Tag: dammam

  • دمام میں تجارتی پردہ پوشی پر سخت سزائیں

    دمام میں تجارتی پردہ پوشی پر سخت سزائیں

    ریاض: سعودی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ مشرقی ریجن میں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کے خلاف عدالت نے جرمانے اور ملک بدری کی سزا کا حکم صادر کر دیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے جاری مہم کے دوران تفتیشی ٹیموں نے مشرقی ریجن کے دمام شہر میں تجارتی پردہ پوشی کے تحت قائم کی گئی ایک اور کمپنی کو سیل کردیا جبکہ تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی شہری اور غیر ملکی کے خلاف اکھٹے ہونے والے تمام ثبوت عدالت کے حوالے کردیے گئے۔

    عدالت نے مقدمے کی سماعت اور ثبوتوں کی روشنی میں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث شامی باشندے اور سعودی شہری کے خلاف 4 لاکھ ریال جرمانے کا حکم سنا دیا۔

    عدالتی حکم میں مزید کہا گیا تھا کہ تجارتی پردہ پوشی میں ملوث ادارے کو مستقل بنیادوں پر سیل کیا جائے جبکہ ادارے کی کمرشل رجسٹریشن سجل تجاری کو بھی کینسل کر کے تجارتی سرگرمی مستقل بنیادوں پر روک دی جائیں۔

    علاوہ ازیں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث غیر ملکی کو ملک بدر کر کے اسے ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کیا جائے۔

    وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ غیر ملکی باشندہ سعودی شہری کے ساتھ مل کر ہیوی مشینری کی ٹھیکیداری کا کام کرتا تھا وہ لوگ ہیوی مشینری نیلامی سے خرید کر اسے دیگر اداروں اور افراد کو فروخت کیا کرتے تھے۔

    تجارتی پردہ پوشی میں ملوث غیر ملکی نے وقتاً فوقتاً خطیر رقم بیرون مملکت بھی بھجوائی جو اس نے تجارتی پردہ پوشی کے ذریعے کمائی تھی۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں تجارتی قوانین کے تحت کوئی بھی غیر ملکی کسی مقامی کے ساتھ مل کر تجارتی سرگرمیاں نہیں کرسکتا، ایسے کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب قرار پاتے ہیں۔

    تجارتی پردہ پوشی کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے گزشتہ برس مہلت دی گئی تھی تاکہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی شہری اور غیر ملکی اپنے معاملات درست کرلیں۔

  • دمام اور ریاض کے درمیان ریلوے سروس کی اپ گریڈیشن

    دمام اور ریاض کے درمیان ریلوے سروس کی اپ گریڈیشن

    ریاض: سعودی عرب شہروں دمام اور ریاض کے درمیان ریلوے لائن ڈبل کی جائے گی جس کے بعد ٹرین سروس کی استعداد میں 60 فیصد اضافہ ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ریلوے جنرل کارپوریشن نے کہا ہے کہ دمام اور ریاض کے درمیان ریلوے لائن ڈبل کی جائے گی جس سے کارگو اور مسافروں کو مزید سہولت حاصل ہوگی اور موجودہ استعداد کے مقابلے میں 60 فیصد کا اضافہ ہوگا۔

    ریلوے کارپوریشن کا کہنا ہے کہ اعلیٰ آئی درجے کی جدید ٹرینوں میں مزید 6 کا اضافہ کیا گیا ہے، اس کی بدولت 2 ہزار سے زائد نشستوں کا اضافہ ہوا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار مسافر ٹرین سے سفر کرنے لگے ہیں۔

    حکام کے مطابق جلد ہی 4 نئی ٹرینیں ریاض دمام ریلوے لائن پر چلائی جائیں گی۔ دہری ریلوے لائن بچھانے کی صورت میں دمام ریاض ریلوے منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔

