Tag: Currency Note

  • برطانیہ میں پرانے نوٹ تبدیل کروانے کی ہدایت

    برطانیہ میں پرانے نوٹ تبدیل کروانے کی ہدایت

    لندن: برطانیہ میں 20 اور 50 پاؤنڈز کے نوٹ تبدیل کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے، برطانیہ میں جلد نئے بادشاہ کی تصویر والے نوٹ بھی جاری کردیے جائیں گے۔

    برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ کرنسی نوٹ تبدیل کروانے کی آخری تاریخ تک عوام پرانے کاغذی نوٹ استعمال کرلیں یا بینکوں اور ڈاک خانوں میں جمع کروا دیں۔

    بینک آف انگلینڈ نے گزشتہ سال نئے پولیمر ورژن کے نوٹ جاری کیے تھے، زیر گردش 20 اور 50 پاؤنڈ کے نوٹوں کی اکثریت نئے نوٹوں سے بدل دی گئی ہے۔

    بینک آف انگلینڈ کے مطابق جعلسازی سے بچنے اور زیادہ پائیداری کے لیے نئے پولیمر نوٹ جاری کیے گئے تھے، اس سے قبل 5 اور 10 کے پولیمر کرنسی نوٹ بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

  • کویتی دینار سے متعلق مرکزی بینک کی اہم ہدایات جاری

    کویتی دینار سے متعلق مرکزی بینک کی اہم ہدایات جاری

    کویت سٹی : قومی کرنسی کی اہمیت اور اس کی حفاظت کے حوالے سے کویت کے مرکزی بینک نے عوام کو واضح ہدایات جاری کی ہیں، جس پر عمل درآمد کو لازمی قرار دیا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت سینٹرل بینک کی جانب سے عوام کو قومی کاغذی کرنسی احتیاط سے استعمال کرنے کی آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے سنٹرل بینک آف کویت نے عوام میں قومی کاغذی کرنسی (دینار) کو احتیاط سے استعمال کرنے اور عوام میں کرنسی کے کاغذ کے حوالے سے آگاہی مہم کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    ترجمان سینٹرل بینک آف کویت کے مطابق کرنسی کے صحیح استعمال کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ قومی کرنسی کے کاغذی نوٹوں پر کچھ لکھنا ان کو پھاڑنا اوران کو پن کے ذریعے اسٹیپل کرنا کرنسی کے غلط استعمال کی سب سے نمایاں شکلیں ہیں۔

    سینٹرل بینک کویت نے ہر طرح کے قومی کاغذی کرنسی نوٹوں کی دیکھ بھال کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے ایک پریس بیان میں تحائف کو سجانے اور شکل دینے کے لئے نوٹ کو استعمال کرنے سے روکنے یا فنکارانہ ڈیزائن اور دیگر غیر نامناسب استعمال کی مذمت کی ہے۔

    مرکزی بینک نے بیان میں واضح طور پر کہا ہے کہ نوٹوں میں کسی بھی طرح کی تحریف کے نتیجے میں ان نوٹوں کی گردش کا خاتمہ ان کے استعمال کی مدت سے پہلے ہوجاتا ہے اور ان کو تبدیل کرنے کے لئے متبادل نوٹ کو دوبارہ شائع کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔

    ان غلط فہمیوں کی وجہ سے اے ٹی ایم میں جمع رقم کو قبول نہیں کیا جاتا ہے لہٰذا مرکزی بینک عوام سے گزارش کرتا ہے کہ وہ نوٹ بندی کے ساتھ احتیاط برتیں اور ان کی دیکھ بھال کریں اور ایسی کوئی کارروائی نہ کریں جس سے انہیں نقصان اور تخریب کاری کا خطرہ لاحق ہو۔

    بینک نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ کرنسی قومی شناخت کی ایک اہم علامت کی نمائندگی اور ریاست کی تاریخ اور  ورثے کی عکاسی کرتی ہے لہٰذا ان کا تحفظ عوام کا اوالین فریضہ ہونا چاہئے۔

  • سینیٹ میں 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے کی قرارداد منظور

    سینیٹ میں 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے کی قرارداد منظور

    اسلام آباد: سینیٹ نے 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرنے کی قرارداد منظور کرلی، مذکورہ قرارداد پیپلز پارٹی نے پیش کی، وزیر قانون کا کہنا ہے کہ 5 ہزار کا نوٹ واپس لینے سے مالی بحران پیدا ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر عثمان سیف اللہ نے قرارداد پیش کی کہ معیشت کے حجم کو کم کرنے کی عرض سے پانچ ہزار والے کرنسی نوٹ کو ختم کیا جائے۔

    حکومتی ارکان کی مخالفت کے باوجود عثمان سیف اللہ کی قرارداد سینیٹ نے اکثریت رائے سے منظور کرلی۔ سینیٹر عثمان سیف اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت پانچ ہزار کے نوٹ واپس لینے سے پہلے تین سال میں مناسب اقدام اٹھائے۔ قرارداد کا مقصد بینک اکاؤنٹس کے رحجان کو فروغ دینا ہے،پانچ ہزار والا نوٹ واپس لینے سے کرپشن کو کم کرنے میں کافی مدد ملے گی۔

