Tag: CWC19

  • افغان کھلاڑی نے کھیل کا حسن بگاڑ دیا

    افغان کھلاڑی نے کھیل کا حسن بگاڑ دیا

    بینونی: انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، میچ کے دوران افغان کھلاڑی نے کھیل کا حسن بگاڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میچ کے دوران افغان کھلاڑی نور احمد نے میچ میں انوکھی حرکت کردی جس پر سوشل میڈیا صارفین سمیت کمنٹیٹر نے ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    قومی ٹیم کے بلے باز حریرا 64 رنز پر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے جب افغان بولر نور احمد نے انہیں نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کرکے امپائر سے اپیل کردی۔

    نور احمد کے مین کیڈ پر امپائر نے تھرڈ امپائر کو فیصلہ دیا جس کے بعد تھرڈ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔

    افغان بولر نور احمد کو وکٹ تو مل گئی لیکن وہ کمنٹیٹر اور سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا نشانہ بن گئے، ایک صارف نے لکھا کہ افغان کھلاڑی نے یہ انتہائی شرمناک حرکت کی ہے۔

    میچ میں کمنٹری کرنے والے ایکسپرٹ نے بھی ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے میچ کی ویڈیو دکھائی جس میں کیوی کھلاڑی ویسٹ انڈین بلے باز کو انجرڈ ہونے کے بعد اٹھا کر ڈریسنگ روم تک لے جارہے تھے۔

    آئی سی سی کے قانون 41.161 کے مطابق نان اسٹرائیکر پر کھڑا کھلاڑی اگر کریز سے باہر ہوتا ہے تو بولر اسے آؤٹ کرسکتا ہے کہ لیکن گیم اسپرٹ برقرار رکھنے کے لیے کھلاڑی اس قسم کے اقدام سے گریز کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمی کپ میں افغانستان کا سفر تمام ہوگیا ہے اور پاکستان کا مقابلہ سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت سے ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل 4 جنوری بروز منگل کو کھیلا جائے گا۔ جیتنے والی ٹیم دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ یا بنگلہ دیش سے فائنل کھیلے گی۔

  • بھائی کا قتل ہونے کے باوجود آرچر نے ہمت نہ ہاری اور ٹیم کو فاتح بنایا

    بھائی کا قتل ہونے کے باوجود آرچر نے ہمت نہ ہاری اور ٹیم کو فاتح بنایا

    لندن: انگلش ٹیم کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر نے بھائی کا قتل ہونے کے باوجود ہمت نہ ہاری اور اپنی ٹیم کو عالمی کپ کا چیمپئن بنا ڈالا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جس روز انگلینڈ نے ورلڈکپ 2019 میں اپنا پہلا میچ کھیلا اُسی روز آرچر کے بھائی بلیک مین کو گھر کے باہر نامعلوم افراد گولی مار کرچلے گئے تھے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق 24 سالہ ایشنٹیو بلیک مین کو بارباڈوس میں گھر کے باہر قتل کیا گیا البتہ اہل خانہ نے آرچر کو بھائی کے قتل کی اطلاع میچ کے بعد دی تاکہ اُن کی میچ میں کارکردگی متاثر نہ ہو۔

    آرچر بھائی کے قتل کی خبر سننے کے بعد صدمے میں چلے گئے تھے البتہ اُن کے والد فرینک نے حوصلہ دیا اور کہا کہ یہ موقع انہیں زندگی میں دوبارہ میسر نہیں ہوگا لہذا اپنے دکھ اور کرب کی حالت سے باہر نکل کر ایونٹ پر دھیان دیں۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا، اوئن مورگن

    فرینک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ایشنٹیو اور آرچر ہم عمر تھے اور دونوں ایک دوسرے کے اچھے دوست بھی تھے، جوفرا کو جب اس واقعے کی اطلاع ملی تو وہ ٹوٹ گیا تھا البتہ ٹیم مینیجمنٹ اور ساتھی کھلاڑیوں نے اُس کی ہمت بڑھائی‘‘۔

