Tag: damages

  • پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے درجنوں ہلاکتیں

    پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے درجنوں ہلاکتیں

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے اب تک 28 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو زخمی ہوگئے ہیں، درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان تیمور علی کا کہنا ہے کہ صوبے میں ہفتے کے روز آنے والی آندھی سے نقصانات ہوئے۔ نقصانات بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور کرک میں ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثات میں 28 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو کے قریب زخمی ہوئے۔

    آندھی سے 158 گھروں کو نقصان پہنچا، پی ڈی ایم اے نے 4 کروڑ روپے جاری کیے ہیں جو بنوں کے متاثرین میں تقسیم ہوں گے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر پی ایم پیکج کا اعلان کیا گیا ہے، جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کو امداد فراہم کی جائے گی۔

  • بیٹے کی جان بچانے کے لیے باپ حد سے گزر گیا

    بیٹے کی جان بچانے کے لیے باپ حد سے گزر گیا

    والدین اپنی اولاد کو نقصان سے بچانے کے لیے ہر حد سے گزر سکتے ہیں، اور ایسا ہی قدم ایک باپ نے بھی اٹھایا جس میں اس نے اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے کروڑوں کا نقصان کردیا۔

    اسپین میں ایک شخص نے اپنے نشے میں دھت بیٹے کو کار چلانے سے روکنے اور اسے کسی ممکنہ حادثے سے بچانے کے لیے کدال سے اس کی لگژری گاڑی کو سخت نقصان پہنچایا۔

    لوگرونو کے 60 سالہ شخص نے پہلے تو شراب کے نشے میں دھت بیٹے کو ڈرائیونگ سے باز رکھنے کے لیے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن ناکامی پر انتہائی اقدام کرتے ہوئے لوہے کی کدال سے بیٹے کی چمچاتی قیمتی بی ایم ڈبلیو کار کے نہ صرف شیشے توڑ ڈالے بلکہ کار کے پہیوں کی ہوا نکالنے کے بعد کار کی باڈی پر بھی کدال چلائے۔

    گزشتہ ہفتے پیش آنے والے اس واقعے کے حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ جب یہ معمر شخص یہ حرکت کر رہا تھا تو مقامی پولیس کو ایک کال موصول ہوئی کہ ایک شخص عوامی سڑک پر کھڑی گاڑی کو کدال مار کر نقصان پہنچا رہا ہے۔

    پولیس اسکواڈ وہاں پہنچی تو انہوں نے دیکھا کہ ایک سفید وین انہیں دیکھ کر وہاں سے تیزی سے نکلی ہے، تاہم پولیس نے اسے روک لیا اور دیکھا کہ اس کے اندر ایک معمر شخص ایک نشے میں مست نوجوان کے ساتھ بیٹھا ہے۔

    پولیس نے دونوں سے سوالات کیے تو معلوم ہوا کہ یہ دونوں باپ بیٹے ہیں اور معمر شخص نے اپنے 32 سالہ بیٹے کی گاڑی کو نقصان پہنچایا ہے۔

    معمر شخص نے پولیس کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا، پولیس نے بعدازاں اس واقعے کو سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا جس پر یہ وائرل ہوگئی۔

  • سندھ میں سیلاب سے 1.8 ٹریلین کا نقصان ہوا ہے: وزیر اعلیٰ

    سندھ میں سیلاب سے 1.8 ٹریلین کا نقصان ہوا ہے: وزیر اعلیٰ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے 1.8 ٹریلین کا نقصان ہوا ہے، ورلڈ بینک کے ساتھ مذاکرات کے بعد 56.9 ملین ڈالرز منظور کروائے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 18 سے 25 اگست تک تباہ کن بارشیں ہوئیں، نقصان کا شکار گھروں کا سروے جاری ہے، جو جانی نقصان ہوا ہے اس کی بھی ویری فکیشن کا کام جاری ہے۔

    وزیر آب پاشی جام خان شورو کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ کے دائیں کنارے سے 70 فیصد پانی کی نکاسی ہوچکی ہے، نومبر تک 85 فیصد پانی کی نکاسی ہوجائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے 1.8 ٹریلین کا نقصان ہوا ہے، ورلڈ بینک کے ساتھ مذاکرات کے بعد 56.9 ملین ڈالرز منظور کروائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 27 ملین ڈالرز کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے منظور ہوئے ہیں، 7.9 ملین ڈالرز پی ڈی ایم اے کے لیے منظور کروائے ہیں جبکہ 22 ملین ڈالرز فلڈ کے مسائل کے حل کے لیے منظور کروائے ہیں۔

