Tag: Cyclone Tauktae

  • بھارت میں طوفان کی تباہی، پانچ منزلہ رہائشی عمارت گر گئی

    بھارت میں طوفان کی تباہی، پانچ منزلہ رہائشی عمارت گر گئی

    ممبئی : بھارتی ریاست گجرات میں سمندری طوفان تاوتے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ تیز ہواؤں اور بارشوں سے پانچ منزلہ رہائشی عمارت گر گئی، طوفان کے نتیجے میں مجموعی طور پر 21افراد ہلاک اور لاپتہ ہوگئے ہیں۔

    سمندری طوفان توکتے کی وجہ سے چلنے والی تیز ہواؤں کے نتیجے میں بدھ کے روز احمد آباد کے جمال پور علاقے میں پانچ منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ انتظامیہ کی ہدایت پر گذشتہ روز ہی رہائشیوں کو عمارت سے نکال لیا گیا تھا اور اب تک کسی بھی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    بھارت کو 30 سال کے بدترین سمندری طوفان کا سامنا ہے،185 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والا طاقتور طوفان "تاوتے” بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرایا تو سمندر میں 10 فٹ اونچی لہریں پیدا ہوئیں اور بارشوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    بجلی منقطع ہونے کے باعث آئی سی یو میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم وزیر اعلیٰ گجرات نے ہنگامی بنیاد پر موبائل جنریٹرز فراہم کیئے جب کہ کورونا کی شدید علامتوں والے 600 سے زائد مریضوں کو دوسرے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    طوفان کے باعث گجرات کے ساحلی علاقوں سے 2 لاکھ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی جب کہ مختلف حادثات میں 21 افراد ہلاک ہوگئے اور 100سے زائد لاپتہ ہیں۔ لاپتہ ہونے والوں میں اکثریت ماہی گیروں کی ہے جو طوفان کے وقت سمندر میں موجود تھے۔

    دوسری جانب ممبئی کے سمندر میں 273 افراد لاپتہ ہوگئے جن میں اکثریت ماہی گیروں کی ہے،بھارتی بحریہ کے دو جہازوں نے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کے دوران 148 کو بحفاظت نکال لیا۔

  • سمندری طوفان سے کراچی میں ہونے والے نقصانات

    سمندری طوفان سے کراچی میں ہونے والے نقصانات

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز آندھی اور بارش سے نقصانات کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے سمندری طوفان کے اثرات کے نتیجے میں کراچی میں ہونے والے نقصانات کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کراچی میں آندھی اور بارش کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے، چاروں اموات ضلع کیماڑی کے مختلف علاقوں میں ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق آندھی و طوفان میں ضلع وسطی میں 2 افراد زخمی ہوئے، جب کہ طوفان کے نتیجے میں شہر میں 7 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، جن میں ضلع جنوبی کے 3، ضلع غربی اور ضلع کیماڑی کے دو دو مکانات شامل ہیں۔

    کراچی میں مٹی کا طوفان، موسلادھار بارش شروع

    خیال رہے کہ گزشتہ روز جب تاوتے طوفان نے کراچی کو ہٹ کیا تو شہر قائد کے مختلف علاقوں کو تیز گرد آلود ہواؤں نے لپیٹ میں لیا، کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، اور مختلف علاقوں میں مٹی کا طوفان امڈ آیا۔

    واضح رہے کہ سائیکلون تاوتے سے بھارتی گجرات میں 46 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، بحیرہ عرب میں طوفان کے دوران ایک کشتی الٹنے سے پچاس افراد لاپتا ہو گئے تھے جن میں سے 26 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی۔

  • سمندری طوفان ’’تاؤتے‘‘ آگے بڑھنے لگا ، کراچی سے چند سو کلومیٹر دور

    سمندری طوفان ’’تاؤتے‘‘ آگے بڑھنے لگا ، کراچی سے چند سو کلومیٹر دور

    کراچی : سمندری طوفان’’تاؤتے‘‘ کراچی سے 800 کلومیٹر دوری پرآگیا ، طوفان آج رات گئے بھارتی گجرات سے گزرے گا تاہم پاکستانی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر میٹ سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کراچی سے 800 اور ٹھٹھہ سے 730 کلومیٹر دور ہے، سمندری طوفان آج رات گئے بھارتی گجرات سے گزرے گا تاہم سمندری طوفان سے پاکستانی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔

    سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں موسم شدید گرم رہے گا اور گرد آلود ہوائیں آج بھی جاری رہیں گی اور شہر میں پارہ 43 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان پاکستان کی ساحلی پٹی سے دور ہوکر گزرے گا، طوفان دور ہونے کے باعث بارش کا امکان ختم ہوگیا ہے تاہم گرم ہواؤں کے باعث لو کی صورتحال رہےگی۔

