Tag: darkhuwast zamanat mustarad

  • سندھ ہائیکورٹ : شرجیل میمن کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد

    سندھ ہائیکورٹ : شرجیل میمن کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے شرجیل میمن کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی، عدالت کا کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزیر نے عدالتی نظام کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کیخلاف کرپشن اور زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

    اس موقع پر شرجیل میمن کے وکیل نے 26 فروری تک ضمانت میں توسیع کی درخواست کی اورکہا کہ میرے مؤکل دبئی کے اسپتال میں زیرعلاج تھے، پیر تک پاکستان پہنچ جائیں گے، شرجیل میمن کا 27 فروری کا وطن واپسی کا ٹکٹ پیش کیا گیا جسے سختی سے مسترد کر دیا گیا۔

    سندھ ہائیکورٹ نے کے جج نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ شرجیل میمن کی ضمانت میں مزید توسیع دینا عدالت سے مذاق کے مترادف ہے، شرجیل میمن نے بار بار ضمانت میں توسیع لی۔

    مزید پڑھیں: شرجیل میمن پیر تک پاکستان پہنچ جائیں گے‘ وکیل فیض شاہ

    عددالت کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہانہوں نے عدالتی نظام کا ناجائز فائد ہ اٹھایا، ایسی صورتحال میں شرجیل میمن کی ضمانت میں دوبارہ توسیع نہیں دے سکتے۔

    واضح رہے کہ سابق صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات سندھ شرجیل میمن پر کرپشن، زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے الزامات ہیں۔

  • عدالت نے ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت خارج کردی

    عدالت نے ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت خارج کردی

    لاہور : منی لانڈرنگ کیس میں گرفتارماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت خارج کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈالر اسمگل کرتے ہوئے پکڑی جانے والی ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے مسترد کردی ۔

    ایان علی کے وکیل سردار اسحاق کا کہناتھا کہ ان کی موکلہ ایک ماڈل ہے جسے جیل میں خطرناک قیدیوں کے ساتھ رکھا گیا ہے، سرداراسحاق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ایان علی سے تمام ایجنسیاں تحقیقات کرچکی ہیں، انہیں ضمانت پررہا کیا جائے۔

    کسٹم کے پراسیکوٹر نے دلائل کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ جرم ایسا ہے کہ پانچ کروڑ روپے پکڑے جانے پر پچاس کروڑ کا جرمانہ ہوسکتاہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایان علی نے تین سال میں بیرون ممالک کے چالیس دورے کئے ہیں۔

    راولپنڈی کسٹم کی عدالت کے جج چوہدری محمد ممتاز حسین کی عدالت نے ایئرپورٹ منی لانڈرنگ کیس کی ملزمہ ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11اپریل تک توسیع کردی ہے۔

    ماڈل ایان علی کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔جب وہ عدالت میں پیش ہوئی تو اس نے اپنے آپ کو برقعے کے ذریعے مکمل طور پر ڈھانپ رکھا تھا ۔

    عدالت میں پیشی کے موقع پر ایان علی نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ اپنے بھائی اوروکیل کے علاوہ اپنے کسی رشتے دار سے ملاقات نہیں کرنا چاہتی جبکہ ایان علی کی جیل میں بی کلاس سے متعلق دراخوست بھی کسٹم حکام کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے خارج کر دی، کسٹم حکام کو آئندہ سماعت پر مقدمے کے مکمل چالان سمیت طلب کرلیا ہے۔

    واضح رہے ماڈل ایان علی سے اسلام آباد کے بے نظیربھٹوانٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پانچ لاکھ ڈالربرآمد ہوئے تھے، جس پر غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کے الزام میں انھیں گرفتار کیا گیا تھا۔

  • درخواست ضمانت مسترد: ہنگامہ آرائی میں ملوّث 5افراد گرفتار

    درخواست ضمانت مسترد: ہنگامہ آرائی میں ملوّث 5افراد گرفتار

    لاہور: ہنگامہ آرائی کرنے والے دوگروپوں کے پانچ افراد کو لاہورہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتارکرلیا گیا۔ گرفتارافراد میں سے کچھ قتل کے ملزم کوچھڑانے کی کوشش کررہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس الطاف ابراہیم قریشی کی عدالت میں اقدام قتل کے ملزم اعظم کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد ملزم کے ساتھیوں نے اسے پولیس کے قبضے سے چُھڑانے کی کوشش کی۔

    ساتھیوں کی جانب سے چھڑانے کی کوشش اور ہنگامہ آرائی کی گئی ۔اس پر مدعی گروپ نے مداخلت کرتے ہوئے ملزم کو فرار کرانے سے روکا جس پر ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی اور دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کرتے ہوئے تابڑ توڑ حملے کیے۔

    ہنگامہ آرائی کرنے پر ہائیکورٹ سکیورٹی نے پانچ افراد کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا ۔

  • بم کی افواہ پھیلانےوالی ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد

    بم کی افواہ پھیلانےوالی ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد

    لاہور :جہاز میں بم کی افواہ پھیلانے کی ملزمہ کی درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ نےمسترد کردی ،ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے ملزمہ سونیا کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔

    سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ نے ایئرپورٹ سکیورٹی کو فون کرکے افواہ پھیلائی تھی کہ اس کا خاوند بم لے کر جہاز میں داخل ہوچکا ہے، جس سے پورے ملک میں خوف ہراس پھیلا ۔

    تاہم جب اس کے خاوند سے تفتیش کی گئی تو وہ بے گناہ قرار پایا جب کہ تفتیش پر پتہ چلا کہ سونیا نے اپنے آشنا سے مل کرخاوند کو پھنسانے کی کوشش کی تھی۔

    ملزمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الزام غلط ہے جس نمبر سے ٹیلی فون کیا گیا وہ نمبر سونیا کا نہیں ہے، پولیس اپنی کارگرگی دکھانے کے لیے بے گناہ پر الزام عائد کررہی ہے۔

    عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزمہ سونیا کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