Tag: Cyclonic Biparjoy

  • کراچی کے شہری سمندری طوفان سے بے خوف، دفعہ 144 کی پابندی ہوا میں اڑا دی

    کراچی کے شہری سمندری طوفان سے بے خوف، دفعہ 144 کی پابندی ہوا میں اڑا دی

    کراچی: شہر قائد کی ساحلی پٹی پر تفریحی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں، شہریوں نے سمندری طوفان بیپر جوائے سے بے خبر، بے خوف ہو کر دفعہ 144 کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیپر جوائے کے باعث کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، تاہم کراچی کے شہریوں نے اس پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ہے، اور پولیس بھی عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

    کراچی کی ساحلی پٹی کی طرف جانے والے راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند نہیں کیا گیا، ماڑی پور ہاکس بے، کلفٹن سی ویو کی ساحلی پٹی پر شہریوں کی بڑی تعداد فیملیوں کے ہمراہ پہنچ گئی ہے۔

    ماڑی پور پولیس نے ہاکس بے جانے والے شہریوں کو روکا لیکن شہری پولیس کو خاطر میں نہیں لائے، اور ہاکس بے اور سی ویو کے مقام پر شہری بچوں کے ہمراہ سمندر میں نہاتے ہوئے نظر آئے۔

    کراچی کی ساحلی پٹی پر تفریحی سرگرمیاں جاری ہیں، شہری سمندری طوفان سے بے خبر بے خوف دکھائی دیتے ہیں، واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے دفعہ 144 کے تحت سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے، دفعہ 144 کے تحت کشتی رانی اور ماہی گیری پر بھی پابندی ہے۔

  • بحیرہ عرب کے طوفان کا رُخ کراچی کی طرف ہو گیا، 910 کلو میٹر دور

    بحیرہ عرب کے طوفان کا رُخ کراچی کی طرف ہو گیا، 910 کلو میٹر دور

    کراچی: بحیرہ عرب کے طوفان بیپر جوائے کا رُخ کراچی کی طرف ہو گیا ہے، اور وہ اس وقت شہر سے صرف 910 کلو میٹر دوری پر ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 گھنٹے میں بحیرہ عرب کے طوفان نے شمال، شمال مشرق کی طرف رخ کر لیا ہے، طوفان بیپر جوائے جنوب کراچی سے 910 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، طوفان کے رخ میں مزید تبدیلی آج شام تک ہوگی، اور طوفان کا رخ شمال مغرب کی طرف ہونے کا بھی امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ طوفان جنوب ٹھٹھہ سے 890 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، طوفان کے گرد کا درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، سمندری ہواؤں کے ساتھ ساتھ اونچی لہریں بڑھنے کا امکان ہے اس لیے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ ہے۔

    موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سمندری طوفان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طوفان کی شدت اختیار کرنے پر مکران اور ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم جزوی ابر آلود، گرم اور مرطوب رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    ہوا کی رفتار 12 ناٹیکل میل جب کہ نمی کا تناسب 70 فی صد ہے، شہر میں ہوا جنوب مغرب کی سمت سے چل رہی ہے۔