Tag: Cyclone Remal

  • ریمل نے بھارت اور بنگلہ دیش میں تباہی مچادی، 48 ہلاک

    ریمل نے بھارت اور بنگلہ دیش میں تباہی مچادی، 48 ہلاک

    ریمل نے بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں تباہی مچادی، بھارت اور بنگلہ دیش میں موسلا دھار بارشوں کے بعد حادثات میں 48 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریمل نے سب سے زیادہ تباہی بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں مچائی، جہاں 44 افراد ہلاک ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق طوفان نے پونے دو کروڑ افراد کو متاثر کیا ہے، آسام میں ڈیم اوور فلو ہوگئے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے سبب ہزاروں گھر تباہ اور سڑکیں بند ہوگئیں۔

    آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث امدادی کارروائیاں مشکلات کا شکار ہیں، بنگلہ دیش میں متعدد نشیبی علاقے ڈوب چکے ہیں جس سے معمولاتِ زندگی درہم برہم ہوچکا ہے۔

    دونوں ملکوں کے ساحلی علاقوں سے دس لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔

    علاوہ ازیں امریکی ریاست ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس میں ہوا کے بگولوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ہوا کے طاقت ور بگولوں سے متاثرہ ریاستوں میں نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔

    ہوا کے بگولوں کی وجہ سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ درخت گرگئے اور بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ گئیں۔

    اسرائیل کی رفح پر وحشیانہ بمباری، حماس نے اقوام متحدہ سے اہم مطالبہ کر دیا

    رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ 50 ہزار لوگ بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

  • سمندری طوفان ریمل بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا

    سمندری طوفان ریمل بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا

    خلیج بنگال میں بننے والا طوفان ریمل بنگلہ دیش کے بعد بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ساحلی علاقوں پر 120 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔

    کولکتا ایئرپورٹ پر طوفان ریمل کے پیش نظر فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا گیا ہے، بنگلہ دیش میں طوفان کے باعث ساحلی علاقوں سے 10 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب امریکی شہر ہیوسٹن میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، طوفانی ہواؤں نے عمارتوں کی کھڑکیاں اڑا دیں، مختلف حادثات میں 7 ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    ہیوسٹن میں طوفانی بارش اور 177 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے عمارتوں کی کھڑکیاں اڑا دیں، کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، گھروں اور گاڑیاں کو نقصان پہنچا۔

    حکام کے مطابق مختلف حادثات میں جمعرات اور جمعہ کو سات افرد ہلاک ہوئے ہیں، یہ اموات زیادہ تر درخت اور بجلی کی لائنیں گرنے اور آسمانی بجلی کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ 57 سالہ ایک شخص گرے ہوئے بجلی کے کھمبے کو منتقل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ہلاک ہوا، جب کہ ایک اور شخص جس کو آکسیجن کی ضرورت تھی، بجلی جانے کے بعد موت کا شکار ہو گیا۔

    رپورٹس کے مطابق جنوبی ٹیکساس میں 7 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، مقامی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے کے رہائشی جمعرات کے طوفان کے بعد ہفتوں تک بجلی سے محروم رہیں گے۔ طوفان کے دوران انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی۔ ہیوسٹن میں تباہی مچانے کے بعد طوفان گلف کوسٹ کے لیے سیلاب کی انتباہ کے ساتھ پڑوسی ملک لوزیانا کی طرف بڑھ گیا ہے۔