Tag: CTD

  • سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار

    سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر گوادر میں کارروائی کرکے دہشتگرد گرفتار کرلیا جس کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے ہے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع پر گوادر میں کارروائی کی گئی، گرفتار دہشتگرد کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا ہے کہ دہشتگرد سے اٹھارہ سو اٹھہتر گرام دھماکہ خیز مواد، چھیاسٹھ انچ پرائما کورڈ اور ایک ڈیٹونیٹر بھی برآمد ہوا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ سی ٹی ڈی نے کچھ روز قبل ہی کوئٹہ میں کارروائی کی تھی جس میں 6 دہشتگرد مارے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

  • پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کا منصوبہ بنانے والے دہشت گرد گرفتار

    پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کا منصوبہ بنانے والے دہشت گرد گرفتار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں کالعدم تنظیم داعش کے 2 کارندے گرفتار کرلیے گئے، دہشت گرد چارسدہ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) مردان نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کے 2 کارندے گرفتار کرلیے، دہشت گردوں سے بارود، ڈیٹو نیٹر اور 4 سیفٹی فیوز پرائما کارڈ برآمد ہوئے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں عارف اور فضل شامل ہیں، دہشت گرد بم بنانے کی غرض سے درگئی روڈ پر موجود تھے۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گرد چارسدہ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے۔

    یاد رہے کہ 2 روز قبل سی ٹی ڈی نے بنوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبا پاکستان سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے چھاپہ مار ٹیموں پر فائرنگ کی تھی، جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں سے 2 کلاشنکوف اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔

  • واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا جونیئر کلرک انتہائی مطلوب دہشت گرد نکلا

    واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا جونیئر کلرک انتہائی مطلوب دہشت گرد نکلا

    کراچی: محکمہ انسداد دہشت گردی نے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلیا، ملزم سنہ 2011 سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں جونیئر کلرک کی ملازمت کر رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا جونیئر کلرک انتہائی مطلوب دہشت گرد نکلا جسے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ناگن چورنگی سے گرفتار کرلیا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد افتخار عرف پٹن کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزم ایس پی عزیز الرحمٰن شہید کے 2 بیٹوں سمیت متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھیوں نے 11 جولائی 1997 کو گھات لگا کر ٹارگٹ کلنگ کی، حملے میں ایف آئی اے کے سب انسپکٹر کاشف عزیز اور راشد عزیز شہید ہوئے، حملے میں پولیس کانسٹیبل ارشد بیگ اور کانسٹیبل جاوید کی بھی شہادت ہوئی۔

    سی ٹی ڈی حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان نے اسی روز ڈی ایس پی شہباز کے ڈرائیور راشد اللہ کو بھی شہید کیا، گرفتار ملزم سنہ 2011 سے واٹر بورڈ میں جونیئر کلرک کی ملازمت کر رہا ہے۔

  • کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

    کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

    کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر ملک دشمن عناصر کے خلاف سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کی ہے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق رات گئے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مغربی بائی پاس کے علاقے نیوکاہان مری کیمپ میں سی ٹی ڈی کی جانب سے آپریشن کیا گیا اس دوران دہشتگردوں نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ کے نتیجے 6 دہشتگرد مارے گئے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کیا گیا، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا اہم رکن بھی شامل ہے،جس کے سر کی قیمت بیس لاکھ روپے مقرر تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: مشرقی بائی پاس پر دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 23 زخمی

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل پولیس ، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر شاہ زیب اور دانیال کو بھی ہلاک کیا تھا، یہ آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک کے علاقے میں کیا گیا تھا۔

  • داسو واقعے میں ملوث تمام دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار ہوچکے ہیں: سی ٹی ڈی

    داسو واقعے میں ملوث تمام دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار ہوچکے ہیں: سی ٹی ڈی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جاوید اقبال وزیر کا کہنا ہے کہ داسو واقعے میں ملوث تمام دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پشاور کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جاوید اقبال وزیر نے سالانہ کارکردگی کی بریفنگ میں بتایا کہ داسو واقعے میں انٹیلی جنس تعاون سے تمام دہشت گرد گرفتار ہوئے۔

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ داسو واقعے میں ملوث سہولت کار بھی گرفتار ہیں، واقعے کے خودکش بمبار کی مکمل شناخت ہوچکی تھی۔ پاکستان میں موجود مذکورہ پورا نیٹ ورک گرفتار ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پشاور سی ٹی ڈی نے آئی ایس کے 3 بڑے گروپ مقابلوں میں ختم کیے، جنوبی اضلاع میں دہشت گردی کرنے والے 9 دہشت گرد مارے گے۔

    جاوید اقبال وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں قبائلی جھگڑوں سمیت 237 دہشت گردی کے واقعات ہوئے، سنہ 2021 میں 561 ایف آئی آرز درج ہوئیں جو گزشتہ سال سے زیادہ ہیں۔

    ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ 599 ہائی پروفائل دہشت گرد گرفتار ہوئے، گرفتاردہشت گردوں کے سر کی قیمت 20 کروڑ روپے تھی۔ منی لانڈرنگ کے خلاف سب سے زیادہ کارروائیاں پختونخواہ کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے کیں۔

  • لاہور میں  دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ،  ایک دہشت گرد گرفتار

    لاہور میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ، ایک دہشت گرد گرفتار

