Tag: cyber attack

  • ایران کا بڑا سائبر حملہ، اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز پر دل دہلا دینے والے پیغامات موصول

    ایران کا بڑا سائبر حملہ، اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز پر دل دہلا دینے والے پیغامات موصول

    تل ابیب: ایران نے اسرائیل پر بڑا سائبر حملہ کر دیا ہے، اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز پر دل دہلا دینے والے پیغامات بھیج دیے گئے۔

    اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری شدید کشیدگی میں ایک نیا محاذ کھل گیا ہے، ایران نے اسرائیل پر سائبر حملہ کر دیا ہے۔

    شہریوں کو ایندھن ذخیرہ کرنے اور پناہ گاہوں میں نہ جانے کے پیغامات موصول ہوئے تو ان پر ہیبت طاری ہو گئی، سائبر حملے میں ہزاروں اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز کو نشانہ بنایا گیا۔

    دی یروشلم پوسٹ کے مطابق اتوار کی شام بہت سے اسرائیلیوں کو جعلی ٹیکسٹ پیغامات موصول ہوئے، جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ اسرائیلی فوج ہوم فرنٹ کمانڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔


    تہران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    ٹیکسٹ میسجز میں کہا گیا تھا کہ بموں کی پناہ گاہوں میں ممکنہ دہشت گردانہ حملے ہو سکتے ہیں، اس لیے شہریوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ اگلی اطلاع تک پناہ گاہوں کے استعمال سے گریز کریں۔ ایک اور پیغام میں متنبہ کیا گیا تھا کہ ملک بھر میں آدھی رات سے 24 گھنٹوں کے لیے ایندھن کی سپلائی معطل کر دی جائے گی، اس لیے ایندھن ذخیرہ کر لیں۔

    یہ میسج OREFAlert کے نام سے بھیجا گیا تھا، تاہم اس پیغام کو اسرائیلی حکام نے فوری طور پر جعلی کے طور پر شناخت کیا۔ اسرائیلی ٹی وی چینل کو بھی لائیو پروگرام کے دوران مبینہ طور پر ہیک کر لیا گیا، اینکر حیران رہ گئے۔

    حکام کا خیال ہے کہ یہ دھمکیاں ایک نفسیاتی جنگی مہم کا حصہ ہیں، جو ایرانی یا ایران نواز گروپوں کی طرف سے ترتیب دی گئی ہیں، جس کا مقصد اسرائیلی شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا ہے، نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ نے تصدیق کی کہ ان پیغامات میں کوئی نقصان دہ لنکس یا میلویئر نہیں تھا جو سیلولر ڈیوائس کو نقصان پہنچاتا ہو۔

  • کرپٹو کرنسی کمپنی پر سائبر حملہ، ہیکرز نے خطرناک دھمکی دے دی

    کرپٹو کرنسی کمپنی پر سائبر حملہ، ہیکرز نے خطرناک دھمکی دے دی

    دنیا کی معروف کرپٹو کرنسی کمپنی کوائن بیس نے انکشاف کیا ہے کہ سائبر حملے کے نتیجے میں اسے 400ملین ڈالر کا مالی نقصان ہو سکتا ہے۔

    اس حوالے سے کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ ہیکرز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کوائن بیس کے کچھ ٹھیکیداروں اور ملازمین کو ادائیگیاں کر کے کسٹمرز کی معلومات حاصل کرلی ہیں۔

    ان معلومات کو استعمال کرتے ہوئے انہوں نے کمپنی کا روپ دھار کر صارفین کو دھوکہ دیا اور ان سے کرپٹو کرنسی نکلوا لی۔

    Coin base

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے حملے کی معلومات خفیہ رکھنے کیلیے کوائن بیس سے 20 ملین ڈالر رشوت کا مطالبہ کیا ہے،
    بصورت دیگر اسے لیک کردیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق کمپنی نے یہ رقم ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے اور وعدہ کیا کہ وہ تمام متاثرہ صارفین کو رقم واپس کرے گی۔

    اس انکشاف کے بعد کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں 4.1 فیصد کمی واقع ہوئی۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب کوائن بیس امریکی ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں شامل ہونے والا ہے، جو کرپٹو انڈسٹری کے لیے ایک بڑا سنگ میل ہے۔

    یاد رہے کہ کوائن بیس کمپنی کو 11 مئی کو نامعلوم فریق کی جانب سے ایک ای میل موصول ہوئی تھی جس میں بھاری رشوت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    جس کے جواب میں کمپنی نے کہا کہ ہم ان صارفین کو مکمل طور پر ادائیگی کریں گے جنہیں حملہ آوروں نے دھوکہ دیا۔

