Tag: Daily

  • بڑھاپے میں یادداشت بحال رکھنے کا آسان نسخہ

    بڑھاپے میں یادداشت بحال رکھنے کا آسان نسخہ

    بڑھتی عمر کے ساتھ یادداشت کے مسائل بھی بڑھتے جاتے ہیں اور ڈیمنشیا اور الزائمر کا شکار ہونے کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے، تاہم اس سے بچنے کا آسان نسخہ سامنے آگیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ بڑھاپے میں اپنے دماغ کو جوان رکھنا چاہتے ہیں تو گری دار خشک میوہ جات جیسے مونگ پھلی، اخروٹ، پستہ، بادام، چلغوزے اور کاجو وغیرہ کھانا اپنی عادت بنالیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق روزانہ خشک میوہ جات کھانا طویل عرصے تک فوائد پہنچا سکتا ہے۔ خشک میوہ جات نہ صرف بڑھاپے میں یادداشت کو بحال رکھتے ہیں بلکہ طویل عرصے تک انہیں کھاتے رہنا سوچنے کی صلاحیت، دماغی کارکردگی اور یادداشت میں بہتری پیدا کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق خشک میوہ جات میں اینٹی آکسائیڈز، ریشہ، میگنیشیئم اور جسم کے لیے فائدہ مند چکنائی شامل ہوتی ہے جو بڑھاپے میں الزائمر کے خطرے میں 60 فیصد تک کمی کرتے ہیں۔

    اس سے قبل ایک اور تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ یہ میوہ جات امراض قلب میں 30 فیصد، کینسر میں 15 فیصد اور قبل از وقت موت کے خطرے میں 21 فیصد کمی کرتے ہیں۔

    ان میں سے کچھ ذیابیطس کے خلاف بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں اور اس کے خطرے میں 40 فیصد کمی کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ دل کو توانا بناتے ہیں اور جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو بھی معمول پر رکھتے ہیں۔

    ماہرین کی تجویز ہے کہ روزانہ 2 چائے کے چمچ میوہ جات کا استعمال دماغی و جسمانی صحت کو فوائد پہنچانے کے لیے کافی ہے۔

  • روزانہ ایک کھیرا کھانا جسم پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟

    روزانہ ایک کھیرا کھانا جسم پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟

    گرمیوں کی آمد آمد ہے ایسے میں کھیرا نہ صرف کھانے کو مزیدار بنا دیتا ہے بلکہ جسم و جاں کو فرحت بھی بخشتا ہے، کھیرے کو عموماً سبزی سمجھا جاتا ہے تاہم کھیرا ایک پھل ہے جو پھول سے بنتا ہے۔

    کھیرا اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے، کیا آپ جانتے ہیں روزانہ ایک کھیرا کھانا جسم پر کیا اثرات مرتب کرسکتا ہے؟ آئیں جانتے ہیں۔

    اضافی نمی کی فراہمی

    گرمیوں کے موسم میں جب جسم ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہونے لگتا ہے ایسے میں کھیرا جسم کو اضافی نمی فراہم کرتا ہے۔ کھیرا 95 فیصد پانی پر مشتمل ہوتا ہے، لہٰذا کھیرے کو کھانے کا مطلب بیک وقت اسے کھانا اور پانی پینا ہے۔

    ضروری غذائیت کا حصول

    ایک کھیرے میں صرف 15 سے 17 کیلوریز ہوتی ہیں تاہم اس میں جسم کو درکار دیگر تمام ضروری منرلز موجود ہوتے ہیں، ان میں فائبر، پروٹین، وٹامن سی، کے، بی، پوٹاشیئم، آئرن، زنک، اور میگنیشیئم شامل ہے۔ کھیرے کو چھلکے سمیت کھانا زیادہ فائدہ مند ہے۔

    وزن میں کمی

    کھیرے کا باقاعدہ استعمال آپ کو کمزوری کا شکار کیے بغیر آپ کے وزن میں کمی بھی کرتا ہے۔ وزن کم کرنے کے لیے ایسی غذاؤں کا استعمال ضروری ہے جن میں پانی موجود ہو اور کھیرا اس کا بہترین ذریعہ ہے۔

    کولیسٹرول میں کمی

    کھیرے میں موجود اینٹی آکسائیڈز جیسے وٹامن سی، بیٹا کیروٹین اور میگنیز خون میں کولیسٹرول اور شوگر کی مقدار کو کم کرتے ہیں۔ کھیرا ہر لحاظ سے ایک بہترین غذا ہے چنانچہ اسے ہر کھانے کے ساتھ کھانا معمول بنا لینا چاہیئے۔