Tag: dadu

  • دادو: کاچھو میں سیلابی صورتحال برقرار، 300 سے زائد گاؤں متاثر

    دادو: کاچھو میں سیلابی صورتحال برقرار، 300 سے زائد گاؤں متاثر

    دادو: صوبہ سندھ کے شہر دادو کے علاقے کاچھو میں تاحال سیلابی صورتحال برقرار ہے، کاچھو میں 10 یونین کونسل اور 300 سے زائد گاؤں کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر دادو کے علاقے کاچھو میں گزشتہ ہفتے بارشوں کے باعث تاحال سیلابی صورتحال برقرار ہے، کاچھو کے رہائشی کئی دنوں سے گھروں تک محدود ہیں۔

    متعدد سڑکیں اور پلیاں ٹوٹنے سے دادو اور جوہی سے زمینی رابطے معطل ہوچکے ہیں، کاچھو میں 10 یونین کونسل اور 300 سے زائد گاؤں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

    سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن کا راستہ بھی تاحال بحال نہ ہوسکا جس سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سیلاب کے باعث درجنوں گاؤں متاثر ہیں، کئی دن سے بجلی بھی غائب ہے۔

    گھروں کی چھتیں اور مکانات گرنے سے علاقہ مکیں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، کاچھو میں سیلابی ریلے میں ڈوب کر مرنے والوں کی تعداد 2 خواتین سمیت 8 ہوچکی ہے۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دادو کا دورہ کیا تھا، انہوں نے جوہی میں سیلاب سے تباہی پر محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    دوسری جانب پاک فوج نے دادو اور جھل مگسی میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن بھی کیا تھا، پاک فوج اور بحریہ کی ٹیموں نے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا۔

    آپریشن میں آرمی، نیوی میڈیکل اور انجینئرنگ ٹیموں نے سول انتظامیہ کی معاونت کی جبکہ متاثرہ علاقوں میں 1 ہزار افراد کو کھانا بھی فراہم کیا گیا تھا۔

  • دادو : گیارہ سالہ بچی کا اندوہناک قتل، قبرکشائی اور طبی معائنے کاحکم

    دادو : گیارہ سالہ بچی کا اندوہناک قتل، قبرکشائی اور طبی معائنے کاحکم

    دادو : گیارہ سال کی بچی کو سنگسار کرکے دفنانے کے مقدمے میں عدالت نے دس روز کے اندر گل سما کی قبرکشائی اور میڈیکل ایگزامینیشن یقینی بنانے کا حکم دے دیا، بچی کی گرفتار والدہ کو مزید تفتیش کے لیے دو روزہ ریمانڈ پر ویمن پروٹیکشن سیل کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دادو میں گیارہ سالہ کی بچی کو سنگسار کرکے دفنانے کے کیس کی سماعت کے موقع پر فرسٹ سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ جوہی دس روز میں گل سما کی قبرکشائی اور میڈیکل ایگزامینیشن سمیت تمام امور یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

    اس کے علاوہ عدالت نے ڈی جی ہیلتھ حیدرآباد کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا بھی حکم دیا، مقتول بچی کی گرفتار والدہ لیلہ کو مقامی عدالت نے مزید تفتیش کے لیے دو روزہ ریمانڈ پر ویمن پروٹیکشن سیل کے حوالے کردیا۔

    ماں نے بیان دیا کہ بچی کھیلتے ہوئے پہاڑ کا تودہ لگنے سے جاں بحق ہوئی جبکہ پیش امام کا کہنا تھا چند روز پہلے رات آٹھ بجے لڑکی کے رشتے دار آئے اور کفن دفن کا بندوبست کرنے کا کہا۔

    دوسرے روز صبح آٹھ بجے جنازہ لایا گیا، پوچھا لڑکی بالغ ہے یا نابالغ۔ مجھے بتایا گیا ہلاک ہونے والی لڑکی کی عمر آٹھ سے دس سال ہوگی۔ نمازِ جنازہ پڑھائی اور واپس آ گئے۔

    واضح رہے کہ دادو کے علاقے جوہی میں اکیس نومبر کی شام گل سما نامی گیارہ سالہ بچی کو کاری قرار دے کر پتھر مارکر قتل کیا گیا تھا، واقعے کے بعد پولیس نے بچی کے والدین اور دو سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا۔