    کوائن بیس نے 20 ملین ڈالر کا انعامی فنڈ قائم کیا ہے، جو ان افراد کو دیا جائے گا جو حملہ آوروں کی گرفتاری اور سزا میں مدد فراہم کریں گے۔

  • کون کون سے پاس ورڈ زیادہ استعمال کیے جاتے ہیں؟

    کون کون سے پاس ورڈ زیادہ استعمال کیے جاتے ہیں؟

    اپنی آن لائن شناخت اور نجی معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنے پاس ورڈز کا خیال رکھنا ہمیشہ کی طرح ضروری ہے۔

    ڈیٹا قوانین کی خلاف ورزیاں اور سائبر حملے روز بروز عام ہوتے جا رہے ہیں، مضبوط پاس ورڈ کے اہم عناصر میں سے ایک اس کی انفرادیت ہے لیکن کچھ پاس ورڈ اس کے علاوہ کچھ بھی ہوتے ہیں۔

    یہاں دنیا بھر کے لوگوں کے پاس ورڈز میں استعمال ہونے والے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے پاس ورڈز اور جملے ہیں جو میڈیا کی تحقیقاتی ٹیم کے ذریعے جمع کیے گئے ہیں۔

    پاس ورڈ سیکیورٹی کے معاملے پر ڈیٹا اور بزنس انٹیلی جنس سے متعلق عالمی پلیٹ فارم ’سٹیسٹا‘ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے دوران دنیا بھر میں 10 پاس ورڈز سب سے زیادہ استعمال کیے گئے۔

    Stop

    اسٹیٹا کی رپورٹ کے مطابق ان پاس ورڈز کی تفصیلات کے مطابق، تقریباً 4.525 ملین لوگوں نے "123456”کو اپنے پاس ورڈ کے طور پر استعمال کیا۔

    اس کے بعد تقریباً 4 لاکھ 10 ہزار لوگوں نے ’’ایڈمن‘‘، 13 لاکھ 71 ہزار سے زائد لوگوں نے ’’12345678‘‘، 12 لاکھ 13 ہزار سے زائد لوگوں نے ’’123456789‘‘ اور تقریباً 970 ہزار لوگوں نے ’’1234‘‘ پاس ورڈ کے طور پر استعمال کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 728 ہزار سے زائد لوگوں نے "12345” ٹائپ کیا، 710 ہزار سے زائد لوگوں نے "پاس ورڈ” ٹائپ کیا، 528 ہزار سے زائد لوگوں نے "123” ٹائپ کیا، تقریباً 320 ہزار لوگوں نے "Aa123456” ٹائپ کیا۔ اور تقریباً تین لاکھ تین ہزار لوگوں نے "1234567890” کو پاس ورڈ کے طور پر استعمال کیا۔

    ٹیکنالوجی کی دنیا میں سب سے اہم امریکی کمپنی مائیکروسافٹ کی سفارشات کے مطابق آپ کو محفوظ پاس ورڈ کے لیے ان چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے۔

    پاس ورڈ ایسا لفظ نہیں ہونا چاہیے جو کسی لغت میں پایا جا سکے، اور نہ ہی یہ کسی شخص، کسی کردار، کسی پروڈکٹ یا کسی تنظیم کا نام ہونا چاہیے۔ پاس ورڈ میں کم از کم 12 حروف ہونے چاہئیں، 14 زیادہ بہتر ہے۔

    آپ کا پاس ورڈ بڑے حروف، چھوٹے حروف، اعداد اور علامتوں کا مجموعہ ہونا چاہیے۔ پاس ورڈز آپ کے لیے یاد رکھنے میں آسان ہوں لیکن کسی اور کے لیے اندازہ لگانا آسان نہ ہوں۔

  • سائبر اٹیک کے ایک ہفتے بعد بھی چیک کلیئرنس میں مشکلات ختم نہ ہو سکیں

    سائبر اٹیک کے ایک ہفتے بعد بھی چیک کلیئرنس میں مشکلات ختم نہ ہو سکیں

    کراچی: سائبر اٹیک کے ایک ہفتے بعد بھی چیک کلیئرنس میں مشکلات ختم نہ ہو سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق سائبر اٹیک کے ایک ہفتے بعد بھی ملک بھر میں چیک کلیئرنس میں مشکلات ختم نہ ہو سکیں، اسٹیٹ بینک نے نجی بینکوں سے جواب طلب کر لیا۔

    ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سسٹم میں کمزوری اور مستقبل میں سائبر حملوں کو روکنے کے لیے اقدامات پر جواب مانگا گیا ہے، ترجمان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی ٹیم نیفٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

    دوسری طرف نجی بینکوں کا کہنا ہے کہ سسٹم مکمل بحال نہ ہونے سے ان پر کام کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔

  • اسرائیل میں اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ

    اسرائیل میں اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ

    اسرائیل میں اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ کیا گیا ہے جس میں وزیر اعظم آفس سمیت متعدد سرکاری ویب سائٹس ڈاؤن ہوگئی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کے سب سے بڑے سائبر حملے میں وزیر اعظم آفس سمیت متعدد سرکاری ویب سائٹس ڈاؤن ہوگئی ہیں۔

    ان سائبر حملوں کے نتیجے میں وزیر اعظم ہاؤس، وزارت داخلہ، وزارت صحت، انصاف اور بہبود کی وزارتوں سمیت متعدد ویب سائٹس ڈاؤن ہوگئی ہیں جنہیں بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔

    اخبار نے وزارت دفاع کے حوالےسے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اسرائیل کے خلاف ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سائبر حملے کے پیچھے ریاستی عناصر یا کسی بڑی آرگنائزیشن کا ہاتھ ہے تاہم ابھی تک ان حملوں کے محرکات کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حملے پیر کی شام کیے گئے، جس کے بعد نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    ان حملوں میں ایسے ڈومینز (ویب سائٹ کے ایڈریسز) کو نشانہ بنایا گیا جن کا ایکسٹینشن Gov.IL تھا اور یہ ایکسٹینشن سرکاری ویب سائٹ استعمال کرتی ہیں۔

  • گوشت کمپنی پر سائبر حملہ، گوشت کی فراہمی بند

    گوشت کمپنی پر سائبر حملہ، گوشت کی فراہمی بند

    دنیا کی سب سے بڑی گوشت فراہم کرنے والی کمپنی کے انفارمیشن سسٹم پر سائبر حملہ ہوگیا جس کی وجہ سے گوشت کی فراہمی بند ہوگئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گوشت فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی پر سائبر حملہ کر دیا گیا۔ سائبر حملہ گوشت فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی جے بی ایس کے انفارمیشن سسٹم پر ہوا جس کی وجہ سے گوشت کی فراہمی بند ہوگئی۔

    جے بی ایس کے جاری کردہ بیان کے مطابق سائبر حملہ کمپنی کے آسٹریلیا اور شمالی امریکا میں موجود یونٹس پر ہوا جس سے کمپنی کا آسٹریلیا میں موجود یونٹ بند ہوگیا۔

    کمپنی کا کہنا تھا کہ مسئلہ حل کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا تاہم اس دوران کسٹمرز اور سپلائرز کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ سائبر حملے کی وجہ سے ہزاروں ملازمین کو کام سے روک دیا گیا ہے۔

    گوشت پروسیسنگ کی صنعت ریگولیٹری معیارات کی تعمیل کرنے کے لیے ریکارڈ کو برقرار رکھنے کے علاوہ جانوروں سے باخبر رہنے اور درجہ بندی کے لیے کمپیوٹر اور سافٹ ویئر سسٹم پر انحصار کرتی ہے۔

  • امریکا پر خطرناک سائبر حملے، اہم راز فاش ہونے کا خدشہ

    امریکا پر خطرناک سائبر حملے، اہم راز فاش ہونے کا خدشہ

    واشنگٹن : امریکہ کے سرکاری اور نجی اداروں کو باقاعدہ مہم کے تحت سائبر حملوں کا نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے, جس کے نتیجے میں 30 ہزار اداروں کا ڈیٹا غیر محفوظ ہوگیا ۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں کم از کم 30 ہزار امریکی اداروں کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جن میں سرکاری ادارے بھی شامل ہیں۔

    کمپیوٹر سیکیورٹی کے ماہر برائن کریبز کے مطابق اس مہم کے تحت مائیکرو سافٹ کے ایکسچینج سافٹ ویئر میں خامیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ای میلز چرائی گئی ہیں اور کمپیوٹر سرورز کو متاثر کیا گیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے سائبر سیکیورٹی کے ان حملوں کو فعال خطرہ قرار دیا ہے۔ ترجمان جینیفر پساکی کا کہنا تھا کہ سائبر حملے سے متعدد افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    گزشتہ روز مائیکروسافٹ کمپنی کی جانب سے سافٹ ویئر میں خامیوں کی نشاندہی کے بعد سائبر حملوں کی تعداد میں ایک دم اضافہ ہو گیا تھا۔

