Tag: daftar e kharja

  • پاکستان کا بھارت سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام روکنے کا مطالبہ

    پاکستان کا بھارت سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام روکنے کا مطالبہ

    اسلام آباد : پاکستان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتی ہلاکتوں کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کا قتل عام فوری طور پر بند کرے۔

    پاکستان میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تصدیق کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ نہتے کشمیریوں کا قتل عام غیر منصفانہ ہے، اسے فوری طور پر روکا جائے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی اور ان کے حق خود ارادیت کی کوششوں کیلئے عیدالاضحیٰ کو کشمیریوں کے نام کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے بھی بھارتی مظالم کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں یو این مشن کے ساتھ کام کرنے پر رضامند ہے۔ اس حوالے سے بھارت کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔

     

  • سعودیہ میں محصور پاکستانیوں کو کوئی مسئلہ درپیش نہیں، پاکستانی سفیر

    سعودیہ میں محصور پاکستانیوں کو کوئی مسئلہ درپیش نہیں، پاکستانی سفیر

    ریاض: پاکستانی سفیر منظور الحق نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے مختلف کیمپس اور حراستی مراکز میں غیرقانونی طور پر مقیم پاکستانی مزدوروں کی بڑی تعداد موجود ہے مگر وہاں انہیں‌ کسی قسم کے مسائل درپیش نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ ’’سعودی عرب میں مختلف کیمپس موجود ہیں جہاں پاکستانیوں کی خاصی بڑی تعداد موجود ہے مگر روزانہ کی بنیاد پر تعداد میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے کیونکہ جن متاثرین کی واپسی کا انتظام ہوتا ہے انہیں روانہ کردیا جاتاہے‘‘۔

    پاکستانیوں کے مسائل اور فاقہ کشی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ ’’متاثرین کو کھانا ملنے یا نہ ملنے کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے کیونکہ میری اطلاعات کے مطابق کیمپس یا جیلوں میں کوئی مسائل نہیں، پاکستانی قیدیوں کے پاس موبائل ہیں اور وہ اپنی ویڈیوز بنا کر بھیجتے رہتے ہیں جس کا واضح مطلب ہے کہ وہاں قیدیوں کو کسی قسم کے مسائل نہیں ہیں‘‘۔

    پڑھیں: سعودی عرب کے حراستی مرکز میں ہزاروں پاکستانی محصور

    سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے قیدیوں کو سہولیات فراہم نہ کرنے کے سوال پر منظور الحق نے کہا کہ ‘‘سفارت خانے میں عملہ روزانہ کی بنیاد پر جاتا ہے اور متاثرین کے کاغذات کی جانچ پڑتال کرتا ہے اور اپنے طور پر تمام خدمات پیش کررہا ہے‘‘۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’سعودی عرب میں مقیم پاکستانی مزدوروں کی خاصی بڑی تعداد کے پاس دستاویزات موجود نہیں ہیں جو قانوناً جرم ہے تاہم سفارت خانے کی جانب سے کاوشیں جاری ہیں تاکہ ایسے افراد کو بھی وطن واپس بھیجا جاسکے‘‘۔

    متاثرین کے واپسی کے حوالے سے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ’’سیکڑوں لوگ پاکستان جاچکے ہیں تاہم بقیہ لوگوں کی واپسی کے لیے کوشش جاری ہے اور وہ بھی عید تک پاکستان پہنچ جائیں گے‘‘۔

    دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ’’سعودیہ عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے حکومتی سطح پر کوشش جاری ہے، گزشتہ ہفتے 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’سعودیہ عرب کی جیلوں میں تاحال ہزاروں پاکستانی موجود ہیں تاہم اُن کی عیدالاضحیٰ سے قبل واپسی کی کوششیں جاری ہیں‘‘۔

