Tag: DAUGHTER

  • دوسری بیوی کی خوشی کیلئے سگے باپ نے بیٹی کو گلا کاٹ کر قتل کرڈالا

    دوسری بیوی کی خوشی کیلئے سگے باپ نے بیٹی کو گلا کاٹ کر قتل کرڈالا

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں دوسری بیوی کو خوش کرنے کے لیے سگے باپ نے تیز دار آلے سے بیٹی کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا، پولیس نے تحقیقات کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں اندوہناک واقعہ پیش آیا ، جہاں باپ نے اپنی بیٹی کو دوسری بیوی کی خوشی کیلیے قتل کردیا۔

    ایس پی سی آئی اے عاصم افتخارکمبوہ کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد 8 سالہ بچی کو قتل کرنے والے باپ محمدارشد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس کے بعد پولیس کے سامنے ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔

    عاصم افتخارکمبوہ نے بتایا ملزم نے2شادیاں کی تھیں، مقتولہ بچی ملزم کی پہلی بیوی سے تھی، ملزم نے پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی ، جس کے بعد بیٹا اوربیٹی اسی کے پاس ہی رہتے تھے۔

    ایس پی سی آئی اے نے مزید کہا کہ دوسری بیوی کا دونوں بچوں کی وجہ سے اپنے شوہرسےجھگڑارہتاتھا، ملزم نے دوسری بیوی کو خوش کرنے کیلئے بیٹی کو قتل کیا۔

    عاصم افتخارکمبوہ کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نےبیٹی کوقتل کرنےکےبعد15پر اس کی خود کشی کی کال کی تھی، گرفتار ملزم اپنے بیٹے کو بھی قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

  • سارہ اور فلک کی بیٹی کے عقیقے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    سارہ اور فلک کی بیٹی کے عقیقے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    معروف فنکار جوڑی سارہ خان اور فلک شبیر کی بیٹی کے عقیقے کی تقریب منعقد کی گئی جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر نے اپنی بیٹی کا عقیقہ منعقد کیا جس میں بڑی تعداد میں شوبز اداکاروں نے شرکت کی۔

    اس موقع پر جوڑے نے خوبصورت لباس کا انتخاب کیا اور ہمیشہ کی طرح بہت حسین دکھائی دیے، عقیقے کی تقریب کی تھیم گلابی رنگ کی رکھی گئی جہاں گلابی رنگ کے پھولوں سے سجاوٹ کی گئی۔

    تقریب میں شوبز ستاروں کی شرکت نے چار چاند لگا دیے۔ تقریب میں عمران اشرف، ندا یاسر، شائستہ لودھی اور نوشین شاہ سمیت دیگر ستاروں نے شرکت کی۔

    فلک شبیر نے عقیقے کی تقریب میں سارہ خان سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے انہیں پھول دیا۔

    واضح رہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر کے ہاں گزشتہ دنوں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

    فلک شبیر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں مداحوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کا نام عالیانہ فلک رکھا ہے۔

  • لاہور: بیٹی سے مبینہ زیادتی کرنے والا باپ گرفتار

    لاہور: بیٹی سے مبینہ زیادتی کرنے والا باپ گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 14 سالہ بیٹی سے مبینہ زیادتی کرنے والے باپ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم 2 سال سے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیٹی سے مبینہ زیادتی کرنے والے باپ کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عبد الرشید کے خلاف درخواست بچی کی نانی نے دی، درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ بچی کی والدہ نے 4 سال قبل دوسری شادی کر لی تھی، ملزم 5 سالہ بیٹے اور 14 سالہ بیٹی کے ہمراہ گھر میں رہتا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم 2 سال سے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا رہا تھا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

  • شہروز سبزواری کی ہمیشہ کی محبت کون ہے؟

    شہروز سبزواری کی ہمیشہ کی محبت کون ہے؟

    معروف اداکار شہروز سبزواری نے اپنی بیٹی کے ساتھ خوبصورت تصویر شیئر کی اور کہا کہ یہ ہمیشہ رہنے والی محبت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکار شہروز سبزواری نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی نورے سبزواری کے ساتھ خوبصورت تصویر شیئر کی ہے۔

    شہروز سبزواری نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری پر اپنی اور اپنی سابقہ اہلیہ اداکارہ سائرہ یوسف کی بیٹی نورے سبزواری کے ساتھ نئی خوبصورت تصویر شیئر کی۔