  • بلوچستان میں سیلاب سے نقصانات کا سلسلہ جاری

    بلوچستان میں سیلاب سے نقصانات کا سلسلہ جاری

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں سیلاب سے نقصانات کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 325 افراد جاں بحق اور 2 لاکھ سے زائد گھر تباہ ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مزید 35 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب متاثرہ گھروں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار ہوگئی، سیلاب سے 75 ہزار گھر مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔

    بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 325 ہوگئی، سیلابی صورتحال سے 5 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال سے بلوچستان میں مجموعی طور پر 103 ڈیمز متاثر ہوئے، 9 لاکھ ایکڑ زرعی رقبے کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ زرعی مقاصد کے لیے استعمال 4 ہزار سے زائد سولر پلیٹس اور ٹیوب ویلز کو بھی نقصان ہوا۔

  • پلاسٹک کے کنگھے بالوں کے لیے سخت نقصان دہ

    پلاسٹک کے کنگھے بالوں کے لیے سخت نقصان دہ

    کیا آپ جانتے ہیں ہمارے روزمرہ کے استعمال کے عام پلاسٹک کنگھے ہمارے بالوں کے لیے کس قدر نقصان دہ ہیں؟

    ماہرین کے مطابق پلاسٹک کے برعکس لکڑی کے کنگھے ہمارے بالوں کے لیے بے حد فائدہ مند ہیں، لکڑی کے کنگھے بالوں کے لیے نرم ثابت ہوتے ہیں۔

    لکڑی کے کنگھے پلاسٹک کی کنگھیوں کے برعکس ماحول دوست بھی ہوتے ہیں۔

    اگر آپ کے بال جھڑ رہے ہوں اور آپ بہت سے دوسرے مسائل سے گزر رہے ہوں تو اس کا استعمال شروع کردیں، یہ بالوں کی نزاکت کا خیال رکھ سکتا ہے اور مزید نقصان سے بچا سکتا ہے۔

    جب آپ اپنے بالوں کو الگ کر رہے ہوتے ہیں تو لکری کا کنگھا بال نہیں کھینچتا اور بالوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

    لکڑی کا کنگھا سر کی جلد کو ہونے والے نقصان سے بھی بچاتا ہے کیونکہ اس کے دانت نرم ہوتے ہیں اور یہ سر میں خون کی گردش تیز کرتا ہے۔

    اس کے استعمال سے خشکی کے امکانات بھی کم ہوتے ہیں اور یہ ساتھ ہی آپ کے سر کی جلد پر موجود چکنائی کو بھی کم کرتا ہے۔

    اس کے علاوہ کچھ لکڑی کے کنگھے خاص لکڑیوں سے بنائے جاتے ہیں جیسے نیم کے درخت کے تنے سے جو الرجی یا فنگل کی افزائش کو روکتے ہیں۔

  • بیک کور آپ کے موبائل فون کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے

    بیک کور آپ کے موبائل فون کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے

    موبائل فون پر کور لگانا عام بات ہے جس کا مقصد موبائل فون کو اسکریچ لگنے اور نقصان ہونے سے بچانا ہے، لیکن اس کے کچھ نقصان بھی ہوسکتے ہیں۔

    بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ موبائل کے بیک کور کے کئی نقصانات ہوتے ہیں جو کہ موبائل فون کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    ویسے تو یہ کور موبائل کو مزید خوبصورت بنانے اور کوئی اسکریچ لگنے سے بچاتے ہیں، لیکن موبائل فون سے نکلنے والی ہیٹ یا گرمی ان کی وجہ سے واپس موبائل کی طرف آجاتی ہے، یعنی اس ہیٹ کا انخلا صحیح طرح نہیں ہو پاتا کیونکہ بیک کور عام طور پر ربڑ کا ہوتا ہے جس کی وجہ ہیٹ کا پریشر بننا شروع ہو جاتا ہے۔

    بیک کور رکھنے کی وجہ سے سب سے پہلا نقصان موبائل فون کی پرفارمنس پر پڑتا ہے یعنی موبائل فون کی پرفارمنس گرتی جاتی ہے۔