    والد کے مطابق بلیک مین کو گھر کے باہر 31 مئی کے روز قتل کیا گیا اور اس روز انگلینڈ ورلڈکپ میں اپنا میچ کھیل رہا تھا، حملہ آوروں نے بیٹے کو 8 گولیاں ماریں جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوئے۔

    یاد رہے کہ 14 جولائی کو لندن کے تاریخی گراؤنڈ لارڈز میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل کھیلا گیا، سنسنی خیز میچ میں سپر اوور ہوا جس میں اسکور برابر ہوا البتہ آئی سی سی قانون کے تحت زیادہ باؤنڈریز لگانے پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔

  • ورلڈ کپ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا، اوئن مورگن

    ورلڈ کپ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا، اوئن مورگن

    لندن: انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ ورلڈ کپ کے فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ چیمپئن بننے کے بعد جب انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن پریس کانفرنس کرنے آئے تو صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فائنل میں‌ اللہ ہمارے ساتھ تھا، لیگ اسپنر عادل رشید سے بات کی تو عادل نے بھی یہی کہا کہ اللہ ہمارے ساتھ ہے اور ہم میچ ضرور جیتیں گے۔

    اوئن مورگن کے مطابق انہوں نے عادل رشید سے کہا کہ ہمیں ’رب آف گرین‘ بھی ملا ہے۔

    کرکٹ میں رب آف گرین ایک اصطلاح ہے جب گیند کسی دوسرے قوت سے ٹکرا کر اپنا رخ موڑ لے تو اسے رب آف گرین کہا جاتا ہے اور ورلڈ کپ فائنل کے آخری اوور میں گیند بین اسٹوکس سے ٹکرا کر باؤنڈری پر چلی گئی تھی جس سے انگلینڈ کو 6 رنز اضافی ملے جس نے ان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

     مزید پڑھیں: ون ڈے رینکنگ، ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کا پہلی پوزیشن پر قبضہ

    انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں ہر رنگ، نسل اور عقیدے کے لوگ شامل ہیں جنہوں نے اپنے عقائد کے مطابق مجھے یہ بات کہی۔

    اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ سپر اوور کے دوران میں نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اس مشکل گھڑی سے لطف ندوز ہونے کا مشورہ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ انگلش کپتان اوئن مورگن کا تعلق آئرلینڈ سے ہے، بین اسٹوکس نیوزی لینڈ میں پیدا ہوئے، معین علی اور عادل رشید پاکستانی نژاد ہیں، جوفرا آرچر کا تعلق ویسٹ انڈیز سے ہے۔

  • ون ڈے رینکنگ، ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کا پہلی پوزیشن پر قبضہ

    ون ڈے رینکنگ، ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کا پہلی پوزیشن پر قبضہ

    دبئی: ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی نئی ٹیم رینکنگ میں ورلڈ چیمپئن انگلینڈ پہلی پوزیشن پرآگئی، بھارت دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

    رینکنگ کے مطابق آسٹریلوی ٹیم چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر براجمان ہے۔

    پلیئرز رینکنگ میں ویرات کوہلی کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے، روہت شرما دوسرے، بابر اعظم تیسرے، فاف ڈوپلیسی چوتھے، راس ٹیلر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

    مزید پڑھیں: اوور تھرو پر 6 رنز دینے کا فیصلہ غلط تھا، سابق امپائرسائمن ٹوفل

    ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر کین ولیم سن چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ڈیوڈ وارنر ساتویں، جو روٹ آٹھویں، کوئنٹن ڈی کاک نویں، اور جیسن رائے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

    ٹاپ ٹین بولرز رینکنگ میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، جسپریت بمرا پہلے، ٹرینٹ بولٹ دوسرے، ربادا تیسرے، پیٹ کمنز چوتھے، عمران طاہر پانچویں، مستفیض الرحمان چھٹے، کرس ووکس ساتویں، مچل اسٹارک آٹھویں، راشد خان نویں اوور میٹ ہینری دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    آل راؤنڈر رینکنگ میں شکیب الحسن پہلے، بین اسٹوکس دوسرے، محمد نبی تیسرے، عماد وسیم چوتھے اور راشد خان پانچویں نمبر پرموجود ہیں۔

