Tag: Date Announced

  • دبئی میراتھن کی تاریخ کا اعلان  کردیا گیا

    دبئی میراتھن کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

    دبئی : کھیلوں کے مشہور ایونٹ دبئی میراتھن کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا جس کے تحت ریس کا 23واں مرحلہ اتوار 7 جنوری 2024 کو ام سقیم روڈ پر منعقد ہوگا۔

    دبئی اسپورٹس کونسل سے منظور شدہ دبئی میراتھن 2024ام سقیم روڈ پر تین ریسوں پر مشتمل ہوگی جن میں 4 کلومیٹر کی تفریحی دوڑ، 10 کلومیٹر روڈ ریس اور کلاسک 42.195 کلومیٹر میراتھن ریس شامل ہیں۔

    ایونٹ کے منتظمین دبئی اسپورٹس کونسل، دبئی پولیس اور دبئی آر ٹی اے نے مشاورت کے بعد یہ روٹ طے کیا ہے۔

    دبئی سپورٹس کونسل کے سیکرٹری جنرل سعید نے کہا کہ دبئی میراتھن کیلنڈر کے سب سے بڑے سالانہ کھیلوں کے مقابلوں میں سے ایک ہے اور یہ ہر عمر کے دوڑنے والوں کیلئے ایک پسندیدہ ایونٹ ہے۔

    دبئی میراتھن

    مشرق وسطیٰ میں پہلی اور قدیم ترین بین الاقوامی میراتھن کے 2024 کے ایڈیشن کے لیے اندراج کرنے والے دوڑ شروع کریں گے اور دبئی پولیس اکیڈمی کے قریب ام سقیم روڈ پر 42.195کلومیٹر کا فاصلہ جمیرہ بیچ روڈ پر طے کریں گے۔

    کونرنٹن نے کہا کہ بین الاقوامی کھلاڑی اچھی طرح جانتے ہیں کہ دبئی ایک ایسی دوڑ ہے جو انہیں عالمی سطح پر روشنی میں ڈال سکتی ہے اور طویل فاصلے کی دوڑ میں کامیاب کیریئر کے دروازے کھول سکتی ہے، وہ لوگ جو اس دوڑ کی تینوں کیٹیگریز میں سے کسی میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں وہ سرکاری ویب سائٹ dubaimarathon.org کے ذریعے آن لائن رجسٹر ہو سکتے ہیں۔

  • قومی اسمبلی کے3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کی تاریخ کا اعلان

    قومی اسمبلی کے3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کی تاریخ کا اعلان

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے3حلقوں میں ضمنی انتخابات کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا، جس کے تحت پولنگ 28مئی کو ہوگی۔

    اس حوالے سے ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے 108فیصل آباد، این اے 118ننکانہ صاحب اوراین اے 239کراچی میں ضمنی انتخاب ہوگا۔

    الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کی رپورٹ 15 دن کےاندر کمیشن کو جمع کرائیں۔

    اس کے علاوہ صوبہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی کے خطوط اور شکایات پر الیکشن کمیشن نے غور وخوص کیا اور7مئی کے ضمنی انتخابات میں یونین کونسل 119 حیدر آباد میں بےضابطگیوں کا نوٹس لیا۔

    الیکشن کمیشن نے15 مئی کو کیس سماعت کے لئے مقرر کردیا ہے، کمشنر، آراو، ڈی آر او، ڈی پی او سے3 دن میں رپورٹ طلب کرلی، امیدواروں، آراو،ڈی آراو، متعلقہ عملہ اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر کو 15مئی کیلئے نوٹسز جاری کردیے گئے۔

  • دسویں جماعت کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان

    کراچی : ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے جماعت دہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم سال 2023 کے جمع کرانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