    شہروز نے بیٹی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئےاپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ یہ ہمیشہ رہنے والی محبت ہے۔

    شہروز سبزواری نے اپنی انسٹا اسٹوری پر اپنی بیٹی کے پسندیدہ میک اپ کی خصوصی ڈلیوری کی تصویر بھی شیئر کی۔

    انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ نورے کو اسپیشل افیکٹس میک اپ چاہیئے تھا تو پاکستان کے سب سے بہترین برینڈ نے اسے ایڈیبل اسکیب بلڈ بھیج کر حیران کردیا۔

    یاد رہے کہ اداکار شہروز سبزواری اور اداکارہ سائرہ یوسف سنہ 2012 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، تاہم گزشتہ برس دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں۔

    بعد ازاں شہروز نے اداکارہ صدف کنول سے شادی کرلی تھی۔

  • بیٹی نے ہماری زندگی بدل کر رکھ دی، ویرات کوہلی

    بیٹی نے ہماری زندگی بدل کر رکھ دی، ویرات کوہلی

    ممبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بیٹی کی پیدائش کے بعد بدل گئے، ان کا کہنا ہے کہ بیٹی نے ہماری زندگی تبدیل کرکے رکھ دی ہے۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ومیکا کے ساتھ جو تعلق ہم دونوں محسوس کرتے ہیں اس کا اندازہ یا تجربہ اس سے قبل ہمیں نہیں ہوا تھا۔

    بھارتی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اولاد کئے آنے کے بعد آپ مکمل طور پر ایک نئے انسان یا زندگی کا خیال رکھنے پر توجہ دیتے ہیں، یہ تعلق ابتدائی مرحلے میں تو مکمل طور پر ماں پر انحصار کرتا ہے۔

    لیکن ساتھ ہی بچے کے پاب پر بھی اس کا انحصار ہوتا ہے، ماں اور باپ دونوں بچے کے مختلف ماحول میں خیال رکھتے ہیں اور کچھ چیزیں ایسی ہیں جنہیں دیکھ کر ہم دونوں بہت زیادہ خوش ہوتے ہیں۔

    یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور ان کی بالی ووڈ اسٹار اہلیہ انوشکا شرما کے ہاں اس برس جنوری میں بیٹی ومیکا کی پیدائش ہوئی تھی۔

    مزید پڑھیں : ویرات کوہلی اور انوشکا نے بیٹی کی تصویر شیئر کردی

    ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے پہلی بار اپنی بیٹی کی پہلی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بیٹکا نام ومیکا لکھا تھا ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی زندگی محبت اور شکر گزاری کے ساتھ بسر کررہے ہیں لیکن ہماری وامیکا نے اس دنیا میں آکر ہماری زندگی کو ایک نیا مقصد دیا ہے۔

  • بیٹی کو پہلی بار گود میں لیا تو جذبات کیا تھے؟ عماد وسیم کی ویڈیو وائرل

    بیٹی کو پہلی بار گود میں لیا تو جذبات کیا تھے؟ عماد وسیم کی ویڈیو وائرل

    پہلی مرتبہ اپنی بیٹی کو ہاتھوں میں تھاما تو کیسا لگا؟ قومی ٹیم کے مایہ ناز آل راوٗنڈر عماد وسیم نے یادگار لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرکٹر نے اپنی ننھی پری کو گود میں تھاما ہوا ہے اور باتیں کررہے ہیں۔

    عماد وسیم نے لکھا کہ اپنی بیٹی کو پہلی بار گود میں لیا ہے اور یہ ایک یادگار لمحہ اور احساس ہے، انہوں نے #fatherdaughter کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

    خیال رہے کہ 4 مارچ کو قومی ٹیم کے آل راؤنڈر اور پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کے گھر ننھی پری کی آمد ہوئی تھی۔

    کرکٹر نے اپنی بیٹی کی پیدائش سے متعلق سوشل میڈیا پر اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اللہ سبحان تعالیٰ نے انہیں ڈھیر ساری خوشیوں سے نوازا ہے، انہوں نے لکھا کہ ان کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام انہوں نے سیدہ عنایا عماد رکھا ہے‘۔