  • دادو کا ضمنی الیکشن : پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

    دادو کا ضمنی الیکشن : پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

    دادو : پی ایس 86میں ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سید صالح شاہ نے برتری حاصل کرلی جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار امداد خان لغاری دوسر ے نمبر پر رہے۔

    پی ایس86ضمنی الیکشن کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار سید صالح شاہ نے 42ہزار 254ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار امداد خان لغاری 25ہزار 555لیکر دوسر ے نمبر پر رہے۔

    پیپلزپارٹی کے امیدوار کی کامیابی پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سید صالح شاہ کو مبارکباد دی ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایس86میں پیپلزپارٹی کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، سازشوں کے باوجود عوام نے اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیا۔

    اس کے علاوہ پی پی رہنما سعیدغنی نے بھی پی ایس86کےانتخابات میں کامیابی پر پی پی امیدوار کو مبارکباد دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ سندھ کی عوام نےثابت کردیا کہ وہ صرف پیپلزپارٹی کےساتھ ہیں، لاڑکانہ کےانتخابات میں دھاندلی کے تحفظات اب یقین میں بدل گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ) پی ایس 86کے 158 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔

    کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے فوج اور رینجرز کے 1100 اور پولیس کے 1300 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

    پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات رہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر دادو بھر میں عام تعطیل رہی۔

  • سینیٹ الیکشن کوئی بھی جیتے یا ہارے جیت جمہوریت کی ہوگی: شیخ رشید

    سینیٹ الیکشن کوئی بھی جیتے یا ہارے جیت جمہوریت کی ہوگی: شیخ رشید

    دادو: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے لیے مشورہ ہے اسلام کو داؤ پر نہ لگائیں اسلام آباد لگتا رہتا ہے، سینیٹ الیکشن کوئی بھی جیتے یا ہارے جیت جمہوریت کی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتساب سب کا ہوگا یہ این آر او مانگ رہے ہیں، سینیٹ الیکشن کوئی بھی جیتے یا ہارے تلخیوں کو جنم دے گا۔ کوئی جیتے یا ہارے جیت جمہوریت کی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے انہوں نے سندھ کو لوٹا ہے، مولانا فضل الرحمٰن کو مشورہ دے سکتا ہوں اور کسی کو نہیں، فضل الرحمٰن اسلام کو داؤ پر نہ لگائیں اسلام آباد پر لگتا رہتا ہے۔

    اس سے قبل لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بلو رانی کا شہر دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، لاڑکانہ میں دوزخ اور قیامت کا سماں ہے اور لاڑکانہ کا ریلوے ٹریک موت کا ٹریک ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہاں انسان اس طرح رہتے ہیں جیسے جانور بھی نہیں رہ سکتا۔ سندھ کے حکمران چور ڈاکو ہیں، روزگار کے بجائے ایڈز دیا ہے، پاکستان میں لاڑکانہ سے گندا ماحول کہیں نہیں دیکھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ لاڑکانہ میں 8 سو افراد کو قرعہ اندازی کے ذریعے نوکری دی جائے گی، حکومت سے سوال کے بجائے چوروں، ڈاکوؤں، سندھ حکومت سے سوال کریں‌، حکومت سندھ پروگرام لائے ان کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔

  • ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری، مریض در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

    ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری، مریض در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

    کراچی : سندھ بھر میں ڈاکٹروں کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی، پریشان حال مریض در در کی ٹھوکریں کھاتے رہے، علاج نہ ملنے پر دادو میں ایک مریضہ دم توڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے حق میں تیسرے دن بھی او پی ڈی کابائیکاٹ جاری رکھا۔

    ڈاکٹروں نے مریضوں پر اسپتال کے دروازے بند کردیے، حکومت سندھ نے اب تک کوئی نوٹس نہیں لیا۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ اسپتال پر تالے لگے ہیں، کوئی ہماری مدد نہیں کرتا۔

    دوسری جانب سندھ کے شہر دادو میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے دوران مریضہ دم توڑ گئی۔ ورثا کے احتجاج پر ڈاکٹر نے عملے کے ساتھ مل کر تشدد کیا۔۔۔ مریضہ وزیراں میمن کے لواحقین نےالزام لگایا کہ چار گھنٹے تک ماں تڑپتی رہی مگر ڈاکٹروں نے علاج سے انکار کردیا۔

