Tag: custom duty

  • سعودی محکمہ کسٹم کی درآمدات کے حوالے سے وضاحت

    سعودی محکمہ کسٹم کی درآمدات کے حوالے سے وضاحت

    ریاض : سعودی حکومت نے درآمدات کے حوالے سے قواعد و ضوابط کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ درآمد کی جانے والی چیز کا بل، آرگنائزیشن اور فیکٹری سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی ہے۔

    اس حوالے سے سعودی کسٹم نے کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل درآمد کرنے کے لیے خاص ماڈل کی کوئی پابندی نہیں ہے، کسی بھی سال کی بنی ہوئی موٹر سائیکل درآمد کی جاسکتی ہے البتہ چیسس نمبر کے بغیر درآمد نہیں کی جاسکتی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی کسٹم نے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر موٹر سائیکل درآمد کرنے کے ضابطوں کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اگر موٹر سائیکل 150 سی سی سے کم کی ہے تو اسے درآمد کرنے کے لیے بل اور موٹر سائیکل بنانے والی فیکٹری کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔

    اس کے علاوہ موٹر سائیکل 1500 سی سی سے زیادہ کی ہے تو ایسی صورت میں ایکسپورٹ سرٹیفکیٹ اور سعودی اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن سرٹیفکیٹ منسلک کرنا لازمی ہوگا۔

    سعودی کسٹم نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ چیسس نمبر کے بغیر موٹر سائیکل کو مملکت لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور موٹر سائیکل پر کسٹم ڈیوٹی5فیصد مقرر کی گئی ہے۔

  • اب بیرون ملک سے کتنے موبائل فون کسٹم ڈیوٹی کے بغیر لاسکیں گے؟

    اب بیرون ملک سے کتنے موبائل فون کسٹم ڈیوٹی کے بغیر لاسکیں گے؟

    اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک موبائل فون لانے پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش کر دی جبکہ سینیٹرفیصل جاوید نے کہا کہ ایک نہیں 2 موبائل فون ڈیوٹی فری کیےجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے موبائل ڈیوٹی ختم نہ کرنے پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا ، سینیٹرروبینہ خالد نے کہا کمیٹی کی ہدایات پرعمل کیوں نہیں ہوا۔

    ایف بی آر حکام نے بتایا ایک موبائل فون پرڈیوٹی چھوٹ سے مسافروں کا ڈیٹا چوری ہوا، جس پر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ مانیٹرنگ درست کرنے کے بجائے مسافروں پر ٹیکس کا بوجھ کیوں ؟

    سیکرٹری آئی ٹی نے بھی کمیٹی کی حمایت کرتے ہوئے کہ ٹیکسیشن سے آئی ٹی کی صنعت ترقی نہیں کرے گی، صوبے اپنی اپنی ریونیو اتھارٹیز ہیں، انٹرنیٹ پر 19 فیصد ٹیکس عائد ہے۔

    مزید پڑھیں : اب بیرون ملک سے لائے گئے ایک موبائل فون پر بھی ٹیکس دینا ہوگا، کسٹم حکام

    کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آرکو طلب کر لیا جبکہ کمیٹی نے ایک موبائل فون لانے پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش کر دی ہے۔

    سینیٹرفیصل جاوید نے کہا ہے کہ ایک نہیں 2 موبائل فون ڈیوٹی فری کیےجائیں، ایک فون اپنے لیے اور ایک فیملی کیلئے ٹیکس فری کیا جائے۔

    یاد رہے کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ فنانس بل کے بعد اب بیرون ملک سے لائے گئے ایک موبائل پر بھی ٹیکس دیناہوگا ، کوئی بھی موبائل اب ڈیوٹی فری ملک میں نہیں آسکتا، 60دن تک ملک میں موبائل فری چلایا جاسکتا ہے، 60 دن کے بعد موبائل رجسٹر کرانا ہوگا، موبائل رجسٹرنہیں کرایا جاتا تو خود بخود بند ہوجائے گا۔

    سینیٹر روبینہ خالد نے کہا تھا فون لانےوالی کی رجسٹریشن سہولت نہیں رکاوٹ ہے، سسٹم نےلوگوں کی زندگی عذاب کی ہوئی ہے جبکہ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا موبائل رجسٹریشن کے سسٹم کومعطل کیا جائے، اوورسیزپاکستانی اب ایک خوف کا شکار ہوگئے ہیں۔

  • پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق سماعت ملتوی

    پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق سماعت ملتوی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بدھ کے روز پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق سماعت ہوئی جس میں عدالت عالیہ نے ایک ہی نوعیت کے تمام کیسز کو یکجا کرکے سننے کا فیصلہ کیا۔

    عدالت نے نیب کے وکیل سے سوال کیا کہ پان کی امپورٹ پر کسٹم ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر کتنا نقصان ہوا؟ جس پر نیب وکیل نے جواب دیا کہ مجموعی طور پر ایسے کیسوں کی تعداد 56 ہے، کسی کیس میں 5 اور کسی میں 60 لاکھ کا نقصان ہوا۔

    سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا کسٹم حکام نے ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر کارروائی کی؟ نیب وکیل نے بتایا کہ کسٹم حکام نے پرچہ درج کیا تھا تاہم کارروائی نہیں ہوئی۔

    جسٹس عظمت سعید نے دو سالوں سے جاری ریفرنس میں صرف 4 گواہ پیش ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردی۔

  • خلیجی ریاستوں میں سونے پر ٹیکس ختم؟

    خلیجی ریاستوں میں سونے پر ٹیکس ختم؟

    ریاض : خلیجی ریاستوں کی تعاون کے لیے قائم کردہ تنظیم’ گلف تعاون تنظیم نے سونے پر تمام اقسام کے ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پیش کردی۔

    تفصیلات کےمطابق جی سی سی ممالک کے حکام پر مشتمل ایک مشاورتی باڈی نے خلیجی ممالک میں سونے پر عائد ٹیکس ختم کرنےکے لیے تجاویز کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔

    سونے پر ٹیکس ختم کرنے کی تجاویز کا مسودہ جی سی سی کے ممبر ممالک کو بھیج دیا گیا ہے کہ وہ اس پر ابتدائی اقدام کرتے ہوئے اپنا نقطہ نظر ریاض میں واقع جی سی سی سیکریٹریٹ جنرل کی تجارتی تعاون کی کمیٹی کو ارسال کریں۔

    دنیا میں کل کتنا سونا ہے؟*

    سعودی عرب کی ایک معیشتی خبروں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق جی سی سی کے ایک سینئر عہدے دار کا کہنا ہے کہ سونے پر ٹیکس ختم کرنے کی تجاویز جی سی سی ممالک کی وزارتِ تجارتِ وصنعت کی طرف سے دی گئی تھیں اور انہی کی روشنی میں ان کا مسودہ تیار ہوا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک تجویز یہ بھی ہے کہ سونے پر ٹیکس کا تخمینہ لگایا جائے اور اگر اسے کلی طور پر نہ بھی ختم کیا جائے تو کم از کم فی گرام لیبر چارجز تک محدود کردیا جائے۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سونے کی درآمد دگنی ہوجائے گی جس سے جی سی سی ممالک کے ریونیو میں مزید اضافہ ہوگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، پولٹری ایسوسی ایشن

    سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، پولٹری ایسوسی ایشن

    اسلام آباد : پاکستان پولٹری ایسو سی ایشن نے پولٹری فیڈ پر سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

    ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا ہے کہ اضافی ٹیکسوں کے بعد مرغی کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا۔

    اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران پولٹری ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر میجر (ر) احمد وسیم کا کہنا تھا کہ حالیہ بجٹ میں پولٹری فیڈ پر کسٹم ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کی مد میں بالترتیب پانچ ،پانچ فیصد اضافہ قبول نہیں، اضافے سے فیڈ کی بوری200روپے جبکہ پولٹری مصنوعات 7فیصد تک مہنگی ہوجائیں گی۔

    اضافہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں گوشت کی ضروریات کا چالیس فیصد پولٹری صنعت سے حاصل کیا جا رہا ہے۔

    ٹیکسز کے نفاذ سے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی پیداواری لاگت میں ناقابل برداشت اضافہ ہو جائے گا ۔

    ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں مرغی کے نرخ میں اضافہ سندھ کے گرم علاقوں میں واقع پولٹری فارمز میں چوزوں کے مرنے کے باعث ہوا۔