  • کینسر کا شکار بچی کی حوصلہ مند ماں نے امید کا پیغام دے دیا

    کینسر کا شکار بچی کی حوصلہ مند ماں نے امید کا پیغام دے دیا

    اولاد کی تکلیف ماں باپ کو دگنی محسوس ہوتی ہے، ایسے ہی کینسر کا شکار ایک بچی کے ماں باپ بھی نہایت اذیت کا شکار ہوگئے تاہم انہوں نے اس کڑے وقت کو نہایت حوصلے کے ساتھ گزارا۔

    امریکا کی رہائشی کرسٹن بوڈن اور ان کے شوہر پر اس وقت غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جب انہیں علم ہوا کہ ان کی 3 سالہ بچی کینسر کا شکار ہے۔

    کرسٹن کا کہنا تھا کہ اس کی چھٹی حس کھڑک رہی تھی کہ کافی دن سے بیمار بچی کا بخار صرف بخار نہیں، لیکن ان کے وہم و گمان میں نہیں تھا کہ یہ کینسر ہوگا۔

    ڈاکٹرز نے 3 سالہ بچی میں گردے کا کینسر تشخیص کیا جو اسٹیج 2 پر تھا، ایک تکلیف دہ سرجری کے بعد بچی کا گردہ نکال دیا گیا جس کے بعد اگلے 22 ہفتوں تک اس کی کیموتھراپی ہوئی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kristin Bowden (@kris_bowden)

    اس دوران والدین نے اپنے جیسے دیگر لوگوں کو ہمت دینے کے لیے اس تمام سفر کو تصاویر میں قید کرنا شروع کردیا۔

    وہ بچی کی کینسر تشخیص ہونے کے بعد، اس کی سرجری کے بعد اور کیمو تھراپی کے دوران کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کرتے رہے۔

    کیموتھراپی کے دوران جب بچی کے بال اترنا شروع ہوئے تو اس کے ننھے بھائی نے بھی اپنے بال کٹو لیے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kristin Bowden (@kris_bowden)

    والدین کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کو پیغام دینا چاہتے تھے کہ مشکل ترین وقت بھی گزر جاتا ہے اور اچھا وقت آجاتا ہے۔

    آج یہ بچی 4 سال کی ہے اور کینسر فری ہے، اگلے 4 سال تک ہر 3 ماہ بعد اس کے اسکین کیے جائیں گے اور اس کی صحت کو مانیٹر کیا جائے گا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kristin Bowden (@kris_bowden)

    والدین کا کہنا ہے کہ ان کا سب کے لیے ایک ہی پیغام ہے کہ کبھی امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

  • بھارت: بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد ماں لاشوں کے گرد رقص کرنے لگی

    بھارت: بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد ماں لاشوں کے گرد رقص کرنے لگی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک جوڑے نے ایک پراسرار واردات میں اپنی بیٹیوں کو قتل کردیا، پولیس گھر میں داخل ہوئی تو ماں، بیٹیوں کی لاشوں کے گرد رقص کر رہی تھی۔

    یہ خوفناک واقعہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں والدین نے  عجیب وغریب حالات میں اپنی بیٹیوں کو قتل کردیا، قتل سے قبل ماں زور سے چلائی کہ کرونا وائرس چین سے شروع نہیں ہوا بے بلکہ مجھ سے شروع ہواہے۔

    بعد ازاں پولیس کی حراست میں بھی وہ بار بار کہتی رہی کہ کرونا وائرس میری  طرف سے آیا ہے ، یہ وبا مارچ تک ختم ہوجائے گی۔

    پولیس کے مطابق والدین نے کسی رسم کی ادائیگی کرتے ہوئے بیٹیوں کو قتل کیا، جب وہ گھر میں داخل ہوئے تو ماں بیٹیوں کی لاشوں کے گرد رقص کر رہی تھی۔

    ماں نے بعد ازاں کہا کہ انہیں اس اقدام کا اشارہ  موصول ہوا تھا، اور اس رسم کی ادائیگی کے بعد ایک معجزہ رونما ہونا تھا جو پولیس نے گھر میں داخل ہو کر خراب کردیا۔

    پولیس کو ایک بیٹی کی لاش اس حالت میں ملی کہ اس کا سر ورزش کرنے والے ڈمبل سے کچل دیا گیا تھا جبکہ دوسری بیٹی کو ترشول مار کر قتل کیا گیا تھا۔ والدین کا کہنا تھا کہ وہ کچھ پڑھنے کے بعد اپنی بیٹیوں کو پھر سے زندہ کرسکیں گے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی اور مقتول بیٹیاں عجیب و غریب عقیدوں پر یقین رکھتے تھے-

    پولیس کے مطابق باپ ایک گورنمنٹ کالج میں ایسوسی ایٹ پروفیسر جبکہ ماں ایک اسکول ٹیچر تھی، قتل ہونے والی دونوں لڑکیاں مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم تھیں۔

  • سفاک ماں کا بیٹی پر اندوہناک ظلم۔ ۔۔۔ کمزور دل افراد نہ پڑھیں!

