Tag: crown-prince

  • وزیراعظم کی درخواست ، سعودی ولی عہدکا 2107پاکستانیوں کی فوری رہائی کاحکم

    وزیراعظم کی درخواست ، سعودی ولی عہدکا 2107پاکستانیوں کی فوری رہائی کاحکم

    اسلام آباد : وزیراعظم کی درخواست پر سعودی ولی عہد نے 2107پاکستانیوں کی فوری رہائی کاحکم دے دیا، گذشتہ روز وزیر اعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان سے سعودی عرب میں معمولی جرائم میں قید تین ہزار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی ولی عہد محمدبن سلمان نے 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دے دیا ، 2107 قیدی سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

    دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا  سعودی ولی عہد نے 2107 پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا، سعودی حکومت باقی پاکستانیوں کے کیسز کا بھی جائزہ لےگی، پاکستان کے عوام ولی عہد محمد بن سلمان کے شکرگزار ہیں، سعودی ولی عہدنےفوری وزیراعظم کی درخواست پرجواب دیا۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیرِ اعظم ہاؤس میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے معمولی جرائم میں قید 3 ہزار پاکستانیوں کی رہائی کی اور اپنی سرزمین پرموجود پچیس لاکھ پاکستانیوں کو اپنا ہی سمجھنے کی درخواست کی تھی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیکیورٹی مسائل نہ ہوتے تو ہزاروں پاکستانی آپ کااستقبال کرتے، سعودی عرب پاکستانی حجاج کوپاکستان میں امیگریشن کی سہولت دے، 25 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں۔

    جس کے جواب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کوہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان، آپ مجھے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر سمجھیں، پاکستان کونانہیں کہہ سکتے، ہم سے جو کچھ ہوسکتا ہے کریں گے۔

    شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ پاکستان ہمارا دوست اور بھائی ہے، پاکستان کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کو مزید آگے بڑھائیں گے، پاکستان میں اس طرح کی قیادت کا انتظار تھا تاکہ ہم پارٹنر بنیں اور بہت سے کام مل کر کر سکیں۔

  • پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی، بھارت اپنے گریبان میں جھانکے: فواد چوہدری

    پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی، بھارت اپنے گریبان میں جھانکے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب تعلقات کی ایک تاریخ ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کی حمایت کی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب تعلقات میں گرم جوشی آئی ہے، ہمیں عالمی مسلم تنازعات کے حل میں کردار ادا کرنا ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں اہم کھلاڑی کے طورپر ابھرا ہے.

    [bs-quote quote=”یقین ہے کہ پاکستان سعودی عرب تعلقات کا مستقبل روشن رہے گا” style=”style-7″ align=”left” author_name=”فواد چوہدری”][/bs-quote]

    وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے سعودی شاہی خاندان کے ساتھ خوشگوارتعلقات ہیں، سعودی عرب کی سرمایہ کاری گزشتہ 10 سال میں سب سے زیادہ ہے، سعودی عرب گوادرمیں 8 ارب ڈالر سے ایشیا کی دوسری بڑی آئل ریفائنری لگائے گا.

    انھوں نے سعودی ولی عہد نے بڑے پیمانے پراقدامات کیے، محمد بن سلمان کے اقدامات کو سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، پاکستان اورسعودی عرب کی قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے، یقین ہے کہ پاکستان سعودی عرب تعلقات کا مستقبل روشن رہے گا.

    مزید پڑھیں: پاکستان میں دہشت گردی کرنے والا بھارت، عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں

    انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں رونما ہونے والے واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، بھارت اپنےگریبان میں جھانکےتومعاملات بہترہوسکتے ہیں، الزام تراشی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، پاکستان پرالزامات وہ لگارہےہیں جنہوں نےکبھی کشمیرمیں قدم نہیں رکھا.

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اورکرتے رہیں گے، بھارت اگر کشیدگی چاہتا ہے، تو پھر یہ چلتی رہے گی.

  • سعودی ولی عہد 17 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے: دفترخارجہ

    سعودی ولی عہد 17 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے: دفترخارجہ

    اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 17اور 18 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ نے تصدیق کی ہے کہ محمد بن سلمان پرسوں‌ 17 فروری بہ روز اتوار پاکستان پہنچیں گے، البتہ ان کی مصروفیات میں‌ کوئی تبدیلی نہیں آئے گی.

    قبل ازیں ان کی آمد 16 فروری کو متوقع تھی، البتہ پاکستان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد اتوار کے روز پاکستان پہنچیں گے.

    یاد رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی ولی عہد اپنے دورے میں پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کریں گے، جس کے بعد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے.

    خیال رہے کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے بیان میں‌ کہا تھا کہ ولی عہد کا دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے.

    آج  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کے لیے وزارتِ داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور متعلقہ محکموں کو خط ارسال کیا ہے۔

  • سعودی ولی عہد کی آمد پر  کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے: فواد چوہدری

    سعودی ولی عہد کی آمد پر  کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کی آمد پر  کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم سعودی ولی عہد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، جس کے بعد ملاقاتیں شروع ہوں گی.