    اس حوالے سے میٹرک بورڈ کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے بتایا ہے کہ سالانہ امتحانی فارم اور آن لائن فارم 2جنوری سے 31 جنوری 2023 تک بغیر لیٹ فیس کے ساتھ وصول کئے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سائنس و جنرل گروپ ریگولر طلباء و طالبات کے امتحانی فارم بورڈ ہذا کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع ہوں گے اور فارم کے ساتھ پریکٹیکل سیکشن سے جاری کردہ سوالنامہ کی فوٹو کاپی منسلک کرنا ضروری ہے جبکہ پرائیویٹ طلباء و طالبات بورڈ آفس بوتھ اور بورڈ سے ملحق بینکوں سے امتحانی فارم حاصل کرکے متعلقہ سیکشن سے تصدیق کرانے کے بعد جمع کرا سکتے ہیں۔

    گورنمنٹ اسکولوں کو بھی ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ امتحانی فارم بغیر کسی فیس کے دیئے گئے شیڈول کے مطابق لازمی جمع کرا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق یکم فروری سے 14فروری تک200 روپے،15 فروری سے 21 فروری تک500 روپے،22 فروری سے28فروری تک800 روپے، یکم مارچ سے7 مارچ تک 1200 روپے،8 مارچ سے 14 مارچ تک 1500 روپے،15 مارچ سے21 مارچ تک1800روپے اورآخری تاریخ گزرنے کے بعد2500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم جمع کئے جائیں گے۔

    تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اتھارٹی لیٹر، بورڈ سے الحاق و نئے الحاق شدہ اسکول2022-2023 سرٹیفکیٹ کی کاپی اور سیکرٹری بورڈ کے نام پے آرڈر (100روپے) فی فارم ایگزامینشن اسٹور سے حاصل کرسکتے ہیں۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا ہے کہ تمام گورنمنٹ اسکول، بلدیہ، میونسپل کارپوریشن اور لیبر ڈپارٹمنٹ کے ماتحت آنے والے اسکول بغیر کسی فیس کے امتحانی فارم اپنے تصدیق شدہ گورنمنٹ اسکول کے اتھارٹی لیٹر اور انرولمنٹ رسید کی فوٹو کاپی کے ساتھ امتحانی فارم اکاؤنٹس سیکشن سے رسید بنوانے کے بعد ایگزامینشن اسٹور سے لے سکتے ہیں اور اسی شیڈول کے مطابق جمع بھی کرا سکتے ہیں۔

    اسکولوں کے سربراہان سے مزید کہا گیا ہے کہ فارم کو جمع کرانے کیلئے طلباء و طالبات کو انفرادی طور پر بورڈ نہ بھیجا جائے بلکہ تمام طلباء و طالبات کے امتحانی فارم ایک ساتھ تعلیمی ادارے کی جانب سے جمع کرائے جائیں۔

  • ایپل آئی فون13 کی تقریب رونمائی کب ہوگی، تاریخ کا اعلان ہوگیا

    ایپل آئی فون13 کی تقریب رونمائی کب ہوگی، تاریخ کا اعلان ہوگیا

    اگر آپ ایپل کے نئے آئی فونز کے منتظر ہیں تو یہ انتظار اب ختم ہونے والا ہے،کمپنی کی جانب سے آئی فون 13سیریز کے فونز کی تاریخ رونمائی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے ایک ایونٹ کے دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں جو 14 ستمبر کو آن لائن منعقد ہوگا، اس دعوت نامے میں کچھ زیادہ اشارے نہیں ملتے مگر مہینوں سے لیکس اور افواہوں سامنے آرہی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ نئے آئی فونز اس ایونٹ میں پیش ہوں گے۔

    آئی فون 13 (یا جو بھی کمپنی کی جانب سے اس کا نام رکھا جائے گا) بنیادی طور پر گزشتہ سال کے آئی فون 12کے اپ ڈیٹ ورژن ہوں گے اور بہت زیادہ مختلف ہونے کا امکان نہیں۔

    مختلف رپورٹس کے مطابق اس بار آئی فونز کا نوچ چھوٹا ہوگا جبکہ آل ویز آن 120 ہرٹز ریفریش ریٹ والے ڈسپلے بھی پہلی بار ایپل کے فلیگ شپ فون کا حصہ بن سکتے ہیں۔

    — فوٹو بشکریہ ایپل

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فون میں پہلے سے بہتر کیمرا سیٹ اپ بھی ڈیوائسز کا حصہ ہوگا جبکہ اے 15 پراسیسر اور پہلے سے کچھ بڑی بیٹری بھی ان فونز میں موجود ہوگی۔

