Tag: D I khan

  • ٹانک میں 16 سال بعد منعقد ہونے والا جشنِ دامان اختتام پذیر

    ٹانک میں 16 سال بعد منعقد ہونے والا جشنِ دامان اختتام پذیر

    ڈی آئی خان: ٹانک میں سجا تین روزہ جشنِ دامان اختتام پذیر ہوگیا، میلے میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور فنکاروں کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹانک کے جہاز گراؤنڈ میں تین روزہ ثقافتی میلے کا اہتمام ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس کی جانب سے کیا گیا تھا ، یہ میلہ 16 سال کے تعطل کے بعد دوبارہ منعقد کیا گیا ہے۔

    تین روزہ میلہ میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور میلہ کے پروگراموں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ جاوید مروت تھے ، میلے کے موقع پر مقامی پولیس اور پاک فوج کی جانب سے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے تھے ۔

    اختتامی تقریب میں کمانڈنگ آفیسر لیفیٹنٹ کرنل الطاف بلوچ،ڈپٹی کمشنر شاہ رخ علی خان،ڈی پی او عارف ،ضلعی ناظم مصطفی خان کنڈی،ضلعی ناظم ڈیرہ عزیز اللہ علیزئی ،تحصیل ناظم ڈیرہ عمر آمین،پریس کلب ٹانک کے صدر آوردین محسود ،ضلعی ممبر ملک نجیب اللہ محسود ،ڈائیریکٹر لائیو سٹا ک عمر ایوب ،مقامی صحافیوں اور شائقین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    یاد رہے کہ ڈی آئی خان گزشتہ کئی سال سے براہ راست بد امنی کا شکار رہا تھا۔ امن کی بحالی کے بعد ضلعی حکومت کے سربراہ ضلعی ناظم مصطفی خان کنڈی کی سرپرستی اور ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر شاہ رخ علی خان کی زیر نگرانی تین روزہ جشن دامان میلہ کا انعقاد کیا گیا ۔

    میلے میں مختلف نوعیت کے پروگرامات کا اہتمام کیا گیا، جن میں گھوڑا ریس ،گھوڑا رقص،نیزہ بازی ،کشتیاں،کبڈی،باسکٹ بال،کتا ریس،میوزک ،تیر بازی،پی ٹی شو،مشاعرہ اور نعتیں شامل ہیں ۔

    اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ جاوید مروت کاکہنا تھا کہ ٹانک میں دامان میلہ کا انعقاد ٹانک کی ضلعی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے لئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور یہ ایک واضح پیغام ہے کہ ٹانک کی عوام کتنی امن پسند ہے۔ میلے میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت علاقہ کے امن کے لئے نیک شگون ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میلوں کے انعقاد سے شہریوں کو تفریحی اور خوشحالی کے مواقعہ میسر آئیں گے اور علاقائی ثقافت پروان چڑھے گی ۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ جاوید مروت، کمانڈنگ آفیسر لیفیٹنٹ کرنل الطاف بلوچ،ضلعی ناظم مصطفی خان کنڈی اور ڈپٹی کمشنر شاہ رخ علی خان نے کھیلوں اور پروگراموں میں اچھی کار دگی کا مظاہرہ دکھانے والے افراد میں نقد انعام اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

  • ایف بی آرنے بھٹہ مزدورکولاکھوں کے ٹیکس کا نوٹس بھیج دیا

    ایف بی آرنے بھٹہ مزدورکولاکھوں کے ٹیکس کا نوٹس بھیج دیا

    ڈی آئی خان: فیڈرل بورٹ آف ریونیو نے مبینہ بھٹہ مزدور کو لاکھوں روپے ٹیکس کی ادائیگی کا نوٹس بھیج دیا، ٹیکس ادا نہ کرنے پر گرفتار کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے متصل ضلع ٹانک میں بھٹہ خشت مزدور بشیر احمد کو ایف بی آر کی جانب سے 89لاکھ24ہزار3سو75روپے ٹیکس کے عدم ادائیگی پر وارنٹ گرفتاری کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

    ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں بشیر احمد کو 27انڈس کار کرولا گاڑیوں کا مالک ظاہر کیا گیا ہے جبکہ علاقہ عمائدین اور بشیر احمد کے مطا بق وہ روزانہ کے حساب سے بھٹہ خشت پر مزدوری کرتا ہے اور نو ٹس کی اجراء سے شدید ذہنی کوفت کا شکار ہے۔

    ایف بی آرکی جانب سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری نو ٹس میں کہا گیا ہے کہ بشیر احمد 89لاکھ24ہزار3سو75روپے ٹیکس کے نادہندہ ہیں ، لہذا وہ فوری اپنے ذمے واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنا ئیں، بصورت دیگر انہیں گرفتار کیا جائےگا۔

    بشیر احمد کا کہنا ہے کہ وہ عرصہ دراز سے شیخ اتار میں بھٹہ خشت پر روزانہ مزدوری کر رہا ہے اور مذکورہ گاڑیوں کے کاروبار کا اسے کوئی علم نہیں اور نہ ہی پوری زندگی میں اس نے کبھی کوئی گاڑی خریدی یا فروخت کی ہے۔

    بشیر احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف بی آرکے اعلیٰ حکام اس واقعے کا نوٹس لیں اور جاری کردہ نوٹس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کریں۔ اس نے التجا کی ہے کہ اسے جلد از جلد اس آفت سے چھٹکارہ دلایا جائے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کئی اور غریب شہریوں کے نام پر بے نامی اکاؤنٹ منظر عام پر آچکے ہیں، کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا کی فیکٹری میں مزدوری کرنے والے شاہد نامی شہری کے شناختی کارڈ پر بینک لون لیا گیا جبکہ کریڈٹ کارڈ حاصل کرکے اس سے بھی رقم حاصل کی گئی تھی۔

    اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ایک فالودے والے کو ایک غیر قانونی ٹرانزیکشن نے ارب پتی بنا دیا، ان کے بینک اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے سے زائد کی رقم موجود ہونے کا انکشاف ہوا تھا ، جس کے بعد ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی تھیں۔

    دوسری جانب اسلام آباد کے ریٹائرڈ جج میاں سکندر حیات کے نام پر بھی 2224 گاڑیاں رجسٹرڈ نکل آئیں تھیں، معلوم ہوا ہے کہ یہ گاڑیاں نو سربازوں نے ان کے نام رجسٹرد کرائیں۔سابق جج سکندر حیات کے وکیل کا کہنا تھا کہ سکندر حیات کے پاس ایک گاڑی ہے، لیکن ان کے نام پر 2224 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔

  • ڈی آئی خان میں سائبرکرائم کا پہلا مقدمہ پولیس اہلکارکے خلاف درج

    ڈی آئی خان میں سائبرکرائم کا پہلا مقدمہ پولیس اہلکارکے خلاف درج

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسمعیل خان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت شہر کا پہلا مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ بیوی کی درخواست پر شوہر کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے خاتون کی شکایت پر اس کے شوہر کو حراست میں لیا ، ڈیرہ اسماعیل خان سائبر سرکل نے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے لئے بنائے گئے پی آئی سی اے ایکٹ 2016 کے تحت سوشل میڈیا پر ہراسانی اور بے جا تنگ کرنے کے خلاف پہلی ایف آئی آر درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق امتیاز الحسن نامی شہری کے خلاف اس کی بیوی نے فیس بک پر ہراسانی اور دھمکیوں کی شکایت درج کرائی تھی ،جس پر سائبر ونگ نے پی پی سی کی دفعات 506 اور 509 کے تحت ایف آئی آر نمبر 1/2018 درج کر کے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا ۔

    ملزم سبط الحسن ہیڈ کانسٹیبل ہے اور بطور نیب کورٹ ایڈیشنل سیشن جج 1 ڈیرہ کی عدالت میں تعینات ہے، انچارج سائبر کرائم تھانہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہریوں کی کرائم کے حوالے سے درخواستوں کی تعداد جتنی مرضی ہو ،ان کا ازالہ کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کا قلع قمع کرنا ہمارے فرائض منصبی میں شامل ہے اور یہ کہ والدین اپنے بچوں خصوصا نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال بارے آگاہ کریں تاکہ مستقبل میں کسی بھی پریشانی سے بچاؤ ممکن ہو۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان میں ’منی زو‘ کا افتتاح