    مزید پڑھیں:  سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا، دفتر خارجہ

    سعودی عرب میں موجود سنیئر صحافی لیاقت انجم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بیرونِ ممالک میں پاکستانیوں کے ساتھ یہ مسائل طویل عرصے سے پیش آرہے ہیں تاہم یہ سلمان اقبال اور اُن کے چینل اے آر وائی کا احسن قدم  ہے کہ وہ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی آواز بن گئے ہیں‘‘۔

    لیاقت انجم نے مزید کہا کہ ’’سی ای او اے آر وائی نیوز کی جانب سے اس مسئلے پر آواز بلند کرنے پر سعودی کیمپوں میں موجود متاثرین میں خوشی کے تاثرات دیکھنے میں آئے ہیں اور اُن لوگوں نے سلمان اقبال کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا ہے‘‘۔

    لیاقت انجم نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے ایک تجویز دیتے ہوئے کہاکہ ’’پاکستانی عوام بیرون ملک سفر سے قبل قانونی آگاہی حاصل کریں  کیونکہ یہاں جیلوں میں موجود افراد بھی قانونی شکنی کے باعث حراستی مراکز میں قید ہیں تاہم اگر پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے آواز بلند کی جائے تو چھوٹے مسائل میں پھنسے افراد کو فوری طور پر رہائی مل سکتی ہے کیونکہ سیکڑوں افراد معمولی جرمانے ادا نہ کرنے کے باعث قید کی سزا کاٹ رہے ہیں‘‘۔

  • سی ٹی بی ٹی کی تجویز پربھارت نے مثبت جواب نہیں دیا، ترجمان دفتر خارجہ

    سی ٹی بی ٹی کی تجویز پربھارت نے مثبت جواب نہیں دیا، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سی ٹی بی ٹی پر عمل در آمد کی تجویز پربھارت کی جانب سے مثبت جواب نہیں آیا، خطے میں امن و استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان سمجھتا ہے کہ دونوں ممالک دو طرفہ معاہدہ کر سکتے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا کہ یہ معاہدہ جنوبی ایشیا میں ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ اور تناؤ کی کیفیت کو کم کرسکتا ہے، ایسا معاہدہ سی ٹی بی ٹی کے مقاصد کو بھی پورا کرے گا، اس دو طرفہ معاہدے پر فوری طور پر عل درآمد ہو سکتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی جانب سے یکطرفہ پابندیوں پرعمل در آمد رضا کارانہ ہے جس پرکسی قسم کی قانونی قدغن نہیں ہے، یکطرفہ معاہدے سے کوئی ایک فریق آسانی سے نکل سکتا ہے۔

    دو طرفہ معاہدہ کرنے سے کسی ایک فریق کا معاہدے سے نکلنا مشکل ہو گا، دونوں ممالک معاہدے کی تفصیلات پر کام کر سکتے ہیں،۔

    انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اعتماد سازی کے اقدامات کو بھی زیر غور لایا جا سکتا ہے، یہ معاہدہ جنوبی ایشیاء میں ہتھیاروں کی دوڑ سے اجتناب کے لیے سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

     

  • محصورین کوسمندری راستےسےنکالنےکی کوشش کررہےہیں، تسنیم اسلم

    محصورین کوسمندری راستےسےنکالنےکی کوشش کررہےہیں، تسنیم اسلم

    اسلام آباد : یمن کی صورتحا ل پر دفتر خا رجہ کی ترجمان تسیم اسلم نے اے آر وائی نیوز سے خصو صی گفتگو میں کہاہے کہ یمن سے روانگی کے فضا ئی و زمینی راستے غیر محفوظ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پا کستانی وزارت خا رجہ یمن کی حکومت سے رابطے میں ہیں اور ان سے پاکستانیوں کی سیکیورٹی پر گفتگو ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یمن سے نکلنے کے زمینی اورہوائی راستےمحفوظ نہیں ہم سمندری راستےسےپاکستانیوں کونکالنےکی کوشش کررہےہیں۔

