Tag: CTD office in Bannu

  • بنوں آپریشن کامیابی سے جاری ہے، آئی ایس پی آر

    بنوں آپریشن کامیابی سے جاری ہے، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بنوں میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سی ٹی ڈی آفس بنوں میں کیا جانے والا آپریشن کامیابی سے تکمیل کی طرف گامزن ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ بنوں میں دہشت گردوں کیخلاف کی جانے والی کارروائی جلد مکمل ہوجائے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے آپریشن سے متعلق مزید تفصیلات سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ آج صبح کی کارروائی کے دوران بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر سیکیورٹی اداروں نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

    سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر کامیاب آپریشن کے بعد اس وقت سرچ آپریشن کا عمل تاحال جاری ہے، آپریشن کے بعد کمپاؤنڈ کو کلیر کرایا جارہا ہے۔

    سی ٹی ڈی کی عمارت میں موجود دہشت گردوں سے دو روز تک مذاکرات ہوئے لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے، جس کے بعد عمارت میں آپریشن کی ذمہ داری سیکیورٹی فورسز کو تفویض کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ بنوں پر حملہ کرنے والے 6 دہشتگرد ہلاک

    واضح رہے کہ اتوار کے روز بنوں میں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تھا اور اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق بنوں میں اسکول بند ہیں اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ علاقے میں موبائل فون سروس بھی مکمل طور پر بند ہے۔

  • بنوں : سی ٹی ڈی کے دفتر پر دہشت گردوں کا حملہ

    بنوں : سی ٹی ڈی کے دفتر پر دہشت گردوں کا حملہ

    بنوں : کے پی کے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے دفتر پر درجنوں دہشت گردوں نے دھاوا بول دیا، فائرنگ سے دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی تعداد 20 سے25 تک بتائی جارہی ہے، اطلاع ملتے ہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے علاقے اور اطراف کی گلیوں کو سیل کردیا گیا، شدت پسندوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : لکی مروت میں دہشت گردوں کا حملہ، 4 پولیس اہل کار شہید

    واضح رہے کہ آج صبح خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں نے دستی بموں اور راکٹوں سے حملہ کرکے پولیس اہل کاروں کو شہید کردیا۔

    لکی مروت میں رات گئے تھانہ برگئی پر دستی بموں اور راکٹ لانچرز سے لیس دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