    ایسی افواہیں بھی ہیں کہ اس بار آئی فونز میں سیٹلائیٹ کال سپورٹ کا فیچر ہوسکتا ہے مگر ممکنہ طور یر یہ مخصوص علاقوں میں ایمرجنسی استعمال تک محدود ہوگا۔

    سابقہ لیکس کے مطابق 2021 میں بھی چار نئے آئی فونز متعارف ہوں گے جن میں 5.4 انچ کا آئی فون 13 منی، 6.1انچ کا آئی فون 13، 6.1 انچ کا آئی فون ون پرو اور 6.7 انچ کا آئی فون 13 پرومیکس شامل ہوں گے۔

    آئی فونز کے ساتھ اس ایونٹ میں ایپل واچ سیریز7 کو بھی پیش کیا جائے گا جبکہ آئی پیڈز اپ ڈیٹس بشمول آئی پیڈ منی ری ڈیزائن کو بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

  • کویت : غیرملکیوں کی واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

    کویت : غیرملکیوں کی واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

    کویت سٹی : کویت سے باہر پھنسے ہوئے غیر ملکی اساتذہ کی واپسی کی تاریخ طے کردی گئی ہے، کویتی حکومت کا کہنا ہے کہ مذکورہ اساتذہ یکم اگست سے نئے ورک ویزوں پر ملک میں داخل ہوسکتے ہیں۔

    کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہریوں کی ایئر لائن ٹکٹوں کی زیادہ قیمت کے بارے میں شکایات جزوی طور پر حقیقی ہیں تاہم مکمل نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کورونا ایمرجنسی کمیٹی نے ملک سے باہر پھنسے ہوئے اساتذہ کی واپسی کی تاریخ طے کردی ہے جس کے مطابق وہ ماہ اگست سے نئے ورک ویزوں پر آسکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ سول ایوی ایشن نے ان عوامل کی طرف بھی اشارہ کیا جو ان میں اضافے کا باعث بنتے ہیں موجودہ صورتحال اور صحت کے تقاضوں کے باعث جہاز میں مسافروں کی کم تعداد کا سفر کرنا اور ٹکٹوں کی ریزرویشن کا وقت بھی ہوائی ٹکٹوں کی قیمتوں کو متاثر کررہا ہے۔

    معاشی ذرائع نے ریستوران، کیفے اور کمپلیکس کے اوقات میں توسیع کے فوری فیصلہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاہم انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں شاپنگ مالز اور مارکیٹس میں نمایاں طور پر غیر معمولی بھیڑ کا سامنا ہے جو صحت کی احتیاطی تدابیر کے عزم کے منافی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ شاپنگ مالز میں ہجوم متاثرین کی تعداد میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے لہٰذا کورونا ایمرجنسی کمیٹی کو اس کا فوری حل تلاش کرنا چاہئے۔

    باخبر ذرائع کے مطابق ویکسین وصول کرنے والوں کے لئے صحت سے متعلق کچھ احتیاطی ہدایات کو منسوخ کرنے کا کوئی فیصلہ جاری نہیں کیا گیا ہے اور ماسک پہننے کی ضرورت کو ختم کرنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ممنوعہ ممالک کی فہرست میں نئے ممالک کو شامل کرنے کے بارے میں سوال کے جواب میں ذرائع نے جواب دیا کہ یہ فیصلہ صرف وزراء کی کونسل پر ہے۔

    ستمبر میں تعلیمی سلسلے کے آغاز سے قبل 12 سے 16 سال کی عمر کے شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ذرائع نے جواب دیا کہ متعدد عوامل اس فیصلے کا تعین کریں گے۔ بارہویں جماعت کے طلباء کو کاغذی ٹیسٹ سے قبل ویکسین وصول کرنے کی سفارش کا بھی فی الوقت کوئی ارادہ نہیں ہے تاہم ملک سے باہر پھنسے ہوئے طلباء کی وطن آمد پر ٹیسٹ کا فیصلہ بھی وزراء کونسل کے ہاتھ میں ہے۔