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی ولی عہد کو ایوان صدر میں استقبالیہ بھی دیا جائے گا، سعودی ولی عہد کی آمد کے موقع پر وفد کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، سعودی ولی عہدکےاستقبال کے لئے وزیراعظم خود ایئرپورٹ جائیں گے.

    فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی تاریخی ہے، دورےسے پاک سعودی عرب تعلقات کو نئی منزل ملے گی.

    انھوں نے مزید کہا کہ ریڈ زون میں سیکیورٹی الرٹ ہوگی، اسلام آباد کے دیگر علاقے معمول کے مطابق ہوں گے.

    مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد بڑی سرمایہ کاری کے لئے آرہے ہیں، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے: وزیر اعظم

    خیال رہے کہ آج وزیر اعظم نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ولی عہد کے دورے سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں‌ گے.

    یاد رہے کہ سعودی شہزادے محمد بن سلمان پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے،  تجزیہ کار اس دورے کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔

  • سعودی ولی عہد بڑی سرمایہ کاری کے لئے آرہے ہیں، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے: وزیر اعظم

    سعودی ولی عہد بڑی سرمایہ کاری کے لئے آرہے ہیں، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے: وزیر اعظم

    پشاور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورے سے پاکستان میں‌ ریکارڈ سرمایہ کاری ہوگی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنرہاؤس خیبر پختونخوا میں قبائلی علاقوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ کے پی بھی موجود تھے.

    [bs-quote quote=” قبائلی علاقوں کو ہیلتھ انشورنش بھی فراہم کریں گے” style=”style-7″ align=”left” author_name=”وزیر اعظم”][/bs-quote]

    وزیر اعظم نے کہا کہ قبائلی علاقے کے عوام کی مدد کرنے کا وعدہ کیا تھا، قبائلی علاقہ پاکستان کے دیگر علاقوں سے پیچھے تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی علاقوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

    انھوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ غریب گھرانوں کے لئے سب سے بڑی نعمت ہے، بیماری کی وجہ سے غریب خاندان مزید غربت کا شکار ہو جاتا ہے، غریب خاندانوں کے لئے سب سے بڑا مسئلہ بیماری ہوتی ہے، قبائلی علاقوں کو ہیلتھ انشورنش بھی فراہم کریں گے، 7 لاکھ 20 ہزارروپے کا ہیلتھ کارڈ غریب خاندان کو تقسیم کیاجائے گا.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا گیس بحران کی مانیٹرنگ خود کرنے کا فیصلہ

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے قبائلی عوام کسی بھی اسپتال سےعلاج کرا سکتے ہیں، قبائلی علاقوں کی مدد کے لئے آج اجلاس میں پلان بنایا ہے، حکومت میں آئے تو بہت سے مسائل میں گھرے ہوئے تھے، حکومت کے لئے سب سے بڑا مسئلہ قرضوں کا دلدل تھا سعودی ولی عہد کل پاکستان میں بہت بڑی سرمایہ کاری کے لئے آرہے ہیں، جس سے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے.

    ان کا کہنا تھا کہ غربت کم کرنے کا پروگرام رواں ماہ کے آخر میں لا رہے ہیں، یہ پروگرام ماضی میں‌کبھی نہیں‌ لیا گیا، تمام ادارے مل کر کام کریں گے.

    اب وفاق قبائلی علاقوں کے لئے فنڈز فراہم کرے گا، ترقیاتی کام ہوں گے، ماضی میں کہا تھا کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن آپریشنز نہیں کرنے چاہییں، مگر مجبوراً کرنے پڑے، آپریشنز کے خلاف اس لیے تھا کہ غریب عوام کو مسائل کا سامنا رہا.

  • دورہٗ پاکستان مکمل، ابوظبی کے ولی عہد وطن واپس روانہ

    دورہٗ پاکستان مکمل، ابوظبی کے ولی عہد وطن واپس روانہ

    اسلام آباد : ابوظبی کے ولی عہد ایک روزہ کامیاب دورہٗ پاکستان کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان ایک روزہ دورے پر آج صبح اسلام آباد پہنچے جہاں ان کا پُر تپاک استقبال کیا گیا۔

    اس سے قبل محمد بن زید النہیان کی وزیر اعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    متحدہ عرب امارات اور پاکستانی قیادت میں پاکستان کو دی جانے والی 3 ارب ڈالرز کی امداد اور سرمایہ کاری اقتصادی معاملات پر بھی گفتگو ہوئی ۔

    پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم عمران خان کی جبکہ متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت ولی عہد محمد بن زید کی۔

    پاکستانی وفد میں خارجہ، خزانہ، منصوبہ بندی، اور اطلاعات کے وزراء سمیت وزیر پٹرولیم ،مشیر تجارت، وزیرمملکت برائے دفاعی پیداوار بھی شامل تھے۔

    اس سے قبل ابوظبی کے ولی عہد کو پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا تھا جبکہ نور خان ایئربیس پر محمد بن زید النہیان کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان معزز مہمان محمد بن زید کو گاڑی میں بیٹھا کر اسے خود چلاتے ہوئے وزیر اعظم ہاوس لے کر پہنچے۔