    ڈیرہ اسماعیل خان میں ’منی زو‘ کا افتتاح

    ڈیرہ اسماعیل خان : محکمہ جنگلات ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈی ایف او آفس میں خصوصی طور پر بنائے جانے والے ’منی چڑیاگھر‘ میں مختلف اقسام کے پرندے فراہم کر دئیے گئے۔

    وسیع و عریض پنجرے میں محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے فراہم کردہ ان پرندوں کو صوبائی سیکرٹری جنگلات سید نذر حسین شاہ نے اپنے ہاتھوں سے چھوڑتے ہوئے کہا کہ چھوڑے جانے والے یہ پرندے نہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان کے جنگلات دفتر کی خوبصورتی میں اضافی کریں گے بلکہ ان قیمتی پرندوں کی نسل بڑھانے کے اقدامات کو بھی فروغ دینے کا سبب بنیں گے۔

    Mini Zoo

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بلین ٹری منصوبے کے تحت لگائے جانے والے جنگلات میں بھی کوشش کی جائے گی کہ جہاں جہا ں ممکن ہو، وہاں جنگلی حیات کی نایاب نسلوں کو پروان چڑھایا جائے گا جبکہ ان قیمتی اور نایاب پرندوں کی حفاظت کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

    اس موقع پر کنزرویٹو شفقت اللہ خان، ڈویژنل فارسٹ آفیسر ڈیرہ عابد ممتاز اور ڈی ایف او جنگلی حیات سجیل بلوچ بھی صوبائی سیکرٹری جنگلات سید نذر حسین شاہ کے ہمرا ہ موجود تھے۔

    دوسری جانب ماہرین کا ماننا ہے کہ اس طرح پرندوں کو ان کے قدرتی ماحول سے دور رکھنے سے ان کی افزائش ِ نسل اور ان کے عادات واطوار میں فرق پڑتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈی ایس پی اورپولیس اہلکارسمیت تین افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے

    ڈی ایس پی اورپولیس اہلکارسمیت تین افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے

    ڈی آئی خان : ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کے تازہ واقعات میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی اورایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے ہیں۔

    ڈیرہ اسماعیل خان شہر کے علاقہ خیرآباد کالونی میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی نو رمحمد مروت کو جمعرات کی شام اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ مسجد میں نماز مغرب ادا کر کے گھر واپس جا رہے تھے۔

    پولیس کے مطابق چار نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

    ایک اور واقعہ میں مدینہ کالونی میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف آر پی کانسٹیبل شاہ زیب محسود جاں بحق ہوگیا۔ جبکہ ایک اور واقعہ میں ڈیرہ شہری کے گنجان آباد کمشنری بازار میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ندیم نامی تاجرجاں بحق ہو گیا۔

    ان واقعات کے بعد مسلح ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ان واقعات کے بعد علاقے میں پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ شہر میں ایک پولیس افسرا اور اہلکارکے قتل کے واقعہ کے بعد خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔

     

  • الیکشن کمیشن نے ایک اورریٹرننگ افسرمعطل کردیا

    الیکشن کمیشن نے ایک اورریٹرننگ افسرمعطل کردیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات میں عدم تعاون کی بنا پر ایک اورریٹرننگ افسر کو معطل کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈٰیرہ اسمعیل خان سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل پوسٹ آفس کو ریٹرننگ افسر تعینات کیا گیا تھا لیکن متعلقہ علاقے کے امیدواروں اورالیکشن کمیشن کے دیگرعملے شکایت کی بنا پر ان کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق مذکورہ ریٹرننگ افسرامیدواروں اور الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ بلدیاتی انتخبات کے انعقاد کےسلسلے میں تعاون نہیں کررہا تھا۔

    الیکشن کمیشن نے مذکورہ ریٹرننگ افسر جس کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہوسکی، اسے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مئی کو طلب کرلیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے دو ریٹرننگ افسران کو عدم تعاون کی بنا پر معطل کرچکا ہے۔