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کارروائی میں کالعدم تنظیم کے اسلحے کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کرلیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق چکوال میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد ارقم عزیزکوکمپاؤنڈپرچھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد کی نشاندہی پر اسلحہ ، بارود برآمد کیا ، پکڑا جانے والا اسلحہ دہشت گردی کیلئے استعمال ہونا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کو تفتیش کیلئےنامعلوم مقام پرمنتقل کر دیا گیااور اسلحہ کی بھاری کھیپ سے متعلق تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث لیاری گینگ وار کا ملزم گرفتار

    متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث لیاری گینگ وار کا ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کر کے لیاری گینگ وار کا اشتہاری ملزم گرفتار کرلیا، ملزم متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں کارروائی کی۔ انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ کارروائی میں لیاری گینگ وار کا اشتہاری شوٹر معراج عرف چھوٹو گرفتار کرلیا گیا۔

    چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ ملزم رحمٰن ڈکیت کا قریبی رشتہ دار اور گینگ وار ملزم ساجد واجد کا بھانجا ہے، ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

    انچارج کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ملزم نے سنہ 2012 سے 2019 تک 4 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی۔

    ملزم معراج نے سنہ 2019 میں پولیس اہلکار فاروق کو شہید کیا، سی ٹی ڈی، پولیس اہلکار فاروق کے قتل میں ملوث دیگر ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔

    انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم قتل، اقدام قتل، دہشت گردی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہے، گرفتار ملزم پرانا گولیمار اور لیاری سے بھتہ وصول کرتا تھا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 2دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 2دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان : محکمہ انسداد دہشت گردی نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے 2دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی بنوں ریجن نے کارروائی کی ، کارروائی کے دوران 2دہشت گرد ہلاک کردیئے۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سپین وام بوبلی میں دہشت گردوں نے چھاپہ مار ٹیم پرفائرنگ کی، ہلاک دہشت گردوں میں لعل مرجان عرف یاسر اور زر قیوم عرف زڑگے شامل ہیں۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈرعلیم خان خوشحالی گروپ سے تھا۔

    گذشتہ روز سی ٹی ڈی بنوں ریجن، پولیس اورحساس اداروں نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

    حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی میرعلی کے گاؤں بوب علی سپین وام کے حدود میں کی تھی ، سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے ایس ایم جی، ہینڈگرنیڈ، میگزین اورکارتوس برآمد ہوئے تاہم دیگر دہشت گرد رات کے تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    حکام کے مطابق فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا تھا کہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری ،بم دھماکوں،فورسزپرحملوں میں ملوث تھے ، دہشت گردوں کاتعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے لوکل کمانڈر سے ہے۔

  • تعلیمی اداروں پر خودکش حملوں کی دھمکی دینے والے دہشت گرد گرفتار

    تعلیمی اداروں پر خودکش حملوں کی دھمکی دینے والے دہشت گرد گرفتار

    اسلام آباد: محکمہ انسداد دہشت گردی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، دہشت گردوں نے تعلیمی اداروں کو خط لکھ کر خودکش حملوں کی دھمکی دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کی جس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ گرفتار دہشت گردوں نے دی ملینیئم اسکول اینڈ کالج، روٹ پبلک اسکول، اسلام آباد کیفے ٹیریا، سی ٹی ڈی اور پولیس لائن کو بم سے اڑانے کے دھمکی آمیز خطوط بھیجے تھے، ملزمان نے 30 کروڑ روپے بھتے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کی طرف سے دھمکی آمیز خطوط سی ای او میلینیئم اسکول اینڈ کالج، اسٹاف اور طلبا کو بھیجے گئے، خطوط میں بھتے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔

    خط میں بھتہ نہ دینے کی صورت میں سی ای او کے بچوں کو اغوا کرنے، اسٹاف اور طلبا کو جان لیوا حملوں کا نشانہ بنانے اور خودکش حملہ کرکے ادارے کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں تحریر ہیں۔

    دی میلینیئم سکول اینڈ کالج کو مختلف ادوار میں 10 خطوط موصول ہوئے جن کے متن میں مغربی کلچر کی تعلیم اور گمراہی کی طرف رغبت کا کہتے ہوئے خودکش حملے، بم حملے اور طلبا و طالبات پر تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

    ایک خط ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کو موصول ہوا جس میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، خط میں کہا گیا کہ ہم نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو بھرے مجمع سے اٹھایا لیا تھا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ہدایت جاری کی۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی زیر نگرانی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دیں، ٹیم میں شامل ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی عبد الروؤف کیانی اور ان کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    پولیس ٹیم نے دن رات محنت کی اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، گرفتار ملزمان میں بخت شیریں ولد سلطان زریں، جان عالم ولد جام اور محمد علی ولد عاقل بادشاہ شامل ہیں۔

  • انٹیلی جنس کا میجر بن کے جعل سازی کرنے والا ملزم گرفتار

    انٹیلی جنس کا میجر بن کے جعل سازی کرنے والا ملزم گرفتار

    کوئٹہ: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کراچی نے کوئٹہ سے خود کو انٹیلی جنس کا میجر ظاہر کر کے جعل سازی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کراچی نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے عثمان شاہ عرف میجر عثمان نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ملزم نے ساتھیوں سے مل کر فضل نامی شخص کو قتل کیا تھا۔ گرفتار ملزم عثمان شاہ کا تعلق چھالیہ مافیا سے ہے، ملزم اپنے آپ کو انٹیلی جنس کا میجر ظاہر کرتا تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزم نے فضل کو 7 کروڑ کی چھالیہ کسٹمز انٹیلی جنس میں پکڑوانے پر قتل کیا، فضل سے متعلق اطلاع بھی کسٹم اہلکار نے عثمان شاہ کو دی تھی۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزم عثمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