  • اوور تھرو پر 6 رنز دینے کا فیصلہ غلط تھا، سابق امپائرسائمن ٹوفل

    اوور تھرو پر 6 رنز دینے کا فیصلہ غلط تھا، سابق امپائرسائمن ٹوفل

    سڈنی: سابق آسٹریلوی امپائر سائمن ٹوفل نے فائنل میں اوور تھرو پر 6 رنز دینے کا فیصلہ غلط قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی امپائر سائمن ٹوفل نے ورلڈ کپ فائنل میں اوور تھرو پر 6 رنز دینے کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ امپائر کے فیصلے نے میچ پر اثر ڈالا۔

    سائمن ٹوفل نے کہا کہ امپائر کمار دھرماسینا کو پانچ رنز دینے چاہئے تھے، گپٹل نے جب تھرو کی دونوں بلے باز کراس نہیں ہوئے تھے، قانون کے مطابق اوور تھرو پر پانچ رنز بنتے تھے۔

    دوسری جانب کیوی کپتان کین ولیم سن نے اوو تھرو پر 6 رنز دینے کے معاملے پر کہا کہ ورلڈ کپ کے بڑے میچز میں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز میچ میں امپائر کمار دھرماسینا نے اوور تھرو پر 6 رنز دئیے تھے جس کے بعد انگلینڈ نے میچ برابر کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ نے ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پہلی بار ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، سپر اوور میں بھی میچ برابر ہونے پر انگلینڈ کو زیادہ باؤنڈریز پر فاتح قرار دیا گیا تھا۔

    ورلڈ کپ فائنل کے مین آف دی میچ انگلینڈ کے بین اسٹوکس قرار پائے تھے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

    ورلڈ کپ فائنل میں زیادہ باؤنڈریز پر انگلش ٹیم کو چیمپئن قرار دئیے جانے کے فیصلے پر آئی سی سی کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا ہے، ٹویٹر پر آئی سی سی رولز کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

  • انگلینڈ پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا ، نیوزی لینڈ کو شکست

    انگلینڈ پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا ، نیوزی لینڈ کو شکست

    لندن: انگلینڈ پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا، نیوزی لینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، سپر اوور میں میچ برابر ہونے پر زائد باؤنڈریز پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا، بین اسٹوکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، کیوی کپتان ولیم سن پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، سپر اوور میں بھی میچ 15،15 رنز سے برابر ہوا تو انگلش ٹیم کو اننگز میں زائد باؤنڈریز پر فائنل کا فاتح قرار دیا گیا، نیوزی لینڈ کو مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں جیت کے لیے 16 رنز کا ہدف دے دیا، نیوزی لینڈ نے سپر اوور میں 15 رنز بنا سکی، آخری ایک بال پر دو رنز درکار تھے جب جمی نیشم اور مارٹن کپٹل نے دو رنز لینے کی کوشش کی اور گپٹل رن آؤٹ ہوئے۔

    اس سے قبل نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا تھا آخری گیند پر انگلش کھلاڑی مارک ووڈ رن آؤٹ ہوئے اور میچ برابر ہوگیا جس کے سبب میچ کا فیصلہ سپر اوور پر کیا گیا۔

    انگلش ٹیم کی جیت میں بین اسٹوکس اور جوز بٹلر نے اہم کردار ادا کیا، بین اسٹوکس نے 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جوز بٹلر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جیسن رائے 17، جونی بیرسٹو 36 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جو روٹ اور اوئن مورگن نے 7 اور 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    کرس ووکس 2 رنز بنا کر فرگیوسن کا نشانہ بنے، لیام پلنکٹ کو 10 رنز پر جمی نیشم نے آؤٹ کیا، جوفرا آرچر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عادل رشید اور مارک ووڈ بھی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے۔

    نیوزی لینڈ نے فاسٹ بولر فرگیوسن اور جمی نیشم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، میٹ ہینری اور گرینڈ ہوم ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    قبل ازیں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے تھے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا تھا، لیام پلنکٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کیوی ٹیم کی پہلی وکٹ 29 رنز پر گری جب مارٹن گپٹل 19 رنز بنا کر ووکس کا نشانہ بنے۔

