Tag: cyber crime

  • قومی اسمبلی کا اجلاس : اپوزیشن نے سائبرکرائم بل کی مخالفت کردی

    قومی اسمبلی کا اجلاس : اپوزیشن نے سائبرکرائم بل کی مخالفت کردی

    اسلام آباد : قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، اس موقع پر وزیر مملکت آئی ٹی انوشے رحمان نے الیکٹرانک جرائم کے تدارک کا بل ایوان میں پیش کیا جس پر اپوزیشن نے سوالات اٹھادیئے۔

    اپوزیشن کا مؤقف تھا کہ بل میں بچوں کے لیے جو سزائیں ہیں وہ قابل قبول نہیں پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ یہ کون سا جمہوری قانون ہے ؟

    ایم کیو ایم کے علی رضا عابدی نے کہا یہ کون سی جمہوریت ہے کہ طبیعت پر گراں گزرنے والا ایک جملہ تک سوشل میڈیا پر آجائے تو قابل گرفت ہوگا۔

    نفیسہ شاہ نے کہا کہ اگر یہ بل پاس ہوگیا تو انہیں پارلیمنٹ کا حصہ ہونے پر شرمندگی ہوگی۔ پاکستان تحریک انصاف نے بھی سائبرکرائم بل کی مخالفت کافیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ بل کی بعض شقوں پرتحفظات ہیں، قومی اسمبلی کا کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے بل پر ووٹنگ نہ ہوسکی۔

     

  • انٹرنیٹ پرنوکری کاجھانسہ دیکرشہریوں کو لوٹنے والا نوجوان گرفتار

    انٹرنیٹ پرنوکری کاجھانسہ دیکرشہریوں کو لوٹنے والا نوجوان گرفتار

    کراچی :ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے انٹرنیٹ پر جعلی آئی ڈی کےذریعےنوکری کاجھانسہ دیکرشہریوں کو لوٹنےوالےنوجوان کوگرفتارکر لیا ہے۔

    ملزم نجی بینک کا ملازم بتایا جاتا ہے۔ کراچی میں ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ایک کارروائی کے دوران محمد حسیب نامی نوجوان کو گرفتارکرلیا۔

    ملزم پر جعلسازی کا الزام ہے۔ ملزم ویب سائٹ کے ذریعے فیک آئی ڈی پر جعلی اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو نوکری اور دیگر مراعات کا جھانسہ دیکر پیسے لوٹتا تھا۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے ایک شہری کی جانب سے شکایت پر کارروائی کی۔ ملزم محمد حسیب نجی بینک کا ملازم بتایا جاتا ہے۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق جعلسازی کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • شیری رحمان نے سائبرکرائم بل کوغیر انسانی قراردے دیا

    شیری رحمان نے سائبرکرائم بل کوغیر انسانی قراردے دیا

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی کی سینیٹرشیری رحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان الیکٹرانک کرائم بل غیرانسانی ہے اوراسے سینٹ سے ہرگزمنظور نہیں ہونا چاہئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ بل اگرپارلیمنٹ کے ذریعے نافذ العمل ہوگیا تو اس کے حقیقی مقصد یعنی سائبردہشت گردی کی روک تھام کے بجائے حکمران جماعت اسے اختلاف رائے پرپابندی کے لئے استعمال کرے گی۔

    شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ اس بل میں ایسی شقیں شامل ہیں جنہیں باآسانی غلط انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ بل شخصی آزادی کے حق کے منافی ہے اور جہاں یہ ایک جانب آزادی اظہاررائے کا حق صلب کرتا ہے وہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فرد کے نجی ڈیٹا تک رسائی فراہم کرتا ہے اور اسے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بل اپنی موجودہ حالت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بغیر وارنٹ یا عدالت کی اجازت کے بغیر گرفتاری کے اختیارات بھی مہیا کردے گا۔

    سینیٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سائنر کرائم بل کی کچھ شقیں دیگر قوانین سے متصادم بھی ہیں جیسے کہ ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ اورہتک عزت ایکٹ جس کے سبب قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی اورمقدمات التوا کا شکارہوں گے۔

    شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ اس بل کا انتہایئی باریک بینی سے تنقیدی جائزہ لینے اور اس کی ان تمام شقوں میں اصلاح کی ضرورت ہے جو کہ اقوام متحدہ کے چارٹرکے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔

  • فیس بک پر لڑکیوں کو قتل کی دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار

    فیس بک پر لڑکیوں کو قتل کی دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے سائبرکرائم نے خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزم ٹائیگرمیمن کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم فرقان اسلم عرف ٹائیگر میمن سماجی ویب سائٹ فیس بک پر لڑکیوں کو قتل کی دھمکیاں دیتا تھا، ایف آئی اے نے کراچی کے علاقے جوڑیا بازار سے ملزم کو حراست میں لیا۔

    ملزم جعلی فیس بک اکاﺅنٹ کے ذریعے قتل کی دھمکیاں دینے اور خاتون کو غیر اخلاقی تصاویر اور پیغامات بھیجنے میں ملوث ہے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار فرقان اسلم عرف ٹائیگر میمن کےخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ملک میں خصوصی سائبر کرائم الرٹ ایس ایم ایس سروس شروع

    ملک میں خصوصی سائبر کرائم الرٹ ایس ایم ایس سروس شروع

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارےایف آئی اے نے ملکی تاریخ میں پہلی بار سائبر کرائمز کے حوالے سے خصوصی سائبر کرائم الرٹ ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ملکی تاریخ میں پہلی بار سائبر کرائمز کے حوالے سے خصوصی سائبر کرائم الرٹ ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا ملک بھر میں باقاعدہ آغاز کل سے ہو گا۔

    سائبر کرائم ایس ایم ایس الرٹ سروس کا افتتاح کل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اکبر خان ہوتی کریں گے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سائبر کرائم کے ذریعے متاثرہ شخص ویب سائٹ یا متعلقہ ادارے کی مکمل معلومات ایک ایس ایم ایس کے ذریعے سائبر کرائم الرٹ سروس کے نمبر پرکرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سروس سے سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ اور دیگر جرائم کا جہاں خاتمہ ہوگا وہیں سائبر کرائم کے بڑے گروہ قانون کے شکنجے میں آئیں گے۔