    دوسرا نقصان یہ ہے کہ موبائل کے تمام پارٹس متاثر ہوتے ہیں، خاص کر موبائل فون کی بیٹری چونکہ ہیٹ کا اثر بیٹری پر زیادہ ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ بیٹری کی لائف ٹائم متاثر ہوتی ہے۔

    تیسرا نقصان یہ ہے کہ موبائل فون سگنلز کو صحیح طرح کیچ نہیں کر پاتا، چونکہ اینٹینا بیک سائیڈ پر ہوتا ہے جو کہ کیسنگ کے پچھلے حصے میں چھپا دیے جاتے ہیں بیک کور لگنے کی وجہ سے اینٹینا کو کام کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    ایک نقصان یہ بھی ہے کہ وائی فائی کو قبول کرنے والا ریسیور بھی کسینگ کے اندر پیچھے کی طرف ہوتا ہے اور بیک کور کی وجہ سے وائی فائی سگنلز کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • خبردار! تمباکو نوشی بینائی کو متاثر کرسکتی ہے

    خبردار! تمباکو نوشی بینائی کو متاثر کرسکتی ہے

    لندن : ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ تمباکونوشی کی عادت میں مبتلا لاکھوں افراد اپنی بینائی کو داؤ پر لگا رہے ہیں، ایسوسی ایشن آف آپٹومیٹرسٹس نے بتایا ہے کہ سگریٹ میں کافی مہلک کیمیکلز ہائے جاتے ہیں جو آنکھوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اگرچہ تمباکو نوشی کا بینائی پر اثرانداز ہونا ایک معلوم حقیقت ہے تاہم ایسوسی ایشن آف آپٹومیٹرسٹس کے ایک حالیہ سروے کے مطابق ہر پانچ تمباکو نوش افراد میں سے صرف ایک فرد اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ تمباکو نوشی اندھے پن کا بھی باعث بن سکتی ہے۔

    برطانیہ کے رائل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلائنڈ پیپل کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں بینائی کھو دینے کی شرح ایسا نہ کرنے والے افراد کی نسبت دگنی ہوتی ہے۔

    بلائنڈ پیپل کا کہنا تھا کہ سگریٹ میں کافی مہلک کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو آپ کی آنکھوں کو متاثر کر سکتے ہیں یا ان کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں، مثال کے طور پر دھاتیں جیسا کہ سیسہ اور تانبا آنکھ کے پردے میں اکھٹی ہو سکتی ہیں۔ آنکھ کے پردے کا کام آنکھ میں داخل ہونے والی روشنی کو فوکس کرنا ہے۔ آنکھ کے پردے کا متاثر ہونا بصارت میں دھندلے پن کی بنیادی وجہ ہے۔

    بلائنڈ پیپل نے بتایا کہ تمباکو نوشی ذیابیطس کی وجہ سے بینائی میں پیدا ہو جانے والے مسائل میں بھی اضافے کا سبب بنتی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے آنکھ کے پیچھے موجود خون فراہم کرنے والی رگیں متاثر ہوتی ہیں۔تمباکو نوش افراد میں عمر کے ساتھ بینائی میں آنے والا انحطاط تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد کی نسبت تین گنا زیادہ ہو سکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بینائی میں انحطاط کے باعث انسان ہر چیز کو واضح اور صاف انداز میں دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہو جاتا ہے، علاوہ ازیں تمباکو نوش افراد میں نظر کے اچانک کمزور ہو جانے کا اندیشہ تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد سے 16 گنا زیادہ ہوتا ہے۔ نظر کا اچانک کمزور ہونا بصری اعصابی نظام میں بگاڑ کی وجہ سے ہوتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دو ہزار سے زائد افراد سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں 18 فیصد کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی اندھے پن یا نظر کے کمزور ہونے کا باعث بنتی ہے جبکہ 76 فیصد کو پتا تھا کہ تمباکو نوشی کا تعلق کینسر سے ہے۔

    ایسوسی ایشن آف آپٹومیٹرسٹس کا کہنا تھا کہ بینائی کی حفاظت کے لیے سب سے بہترین آپشن تمباکو نوشی کو مکمل ترک کرنا یا اس عادت کو کم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ اپنی نظر کو باقاعدگی سے چیک کروائیں۔

