Tag: Curfew

  • سعودی عرب: جعلی کرفیو پاس بنانے والوں کے ساتھ کیا ہوگا؟

    سعودی عرب: جعلی کرفیو پاس بنانے والوں کے ساتھ کیا ہوگا؟

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو پاسز میں جعل سازی کرنے اور انہیں استعمال کرنے والوں کو کڑی سزاؤں کا سامنا کرنا ہوگا جس میں ایک سے 5 برس تک قید اور 5 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن جنرل کے دفتر نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے نافذ کیے جانے والے کرفیو پاسز میں جعل سازی کرنے اور انہیں استعمال کرنے والوں کو کڑی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    پبلک پراسیکیوشن جنرل کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے کرفیو پاسز جاری کیے جاتے ہیں تاکہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو اشیائے ضروریہ کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔

    بیان کے مطابق کرفیو پاسز کو جعلی طور پر تیار کرنے، ان میں رد و بدل کرنے اور کسی بھی قسم کا اضافہ یا کمی کرنے والے قانونی طور پر مجرم شمار کیے جائیں گے۔

    انتباہی نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جعلی کرفیو پاس کی تیاری اور تقسیم میں کسی بھی نوعیت کا تعاون کرنے اور اسے استعمال کرنے والے بھی قانون شکنی کے مرتکب قرار پائیں گے۔

    کرفیو پاسز میں جعل سازی کی سزا کے حوالے سے ادارہ پراسیکیوشن جنرل کا کہنا تھا کہ کرفیو پاسز میں جعل سازی کرنے پر ایک سے 5 برس تک قید اور 5 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا دی جائے گی، علاوہ ازیں جرم میں استعمال ہونے والی تمام اشیا و رقوم بھی بحق سرکار ضبط کر لی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل ریاض کرائم برانچ نے 3 رکنی گروہ کو انتہائی ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا تھا جو جعلی کرفیو پاس تیار کر کے 3 ہزار ریال فی پاس فروخت کرتے تھے۔

    واضح رہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں وزارت داخلہ نے کرفیو پاسز کے لیے ڈیجٹل طریقہ کار متعارف کروایا ہے جس کی پابندی کرنا ہر ایک پر لازم ہے۔

    پاس کے بغیر کرفیو کے اوقات میں گرفتار ہونے والے کو 10 ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، کرفیو میں ہیوی ٹرانسپورٹ، فوڈ ڈلیوری، اشیائے خور و نوش سپلائی کرنے والے اور لاجسٹک کے شعبے سے تعلق رکھنے والوں کو ان کے اداروں کی جانب سے پاسز جاری کروائے جاتے ہیں۔

  • سعودی عرب: کرفیو سے متعلق اہم اعلان

    سعودی عرب: کرفیو سے متعلق اہم اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں کرفیو میں مزید چند شعبوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے، سعودی عرب کے متعدد شہروں اور کمشنریوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے 24 گھنٹے کرفیو والے شہروں میں مزید 5 شعبوں کو استثنیٰ دیا ہے۔

    وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ریستورانوں کو اسمارٹ ایپلی کیشن یا ہوم ڈیلیوری سروس کے ذریعے گھروں میں کھانے پینے کی اشیا پہنچانے کی اجازت ہوگی، اس استثنیٰ میں ٹرک فوڈ ریستوران اور کیٹرنگ شامل نہیں۔

    کرفیو کے دوران لانڈری، پیٹرول اسٹیشنوں سے منسلک گاڑیوں کا مینٹیننس سینٹر، فلاحی انجمنوں کے کارکنان، رضا کار اور کمیونٹی سینٹر بھی مستثنیٰ ہوں گے۔

    وزارت تجارت نے زرعی فارموں اور شہد فارموں کے مالکان، باڑوں کے مالکان، مچھلیوں اور مرغی فارموں کے مالکان کو بھی استثنیٰ دیا ہے، وزارت ماحولیات و پانی و زراعت ان سب کو ہفتے بھر کے لیے ایک مرتبہ کرفیو پاس جاری کرے گی۔

    وزارت تجارت نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ کرفیو کے دوران خوراک، صحت، ٹرانسپورٹ، ای بزنس کے شعبے، قیام کی سہولت فراہم کرنے والے ادارے، توانائی، مواصلات، پانی، انشورنس و مالیاتی امور کے ادارے کھلے رہیں گے۔

    وزارت تجارت نے پلمبر، ایئر کنڈیشن ٹیکنیشن، الیکٹریشن، اصلاح و مرمت کے کارکنان، گیس سیلنڈرز سینٹرز اور گندے پانی کی نکاسی کے ٹینکرز کو بھی استثنیٰ دیا تھا۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب کے متعدد شہروں اور کمشنریوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ ہے۔