    یاد رہے محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے حوالے سے ساتواں الرٹ جاری کیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ تاؤتے طوفان کا رخ 15 کلومیٹر کی رفتار سے شمال کی طرف ہوگیا ہے اور طوفان کراچی کےجنوب اور جنوب مشرق سے 1000 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کے شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھنے کے امکانات ہیں ، طوفان 17 مئی کی رات کو بھارتی گجرات کو پار کرے گا ، جس کے باعث ٹھٹہ، سجاول ، بدین ، تھرپارکر ، میرپورخاص، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں 17 سے 19 مئی کے دوران تیز ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

    سمندر میں تغیانی کے باعث ماہی گیر 19 مئی تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

  • بحیرہ عرب میں سمندری طوفان: کراچی، ٹھٹھہ اور بدین میں تیز بارشوں کا امکان

    بحیرہ عرب میں سمندری طوفان: کراچی، ٹھٹھہ اور بدین میں تیز بارشوں کا امکان

    کراچی: بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کی وجہ سے 17 سے 20 مئی کے دوران کراچی میں تیز بارش متوقع ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں سے چھتیں اڑنے، سائن بورڈ گرنے اور کچی تعمیرات کے منہدم ہونے کے بھی امکانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ٹروپیکل سائیکل توکتے بن چکا ہے، طوفان کراچی کے جنوب مشرق سے 1460 کلومیٹر دور ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 سے 18 گھنٹے میں طوفان کارخ شمال مغرب میں بھارتی گجرات کی جانب ہوگا۔ بحیرہ عرب میں نظام کے زیر اثر سندھ کے شہر ٹھٹھہ اور بدین میں گرد آلود ہوا اور تیز بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 20 مئی کے دوران کراچی میں بھی تیز بارش متوقع ہے جبکہ تھر پارکر، میر پور خاص، عمر کوٹ اور سانگھڑ کے اضلاع میں تیز بارش کا امکان ہے۔

    اس حوالے سے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے گریز کی ہدایت کردی گئی ہے، محکمہ موسمیات بحیرہ عرب میں سرگرمی کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کر رہا ہے۔

    دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں میں متوقع ہیٹ ویو اور سمندری طوفان کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا کہنا ہے کہ تمام اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، فائر بریگیڈ، ریسکیو یونٹ، سٹی وارڈنز، محکمہ باغات، اور میونسپل سروس میں بھی 20 مئی تک ایمرجنسی نافذ رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ شہری ہیٹ ویو اور متوقع سمندری طوفان کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اگلے 3 دنوں میں کراچی کا درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے، شہری ان دنوں میں گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔

    لئیق احمد کے مطابق متوقع سمندری طوفان کے باعث تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے، تیز ہواؤں سے چھتیں اڑنے، سائن بورڈ گرنے اور کچی تعمیرات کے منہدم ہونے کے بھی امکانات ہیں۔

  • بحیرہ عرب میں طوفان: وزیر اعلیٰ سندھ کی ایمرجنسی پلان بنانے کی ہدایت

    بحیرہ عرب میں طوفان: وزیر اعلیٰ سندھ کی ایمرجنسی پلان بنانے کی ہدایت

    کراچی: بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایمرجنسی پلان ٹیم بنانے اور کنٹرول رومز قائم کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ایک ویدر سسٹم بحیرہ عرب کے جنوب میں بن رہا ہے، سائیکلون کو توکتے کا نام دیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹر نے بتایا کہ سائیکلون کے 3 طرح کے اثرات ہوتے ہیں، طوفانی بارشیں یا تھنڈر اسٹورم ہو سکتا ہے، دیکھنا ہے کہ سائیکلون کی رفتار کیا بنتی ہے۔

    اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کے علاقوں ٹھٹھہ، بدین ،میرپور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر اور سانگھڑ میں بارش متوقع ہے۔ ٹھٹھہ اور دیگر اضلاع میں طوفانی بارشیں ہو سکتی ہیں۔ علاوہ ازیں 17 سے 20 مئی تک کراچی، حب، لسبیلہ، حیدر آباد اور جامشورو میں بارش متوقع ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو شہر سے بل بورڈ ہٹانے کی ہدایت کی جبکہ ایمرجنسی پلان ٹیم بنانے کے احکامات بھی دے دیے۔ انہوں نے کہا کہ میٹ آفس، پی ڈی ایم اے کی مشاورت سے ایمرجنسی پلان بنا کر اقدمات کرے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر طوفان گجرات کو ہٹ کرتا ہے تو تھر میں شدید بارشیں ہوں گی، اس حوالے سے اقدامات کیے جائیں۔

    اجلاس میں کمشنر کراچی، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کو نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کلیئر کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماہی گیر کل سے سمندر میں نہ جائیں۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کنٹرول روم میں ہی ایس 19 کے افسر کو سربراہ بنایا جائے۔

    تمام متعلقہ ڈی سیز کو اپنے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کرنے، محکمہ آب پاشی کو بیراجوں پر کنٹرول روم قائم کرنے اور صوبائی وزرا ناصر شاہ اور فراز ڈیرو کو کراچی میں رہنے کی ہدایت کردی گئی۔