Tag: Daharki

  • خوف ناک ٹرین حادثے کو ایک سال مکمل، ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی

    خوف ناک ٹرین حادثے کو ایک سال مکمل، ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی

    سکھر: سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب 7 جون 2021 کو ہونے والے خوف ناک ٹرین حادثے کو آج ایک سال مکمل ہو گیا، تاہم اس کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق 7 جون کی رات ڈہرکی کے قریب دو ریل گاڑیاں ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس آپس میں ٹکرا گئی تھیں، آج اس واقعے کو ایک سال پورا ہو گیا ہے۔

    کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں، ایسے میں لاہور سے کراچی آنے والی سر سید ایکسپریس اس سے ٹکرا گئی۔

    اس خوف ناک حادثے میں 70 سے زائد مسافر جاں بحق، اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے، واقعے کو ایک سال گزرنے کے باوجود ذمہ داروں کے خلاف خاطر خواہ کارروائی نہ ہو سکی، تاہم واقعے کے بعد ابتدائی طور پر کچھ افسران کو معطل کر دیا گیا تھا۔

    محکمہ ریلوے نے ماہرین کی نگرانی میں واقعے کی تحقیقات کرائی تو حادثے کی وجہ خستہ پٹری بتائی گئی۔

    واضح رہے کہ ریل کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعات میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے، آئے دن بوگیاں ڈی ریل ہونے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، گزشتہ روز بھی کینٹ اسٹیشن سے لاہور روانہ ہونے والی کراچی ایکسپریس کے 4 ڈبے پٹڑی سے اتر گئے تھے، یہ حادثہ کالا پل کے قریب پیش آیا تھا۔

  • پسند کی شادی جرم بن گئی، جوڑے پر فائرنگ، لڑکی اغوا

    پسند کی شادی جرم بن گئی، جوڑے پر فائرنگ، لڑکی اغوا

    گھوٹکی: صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پسند کی شادی کرنا جرم بن گیا، مخالفین کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی میں پیش آیا، جہاں پسند کی شادی کرنے والا جوڑا تحفظ کے لئے عدالت جارہا تھا کہ مخالفین نے ان پر فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں لڑکے کا چچا زاد بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، فائرنگ کے بعد علاقے میں بھگڈر مچ گئی، اسی دوران مسلح افراد نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی سمیت دو افراد کو اغوا کیا اور اسلحے کے زور پر اپنے ساتھ لئے گئے۔

    ورثا نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ جوڑے نے ایک سال قبل سکھر کی عدالت میں شادی کی تھی، لڑکا اور لڑکی کو کئی روز سے دھمکیاں موصول ہورہی تھی، جس پر وہ اپنے تحفظ کے لئے ہائی کورٹ سکھر جارہے تھے کہ لڑکی کے ناراض ورثا نے حملہ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  گھوٹکی: پولیس وین میں خواتین کو حبس بےجا میں رکھنےکا انکشاف

    پولیس نے ورثا کے بیان پر مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے، فائرنگ کے واقعے کے باعث علاقے میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