناقدین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سارو گنگولی، اور راہول ڈریوڈ نے کبھی بھی ورلڈ کپ نہیں جیتا۔

    اس کے علاوہ انیل کمبلے، وی وی ایس لکشمن اور روہت شرما نے ورلڈ کپ نہیں جیتا لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ وہ اچھے کھلاڑی نہیں ہیں۔

    روی شاستری نے مزید کہا کہ سچن ٹنڈولکر کو ایک ورلڈ کپ جیتنے میں چھ ورلڈ کپ لگے اور کوہلی کے لیے اس کی بنیاد پر فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہے۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روی شاستری نے کہا کہ کپتانی چھوڑنا ویرات کوہلی کی اپنی پسند ہے، آپ کو ان کے فیصلے کا احترام کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے، ماضی میں بھی بہت سے بڑے کھلاڑیوں نے کپتانی چھوڑ دی تھی جب انہیں لگا تھا کہ انہیں اب اپنی بلے بازی پر توجہ دینی چاہیے۔

  • بیوی کے امتحان نے شوہر کو امتحان میں ڈال دیا، سوشل میڈیا زور دار بحث

    بیوی کے امتحان نے شوہر کو امتحان میں ڈال دیا، سوشل میڈیا زور دار بحث

    کراچی : عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ بچوں کو گھمانے پھرانے اور ان کی دیگر ضروریات اور ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے مائیں بہ نسبت باپ کے زیادہ کردار ادا کرتی ہیں۔

    ہمارے معاشرے میں بھی اسی قسم کا رجحان ہے لیکن اگر کوئی باپ اپنے چھوٹے بیٹے کی اسی طرح ذمہ داریاں پوری کرے تو اسے نامساعد صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ایک ایسا ہی معاملہ سامنے آیا ہے جس پر صارفین نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے، فیس بک پر کچھ ایسی تصاویر وائرل ہوئیں کہ جس میں ایک باپ اپنے چھوٹے بچے کے ساتھ پکنک منا رہا ہے۔

    کراچی کے رہائشی احسن فاروقی کی جانب سے اپنے بیٹے کے ساتھ یادگار سفر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا مصبیت بن گیا کیونکہ کچھ لوگوں نے ان کے اس عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    ناقدین کا کہنا تھا کہ یہ کام بچے کی ماں کو کرنا چاہیے کیونکہ بچے کی اس قسم کی ضروریات ماں کو پورا کرنا ہوتی ہیں اور باپ کا کام کما کر لانا ہوتا ہے۔

    اسی حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں احسن فاروقی کو مدعو کیا گیا جنہوں نے اپنے سفر سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا اور خود پر کی گئی تنقید کے حوالے سے بھی بتایا۔

    انہوں نے کہا کہ میرے ڈھائی سال کے بچے کے ساتھ یہ میرا سفر بہت خوشگوار تھا، یہ میرا 5دن کا سفر تھا جس میں نے اپنے ساتھ ساتھ بیٹے کا بھی پورا خیال رکھا۔

    احسن نے بتایا کہ میں ایک بینکر ہوں اور میری اہلیہ بھی ملازمت کرتی ہیں، اس لیے ہمیں چھٹیوں کو گٓزارنے کیلئے باقاعدہ پلان بنانا پڑتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ میری اہلیہ نے امتحانات کی تیاری کے سلسلے میں اپنے دفتر سے چھٹیاں لیں، تو میں نے بھی بیٹے کے ساتھ پکنک پر جانے کا پروگرام بنا لیا تاکہ ان کی تیاری میں خلل نہ پڑے۔

  • بل گیٹس مزید تنقید کی زد میں، نئے الزامات سے پریشان

    بل گیٹس مزید تنقید کی زد میں، نئے الزامات سے پریشان

    نیویارک : مائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس اپنی بیوی کو طلاق دینے کے بعد ایک نئی الجھن کا شکار ہوگئے، ان ذات سے وابستہ بہت سے خاندانی اور اندرونی معاملات میڈیا کی خبروں کی زینت بن رہے ہیں جو ان کی پریشانی کا باعث ہیں۔

    مائیکرو سافٹ کے سربراہ کی پوری کوشش ہے کہ ان کی طلاق کی خبریں میڈیا کی شہ سرخیاں نہ بنیں لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کے ماضی کے راز سامنے آ رہے ہیں جس کے باعث وہ مزید پریشانیوں سے دوچار ہیں۔

    پہلے تو یہ بات سامنے آئی تھی کہ بل گیٹس کا خواتین ساتھیوں کے ساتھ رویہ درست نہیں اور ان کا ایک افیئر بھی ہے جس کا انہوں نے اعتراف بھی کیا۔ لیکن اب توجہ کا مرکز مائیکل لارسن نامی شخص ہیں جو گزشتہ تین دہائی سے بل گیٹس فیملی کی دولت کا انتظام سنبھال رہے ہیں۔

    مائیکل لارسن گیٹس فیملی آفس ’کیسکیڈ انوسٹمنٹس‘ کے چیف انوسٹمنٹ افسر ہیں، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کمپنی میں دھونس اور دھمکی کا ماحول بنا رکھا تھا۔

    ’نیو یارک ٹائمز‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق دس سابق ملازمین نے ایسے الزامات لگائے ہیں جن سے بل گیٹس فیملی اور مائیکل لارسن ایک مرتبہ پھر سرخیوں میں آگئے ہیں۔

    کہا جاتا ہے کہ کمپنی کے چار ملازمین ایسے ہیں جنہوں نے گیٹس فیملی کو مائیکل لارسن کے رویہ کے متعلق شکایت کی کہ ان پر متعصبانہ اور جنسی نوعیت کی تنقید اور فقرے کسے جاتے ہیں۔