    ایسوسی ایشن آف آپٹومیٹرسٹس سے وابسطہ ماہر بصارت آئیشاہ فضلین کا کہنا تھا کہ لوگوں کا عمومی خیال یہ ہوتا ہے کہ تمباکو نوشی کا تعلق کینسر سے ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر افراد بینائی پر اس کے اثرات سے آگاہ ہی نہیں ہیں،تمباکو نوشی بینائی کے لیے خطرے کا باعث بننے والی کیفیات میں اضافے کرتی ہے جیسا کہ ڈھلتی عمر کے ساتھ نظر متاثر ہونا۔ اور یہ وہ خاص وجہ ہے جس کے باعث تمباکو نوشی کرنے والوں کو اس عادت کو ترک کرنے کے بارے میں ضرور سوچنا چاہیے۔

  • والدین کی سگریٹ نوشی بچوں کو سماعت سے محروم کردیتی ہے، والدین کو وارننگ

    والدین کی سگریٹ نوشی بچوں کو سماعت سے محروم کردیتی ہے، والدین کو وارننگ

    ٹوکیو: جاپان کے طبی ماہرین نے والدین کے لیے ہولناک انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ماں باپ سگریٹ نوشی کرتے ہیں اُن کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں میں بہرے پن کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے دارالحکومت میں موجود ٹوکیو یونیورسٹی کے ماہرین نے تحقیق کی جس کے دوران سگریٹ نوشی کو وہ نقصان سامنے آیا جس کے بعد والدین تمباکو نوشی بالکل ترک کردیں گے۔

    سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو طبی ماہرین متعدد بار  سنگین نتائج سے متنبہ کرتے آئے ہیں کہ اس بری لت کے باعث انسانی جسم پر جان لیوا نقصانات کا اندیشہ ہے تاہم پہلی بار محققین نے سگریٹ نوشی کا ایسا نقصان بیان کیا جس کے بعد خصوصاً حاملہ خواتین سگریٹ نوشی کی عادت ترک کردیں گی۔

    جاپان کے طبی ماہرین کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ایسی خواتین جو حمل کے دوران سگریٹ نوشی کرتی ہیں اُن کے ہاں ’بہرے‘ یعنی قوتِ سماعت سے محروم بچوں کی پیدائش کے امکانات ڈھائی گناہ حد تک بڑھ جاتے ہیں۔

    ویڈیو دیکھیں: سگریٹ نوش اورصحت مند آدمی کے پھیپھڑوں میں کیا فرق ہوتا ہے؟

    محققین کا کہنا ہے کہ مطالعے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ بچوں کی پیدائش سے چار ماہ تک کی عمر کے بچوں کے پاس سگریٹ پینے سے اُن کے بہرے ہونے کے خطرات میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہوجاتا ہے۔

    ٹوکیو یونیورسٹی کے پروفیسر کا کہنا ہے کہ چار ماہ تک کے بچوں کے پاس اگر والدین سگریٹ نوشی کریں تو اُن کی قوتِ سماعت 30 فیصد حد تک متاثر ہوتی ہے کیونکہ سگریٹ میں موجود نکوٹین بچوں کے پیغام رساں خلیوں میں بگاڑ پیدا کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق بچوں کے پیغام رساں خلیوں کی حساسیت سگریٹ کے زہریلے دھوئیں کو برداشت نہیں کرتی جس کی وجہ سے اُن کے دماغ اور کانوں کے درمیان کا سسٹم بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: سگریٹ نوشی ترک کرنے میں مددگار شے

    اسی سے متعلق: بڑوں کی تمباکو نوشی دیکھنے والے بچوں کی نفسیات میں تبدیلی

    ڈاکٹر کوجی کاواکامی کا کہنا ہے کہ ’تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ دورانِ حمل جو خواتین سگریٹ نوشی کرتی ہیں اُن کے بچے پیٹ اور پھیپھڑوں میں دھواں بھرنے کی وجہ سے دماغی طور پر کمزور پیدا ہوتے ہیں اور وقت کے ساتھ اُن کو سماعت کا مسئلہ بھی پیش آتاہے‘۔

    ماہرین نے مشورہ دیا کہ حمل کے دوران خواتین اگر اپنے بچوں کی صحت چاہتی ہیں تو وہ بری لت سے چھٹکارا حاصل کریں اور بالخصوص چار ماہ تک کے بچوں کے پاس سگریٹ نوشی نہ کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