Tag: CSS exam

  • سی ایس ایس کے امتحان میں انوکھا سوال سوشل میڈیا پر وائرل

    سی ایس ایس کے امتحان میں انوکھا سوال سوشل میڈیا پر وائرل

    امتحانی پرچوں میں بعض اوقات خاصے مختلف سوالات آجاتے ہیں جس سے امتحان دینے والے پریشان ہوجاتے ہیں، تاہم بعض اوقات کچھ سوال حیرانی اور مذاق کا باعث بھی بن جاتے ہیں۔

    حال ہی میں ہونے والا پاکستانی سول سروس (سی ایس ایس) کا ایک امتحانی پرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔

    امتحانی پرچے میں امیدواروں کو مضمون لکھنے کے لیے دیے گئے آپشنز میں شامل ایک آپشن ’بوائز ول بی بوائز‘ تھا جس کی انفرادیت نے کچھ افراد کو حیران کیا تو کئی یہ کہنے پر مجبور دکھائی دیے کہ یہ سوال کس مقصد کے تحت امتحان میں شامل کیا گیا۔

    یہ گفتگو اتنی بڑھی کہ یہ جملہ ٹویٹر ٹرینڈ بن گیا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ تجزیاتی اور ناقدانہ تحریری صلاحیتوں کو پہچاننے کا کیا طریقہ ہے۔

    ایک صارف نے میم شیئر کی کہ وہ لڑکا جس نے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے برسوں ضائع کیے ہوں اس کا برا حال ہوگا۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ان مینٹورز کا شکریہ جنہوں نے سی ایس ایس امیدواروں کو گمراہ کیا، کسی بھی گیس پیپر سے کوئی ایک مضمون بھی نہیں ہے۔

    پاکستان میں سینٹرل سپیریئر سروس (سی ایس ایس) امتحان کو بیورو کریسی کا داخلی دروازہ کہا جاتا ہے، تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بڑی تعداد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس امتحان کے ذریعے وہ اعلی ٰسرکاری ملازمتوں سے مستفید ہو سکیں۔

  • سی ایس ایس 2018کا امتحان اردو میں لینے کا عدالتی حکم معطل

    سی ایس ایس 2018کا امتحان اردو میں لینے کا عدالتی حکم معطل

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے سی ایس ایس 2018کا امتحان اردو میں لینے کا عدالتی حکم معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی اپیل پر سماعت کی، ایف پی ایس سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایسے انتظامات ممکن نہیں کہ 2018 میں سی ایس ایس کا امتحان اردو میں لیا جا سکے۔

    وکیل نے کہا کہ ایف پی ایس سی نے عدالتی فیصلے کے بعد اردو کے نفاذ پر کام شروع کر دیا ہے تاہم ابھی تک 51 میں سے صرف آٹھ مضامین کا ترجمہ کیا جا سکا باقی 43 مضامین کا ترجمہ ایک سال میں کرنا ممکن نہیں،  اگر مضامین کاترجمہ بروقت نہ کیا جا سکا تو امتحانات کا انعقاد مشکل ہو جائے گا جبکہ وفاقی اداروں کی خالی آسامیاں پر کرنا ممکن نہیں رہے گا۔

    جس پر عدالت نے ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کر دیا اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔


    مزید پڑھیں : سی ایس ایس کا اگلا امتحان اردو میں لیا جائے، عدالت کا حکم


    یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے سیف الرحمن ایڈووکیٹ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو سال 2018کے امتحانات کا انعقاد اردو میں کرنے کے احکامات جاری کئے تھے اور کہا تھا کہ اردو سرکاری زبان ہے، امتحان سپریم کورٹ کے فیصلے کی رو سے لیا جائے۔

    عدالت نے ریمارکس میں کہا تھا کہ سی ایس ایس کا امتحان سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی رو سے لیا جائے کہ جس میں سپریم کورٹ نے اردو کو سرکاری زبان نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