Tag: crypto currency

  • کرپٹو کرنسی کی مارکیٹ کریش ہوگئی

    کرپٹو کرنسی کی مارکیٹ کریش ہوگئی

    کرپٹو کرنسی کی مارکیٹ کریش کر گئی جس کے بعد بٹ کوائن کی قدر میں اربوں ڈالر کی کمی واقع ہوگئی، اس کے ساتھ ہی کرپٹو کرنسی میں بھاری سرمایہ کاری کرنے والوں میں ہیجان پیدا ہوگیا ہے۔

    کرپٹو کرنسی کے حوالے سے خبریں دینے والی ویب سائٹ کوائن جیکو کے مطابق گزشتہ 7 روز میں بٹ کوائن کی قدر میں 27 فیصد سے زائد کی کمی ہوچکی ہے، جس کی اہم وجہ سرمایہ کاروں کی خطرات کے حامل اثاثوں بشمول کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری سے دور ہونا ہے۔

    دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر گزشتہ روز 18 ماہ کی کم ترین سطح 21 ہزار ڈالر پر پہنچ گئی۔ بٹ کوائن کی قدر میں اس سے پہلے اتنی بڑی کمی گزشتہ سال نومبر میں ہوئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق کرپٹو کرنسی مارکیٹ کو گرانے میں امریکا کے ادارے برائے شماریات کی افراط زر کے حوالے سے جاری ہونے والے اعداد و شمار اور الگورتھمک مستحکم کوائن ٹیرا یو ایس ڈی اور لیونا کے ساتھ ٹیرا ایکو سسٹم کے ڈھے جانے نے اہم کردار ادا کیا۔

    کرپٹو انڈسٹری پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق بٹ کوائن کی قدر 20 ہزار ڈالر سے بھی نیچے جانے کے امکانات ہیں۔ تاہم، اس کا ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ طویل المدتی سرمایہ کاروں کے لیے فائدہ اٹھانے کا یہ بہترین وقت ہے۔

    تھیمیٹک کرپٹو انویسٹمنٹ پلیٹ فارم کے شریک بانی اور سی ای او کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بٹ کوائن مائننگ، اپنے خلاف ہونے والے کریک ڈاؤن اور سخت قانون سازی کے باوجود سروائیو کر رہی ہے اور میں دیکھ سکتا ہوں کہ آئندہ 5 سالوں میں کرپٹو مارکیٹ کیپ 10 کھرب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ بہت زیادہ منافع کے باوجود کرپٹو اثاثے بہت زیادہ رسکی اور متغیر شمار کیے جاتے ہیں، لہٰذا سرمایہ کاروں کو اس میں اپنی بچت کا 5 تا 10 فیصد سے زیادہ مختص نہیں کرنا چاہیئے۔

    خیال رہے کہ کرپٹوکرنسی کی مارکیٹ پر نظر رکھنے اور اس کی قدر کے بارے میں پیش گوئی کرنے والے تجزیہ کاروں نے نئے سال کے آغاز پر ہی پیش گوئی کردی تھی کہ 2022 بٹ کوائن کے کریش ہونے کا سال ہے۔

    اس حوالے سے ماہرین کا کہنا تھا کہ آنے والے مہنیوں میں بٹ کوائن کی قدر میں بہت بڑی کمی ہوگی جس کے اثرات دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں پر بھی مرتب ہوں گے۔

  • امیتابھ بچن نے کرپٹو کرنسی میں بھی کروڑوں روپے کمالیے، جانیے کیسے؟

    امیتابھ بچن نے کرپٹو کرنسی میں بھی کروڑوں روپے کمالیے، جانیے کیسے؟

    ممبئی : بھارت کے میگا اسٹار امیتابھ بچن نے کرپٹوکرنسی سے کمائی میں بھی سب کو پیچھے چھوڑ دیا، صرف ڈھائی سال میں کروڑوں روپے کمالیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق اداکار نے اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کے ساتھ مل کر سنگاپور کی ایک میریڈین ٹیک پی ٹی ای نامی کمپنی میں لگ بھگ2لاکھ 50ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

    اس کمپنی کو وینکٹا سری نواس میناولی نے قائم کیا تھا، سرمایہ کاری نے ڈھائی سال کی مدت میں 17.5 ملین ڈالرز کا منافع دیا۔

    رپورٹ کے مطابق یہ واحد کرپٹو سرمایہ کاری نہیں تھی جس نے امیتابھ بچن کو بھاری منافع دیا، اداکار کی دوسری سرمایہ کاری میں بھی بہت مالی فائدہ ہوا۔

    امیتابھ بچن نے "جسٹ ڈائل” میں اپنی سرمایہ کاری پر 10.2% منافع حاصل کیا، جس سے صرف چار مہینوں میں آئی این آر6.27 ملین سے بڑھ کر70 ملین روپے بن گئے،انہوں نے 2013 میں جسٹ ڈائل کے 62,794 شیئرز خریدے تھے۔