  • سعودی عرب میں کرفیو : حکومت نے شہریوں کی بڑی مشکل آسان کردی

    سعودی عرب میں کرفیو : حکومت نے شہریوں کی بڑی مشکل آسان کردی

    ریاض : سعودی عرب کے محکمہ صحت نے کرفیو کے دوران شہریوں کو ادویات کی مفت فراہمی کا اعلان کیا ہے، اس کے علاوہ مریضوں کا آن لائن چیک اپ کرنے کی سہولت بھی دی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے کرفیو کے دوران شہریوں کی پریشانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مریضوں کیلئے ان کے گھروں پر ادویات مفت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی وزارت نیشنل گارڈز کے ماتحت ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ ہوم ڈلیوری کمپنیوں کی مدد سے مریضوں کو ان کی مطلوبہ دوائیں ان کے گھر تک مفت پہنچائی جائیں گی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت نیشنل گارڈز کے ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جان لیوا کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے لوگوں کو بچانے کے لیے گھر گھر دوائیں مفت پہنچانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ آن لائن ایڈوانسڈ کلینکس کی مدد سے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کی بیماریوں تعین کرنے کے لیے طبی معائنے کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

    وزارت نیشنل گارڈز نے شہریوں سے کہا ہے کہ ضرورت مند حضرات وزارت کے ماتحت ادارہ صحت کی ویب سائٹ یا مشترکہ مرکز0118011111 پر رابطہ کریں۔

  • سعودی حکومت کا کرفیو سے متعلق اہم اعلان

    سعودی حکومت کا کرفیو سے متعلق اہم اعلان

    ریاض : سعودی حکومت نے کرفیو میں آمد ورفت کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ ایسے ادارے جن کے کارکنان کو کرفیو سے استثنی حاصل ہو وہ بھی بلا ضرورت گھر سے نہیں نکل سکتے۔

    اس حوالے سے سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ کیے جانے والے کرفیو میں جن اداروں کو استثنی حاصل ہے وہاں کام کرنے والوں کو اسی صورت میں کرفیو سے گزرنے کی اجازت ہوگی جب  وہ اپنے ادارے کے کارڈ اور کام کی نوعیت کا ثبوت پیش کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ ایسے ادارے کے کارکن جنہیں کرفیو سے استثنی حاصل ہو وہ بلا ضرورت کرفیو کے اوقات کی خلاف ورزی کریں۔

    سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام اداروں کو اس بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کو تحریری اجازت نامہ جاری کریں جس میں یہ واضح طور پر درج ہو کہ کارکن کے ذمے کون سے امور ہیں جن کی ادائیگی کے لیے انہیں کرفیو کے اوقات میں گھر یا ادارے سے باہر جانا لازمی ہے۔

    کرنل طلال الشلھوب نے مزید کہا کہ کرفیو کا مقصد لوگوں کا جانوں کو محفوظ بنانا ہے کیونکہ کورونا وائرس سے بچاو کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں کا سماجی رابطہ محدود کیاجائے اسی لیے کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

    قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے ساتھ بھرپورتعاون کریں جو آپکے تحفظ کےلیے ہی کام کررہے ہیں۔

  • سعودی عرب: سخت کرفیو کے سائے میں شادی کی انوکھی تقریب

    سعودی عرب: سخت کرفیو کے سائے میں شادی کی انوکھی تقریب

    ریاض: سعودی عرب میں کروناوائرس کے پیش نظر نافذ العمل سخت کرفیو کے سائے میں دلہا دلہن رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جوڑے اور ان کے خاندان نے کروناوائرس کے پیش نظر شادی کی تقریب انتہائی سادہ رکھی جس میں دلہا دلہن اور اہل خانہ شریک ہوئے۔

    جوڑے کا نکاح عصر کے وقت ہوا اور بعد از مغرب رختصی ہوئی۔ البتہ خاندان کے افراد نے عزم ظاہر کیا ہے کہ مملکت میں کروناوائرس پرقابو پایا گیا تو بڑے پیمانے پر ولیمے کی تقریب منعقد کی جائے گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شادی کی تقریب سعودی عرب کے علاقے کمشنری تیما میں ہوئی۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دلہے کا کہنا تھا کہ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تقریب میں سادگی اختیار کی گئی۔