    دوسری جانب حکومت نے سینیٹر عثمان سیف اللہ کی قرارداد کی مخالفت کی۔ وزیر قانون زاہد حامد کا کہنا تھا کہ 5 ہزار کا نوٹ واپس لینے سے ملک میں مالی بحران پیدا ہو گا۔ اس طرح کا اقدام نہیں ہونا چاہیئے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں بھی مودی سرکار کی جانب سے کرپشن کی روک تھام کےلیے 500 اور ایک ہزار کے نوٹوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے باعث بھارتی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  • اپوزیشن مجھے پارلیمنٹ میں نہیں بولنے دیتی، مودی کی دہائی

    اپوزیشن مجھے پارلیمنٹ میں نہیں بولنے دیتی، مودی کی دہائی

    گجرات : بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے کہا ہے کہ کرنسی نوٹوں کی تبدیلی ایک مشکل فیصلہ تھا اور عوام کو تو تکلیف ہو گی لیکن 50 دن کے بعد حالات بہتر ہونے لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بے ایمان کو کالے دھن اور بدعنوانی سے کوئی پریشانی نہیں تھی، پریشان صرف ایماندار شہری تھے۔ اپوزیشن مجھے پارلیمنٹ میں نہیں بولنے دیتی اس لئے جلسے میں بول رہا ہوں۔

    یہ بات انہوں نے بھارتی ریاست گجرات میں ایک ڈیری پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی، نریندرا مودی نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں بحث ہے کہ نوٹوں کا کیا ہوگا؟ 8 نومبر سے پہلے 100، 50 اور 20 روپے کے نوٹ کو کوئی پوچھتا تھا کیا؟ اب لوگ بڑے نوٹوں کی طرف نہیں دیکھنا چاہتے۔’

    انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ اقدام ملک کو بدعنوانی سے آزاد کرنے کیلیے ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے بڑھتی ہوئی تنقید کا بے بسی سے جواب دیتے ہوئے مودی کا کہنا تھا کہ ”نوٹ بندی“ کے فیصلے پر اپوزیشن مجھے پارلیمنٹ میں بولنے نہیں دیتی اس لئے میں عوامی جلسہ عام میں بول رہا ہوں۔

    گزشتہ سترسال تک ان ایماندار لوگوں کو لوٹا گیا، ان کا جینا مشکل کیا گیا، لاکھ اکسانے کے بعد بھی ایماندار لوگوں نے میرا ساتھ دیا ہے۔ مودی کا کہنا تھا کہ 8 نومبر کے بعد جنھوں نے بھی جرم کیے ہیں، انہیں اس کی سزا ملے گی۔

    یاد رہے کہ بھاری حکومت کی جانب سے 500 اور ایک ہزارروپے کے کرنسی نوٹوں پر پابندی کی وجہ سے بھارتی عوام شدید ذہنی اذیت سے دو چارہیں، لوگوں کے پاس کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کے لیے 30 دسمبر تک کا وقت ہے۔

    حکومت کے اس فیصلے سے عام لوگوں اور کاروباری طبقے کو سب سے زیادہ مشکلات پیش آرہی ہیں جبکہ بینکوں کے باہر نوٹ تبدیل کرانے کے لیے طویل قطاریں دیکھنے میں آئی ہیں۔

    اس بحران کے باعث کئی افراد اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور اس پالیسی کو بھارت کی تاریخ کا سب ست بڑٓ اسکینڈل قرار دیا ہے۔

  • مودی کا فیصلہ، اپنی ہی 95 سالہ بوڑھی ماں کو قطار میں‌ لگنا پڑ گیا

    مودی کا فیصلہ، اپنی ہی 95 سالہ بوڑھی ماں کو قطار میں‌ لگنا پڑ گیا

    گجرات: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے 500 اور ہزار کے کرنسی نوٹوں پر پابندی کے فیصلے پر اُن کی 95 سالہ بوڑھی والدہ ہیرابین کو بھی بینک کی قطار  میں اپنی باری کا انتظار کرتے ہوئے تکلیف دہ مرحلے سے گزرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ہزار اور پانچ سو کے کرنسی نوٹوں کی پابندی پر جہاں عوام کو تکلیف ہوئی وہیں نریندر مودی کی بوڑھی والدہ کو بھی نوٹوں کی تبدیلی کے لیے قطار میں لگ کر اپنی باری کا انتظار کرتے ہوئے تکلیف کے مرحلے سے گزرنا پڑا۔

    بھارتی وزیراعظم کی 95 سالہ والدہ اپنے بیٹے کے فیصلے کے بعد رہائش گاہ سے 4500 روپے لے کر وہیل چیئر پر نوٹ تبدیل کروانے بینک پہنچی تو اُن سے پہلے کافی لوگ موجود تھے، جس پر بوڑھی ماں کو قطار میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑا۔

    modi-1

    خیال رہے کہ نریندر مودی نے بھارت میں بڑھتی ہوئی کرپشن کو روکنے کے لیے 500  اور ہزار کے نوٹوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب یہ خریداری کے لیے قابل قبول نہیں ہوں گے جبکہ ایسے افراد جن کے پاس یہ کرنسی موجود ہے وہ فوری طور پر بینک سے تبدیل کرائیں۔

    modi-2

    بھارتی وزیر اعظم کے اس اعلان کے بعد عوام کی بڑی تعداد اپنی جمع پونجی بچانے کے لیے بینکوں کے باہر جمع ہے تاہم اس فیصلے سے جہاں سب کو پریشانی کا سامنا ہے وہیں مودی کی والدہ ہیرابین کو بھی نوٹوں کی تبدیلی میں مشکلات درپیش آئیں۔