Tag: Curfew pass

  • سعودی عرب :  فضائی مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    سعودی عرب : فضائی مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    ریاض : سعودی حکومت نے کرفیو کے دوران عوام کی سہولت اور انہیں پریشانی سے بچانے کیلئے ان کے فضائی ٹکٹ کو کرفیو پاس کا درجہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ شہری ہوا بازی کے ترجمان نے کہا ہے کہ مسافر کا فضائی ٹکٹ کرفیو پاس کا متبادل ہے، اس کی موجودگی میں پاس لینے کی ضرورت نہیں۔

    اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ محکمہ شہری ہوا بازی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شہری کی جانب سے ایک سوال کیا گیا کہ جس شخص کی فلائٹ کا وقت کرفیو کے دوران ہو اور وہ ایئرپورٹ سے دور رہتا ہو تو کیا ایئرپورٹ پہنچنے کے لیے اسے کرفیو پاس لینا ہوگا؟۔

    اور یہ بھی سوال کیا گیا کہ آن لائن پاس جاری کرنے والی ایپلی کیشن میں فضائی سفر کرنے کے لیے پاس جاری کرنے کا آپشن موجود نہیں تو مسافر کو کون سا پاس جاری کرنا ہوگا۔

    ان سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان محکمہ شہری ہوا بازی نے واضح کیا ہے کہ فضائی ٹکٹ بذات خود کرفیو پاس ہے۔
    اس کی موجودگی میں پاس لینے کی ضرورت نہیں خواہ مسافر کو سفر کے لیے ایئر پورٹ جانا ہو یا آنے والے مسافر کو ایئرپورٹ سے گھر جانا ہو۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فضائی ٹکٹ کی موجودگی میں مسافر کو پرواز سے 3 گھنٹے پہلے تک ایئرپورٹ جانے یا آنے والے مسافر کو پہنچنے سے 3 گھنٹے بعد تک گھر جانے کی اجازت حاصل ہے۔

  • سعودی عرب: جعلی کرفیو پاس بنانے والوں کے ساتھ کیا ہوگا؟

    سعودی عرب: جعلی کرفیو پاس بنانے والوں کے ساتھ کیا ہوگا؟

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو پاسز میں جعل سازی کرنے اور انہیں استعمال کرنے والوں کو کڑی سزاؤں کا سامنا کرنا ہوگا جس میں ایک سے 5 برس تک قید اور 5 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن جنرل کے دفتر نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے نافذ کیے جانے والے کرفیو پاسز میں جعل سازی کرنے اور انہیں استعمال کرنے والوں کو کڑی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    پبلک پراسیکیوشن جنرل کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے کرفیو پاسز جاری کیے جاتے ہیں تاکہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو اشیائے ضروریہ کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔

    بیان کے مطابق کرفیو پاسز کو جعلی طور پر تیار کرنے، ان میں رد و بدل کرنے اور کسی بھی قسم کا اضافہ یا کمی کرنے والے قانونی طور پر مجرم شمار کیے جائیں گے۔

    انتباہی نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جعلی کرفیو پاس کی تیاری اور تقسیم میں کسی بھی نوعیت کا تعاون کرنے اور اسے استعمال کرنے والے بھی قانون شکنی کے مرتکب قرار پائیں گے۔

    کرفیو پاسز میں جعل سازی کی سزا کے حوالے سے ادارہ پراسیکیوشن جنرل کا کہنا تھا کہ کرفیو پاسز میں جعل سازی کرنے پر ایک سے 5 برس تک قید اور 5 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا دی جائے گی، علاوہ ازیں جرم میں استعمال ہونے والی تمام اشیا و رقوم بھی بحق سرکار ضبط کر لی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل ریاض کرائم برانچ نے 3 رکنی گروہ کو انتہائی ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا تھا جو جعلی کرفیو پاس تیار کر کے 3 ہزار ریال فی پاس فروخت کرتے تھے۔

    واضح رہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں وزارت داخلہ نے کرفیو پاسز کے لیے ڈیجٹل طریقہ کار متعارف کروایا ہے جس کی پابندی کرنا ہر ایک پر لازم ہے۔

    پاس کے بغیر کرفیو کے اوقات میں گرفتار ہونے والے کو 10 ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، کرفیو میں ہیوی ٹرانسپورٹ، فوڈ ڈلیوری، اشیائے خور و نوش سپلائی کرنے والے اور لاجسٹک کے شعبے سے تعلق رکھنے والوں کو ان کے اداروں کی جانب سے پاسز جاری کروائے جاتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں کرفیو پاس حاصل کرنے کا طریقہ

    سعودی عرب میں کرفیو پاس حاصل کرنے کا طریقہ

    ریاض : سعودی حکومت نے شہریوں کو آن لائن کرفیو پاس کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ویب سائٹ کا اجراء کردیا ہے جس کے مطابق وہ مطلوبہ معلومات مہیا کرکے کرفیو پاس حاصل کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کوروناوائرس سے بچاؤ کے پیش نظر مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، جدہ اور ریاض میں کرفیو نافذ کرکے لوگوں کے داخلے اور وہاں سے دیگر شہروں میں جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے سعودی محکمہ امن عامہ نے انٹرسٹی ٹریولنگ کے لیے آن لائن کرفیو پاس کی سہولت جاری کردی ہے۔ ویب سائٹ کا مقصد لوگوں کو مزید سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں سرکاری ادارے کے دفتر سے رجوع نہ کرنا پڑے اور وہ گھربیٹھے ہی معاملہ کرسکیں۔

    امن عامہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویب سائٹ
    https://tanaqul.ecloud.sa/login
    پر لاگ ان کرنے کے بعد مطلوبہ معلومات جن میں نام ، شناختی کارڈ نمبر، غیر ملکیوں کے لیے اقامہ نمبراور موبائل نمبر فیڈ کیاجائے گا۔

    درخواست میں اس بات کی بھی وضاحت ضروری ہے کہ ممنوعہ شہروں میں داخلے کے لیے کرفیو پاس کی ضرورت کیوں ہے، دسرخواست گزار کو ان مقاصد کے ساتھ دستاویزی ثبوت بھی درکار ہوگا جو طلب کرنے پر اپ لوڈ کیا جائے۔

    ادارہ امن عامہ کی جانب سے درخواست پر غور کرنے کے بعد کرفیو پاس جاری کیا جائے گا اگر درخواست گزار کے لیے کرفیو پاس کا اجرا مناسب نہیں ہوگا تو درخواست کو رد کردیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب میں کرفیو کا مذاق اڑانے پر کیا ہوا؟

    واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے مکہ مکرمہ کے چھ علاقوں میں تاحکم ثانی پورے پورے دن کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے، جن علاقوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے ان میں اجیاد، المصافی، المسفلہ، الحجون، النکاسہ اور حوش بکر شامل ہیں۔ وزارت داخلہ کے احکامات کے مطابق مذکورہ علاقوں میں رہنے والے افراد دوسرے علاقوں میں نہیں جاسکتے۔