    متاثر ہونے والی 30ہزار کمپنیوں میں چھوٹے کاروباری اداروں کے علاوہ مقامی حکومتوں کے دفاتر بھی شامل ہیں۔

    مائیکروسافٹ نے رواں ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ حکومت کی سرپرستی میں ہیکنگ گروپ حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جو ایکسچینج ای میل سروس کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیٹا چوری کر رہا ہے۔

    مائیکروسافٹ کے مطابق ہافنیئم نامی ہیکنگ گروہ اس کام میں انتہائی مہارت رکھتا ہے۔ مائیکرو سافٹ نے مزید کہا ہے کہ یہ گروہ چین میں موجود ہے لیکن امریکہ میں لیز شدہ نجی کمپیوٹر سرورز کے تحت حملے کر رہے ہیں۔

    ماضی میں بھی ہافنیئم نامی یہ گروہ یونیورسٹیوں، تھنک ٹینکس، این جی اوز، دفاعی کنٹریکٹر، وبائی امراض کے محققین اور لا فرمز کو سائبر حملوں کا نشانہ بنا چکا ہے۔

    کمپیوٹر سیکیورٹی کے ماہر برائن کریبز کا کہنا تھا کہ مذکورہ ہیکرز نے دنیا بھر میں ہزاروں کی تعداد میں کمپیوٹرز کو اپنے قابو میں کیا ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں امریکی حساس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سولر ونڈز ہیک کا ذمہ دار روس کو ٹھہرایا تھا۔

    سولر ونڈز نامی سافٹ ویئر کے تحت امریکی محکمہ خزانہ اور کامرس کے علاوہ دیگر اداروں کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

  • امریکی سیکیورٹی اداروں پر سائبر حملہ، بڑے ملک پر الزام عائد

    امریکی سیکیورٹی اداروں پر سائبر حملہ، بڑے ملک پر الزام عائد

    نیو یارک : امریکہ کے جوہری ہتھیاروں کی ذمہ داری سنبھالنے والے نیشنل نیوکلیئر سیفٹی ایڈمنسٹریشن (این این ایس) اور محکمہ توانائی کے نیٹ ورک پر بڑا سائبر حملہ کرکے ہیکروں نے خفیہ معلومات حاصل کی ہے یہ اطلاع امریکی میڈیا کپمنی پالیٹیکلو نے اپنی رپورٹ میں ان افسران کے حوالے سے دی۔

    رپورٹ کے مطابق فیڈرل انرجی ریگولیٹری کمیشن (ایف ای آر سی) اور ایلاماس لیبارٹریز کے علاوہ محکمہ توانائی کے کئی دفاتر کے نیٹ ورک میں مشتبہ سرگرمیوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے۔

    امریکہ کی سائبر سیکیورٹی اینڈ انفراسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ سائبر حملے سے امریکہ کی وزارت دفاع پینٹاگون، وزارت تجارت، ہوم لینڈ سیکیورٹی، مالیات اور محکمہ صحت بھی متاثر ہوئے ہیں، اخباری رپورٹ میں مبینہ طور پر روسی تنظیم کا نام ظاہر کیا گیا ہے۔

    قبل ازیں امریکہ کی سائبر سیکیورٹی اینڈ انفراسٹرکچر سکیورٹی ایجنسی (سی آئی ایس اے) نے اس سے پہلے جمعرات کے روز حکومت کے تمام محکموں کو وارننگ دیتے ہوئے بڑے سائبر حملے کے بارے میں اطلاع دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس سائبر حملے سے امریکہ کی وزارت دفاع پینٹاگون، وزارت تجارت، ہوم لینڈ سیکیورٹی، مالیات اور محکمہ صحت بھی متاثر ہوئے ہیں۔

    اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق اے پی ٹی 29 نامی ایک ہیکنگ گروہ اس سائبر حملے کے لیے ذمہ دار ہے۔ اس گروہ کو دی ڈیوک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور اس کا تعلق مبینہ طور پر روس سے ہے، امریکہ میں روسی سفارتخانہ نے میڈیا کے ان دعوؤں کو مسترد کیا ہے۔

  • سعودی عرب نے ایران کا ایک اور سائبر حملہ ناکام بنا دیا

    سعودی عرب نے ایران کا ایک اور سائبر حملہ ناکام بنا دیا

    ریاض: سعودی عرب نے ایران کا نیا سائبر حملہ ناکام بنا دیا، ایران اس سے قبل سعودی عرب پر متعدد سائبر حملے کر چکا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے ایران کا نیا سائبر حملہ ناکام بنا دیا ہے، مذکورہ حملہ 29 دسمبر 2019 کو ایران نے اس دن کیا جس روز امریکی فوج نے ایران کے حمایت یافتہ وظیفہ خواروں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔

    سعودی ٹیکنالوجی امور کے ماہرین نے ایرانی سائبر حملے کو Dustman کا نام دیا ہے۔

    انہوں نے باقاعدہ اس تخریبی حملے کو ایران سے منسوب نہیں کیا، اس کے باوجود تکنیکی رپورٹ پڑھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ سابقہ سائبر حملوں اور نئے حملے کے درمیان بڑی مماثلت پائی جاتی ہے۔

    اسی بنیاد پر کہا جارہا ہے کہ 29 دسمبر کا سائبر حملہ ایران ہی نے کیا۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ سائبر حملہ ڈیٹا مٹانے کے لیے کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ امریکی سیکیورٹی ادارے ایرانی جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد ایران کے سائبر حملوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرچکے تھے تاہم مذکورہ حملہ اور اس جیسے دیگر سابقہ سائبر حملوں کو دیکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایران معمولی سطح پر سائبر جنگوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔

  • وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کی مقبولیت ،ویب سائٹ ہیک کیلئے بھارت سے سائبر حملے

    وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کی مقبولیت ،ویب سائٹ ہیک کیلئے بھارت سے سائبر حملے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے کامیاب جوان پروگرام کے خلاف سائبر مافیا متحرک ہوگیا اور ویب سائٹ ہیک کیلئےمختلف ممالک سےسائبر  حملوں کی کوششیں کی گئی ، بھارت سےپروگرام کیخلاف 1 لاکھ 78ہزارسائبر حملے کئےگئے،۔

    تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم عمران خان کے کامیاب جوان پروگرام کی مقبولیت میں اضاجہ ہوتے ہی  سائبر مافیا بھی متحرک ہوگیا اور ویب سائٹ ہیک کیلئےمختلف ممالک سےسائبر حملوں کی کوششیں کی گئی۔

    این ٹی سی کا کہنا ہے کہ  بھارتی ہیکرز نے بھی سائبر حملوں کی کوششیں کیں ، جس کا نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی سائبر سکیورٹی ٹیم نے بھرپور دفاع کیا، بھارت  کی جانب سے پروگرام کیخلاف 1 لاکھ 78ہزار سائبر حملے کئےگئے اور حملوں میں ویب سائٹ ہیک اور بلاک کرنے کی کوشش کی گئی۔

    حکام کے مطابق تین دن میں66 لاکھ افراد نے کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ وزٹ کیا ، کامیاب جوان پروگرام پر اب تک 12ملین سائبرحملے کئے گئے اور ویب سائٹ تمام سائبر حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

    این ٹی سی حکام نے وزیراعظم معاون خصوصی عثمان ڈار کو آگاہ کردیا ہے ، جس کے بعد معاون خصوصی عثمان ڈار کا این ٹی سی میں قائم سکیورٹی  کا ہنگامی  دورہ کیا ، حکام کی سائبر اٹیکس اور بروقت دفاع سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

    مزید پڑھیں : کامیاب جوان پروگرام کی زبردست پذیرائی، 72 گھنٹوں میں 1لاکھ 90 ہزار درخواستیں موصول

    حکام نے بتایا ویب سائٹ پر 2400 ہٹس پرسیکنڈکی تیاری کرچکےہیں، نظام مکمل فول پروف بنایاہےہیکنگ کامیاب نہیں ہوگی۔

    یاد رہے 17 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے فلاحی منصو بے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کیا تھا ، پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ایک لاکھ روپے تک کا بلاسود جبکہ پچاس لاکھ روپے تک کا کم شرح سود پر قرض مل سکے گا۔

    وزیراعظم نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہمارا ٹارگٹ ہوگا اپنے کاروبار کے لیے 10 لاکھ نوجوانوں کو قرضے دیے جائیں، کامیاب جوان پروگرام میں سفارش نہیں چلے گی، میرٹ پر کام ہوگا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام وزیر اعظم آفس سے مانیٹر کیا جائے گا، میں خود اس کو مانیٹر کروں گا، سارے پاکستان کے لیے ایک یوتھ فاؤنڈیشن بنائیں گے، جس میں نوجوانوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملے گا، کوشش کریں گے پاکستان میں تعلیم کا ایک ہی نصاب آئے، بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم اور ٹیکنالوجی بھی دینی ہے۔