    ریلوے کارپوریشن نے کارگو کے لیے 8 ٹرینوں کا انتظام کیا ہے، علاوہ ازیں کارگو کے لیے 220 بوگیوں کا معاہدہ بھی کر لیا گیا ہے۔

    فی الوقت ریلوے کارپوریشن کے پاس 102 ٹرینیں ہیں جن میں سے 87 فعال ہیں، مسافروں کی بوگیوں کی تعداد 75 اور کارگو بوگیوں کی تعداد 2 ہزار 596 ہے۔

  • سعودی عرب: سخت احتیاطی تدابیر کے تحت خواتین کا ڈرائیونگ اسکول کھول دیا گیا

    سعودی عرب: سخت احتیاطی تدابیر کے تحت خواتین کا ڈرائیونگ اسکول کھول دیا گیا

    ریاض: سعودی عرب کے شہر دمام میں سخت احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے خواتین کا ڈرائیونگ اسکول کھول دیا گیا، ڈرائیونگ گاڑیوں میں انسٹرکٹر اور شاگرد کے درمیان خصوصی پلاسٹک شیٹ لگائی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہر دمام میں الامام عبد الرحمٰن بن فیصل یونیورسٹی کے خواتین ڈرائیونگ اسکول میں مقررہ پروٹوکول کے تحت ڈرائیونگ کلاسز بحال کردی گئیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکول میں مقررہ ایس و پیز کی مکمل طور پر پابندی کی جا رہی ہے۔

    یونیورسٹی کے نگران اور ڈرائیونگ سکول کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر صالح الراشد کا کہنا ہے کہ اسکول میں ہر 1 گھنٹے بعد مکمل طور پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے کر کے صفائی کی جاتی ہے جبکہ عمارت میں جگہ جگہ سینی ٹائزر کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ گاڑیوں میں انسٹرکٹر اور شاگرد کے درمیان خصوصی پلاسٹک شیٹ لگائی گئی ہے، علاوہ ازیں انسٹرکٹر کو خصوصی فیس شیلڈ بھی مہیا کی گئی ہے۔

    ڈرائیونگ کلاسز کے لیے آنے والی خواتین کو بھی ماسک اور دستانے فراہم کیے جاتے ہیں، استعمال ہونے والی گاڑی کو ہر بار استعمال سے قبل جراثیم کش ادویات سے صاف کیا جاتا ہے۔

    اسکول میں سماجی فاصلے کے اصول کے تحت دفتر میں کام کرنے والی خواتین کو اس امر کا بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ڈیسک یا دفتر کے علاوہ کہیں اور نہیں جائیں گی، ادارے میں ہوٹلوں سے کھانا لانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں ڈرائیونگ اسکول کے ٹوائلٹس کو ہر 1 گھنٹے بعد جراثیم کش ادویات سے صاف کیا جاتا ہے جبکہ راہداریوں میں بھی سینی ٹائزنگ کے عمل کو یقینی بنایا گیا ہے۔

    انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ اسکول میں صرف ان ہی کو آنے کی اجازت ہوگی جنہوں نے پیشگی وقت لیا ہوگا یا جن کی کلاس ہو، ان کے علاوہ اسکول سے رجوع کرنے والوں کو منع کردیا گیا ہے، جسے معلومات درکار ہوں وہ آن لائن یا ٹیلی فون پر معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

  • دمام: گاڑیوں کی سینی ٹائزنگ کے لیے خود کار سسٹم

    دمام: گاڑیوں کی سینی ٹائزنگ کے لیے خود کار سسٹم

    ریاض: سعودی شہر دمام میں گاڑیوں کی سینی ٹائزنگ کے لیے خود کار دروازہ نصب کردیا گیا، جلد ایسا آٹو میٹک دروازہ دیگر مقامت پر بھی نصب کیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وئرس سے حفاظت کی خاطر مشرقی ریجن کی بلدیہ نے گاڑیوں کو سینی ٹائز کرنے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا سینی ٹائزنگ گیٹ شاہراہ پر نصب کردیا۔

