Tag: CTD arrests

  • کراچی سے  انتہائی خطرناک تربیت یافتہ 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی سے انتہائی خطرناک تربیت یافتہ 2 دہشت گرد گرفتار

    کراچی : سی ٹی ڈی نے کالعدم سپاہ محمد پاکستان کے انتہائی خطرناک تربیت یافتہ 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ، ملزمان نے 2011 سے 2014 تک مذہبی ٹارگٹ کلنگ کا انکشاف کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) نے منگھوپیر روڈ پر مبینہ مقابلے میں کالعدم سپاہ محمد پاکستان کے انتہائی خطرناک تربیت یافتہ 2 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

    انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں میں آغا حسن اور محمد علی رضا نقوی شامل ہیں ، دوران مقابلہ ملزمان کے دو ساتھی کرار اور سید اوسط علی رضوی فرار ہوگئے۔

    انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد مختلف اداروں کو انتہائی مطلوب تھے، ملزمان کا سرغنہ اوسط علی رضوی منظم سلیپر سیل چلا رہا تھا.

    مظہر مشوانی نے بتایا کہ ملزمان نے2011 سے 2014 تک مذہبی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا،2011میں ڈاکٹر محبوب کو شمسی اسپتال کے مرکزی دروازے پر ٹارگٹ کیا، 2013میں شاہد آٹوز کے مالک شاہد کو جہاز چورنگی کے قریب قتل کیا، 2013میں عیسیٰ بلوچ کو کلفٹن بلاک 4میں ٹارگٹ کیا اور 2014میں ملیر کھوکھرا پار میں توصیف اور تنویر کو ٹارگٹ کیا۔

    انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق سلیپر سیل سید اوسط کے زیر نگرانی چل رہا تھا، اوسط علی بتائے گئے ٹارگٹ کی ریکی کرواتا تھا اور سلیپر سیل کے شوٹر لڑکوں سے ٹارگٹ کلنگ کروائی جاتی تھی اور تمام شوٹرز کو 25ہزار روپے ماہانہ دیا جاتا تھا۔

    مظہر مشوانی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • سی ٹی ڈی آپریشن ٹو کی کارروائی ، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    سی ٹی ڈی آپریشن ٹو کی کارروائی ، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی : کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) آپریشن ٹو نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر فہیم جاویدعرف انقلابی کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) آپریشن ٹوکی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی ، کارروائی کے دوران ایم کیوایم لندن کا ٹارگٹ کلر فہیم جاویدعرف انقلابی کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی آپریشن سی ٹی ڈی ٹو نے بتایا کہ ٹارگٹ کلر7افرادکےقتل میں روپوش تھا، ملزم نےساتھیوں ظفراورارشدکے ساتھ کارروائیاں کی جبکہ مختلف تھانوں سےقتل اقدام قتل میں اشتہاری ملزم ہے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم نےمحبت خان اورسمیع اللہ نامی شہریوں کواغواکیا اور ایم کیوایم ممبرسندھ اسمبلی کےپلاٹ پردونوں کوقتل کرکے پھینک دیا۔

    ایس ایس پی آپریشن سی ٹی ڈی ٹوعارف عزیز نے کہا کہ ملزم سے مزید انکشافات متوقع ہے۔

    گذشتہ ماہ انسداد دہشت گردی فورس(سی ٹی ڈی) نے شہرقائد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کورنگی سے ایم کیوایم لندن کا ٹارگٹ کلر لال بادشاہ گرفتار کرلیا تھا، ٹارگٹ کلر لال بادشاہ، رئیس ماما کا قریبی ساتھی ہے، ملزم نےجنوری2010مہران ٹاؤن میں سیاسی کارکنان پرفائرنگ کی۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کی فائرنگ سے ایک کارکن ہلاک اور 2زخمی ہوئے تھے، ملزم نے رئیس مامااور دیگر کے ساتھ مل کر ایک کارکن کو بھی ہلاک کیا، ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی میں مقدمات درج ہیں، مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • داتا دربار خود کش حملہ آور کی شناخت ،  سہولت کارگرفتار

    داتا دربار خود کش حملہ آور کی شناخت ، سہولت کارگرفتار

    لاہور : لاہور میں داتادربارخود کش حملے میں ملوث مبینہ سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، ملزم سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، جبکہ خود کش حملہ آور کی شناخت صادق اللہ مہمند کے نام سے ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق داتا دربار خود کش حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، سی ٹی ڈی نے لاہور میں بھاٹی گیٹ کے علاقے سے ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    گرفتار سہولت کار کا نام محسن خان ہے، جو شبقدر چارسدہ کا رہائشی ہے۔ ملزم سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

    سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ داتا دربار سانحے کے خود کش حملہ آور کی شناخت بھی ہو گئی ہے، خودکش حملہ آور صادق اللہ مہمند افغانستان کا رہائشی تھا۔ جو افغان پاسپورٹ پر 6 مئی کو طورخم بارڈر سے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کو طیب اللہ نامی شخص نے طورخم بارڈر سے لیا اور اسے لاہور لایا، دونوں نے 7 مئی کو سہولت کار محسن اور نور زیب کے گھر قیام کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : داتا دربار خود کش حملے میں ملوث چار سہولت کار گرفتار

    یاد رہے چند روز قبل سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے داتا دربار خود کش حملے کے چار سہولت کاروں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا ۔

    رکشہ ڈرائیور کی نشاندہی پر دونوں سہولت کاروں تک رسائی ملی تھی۔ ملزمان دھماکے کی صبح سوا چھے بجے داتا دربارمیں دیکھے گئے۔ سیاہ شلوار قمیض پہنے ایک سہولت کار نے سلیپر، دوسرے نے چپل پہن رکھے تھے۔ بمبار نے بھی کالے کپڑے پہن رکھے تھے۔

    واضح رہے 8 مئی کو داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے ، آئی جی پنجاب نے بتایا تھا ایلیٹ فورس کی گاڑی پرحملہ آورنےخودکش حملہ کیا، دھماکےمیں 7 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں پنجاب حکومت نے سانحہ داتا دربار خودکش حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی تھی، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ سی ٹی ڈی کے ایس پی صہیب اشرف ہوں گے، جے آئی ٹی میں آئی بی، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے شامل ہوں گے۔