    اس وقت دنیا میں دو طرح کے لوگ ہیں پہلے وہ لوگ جو کرپٹو کرنسی کے ذریعے پیسہ کما رہے ہیں اور دوسرے جو ابھی تک یہ سمجھنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں کہ سرمایہ کاری کا یہ نظام کیسے کام کرتا ہے۔

    پاکستانیوں کے لیے حال ہی میں کرپٹو کرنسی اس وقت زیرِ بحث آئی جب ٹی وی کے میزبان اور کرپٹو کے شوقین وقار ذکاء نے لوگوں کو بٹ کوائن نیٹ ورک کے کام کو سمجھانے کے لیے خوب محنت کی۔

    اگرچہ بہت سے لوگوں نے پہلے ان کا مذاق اڑایا ہوگا، ایسا لگتا ہے کہ آخر کار ان کے پاس ایک نقطہ تھا اور یہی نکتہ بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کی سرمایہ کاری میں بھاری منافع کا ثبوت ہے۔

  • 2021 میں کتنی مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری ہوئی؟

    2021 میں کتنی مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری ہوئی؟

    گزشتہ برس (2021) میں کروڑوں ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    کرپٹو کرنسی لین دین کی اہم ترین ویب سائٹ کرپٹو ڈاٹ کام نے اعتراف کیا ہے کہ سال 2021 میں ہیکروں نے مختلف حملوں میں 30 کروڑ ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کی۔

    اپنے تازہ بلاگ میں کرپٹو ڈاٹ کام نے بتایا کہ ہیکروں نے گزشتہ برس کے دوران 4836 ای ٹی ایچ (ایتھریئم) اور 443 بٹ کوائن پر ہاتھ صاف کیے۔

    ہیکروں نے بڑی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ چھوٹی ‘وارداتیں’ بھی کیں، اور اس دوران کمپنی سے مزید 66 ہزار ڈالر بھی چرائے، کمپنی کا کہنا ہے کہ لگ بھگ 483 صارفین کے اکاؤنٹس پر سائبر حملے کیے گئے اور سب سے کچھ نہ کچھ چرایا گیا ہے۔

    کمپنی کا کہنا تھا کہ اس پریشان کن خبر سے صارفین کو تشویش کا شکار نہیں ہونا چاہیے، کیوں کہ تمام صارفین کو موجودہ ریٹس کے حساب سے مکمل ادائیگی کی جائے گی۔

    کمپنی کے مطابق سب سے بڑی سرگرمی 17 جنوری 2022 کو دیکھی گئی جب چند اکاؤنٹس پر غیر معمولی سرگرمیاں اور چوری کی واردات نوٹ کی گئی، ان ادائیگیوں میں ٹو ایف اے لین دین کے نظام سے ہٹ کر کارروائی کی گئی تھی۔

    اگرچہ مشکوک سرگرمی نوٹس میں آتے ہی سیکیورٹی عملے نے فوری طور پرپورے سسٹم کو منجمند کر دیا تھا لیکن اس وقت تک کافی دیر ہو چکی تھی۔

    کرپٹو ڈاٹ کام ایکسچینج نے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ وہ اب سیکیورٹی کا مزید سخت نظام بنا رہے ہیں، جس کے لیے صارفین جلد ازجلد نئے آرکیٹیکچر پر منتقل ہونے کی ضرورت ہے۔

  • کرپٹو کرنسی کی ویلیو گرنے کی اصل وجہ سامنے آگئی

    کرپٹو کرنسی کی ویلیو گرنے کی اصل وجہ سامنے آگئی

    بیجنگ : کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں گزشتہ روز 30 فیصد کمی دیکھی گئی، بٹ کوائن کی قیمت گذشتہ ماہ ریکارڈ 63 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت میں کمی چین کی جانب سے کرپٹو کرنسیز پر پابندی اور ایلون مسک کی جانب سے اس عندیے کے بعد ہوئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اپنی بٹ کوائنز کی بڑی تعداد بیچنے کا ادارہ رکھتی ہے۔

    33ہزار ڈالر سے زائد قیمت پر واپس پہنچنے سے پہلے ورچوئل کرنسی کی قیمت 30 ہزار ڈالر تک گر گئی جو گذشتہ ماہ پہنچنے والی اس کی ریکارڈ قیمت کے نصف سے بھی کم ہے۔ یہ ابھی بھی رواں سال کے آغاز کی قیمت کی سطح سے بلند ہے۔

    چین میں منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے سال2019 سے کرپٹو کرنسیز کی ٹریڈنگ پر پابندی عائد ہے کیونکہ قائدین لوگوں کو بیرون ملک نقد رقم منتقل کرنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں، اس شعبے کی عالمی تجارت میں ملک کا حصہ 90 فیصد تھا۔

    بدھ کو چینی حکام کا کہنا تھا کہ لین دین میں کرپٹو کرنسیز کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سرمایہ کاروں کو اس میں ٹریڈنگ کی قیاس آرائیوں کے حوالے سے انتباہ کیا گیا ہے۔

