Tag: Dakar rally

  • سعودی شہری پک اپ گاڑی کے ساتھ ڈاکار ریلی میں شریک

    سعودی شہری پک اپ گاڑی کے ساتھ ڈاکار ریلی میں شریک

    سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی میں شوٹ کی گئی ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں ایک عام پک اپ گاڑی کو ریس میں شامل دوسری گاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    اس ویڈیو میں 2015 ماڈل کی نسان ڈاٹسن پک اپ نظر آرہی ہے، جس میں ایک ڈرائیور ڈاکار ریلی میں شامل بیلجیئم کے ریسر کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔

    یہ ویڈیو 24 سالہ سعودی ڈرائیور مشعال الشلوی کی طرف سے کیا گیا ایک مذاق تھا اور وہ اپنے آپ کو کیمرے کی زد میں لانا چاہتا تھا تا کہ منظرعام پر آجائے، مشعال الشلوی ڈاکار ریلی کے مختص ٹریک سے ہٹ کر بیلجیئم کے ڈرائیور کے ساتھ ساتھ گاڑی چلا رہا تھا۔

    ٹویٹر پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔

    ایک صارف کا کہنا تھا کہ میں اور میرے دوست اپنی گاڑی میں 110 تا 120 کلو میٹر کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے کہ ہم نے اچانک ریس میں شامل گاڑی کو دیکھا جس کے بعد ہم پرجوش ہو گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ریلی کے ساتھ موجود ہیلی کاپٹر سے ویڈیو گرافر نے ہمیں آگے بڑھنے کے لیے کچھ اشارے دیے جس کے بعد میں نے ریس میں شامل گاڑی کے ساتھ ساتھ اپنی گاڑی تیز چلانا شروع کردی۔

    فوٹوگرافر کے اشاروں نے مجھے گاڑی مزید تیز چلانے اور ریس میں شامل گاڑی کو پیچھے چھوڑنے کا حوصلہ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچنے کے لیے ریلی کے لیے مخصوص ٹریک کے دوسری جانب گاڑی چلا رہا تھا۔

  • سعودی عرب میں دنیا کی بڑی کار ریلی میں خوفناک حادثہ

    سعودی عرب میں دنیا کی بڑی کار ریلی میں خوفناک حادثہ

    ریاض: دنیا کی دوسری بڑی موٹر اسپورٹ ڈاکار ریلی کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں گاڑی جل کر راکھ ہوگئی، گاڑی میں بیٹھے ڈرائیور اور کو ڈرائیور چند لمحے کے وقفے سے بال بال بچ گئے۔

    ڈاکار ریلی 2020 کے پہلے مرحلے میں جدہ اور الوجہ کے درمیان خوفناک حادثہ پیش آیا جب بے قابو ہونے والی گاڑی میں اچانک شعلے بھڑک اٹھے۔

    گاڑی میں موجود معروف فرانسیسی ڈرائیور رومن ڈومس اور کو ڈرائیور الیگزنڈر گاڑی کے بے قابو ہونے کے بعد چھلانگ لگا کر باہر نکلے اور صرف چند سیکنڈز کے وقفے سے گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔

    دونوں ڈرائیورز حادثے سے بال بال بچے اور اپنی گاڑی کو شعلوں کی نذر ہوتا دیکھتے رہے۔

    یہ فرانسیسی ڈرائیور رومن ڈومس کی چوتھی ڈاکار ریلی ہے، وہ اس سے قبل کئی کار ریسنگز اپنے نام کرچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ڈاکار ریلی 2020 پہلی بار سعودی عرب میں منعقد ہورہی ہے۔ ڈاکار 2020، 12 مرحلوں پر مشتمل ہوگی جس میں سعودی صحرا کا 7 ہزار 500 کلو میٹر فاصلہ طے کیا جائے گا۔

    ریلی میں شامل ڈرائیور ریت اور کنکریوں کے 676 کلو میٹر طویل علاقے سے گزریں گے۔ اتوار سے شروع ہونے والی ڈاکار 2020، 13 روز تک جاری رہنے کے بعد 17 جنوری کو اختتام پذیر ہوگی۔

  • ڈاکار ریلی: قطرکے نصیرالعطیہ نے کارکیٹیگری جیت لی

    ڈاکار ریلی: قطرکے نصیرالعطیہ نے کارکیٹیگری جیت لی

    سالٹا: ڈاکار ریلی کار کیٹیگری میں قطر کے نصیرالعطیہ نےگیارہواں مرحلہ جیت لیا ہے۔ بائیک کیٹیگری میں ہسپانوی بائیکر مارک کوما کو واضح سبقت حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکار ریلی کا گیارہواں مرحلہ ارجنٹائن کے صحرائی علاقے سالٹا سے شروع ہوا ۔ریس کے شرکا کار اور بائیک کی کیٹیگری میں پانچ سو چوبیس کلومیٹر پر محیط فاصلہ طے کرکے ٹرموس ڈی ریو ہونڈو پہنچے ہیں۔

    قطری ڈرائیور نصیر العطیہ نے مسلسل دوسری کامیابی سمیٹتے ہوئے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ ترپن منٹ اور دس سکینڈ میں طے کیا۔

    بائیک کیٹیگری میں ہسپانوی بائیکر جوان بریڈانے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ہم وطن حریف مارک کوما بائیک ریس میں واضح برتری حاصل ہے۔ ڈاکار ریلی کے دومرحلے باقی رہ گئے ہیں۔

  • قطر کے نصیرالعطیہ نے ڈاکارریلی جیت لی

    قطر کے نصیرالعطیہ نے ڈاکارریلی جیت لی

    بیونس آئرس : ڈاکار ریلی کا پہلا مرحلہ قطر کے نصیر العطیہ نے جیت لیا۔ موٹر بائیک ریس میں برطانیہ کے سیم سندرلینڈ فاتح رہے۔

    بیونس آئرس کے گردونواح میں ہونے والی کار ریس کا پہلا مرحلہ ایک سو اٹھاسی کلو میٹر پر محیط تھا۔ دوہزار گیارہ کے چیمپئین قطر کے نصیر العطیہ نے برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریس اپنے نام کرلی۔

    نصیرالعطیہ نے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ بارہ منٹ اور پچاس سیکنڈز میں طے کیا۔ ارجنٹائن کے ڈرائیور اورلینڈو دوسرے نمبر پر رہے۔

    موٹر بائیک ریس میں بھی شرکا کو ایک سو اٹھاسی کلو میٹر کا ہی فاصلہ طے کرنا تھا۔ برطانیہ کے سیم سندرلینڈ نے ریس کا فاتحانہ آغاز کیا۔ برطانوی رائڈر ایک گھنٹہ اٹھارہ منٹ اور ستاون سیکنڈز کے ساتھ کامیاب رہے۔