    علاج نہ کرنے پرمریضہ کی جان چلی گئی۔ خاتون کی ہلاکت کے بعد ورثانے ڈاکٹرز کےخلاف احتجاج کیا۔ ورثاکا الزام ہے کہ احتجاج کرنے پر ڈاکٹر نے عملے کےساتھ مل کرتشدد کیا ۔واقعے کے بعد ڈاکٹر اسپتال سے رفو چکرہوگیا، پولیس اسپتال پہنچ گئی۔

  • نئی گج ڈیم لازمی بننا چاہیے، سولہ ارب روپے ضائع نہیں کر سکتے، چیف جسٹس ثاقب نثار

    نئی گج ڈیم لازمی بننا چاہیے، سولہ ارب روپے ضائع نہیں کر سکتے، چیف جسٹس ثاقب نثار

    اسلام آباد : چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ نئی گج ڈیم بننا چاہیے،16ارب روپے ضائع نہیں کر سکتے، کک بیکس کے لیے منصوبے پر کام شروع کردیا جاتا ہے، سندھ حکومت کی طرف سے تو کوئی آتا ہی نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ میں دادو میں نئی گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر کیا، چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہا کہ وفاقی حکومت نے ڈیم کیلئے فنڈز جاری کرنے تھے، ڈیم بننے ہیں، رپورٹ کے چکر سے نکل آئیں، بتائیں حکومت کب فنڈ جاری کرے گی؟

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے مؤقف تبدیل کیا ہے، سندھ حکومت ڈیم کی تعمیر پر ہچکچاہٹ کا شکار ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے کا ڈیم کی تعمیر سے کیا تعلق ہے؟46ارب روپے وفاقی حکومت نے ڈیم کیلئے جاری کرنے ہیں، ڈیم پر51فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، حکومت سندھ کہتی ہے کہ اب ڈیم کی ضرورت نہیں۔

    جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ16ارب روپے ڈیم کیلئے پہلے ہی جاری ہوچکے ہیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ عدالت مہلت دے، رپورٹ جمع کرا دیتے ہیں، ڈیم کی تعمیر میں کچھ حصہ سندھ حکومت نے بھی دینا ہے۔

    ایک موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کک بیکس کےلیے منصوبے پر کام شروع کردیا جاتا ہے، کسی کی جیب سے16ارب پورے نہیں نکلے،16ارب میرے خزانے سے خرچ ہوں گے، کیا اس ڈیم کی تعمیر کو بند کردیں؟ کیوں نہ ڈیم کی تعمیر کی تجویز دینے کے خلاف کارروائی کریں۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے حکم جاری کیا کہ ڈیم سے متعلق عدالت کو تمام تفصیلات فراہم کی جائیں۔ سماعت کے موقع پر جی ایم واپڈا نے بتایا کہ یہ ڈیم چار برس میں مکمل ہونا تھا، صرف 20 فیصد رقم جاری ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کہتی ہے منچھر جھیل کو زیادہ پانی دیں، منچھرجھیل کو زیادہ پانی دینے سے قابل کاشت رقبہ کم ہوجائے گا۔

  • دادو میں بس الٹنے سے 1 شخص جاں بحق‘ 30 زخمی

    دادو میں بس الٹنے سے 1 شخص جاں بحق‘ 30 زخمی

    دادو : صوبہ سندھ کے شہر دادو میں زائرین سے بھری بس الٹنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مسافر بس خیرپور سے سیہون جا رہی تھی کہ دادو موروروڈ پر الٹ گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق بس میں سوارمسافر لال شہباز قلندر کے مزار جا رہے تھے۔

    گوجرخان میں مسافر بس کو حادثہ‘ 9 افراد جاں بحق


    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں صوبہ پنجاب کی تحصیل گوجرخان میں مسافر بس تیزرفتاری کے باعث الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 29 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    تیز رفتار آئل ٹینکر اور مسافر بس میں تصادم، 15افراد جاں بحق، 31زخمی


    واضح رہے کہ 4 اگست 2018 کو کوہاٹ کے علاقے لاچی کے قریب ٹریفک حادثے میں 15افراد جاں بحق جبکہ31 افراد زخمی ہوئے تھے۔ حادثہ انڈس ہائی وے پر مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے باعث پیش آیا تھا۔