    بلدیہ کے ریجنل ترجمان محمد الصفیان کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کو خودکار انداز میں سینی ٹائز کرنے کے لیے بنایا جانے والا گیٹ جدید ترین ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے۔

    گیٹ میں انتہائی حساس سینسرز لگائے گئے ہیں جو گاڑیوں کی آمد کے ساتھ ہی سسٹم کو آن کردیتے ہیں جس سے مخصوص نوزلز کے ذریعے جراثیم کش مواد گاڑیوں پر اسپرے کیا جاتا ہے۔

    خود کار سینی ٹائزنگ گیٹ کے بارے میں ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ گیٹ 5 میٹر بلند اور 7 میٹر چوڑا ہے اور اس سے منسلک ٹینک کی گنجائش 600 لیٹر ہے جس میں جراثیم کش مواد اسٹور کیا جاتا ہے، ٹینک 16 مربع میٹر پر محیط ہے، خود کار گیٹ سے فی سیکنڈ 2 لیٹر جراثیم کش مواد کا اسپرے کیا جاتا ہے۔

    دمام شہر میں اپنی نوعیت کا واحد سینی ٹائزنگ گیٹ شاہ سعود بن عبدالعزیز شاہراہ پر نصب کیا گیا ہے جبکہ مستقبل قریب میں اس قسم کے مزید گیٹ بھی دیگر شاہراہوں پر لگائے جائیں گے۔

    بلدیہ کے ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ گیٹ کی تنصیب کا بنیادی مقصد لوگوں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کی خاطر کی جانے والی احتیاطی تدابیر کا حصہ ہے، ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو ہر طرح سے محفوظ کیا جائے تاکہ اس وبائی مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

    دمام میں اس سے قبل بھی مارکیٹوں میں شاپنگ ٹرالیوں کی سینی ٹائزنگ کے لیے خود کار یونٹ نصب کیا گیا تھا، بعد ازاں دیگر صوبوں میں بھی اس قسم کے یونٹس نصب کیے گئے۔

  • دمام میں پاکستانیوں‌ کی جشن آزادی کی تقریب

    دمام میں پاکستانیوں‌ کی جشن آزادی کی تقریب

    دمام : سعودی عرب میں پاکستانی نوجوانوں پر مشتمل نمائندہ تنظیم پاکستان اوورسیز کمیونٹی کے زیر اہتمام یوم آزادی کی تقریب ’’ایک قوم ایک پہچان۔ پاکستان‘‘ کے بینر تلے منائی گئی۔

    دمام سعودی عرب میں میں جشن آزادی کی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے ملی یکجہتی کا ثبوت دیا۔

    پاکستانی سفارت خانے کے ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے خطاب میں کہا کہ 70 برس کا سفر ہمارے آباؤ اجداد کی لا زوال قربانیوں کی بے مثال داستان ہے، پاکستان کو اللہ تعالی نے قدرتی وسائل سے مالا مال فرمایا ہے۔

    فیصل احسان اور دانش قمر نے خطاب میں قائد اعظم کی زندگی کے واقعات اور ان کی عملی خدمات، پر روشنی ڈالی،تقریب میں بچوں کے لیے ٹیبلو اور تقریر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

  • دمام: نمازِجمعہ میں خود کش دھماکہ، دوافراد جاں بحق

    دمام: نمازِجمعہ میں خود کش دھماکہ، دوافراد جاں بحق

    ریاض : سعودی شہردمام میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعددزخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر دمام کی مسجد میں نمازِجمعہ کے دوران دھماکہ ہوا جس میں اب تک دو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

    ذرائع کے مطابق ایک نمازی نے خود کش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تو اس نے موقع پر دھماکہ کردیا۔

    دھماکے کے ساتھ ہی جائے وقوعہ پر سراسیمگی پھیل گئی۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