    کروناوائرس : سعودی وزیر صحت کا مقامی و غیرملکی شہریوں کیلئے بڑا اعلان

    انہوں نے کہا کہ ایسی شادی ہماری روایتوں کے خلاف ہے لیکن کرفیو کا پاس رکھتے ہوئے ہم نے حکومت کا حکم مانا، تقریب میں صرف 10 افراد شریک ہوئے، مشکل گھڑی میں ہم اپنی حکومت کے ساتھ ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی حکام نے شہریوں و غیر ملکیوں کی آسانی کےلیے آن لائن علاج کی سہولت مہیا کردی ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر توفیق نے بتایا کہ مقامی و غیر ملکی افراد اپیلی کیشن اناۃ کے ذریعے اپنا نسخہ حاصل کرسکتے ہیں۔

  • سعودی عرب: کرفیو کے دوران ایک سے دوسرے شہر جانے پر بھی پابندی

    سعودی عرب: کرفیو کے دوران ایک سے دوسرے شہر جانے پر بھی پابندی

    ریاض: سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو صرف شہروں کے اندر ہی نہیں باہر بھی نافذ ہے اور ایک شہر سے دوسرے شہر جانے پر بھی پابندی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل طلال الشہلوب کا کہنا ہے کہ کرفیو میں ایک شہر سے دوسرے شہر آنا جانا بھی منع ہے۔

    ان کے مطابق بعض افراد یہ سمجھ رہے ہیں کہ کرفیو کا دائرہ شہروں، قصبوں اور آبادیوں تک محدود ہے جبکہ ایک شہر سے دوسرے شہر آنے جانے پر کوئی پابندی نہیں، یہ سمجھنا غلط ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ کرفیو کے دوران ایک شہر سے دوسرے شہر انتہائی ضرورت کے تحت ہی سفر کیا جاسکتا ہے، چیک پوسٹ پر انتہائی ضرورت کا ثبوت طلب کیا جائے گا۔ شہری ایک شہر سے دوسرے شہر کے سفر کا پروگرام اس طرح بنائیں کہ کرفیو اوقات کی خلاف ورزی نہ ہو سکے۔

    وزارت داخلہ کے ترجمان نے وارننگ دی ہے کہ اگر کوئی شخص ایک شہر سے دوسرے شہر کرفیو کے دوران سفر کرتا ہوا پایا گیا تو اس پر خلاف ورزی کا جرمانہ لگایا جائے گا۔

    ان کے مطابق کرفیو کے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے شکوک و شبہات پھیلانے والوں پر بھی جرمانے ہوں گے، کسی بھی شہری یا مقیم غیر ملکی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    پریس کانفرنس کے دوران ترجمان نے بتایا کہ کرفیو شہروں میں اور شہروں کو جوڑنے والی شاہراہوں پر بھی نافذ ہے، مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی کرفیو کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں میں نہ آئیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کرفیو پر عمل درآمد کے سلسلے میں مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی بھر پور تعاون کر رہے ہیں، سیکیورٹی اداروں نے کرفیو کے دوران چند خلاف ورزیاں ریکارڈ کی تھیں جنہیں فوری طور پر وزارت داخلہ کی ہدایت پر نمٹا دیا گیا۔

  • ’’حالات کنٹرول میں نہ آئے تو کرفیو جیسی صورت حال پیدا کی جاسکتی ہے‘‘

    ’’حالات کنٹرول میں نہ آئے تو کرفیو جیسی صورت حال پیدا کی جاسکتی ہے‘‘

    کراچی: وزیرصحت پنجاب یاسیمن راشد نے کہا ہے کہ صوبہ میں صورت حال بہتر نہ ہوئی تو کرفیو جیسی صورت حال پیدا کی جاسکتی ہے، ہم ہر قسم کی حکمت عملی اپنانے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ روزانہ صورت حال دیکھ رہے ہیں، لوگ نہ مانے تو زبردستی گھر بٹھانا ہوگا، ہمیں سختی کرنا پڑے گی، کرفیو جیسی صورت حال پیدا کی جاسکتی ہے، ڈسپلن قوموں کو دیکھ لیں انہیں کہا گیا باہر نہ نکلیں تو گھر بیٹھ گئے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈسپلن قوموں کو دیکھ لیں انہوں نے وبا پر قابو پالیا، پاکستان میں ابھی اٹلی جیسی صورت حال نہیں ہے، اٹلی جیسی صورت حال نہیں لیکن احتیاط ضروری ہے، لوگ احتیاط کریں گے تو ہی کرونا جیسی وبا پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

    کروناوائرس: گورنر ہاؤس پنجاب کے اسٹاف کو ایک ہفتے کی چھٹیاں

    صوبائی وزیرصحت کا مزید کہنا تھا کہ اٹلی کی صورت حال دیکھ کرہی فوری اقدامات کر رہے ہیں، لاک ڈاؤن کا مقصد عوام کو گھروں تک محدود رکھنا ہے، صوبائی حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

