Tag: date of elections

  • کے پی انتخابات کی تاریخ کے لیے اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا

    کے پی انتخابات کی تاریخ کے لیے اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا

    اسلام آباد: خیبر پختون خوا میں انتخابات کی تاریخ کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی ٹیم اور گورنر غلام علی میں مشاورتی اجلاس بے نتیجہ ثابت ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق کے پی انتخابات کی تاریخ کے لیے منعقد ہونے والا اہم اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا، اجلاس میں گورنر کے پی کی جانب سے صوبے میں انتخابات کے لیے تاریخ نہیں دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر غلام علی کا مؤقف تھا کہ ’’صوبے میں امن کے مسائل کے باعث فوری انتخابات نہیں کرا سکتے۔‘‘

    ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ٹیم کے سامنے کئی سوالات رکھے گئے اور صوبے میں امن عامہ اور سیکیورٹی کے مسائل پر بات کی گئی، الیکشن کمیشن کی ٹیم کو بتایا گیا کہ صوبے میں امن عامہ کے مسائل کے باعث فی الحال فوری انتخابات ممکن نہیں ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے ایک اعلیٰ افسر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مشاورتی ٹیم نے بات چیت کے بارے میں کمیشن کو فوری آگاہ کر دیا ہے، اور الیکشن کمیشن جلد اس پر اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

    واضح رہے کہ صوبے میں عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب بنائی گئی 3 رکنی ٹیم گورنر ہاؤس خیبر پختون خوا گئی تھی، ٹیم میں سیکریٹری، اسپیشل سیکریٹری اور ڈی جی لا شامل تھے، جنھوں نے گورنر سے صوبائی انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کی۔

  • ترک صدر نے ملک میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا

    ترک صدر نے ملک میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملک میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ میں تاریخ کے بد ترین زلزلے سے نمٹنے میں مصروف حکومت کے سربراہ نے ملک میں نئے انتخابات کی تاریخ کا بروقت اعلان کر دیا۔

    ترک صدر نے بتایا کہ ترکیہ میں قانون ساز اسمبلی اور صدارتی انتخابات 14 مئی کو منعقد ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ترکیہ میں ہولناک زلزلے سے اموات کی تعداد 45 ہزارسے تجاوز کر گئی ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے کے لیے 90 ممالک نے امداد بھیجی ہے۔

    واضح رہے کہ چھ فروری کو ترکی کے دس جنوبی صوبوں میں آنے والا زلزلہ جدید تاریخ میں ترکیہ کی بدترین انسانی تباہی کی طرف نشان دہی کرتا ہے، جب ہلچل سے بھرپور شہر زمیں بوس ہو گئے، قدیم قلعے گر گئے، اور ہزاروں رہائشی اور تجارتی عمارتیں منہدم ہو گئیں۔

    ایسے میں صدر طیب اردوان نے بدھ کے روز عندیہ دیا کہ انتخابات 14 مئی ہی کو ہوں گے، یہ وہ تاریخ ہے جو ووٹنگ کے لیے پہلے ہی طے کی گئی تھی۔ اردوان نے پارلیمنٹ میں اپنی حکمران اے کے پارٹی کے قانون سازوں سے خطاب میں کہا کہ ’’یہ قوم 14 مئی کو جو ضروری ہے وہ کرے گی، ان شاء اللہ۔‘‘

    گزشتہ ماہ کے زلزلے کے بعد سے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے ممکنہ وقت کے بارے میں متضاد اشارے مل رہے تھے، کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ انھیں سال کے آخر تک ملتوی کیا جا سکتا ہے۔