  • کراچی کنگز، کھلاڑی کی کھوج، اندرون سندھ ٹرائلزکا مرحلہ مکمل

    کراچی کنگز، کھلاڑی کی کھوج، اندرون سندھ ٹرائلزکا مرحلہ مکمل

    دادو : برائٹو پینٹس کراچی کنگز کھلاڑی کی کھوج کے سلسلے میں اندرون سندھ ہونے والے ٹرائلز اختتام پذیرہوگئے، دادو میں باصلاحیت کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ٹرائلز کا آخری مرحلہ کراچی میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کیلئے کھلاڑی کی کھوج کے اندرون سندھ ہونے والے تمام مراحل اپنے اختتام کو پہنچ گئے۔

    برائٹو پینٹس کراچی کنگز نے اندرون سندھ ٹرائلز کے سات مراحل کا آغاز حیدرآباد سے کیا تھا جس کے بعد میرپور خاص، عمرکوٹ ،نواب شاہ،  سکھر، لاڑکانہ سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو شاٹ لسٹ کیا گیا۔

    برائٹو پینٹس کراچی کنگز کھلاڑی کی کھوج کے ساتویں اور آخری مرحلے کے ایک روزہ ٹرائلز دادو میں ہوئے جس میں نوجوان کھلاڑیوں نے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، بیٹنگ اور بولنگ میں نوجوان کرکٹرز نے سلیکٹرز کو بہت متاثر کیا۔


    مزید پڑھیں: کراچی کنگز کو طویل القامت باصلاحیت فاسٹ باؤلر مل گیا


    دیگر شہروں کی طرح یہاں بھی نوجوان کرکٹرز کا جنون عروج پر تھا، ساتویں مرحلے میں دادو سے کھلاڑیوں کو شاٹ لسٹ کرلیا گیا، دادو کے بعد کھلاڑی کی کھوج کے تین روزہ حتمی ٹرائلز10سے13دسمبر تک کراچی میں منعقد ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • انوکھی عدالتی سزا: ملزم کو باجماعت نمازوں اور مسجد کی صفائی کا حکم

    انوکھی عدالتی سزا: ملزم کو باجماعت نمازوں اور مسجد کی صفائی کا حکم

    دادو: عدالت نے منشیات رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو انوکھی سنادی، عدالتی حکم پر ملزم پانچ وقت کی نماز باجماعت مسجد میں ادا کرے گا اور مسجد کی صفائی و ستھرائی بھی کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق دادو کی عدالت نے ملزم عامر پر تین کلو گرام منشیات رکھنے کا الزام ثابت ہونے کے بعد اسے سزا سناتے ہوئے محلے کی مسجد میں پانچ وقت نماز ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے فیصلے میں ملزم کو مسجد کی صفائی و ستھرائی اور نماز کے اوقات میں مسجد کو کھولنے اور بند کرنے کی ہدایت بھی کی، عدالت نے مسجد کے پیش امام کو نگراں مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی کارکردگی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔

    دیکھیں ویڈیو

    پیش امام کا کہنا ہے کہ ملزم عدالتی فیصلے کے بعد مسجد میں پانچ وقت کی نماز باجماعت ادا کرتا ہے اور صفائی ستھرائی کے امور بھی دیانت داری سے انجام دے رہا ہے۔

    ملزم عامر نے عدالتی فیصلے سے مطمئن ہوتے ہوئے کہا ہے کہ جج کا فیصلہ ایک اچھا اقدام ہے کیونکہ اب میں پانچ وقت کی نماز باجماعت ادا کرتا ہوں اور مسجد کی صفائی ستھرائی کا خیال بھی رکھتا ہوں۔

    واضح رہے کہ پولیس نے ملزم کو تین کلو گرام منشیات رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد عدالت نے اسے ایک سال کی سزا سنائی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان پیپلز پارٹی کا دادو میں جلسہ،  بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے

    پاکستان پیپلز پارٹی کا دادو میں جلسہ، بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے

    دادو : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دادومیں جلسہ عام سےخطاب کریں گے، جلسے کی تیا ریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی آج دادو میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے، جلسے کی تیاریاں زوروں پر ہے، پنڈال میں30 ہزار کرسیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ قائدین کے لیے اسٹیج تیار ہوچکا ہے جبکہ جلسہ گاہ میں جگہ جگہ بینرز بھی لگ گئے ہیں۔

    فتح جنگ میں جلسے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

    جلسہ گاہ میں بلاول کی آمد ہوگی بزریعہ ہیلی کاپٹر ہوگی ، جس کے لئے جلسہ گاہ میں دو ہیلی پیڈ بنائے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی بھی سخت ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلسے سے خطاب کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