  • کشمیریوں کو نمازجمعہ سے روکنے کیلئے سیکیورٹی مزیدسخت

    کشمیریوں کو نمازجمعہ سے روکنے کیلئے سیکیورٹی مزیدسخت

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے ، کشمیریوں کونمازجمعہ سے روکنے کےلئے سیکیورٹی مزیدسخت کردی گئی ہے جبکہ ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں لاک ڈاؤن170ویں روز بھی برقرار ہے، شدیدسردی میں کشمیری دواؤں، کھانے پینے کی اشیا کے بحران کا شکار ہے جبکہ تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز بند ہے اور انٹرنیٹ، موبائل سروس بدستور معطل ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے کشمیری نوجوان شہید ہوا، کشمیری نوجوان کونام نہادسرچ آپریشن میں شہید کیا گیا جبکہ کشمیریوں کونمازجمعہ سے روکنے کےلئے سیکیورٹی مزیدسخت کردی گئی ہے۔

    مقبوضہ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھارتی فوجی نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھروں میں گھس کرخواتین کو ہراساں اورنوجوانوں کوگرفتارکررہے ہیں۔

    کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو  اربوں ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

    گذشتہ روز برفباری کے باوجود شہید نوجوان کے جنازے میں خواتین سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی اور جنازے کے شرکا نے پاکستان اور عمران خان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

    یاد رہےانسانی حقوق کی مقامی تنظیم جموں وکشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی نے سری نگر سے جاری اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا تھا  کہ بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی غیر قانونی اور بلاجواز قید اور اس دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ظلم و تشدد سمیت غیر انسانی سلوک کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

  • عالمی ضمیر جاگے نہ جاگے ہمیں بھارت سے لڑکر ہی آزادی لینا ہوگی: مشعال ملک

    عالمی ضمیر جاگے نہ جاگے ہمیں بھارت سے لڑکر ہی آزادی لینا ہوگی: مشعال ملک

    اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ ہر دن گزرنے کے ساتھ نوجوانوں میں آزادی کا جذبہ بڑھ رہا ہے، عالمی ضمیر جاگے نہ جاگے ہمیں بھارت سے لڑکر ہی آزادی لینا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ فوجی محاصرے کا 139 واں روز ہے اس کے باوجود عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، جبکہ بھارتی فوج وادی میں جارحیت کی تمام حدیں پار کرچکی ہے۔

    مشعال ملک کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ بھارتی تسلط سے نجات کا سورج طلوع ہونے کو ہے، عالمی ضمیر جاگے نہ جاگے ہمیں بھارت سے لڑکر ہی آزادی لینا ہوگی، دنیا کے منصف سوجائیں تو پھر اللہ کی لاٹھی چلتی ہے۔

    کریک ڈاؤن نے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو خاموش کردیا، امریکی اخبار

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیری قوم مایوس نہیں، آزادی لے کر ہی رہے گی۔ وادی میں برفباری، لاک ڈاؤن اور بھارتی فوج کے مظالم نے کشمیریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے، مودی سرکار کسی صورت آزادی کی تحریک دبا نہیں سکتی۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق خصوصی آرٹیکل کی منسوخی کے بعد واد میں کرفیو تاحال برقرار ہے۔ اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ مقبوضہ وادی میں نظام زندگی پوری طرح مفلوج ہو چکا ہے۔

  • 4 مہینے سے کشمیری بھوکے پیاسے تڑپا تڑپا کر شہید کیے جا رہے ہیں: مشال ملک

    4 مہینے سے کشمیری بھوکے پیاسے تڑپا تڑپا کر شہید کیے جا رہے ہیں: مشال ملک

    اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 4 مہینے سے زائد عرصے سے کرفیو نافذ ہے اور کشمیری بھوکے پیاسے تڑپا تڑپا کر شہید کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 4 مہینے سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے، کشمیری بھوکے پیاسے تڑپا تڑپا کر شہید کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یاسین ملک ڈیتھ سیل میں ہیں اور تمام حریت قیادت نظر بند ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر قوم کشمیریوں کے لیے باہر نکلے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر مشال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کشمیر میں خون کا پیاسا بنا ہوا ہے، اس وقت جو کشمیر میں ہو رہا ہے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل چوتھے مہینے سے کرفیو ہے، بھارتی فورسز کشمیر میں ہر طرح کا ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔ یاسین ملک کو بھی ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، بھارتیوں کا یاسین ملک کو قتل کرنے کا منصوبہ ہے۔

    مشال ملک نے کہا تھا کہ بھارت کو بروقت لگام نہ ڈالی گئی تو اس کا اگلا قدم آزاد کشمیر کی جانب ہوگا۔