    بٹ کوائن کی قیمت میں بہت اضافہ دیکھا گیا جس کی ایک وجہ ایلون مسک اور ٹیسلا بھی تھے لیکن گذشتہ ہفتے ٹیسلا نے کرپٹو کرنسی سے ماحول پر پڑنے والے مضر اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے لوگوں کی بٹ کوائن سے الیکٹرک گاڑیوں کی ادائیگی پر بریک لگا دی۔

    پھر ایلون مسک نے اس بات کی وضاحت سے قبل کہ کمپنی نے کوئی بٹ کوائن نہیں بیچا ہے، تجویز دی کہ ٹیسلا اپنے پاس موجود بٹ کوائنز کی بڑی تعداد کو فروخت کرنے کا ارادہ کر رہی ہے۔

    بٹ کوائن کے لیے بدھ کا سارا دن اتار چڑھاؤ سے بھرپور رہا۔ اس کی قیمت 45,600 ڈالر سے گر کر 40 ہزار ڈالر تک آ گئی۔ اس کے بعد 30ہزار ڈالر تک گرنے سے قبل یہ پھر اوپر آئی اور اس کے بعد پھر 33 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ خیال رہے کہ بٹ کوائن کی قیمت گذشتہ ماہ ریکارڈ 63 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

  • مشہور کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کا مالک پاکستانی نکلا

    مشہور کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کا مالک پاکستانی نکلا

    گزشتہ سال انٹرنیٹ کی دنیا میں بٹ کوائن کا سال تھا، اس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہر خبرنامے کا حصہ تھیں، حال ہی میں برطانیہ میں مقیم ایک پاکستانی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بٹ کوائنز کا خالق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بٹ کوائن کی مالک سمجھی جانے والی ویب سائٹ کی جانب سے انکشاف کیا گیا کہ اس کا مالک بلال خالد نامی پاکستانی ہے۔

    سمجھا جاتا تھا کہ ساتوشی ناکا موتو نامی شخص دنیا بھر میں موجود بٹ کوائن کا مالک ہے جن کی مالیت اس وقت دس ارب امریکی ڈالر سے بھی زیادہ ہے لیکن حالیہ حیرت انگیز انکشاف نے ساری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

    بلال خالد کے مطابق اس نے اپنی شناخت چھپا کررکھی تھی لیکن اب اس نے اپنی اصلی شناخت کے ساتھ سامنے آنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح اس نے جیمز کان کا نام قا نونی طور پر حاصل کیا ۔

    بتایا جارہا ہے کہ بلال خالد راولپنڈی کے رہائشی ہیں اور الخیر یونی ورسٹی میں تعلیم پذیر تھے جب انہوں نے یہ سلسلہ شروع کیا۔ وہ پاکستانی بینکر اور بی سی سی آئی نامی بینک کے مالک آغا حسن عابدی سے بے پناہ متاثر تھے اور یہ سارا نظام انہوں نے ان ہی کی طرز پر کھڑا کیا تھا۔

    بلال نے اس سفر کے ساتھ ہی ییل ، ڈیوک اور کیلی فورنیا یونی ورسٹی سے کورسز کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ ان کا خیال تھا کہ بٹ کوائن جب مشہور ہوجائے گا تب کوئی نہ کوئی ان کی اصل شناخت ڈھونڈ نکالے گا لیکن کئی سال میں کسی نے بھی ایسا نہیں کیا۔

    یہاں یہ بات بھی انتہائی دلچسپ ہے کہ اپنے شہریوں کے پیسے کی حفاظت کے پیشِ نظر پاکستان میں تما م اقسام کی کرپٹو کرنسی پر پابندی ہے اور حیرت انگیز طور پر دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی کا خالق ایک پاکستانی ہی نکلا ہے۔

    بلال نے اپنی ویب سائٹ پر بٹ کوائن کی کہانی انتہائی طویل اور مفصل طور پر بیان کی ہے جس کے مطابق ان کے پاس نو لاکھ اسی ہزار بٹ کوائن تھے جن کی مالیت آج دس ارب امریکی ڈالر سے زائد ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ بد قسمتی سے انہوں نے وہ ہارڈ ڈسک کھو دی جس میں ان کے ابتدائی بٹ کوائن تھے اور انہیں اس پر افسوس ہے ورنہ وہ آج اس روئے زمین پر سب سے امیر پاکستانی شہری ہوتے جو کہ دنیا کی سب سے طاقت ور کرپٹو کرنسی کا مالک ہوتا۔

    ان کا کہنا ہے کہ اب انہوں نے حقیقت کو تسلیم کرلیا ہے اور اسی لیے انہوں نے واپس اپنی اصل شناخت کے ساتھ سامنے آنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ بٹ کوائن کو مزید بہتر اور محفوظ بنا سکیں۔
    بلال خالد نے اپنی شناخت اپنے ویب بلاگ کے ذریعےظاہر کی ہے ، ابھی آزاد ذرائع سے یہ بھی تصدیق نہیں کی جاسکی کہ آیا یہ بات درست بھی ہے کہ نہیں۔