    خیال رہے کہ تین ماہ سے کم عرصے میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کی خصوصی نوعیت کامظہرہے۔

    وزیراعظم عمران خان کا دورہٗ یواے ای ، شیخ محمدبن راشد المکتوم کا اردو میں ٹویٹ

    یاد رہے گذشتہ برس 19 نومبر کو وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے، اس موقع پر اُن کے ہمراہ آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور، وزیر برائے توانائی اور مشیر تجارت جبکہ یو اے ای میں پہلے سے موجود وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود بھی شامل تھے۔

    وزیراعظم عمران خان کی ولی عہدشیخ محمدبن زیدبن سلطان النہیان سےملاقات صدارتی محل میں ہوئی، جس میں باہمی امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور دو طرفہ تجارت سمیت معیشت کی بہتری کے معاملات پر بات چیت ہوئی تھی۔

  • محمد بن سلمان پر تنقید، سعودی تاجر دہشت گردی اورغداری کے مقدمے گرفتار

    محمد بن سلمان پر تنقید، سعودی تاجر دہشت گردی اورغداری کے مقدمے گرفتار

    ریاض : ولی عہد محمد بن سلمان اور حکومتی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنانے کے جرم سعودی تاجر گرفتار، ریاستی حکام نے دہشت گردی اور غداری کا مقدمہ درج کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے حکام نے سعودی تاجر کو ریاست کے ولی عہد محمد بن سلمان بن عبد العزیز کو تنقید کا نشانہ بنانے کے جرم میں گرفتار کرکے جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    نجی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اعصام الزامل کو شام و عراق میں سرگرم دہشت گرد تنظیم داعش اور قطری حکومت سے تعلقات کے جرم میں گرفتار کرکے دہشت گردی اور غداری کا مقدمہ درج کیا گیا۔

    سعودی میڈیا کا کہنا تھا کہ گرفتار تاجر کو مذکورہ مقدمات کے تحت سزائے موت یا عمر قید ہوسکتی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا نیوز ایجنسی کے مطابق بیرون ملک سے تعلیم حاصل کرنے والے سعودی شہری نے خود اپنا کاروبار کھڑا کیا تھا، اعصام کو گذشتہ برس ایک درجن افراد کے ہمراہ گرفتار کیا گیا تھا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اعصام الزامل معروف کاروباری شخصیت ہونے ساتھ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کاروبار کے حوالے مشورے دیا کرتے تھے جو ان کی وجہ شہرت تھی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اعصام الزامل رواں برس امریکا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرکے تعلیم مکمل کرنا چاہتے تھے تاہم گذشتہ سال ستمبر میں محمد بن سلمان کے وژن 2030 پر تنقید کرنے کے جرم میں پولیس حکام نے انہیں گرفتار کرلیا۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ سعودی تاجر اعصام الزامل پر شہریوں کو بادشاہت کے خلاف اکسانے کا عائد کیا گیا ہے، تاہم اہل خانہ کی جانب سے تمام الزامات کی تردید کرتے بیان جاری ہوا ہے کہ پولیس حکام نے اعصام کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کے باعث ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے گذشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر حکومتی پالیسی اور شاہی خاندان کو ہدف تنقید بنانے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

    سعودی حکام نے رواں ماہ اعلان کیا تھا کہ جو بھی شہری ریاست کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے والے اور نا مناسب مواد کی تشہیر کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو 5 برس قید اور 8 لاکھ ریال جرمانے کا سامان کرنا پڑے گا۔

  • سعودی بادشاہ اور ولی عہد کی عمران‌ خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

    سعودی بادشاہ اور ولی عہد کی عمران‌ خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

    اسلام آباد : سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی عوام اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ اس وقت عالمی منظرنامے پر مرکزنگاہ بنے ہوئے ہیں، سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے پیغام میں عمران خان کے لیے دعا کی اور کہا کہ ہم سعودی عوام اور حکومت کی جانب سے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔

    خادم حرمین شریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستانی عوام اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔

    یاد رہے انتخابات میں کامیابی کے بعد اسلام آباد میں موجود سعودی سفارت خانے میں تعینات سفیر عمران خان کو مبارک باد دینے کے لیے بنی گالہ پہنچے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


    مزید پڑھیں : سعودی سفیر کی بنی گالہ آمد، عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد


    سعودی حکام اور حکومت کا خصوصی پیغام عمران خان کو پہنچایا جبکہ مستقبل میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بڑھانے اور آپسی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    ملاقات کے دوران سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کا قوم سے پہلا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا، سعودی حکومت ان خیالات اور جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

    عمران خان نے سعودی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب ، برادر اسلامی ممالک اور پاکستان کا بااعتماد دوست ہے، پی ٹی آئی حکومت تعلقات کو ایک نئی جہت سےہم کنارکرے گی، ہماری خارجہ پالیسی میں سعودی عرب کو خاص مقام حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کوانتخابات میں کامیابی پر مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔

    خیال رہے قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف ایک سواٹھاون نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