    مائیکل لارسن نے سیاہ فام ملازمین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، کہا جاتا ہے کہ شکایات کا ازالہ کرنے کی بجائے بل گیٹس اور ان کی سابقہ اہلیہ میلنڈا نے ایسے لوگوں کو رقوم ادا کیں جو لارسن کے غلط رویے سے آگاہ تھے۔ دوسری جانب طلاق کے بعد بل گیٹس اور ان کی سابقہ اہلیہ میلنڈا فرنچ گیٹس کے درمیان دولت کی تقسیم کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔

    دونوں کے نمائندوں نے طلاق کے حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ آیا دونوں کے درمیان شادی سے پہلے کوئی معاہدہ ہوا تھا یا نہیں، تاہم یہ بتایا گیا ہے کہ شادی سے قبل کیا جانے والا کوئی بھی معاہدہ بیکار ہوگا کیونکہ طلاق کے وقت کیا جانے والا معاہدہ حتمی سمجھا جاتا ہے۔

    بتایا جارہا ہے کہ کیسکیڈ انوسٹمنٹ سے تین ارب ڈالرز میلنڈا کو منتقل کیے جا چکے ہیں۔ تاہم، یہ واضح نہیں کہ کمپنی کے شیئرز کی تقسیم کیسے ہوگی۔ ’ڈیئر اینڈ کو‘ نامی کمپنی سے میلنڈا کو 800؍ ملین ڈالرز ادا کیے گئے ہیں جبکہ ’کوکا کولا فیمسا‘ نامی کمپنی کے تمام شیئرز میلنڈا کو منتقل ہوئے ہیں جن کی مالیت 130؍ ملین ڈالرز ہے۔

    غیر ملکی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ بل گیٹس کی نجی کمپنیوں کی قسمت کا فیصلہ کیا ہوگا۔ ان کمپنیوں میں ’فور سیزنز برانڈ‘ شامل ہے جو سعودی شہزادہ ولید بن طلال کے ساتھ پارٹنرشپ میں ہے۔ بل اور میلنڈا کی مشترکہ پراپرٹی میں ایک بڑی اراضی بھی ہے۔

  • محنت کر حسد نہ کر، اداکار شان نے ناقدین کو کرارا جواب دے دیا

    محنت کر حسد نہ کر، اداکار شان نے ناقدین کو کرارا جواب دے دیا

    لاہور : پاکستانی فلموں کے نامور اداکار شان شاھد نے ناقدین کو اپنے اوپر کی جانے والی تنقید کا کرارا جواب دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ میں نے محنت کی ہے آپ بھی کریں تو اپنی خواہشات پا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اداکار شان شاھد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ایک بڑے سے لان میں موجود ہیں اور اور ان کے پیچھے ایک بیش قیمت کار نظر آرہی ہے۔

    اس تصویر پر کچھ صارفین نے پسند کا اظہار کیا تو کسی نے اس کو تنقید کا نشانہ بنایا، ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ آپ نے فلموں میں گجروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور انداز زندگی سے لگتا ہے کہ آپ یورپی ہیں۔

    جس کے جواب میں شان نے کہا کہ سپر مین فلموں میں اڑتا ہے لیکن حقیقی زندگی میں نہیں، اسی طرح ایک اداکار ایسے کردار کرتا ہے جو ان سے کرنے کو کہا جاتا ہے جبکہ  اصل زندگی میں ہم اپنے ہی کردار کے ہدایت کار ہوتے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا کہ کاش میرے پاس بھی ایسا بڑا گھر ہوتا جس میں ایک بہت بڑا لان اور گاڑی ہے تو میں بھی اسے سوشل میڈیا پر ڈال دیتا۔

    شان نے جواب دیا کہ اپنے خوابوں کو حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کریں۔ سال 1990 میں میرے پاس ایک سوزوکی ایف ایکس تھی۔

    ایک صارف نے اداکار  شان شاھد سے اپنی محبت اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ شان بھائی پاکستان کی شان ہیں آپ ، ہم سب کا مان ہیں آپ، سدا خوش رہیں آباد رہیں۔

  • بھارت : بی جے پی رہنما کی اوچھی حرکتیں، سوشل میڈیا پر کڑی تنقید

    بھارت : بی جے پی رہنما کی اوچھی حرکتیں، سوشل میڈیا پر کڑی تنقید

    کانپور : بی جے پی کے رہنما نے سستی شہرت کیلئے مزدوروں کی غربت کا مذاق اڑانا شروع کردیا، مستحقین کو راشن دینے کے بجائے تھانے بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع کانپور کے حلقے سے بی جے پی کے رہنما مہیش تریویدی نے بھارت میں کرونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر راشن کی غرض سے آنے والے مزدوروں کو ایک پرچی تھما کر راشن کے لیے تھانہ بھیج دیا۔

    مہیش تریویدی کا یہ عمل خود کو سرخیوں میں بنائے رکھنے کے لیے لاک ڈاؤن کے سبب بے سہارا مجبور مزدوروں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

    بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کی جانب سے پولیس کو لکھا جانے والا خط سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس میں انہوں مزدوروں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے کے بجائے انہیں پولیس تھانے میں مدد کے لیے بھیجا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مہیش تریویدی اپنی ان ہی حرکتوں کی وجہ سے عوامی تنقید کی زد میں رہ چکے ہیں لیکن اس کے باوجو مہیش تریویدی اب خود کا نام سرخیوں میں بنائے رکھنے کے لیے غیر انسانی رویہ اور غیر اخلاقی برتاؤ سے باز نہیں آرہے ہیں۔