    کیوی کپتان کین ولیم سن 30 رنز بنا کر پلنکٹ کی گیند پر بٹلر کو کیچ دے بیٹھے، ہینری نکولس نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، روس ٹیلر 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    جمی نیشم 19 رنز بنا کر پلنکٹ کا شکار بنے، کولن ڈی گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر ووکس کو وکٹ دے بیٹھے، وکٹ کیپر ٹام لیتھم 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میٹ ہینری 4 رنز بنا کر آرچر کا نشانہ بنے۔

    انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کرس ووکس نے دو جبکہ جوفرا آرچر اورمارک ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    یاد رہے کہ میگا ایونٹ کے گروپ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 119 رنز سے شکست دی تھی۔

    انگلینڈ کی ٹیم اب تک تین ورلڈ کپ کے فائنل کھیل چکی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا یہ لگاتار دوسرا فائنل تھا۔ لارڈز میں 1979میں انگلینڈ کو فائنل میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی جبکہ1992 کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

  • نیوزی لینڈ کے کپتان ولیمسن نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    نیوزی لینڈ کے کپتان ولیمسن نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    لندن: نیوزی لینڈ کے کپتان اور بلے باز ولیمسن نے ورلڈکپ 2019 میں شاندار کھیل کی بدولت عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور میزبان ٹیم انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں فائنل میچ کھیلا گیا جس میں کیویز کی ٹیم کے کپتان ولیمسن اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    ویسے تو ورلڈکپ کے کئی میچز میں ولیمسن نے مرد آہن کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو اکیلے ہی میچ جتوائے البتہ آج وہ ہنری نکولس کے ساتھ اچھی شراکت داری تو کرنے میں کامیاب ہوئے مگر خود بہترین بلے بازی نہ کرسکے۔

    آئی سی سی کے مطابق ورلڈکپ 2019 کے تمام میچز میں ولیمسن نے 577 رنز بنائے اور اسی کے ساتھ وہ ورلڈکپ ایڈیشن میں بحیثیت کپتان سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بیٹسمین بن گئے۔

    کین نے مجموعی طور پر ورلڈکپ کے دوران بہترین قیادت کی جس کے باعث اُن کی ٹیم نے فائنل تک جگہ بنائی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ورلڈکپ میں بحیثیت کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے کے پاس تھا جنہوں نے 2007 کے عالمی کپ میں 548 رنز اسکور کیے تھے جبکہ دوسرے نمبر پر آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ تھے جہوں نے 539 رنز بنائے تھے۔

  • ورلڈکپ 2019: فائنل میچ میں گیند کی انوکھے انداز سے انٹری، ویڈیو وائرل

    ورلڈکپ 2019: فائنل میچ میں گیند کی انوکھے انداز سے انٹری، ویڈیو وائرل

    لندن: ورلڈکپ 2019 کے فائنل میچ میں بال انوکھے انداز سے اسٹیڈیم میں لائی گئی جس کے لیے برٹش آرمی نے اپنی خدمات پیش کیں۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2019 کامیابی سے اپنے اختتام کی جانب پہنچ گیا، اس ضمن میں نیوزی لینڈ اور میزبان ٹیم انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جارہا ہے۔

    کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایک ایسی ٹیم عالمی چیمپئن بننے جائے گی جس نے ماضی میں کبھی ٹرافی اپنے نام نہیں کی۔ بارشوں نے کئی میچز کو متاثر کر کے  ایونٹ کے حسن کو کم کیا البتہ فائنل کو یادگار بنانے کے لیے آئی سی سی نے منفرد کوشش کی۔

    ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میچ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منفرد انداز میں شروع کرنے کی غرض سے ایک انوکھا انداز اپنایا جسے شائقین کرکٹ نے بھی بہت پسند کیا۔