    اس ضمن میں ہم نے دونیوی کے جہازبھی بھجوادیئے ہیں، امید ہے کہ پہلا بحری جہاز تین اپریل تک یمن پہنچ جا ئے گا ہمارےسفارتخانےکی کوشش تھی کہ تمام پاکستانیوں کو بحفا ظت یمن سے نکا ل لیا جا ئے۔

    محصورین کی پا کستان واپسی کے طریقہ کار پر تسنیم اسلم نے کہا کہ ہمارا ایک فوکل پوائنٹ ہے،جہاں پا کستانیوں کی رجسٹریشن کا عمل جا ری ہے ساتھ ساتھ کرائسزمینجمنٹ سیل بھی محصورین کےساتھ مستقل رابطے میں ہے۔

  • یمن سے پاکستانیوں کو نکالنے کاجامع پلان بنا لیا، اعزاز چودھری

    یمن سے پاکستانیوں کو نکالنے کاجامع پلان بنا لیا، اعزاز چودھری

    اسلام آباد : سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا ہے کہ یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے جامع پلان بنا لیا ہے ۔

    پاک بحریہ کے دو جہاز یمن روانہ کئے جا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر خارجہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہواتو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دیگا۔بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھاکہ یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے جامع پلان بنا لیا ہے، جس کی نگرانی وزیراعظم کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت صنعا سے چھ سو پاکستانیوں کا قافلہ حدیدہ کی جانب رواں دواں ہے، اعزاز چودھری نے بتایا کہ اگلے اڑتالیس گھنٹوں میں ایک وفد سعودی عرب جارہا ہے جہاں حالات کا اندازہ لگایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے دو جہاز بحیرہ احمر کی جانب روانہ کئے جا رہے ہیں، اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی جانب ہونے والی کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیگا۔

    اعزازچودھری نے بتایا کہ حکومت پاکستان دو ماہ سے یمن کا جائزہ لے رہی تھی اور اس نے فروری کے آخرمیں پاکستانیوں کو یمن چھوڑ دینے کی ہدایت کی تھی ۔

    انہوںنے پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے پاکستانی سفیر کی خدمات کو سراہا۔

  • لکھوی کی رہائی : دفترخارجہ میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

    لکھوی کی رہائی : دفترخارجہ میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

    اسلام آباد : پاکستانی دفترخارجہ میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرلیا گیا، حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی عدالتی فیصلہ ہے اس فیصلے پر بھارتی حکومت کاتبصرہ کرنا درست نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں متعین بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا، بھارتی سفارت کار کو بتایا گیا کہ ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو عدالت نے رہا کرنے کا حکم دیا ہے ۔

    اس پر بھارتی حکومت کا رد عمل غیر مناسب اور سفارتی آداب کے خلاف ہے۔

    واضح رہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے رد عمل میں بھارتی وزیر داخلہ کرن رجی جیو نے کہا تھا کہ ممبئی حملوں میں ذکی الرحمان لکھوی کے ملوث ہونے سے متعلق دستاویزات پاکستانی عدالت میں پیش نہیں کی گئیں۔ اسی لئے عدالت نے اس کی رہائی کا حکم دیا ہے۔

  • سلامتی کونسل میں اصلاحات ہونی چاہئیں، دفترخارجہ

    سلامتی کونسل میں اصلاحات ہونی چاہئیں، دفترخارجہ

    اسلام آباد: دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل ارکان کی تعداد بڑھانے سے روایتی امن کونقصان پہنچے گا۔ دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات ہونی چاہئیں۔

    سلامتی کونسل کے مستقل اراکین کی تعداد بڑھانا امن کے لئے نقصان دہ ہوگا۔ سلامتی کونسل کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ کشمیرکا مسئلہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ہے جس پر اقوام متحدہ کی بیس قراردادیں موجود ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارت غاصب ہے جو اپنے وزیراعظم نہرو کے بیانات نہیں مانتا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی مرضی کے مطابق کیا جائے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کے وزیر خارجہ رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ افغان مہاجرین کو رواں سال دسمبرتک واپس بھیج دیا جائے گا۔