    فائنل میچ کے آغاز سے قبل اسٹیڈیم میں بال کی انوکھے انداز سے انٹری ہوئی اور برٹش آرمی کےپیرا شوٹ رجمنٹ کے سپاہیوں نے پہلے گیند کو فضا کی سیر کرائی اور پھر اسے امپائر کے سپرد کیا۔

    کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ گیند کو فضاؤں کی سیر کرائی گئی اور پھر مقابلہ شروع ہوا۔ چھاتہ بردار برطانوی فوج کے پیر شوٹ رجمنٹ نے گیند کو فضا کی سیر کرائی اور پھر انہوں نے لارڈز کے تاریخی میدان میں لینڈنگ کی۔

    پیراشوٹ اہلکاروں نے اسٹیڈیم میں آنے کے بعد گیند میچ کے چوتھے پاکستانی امپائر علیم ڈار کے سپرد کی اور پھر وہاں سے چلے گئے، یہ تمام مرحلہ ٹاس کے بعد ہوا۔

  • کیا ورلڈ کپ کا فاتح نیوزی لینڈ ہوگا؟ بھارتی نجومی کی حیران کن پیش گوئی

    کیا ورلڈ کپ کا فاتح نیوزی لینڈ ہوگا؟ بھارتی نجومی کی حیران کن پیش گوئی

    دہلی: بھارتی نجومی کی کرکٹ ورلڈ کپ سے متعلق پیش گوئیوں نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا.

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ماہر نجوم بالاجی ہاسن کی ورلڈکپ 2019 سے متعلق اب تک تمام پیش گوئیاں درست ثابت ہوئی ہیں.، توقع کی جاری ہے کہ فائنل بھی وہی ٹیم جیتے گی، جس کا بالاجی ہاسن نے دعویٰ کیا تھا.

    نوجوان ماہر نجوم نے سات ماہ پہلے پیش گوئی کی تھی کہ فائنل انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کھیلیں گے. یہ پیش گوئی لفظ بہ لفظ درست ثابت ہوئی.

    بالاجی ہاسن نے اب پیش گوئی ہے کہ اس بار نیوزی لینڈ نیا چیمپئن بننے گا اور کین ولیم سن ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی ٹھہرائیں گے.

    اب دیکھنا یہ ہے کہ مختلف میچز سے متعلق درست پیش گوئی کرنے والے بالاجی ہاسن کی یہ پیش گوئی درست ثابت ہوتی ہے یا نہیں.

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں شکست، بھارٹی ٹیم میں‌ دراڑ پڑ گئی، ویرات اور روہت شرما گروپ سامنے آگئے

    خیال رہے کہ ورلڈ‌کپ 2019 کی پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کو شکست ہوئی تھی.

    پہلے کانٹے دار سیمی فائنل کے برعکس دوسرے فائنل میں مقابلہ یک طرفہ رہا، انگلینڈ نے بہ آسانی آسٹریلیا کو شکست دے دی.

    ورلڈ کپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کے درمیان کھیلا جائے گا.

  • بانوے کے ورلڈ کپ میں 6 سال کا تھا، اوئن مورگن

    بانوے کے ورلڈ کپ میں 6 سال کا تھا، اوئن مورگن

    برمنگھم: انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ 1992 کے ورلڈ کپ کا فائنل جب ہوا تو میں صرف 6 سال کا تھا، فائنل کی جھلکیاں ہی دیکھی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنا ٹیم کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے، کوشش کریں گے اس بار بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

    اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف کرس ووکس اور عادل رشید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، جونی بیرسٹو اور جیسن رائے کے جارحانہ کھیل نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    واضح رہے کہ انگلش کپتان اوئن مورگن نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں 39 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

    خیال رہے کہ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل میچ 14 جولائی کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم چالیس سال بعد اپنی سرزمین پر ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی، انگلش ٹیم چوتھی بار عالمی کپ کا فائنل کھیلے گی۔

    انیس سو اناسی میں لارڈز میں ویسٹ انڈیز نے انگلش ٹیم کو فائنل میں 92 رنز سے ہرایا تھا، انگلینڈ کو 1987 میں آسٹریلیا نے فائنل میں شکست دی تھی، 1992 میں وہ پاکستان سے ہارے تھے۔