    سفاک ماں کا بیٹی پر اندوہناک ظلم۔ ۔۔۔ کمزور دل افراد نہ پڑھیں!

    برازیل میں ایک ماں نے قینچی سے اپنی 5 سالہ بچی کی آنکھیں نکال لیں جبکہ اس کی زبان بھی کاٹ دی، معصوم بچی سخت اذیت سہنے کے بعد ہلاک ہوگئی، پولیس نے ماں کو گرفتار کرلیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ شمال مشرقی برازیل کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں پولیس 5 سالہ بچی کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے، بچی کی آنکھیں اس کی اپنی ہی ماں نے نہایت سفاکی سے نکال لیں اور اس کی زبان بھی کاٹ دی جس کے بعد بچی سخت تکلیف میں ہلاک ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق ماں نے بچی کی زبان کاٹ کر اسے چبایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں شام 4 بجے ایک معمر خاتون کی کال موصول ہوئی جس نے بتایا کہ ان کی 30 سالہ بیٹی جیسمئیر گومز اپنی 5 سالہ بچی کو لے کر گزشتہ آدھے گھنٹے سے باتھ روم میں بند ہے اور اس نے دروازہ کھولنے سے انکار کردیا ہے۔

    تاہم پولیس کے وہاں پہنچنے سے قبل ہی گھر والوں نے بیرونی نالیوں سے خون بہتا دیکھا تو باتھ روم کا دروازہ توڑ دیا جہاں بچی خون میں لت پت مردہ حالت میں موجود تھی جبکہ اس کے قریب ہی ایک خون آلود قینچی بھی موجود تھی۔

    پولیس کے مطابق جب وہ وہاں پہنچی تو ماں نے ایک مالا اپنے ہاتھ میں پکڑ رکھی تھی اور وہ اس پر کچھ پڑھ رہی تھی، مقتول بچی کی نانی نے بتایا کہ اس کی بیٹی (قاتل ماں) اکثر یہ کہتے پائی گئی تھی کہ اس کی 5 سالہ بچی پر شیطانوں نے قبضہ کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اگلے روز جب ملزمہ کو بیان دینے کے لیے لایا گیا تو وہ مبہم زبان میں بات کرنے لگی جو مختلف زبانوں کا مجموعہ تھی۔ خاندان والوں کے مطابق ملزمہ ذہنی امراض کا بھی شکار رہی ہے اور کچھ عرصہ قبل اس کی ذہنی حالت خاصی بگڑ گئی تھی۔

  • گھر پر اکیلی موجود شیر خوار بچی ہلاک

    گھر پر اکیلی موجود شیر خوار بچی ہلاک

    امریکا میں ایک کم عمر بچی اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی جسے اس کا باپ کام پر جاتے ہوئے اکیلا گھر پر چھوڑ گیا تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست فلوریڈا میں پیش آیا، 22 سالہ ولنر مالی مشکلات کا شکار تھا اور گھر کا کرایہ ادا کرنے کے حوالے سے سخت پریشان تھا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق 4 بجے اسے اپنے دفتر سے کال موصول ہوئی اور اسے آنے کے لیے کہا گیا، ولنر کو فوری طور پر بچی کو سنبھالنے کے لیے کوئی بے بی سٹر نہیں مل سکا لیکن اس نے اپنی مالی حالت کے پیش نظر بچی کو گھر پر اکیلا چھوڑ کر کام پر جانے کا فیصلہ کیا۔

    پولیس کے مطابق واپس آ کر اس نے پالنے میں دیکھا تو بچی بے حس و حرکت اور سرد تھی، جس کے بعد اس نے پولیس کو فون کیا۔

    پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ ولنر جب بچی کو اکیلا چھوڑ کر جارہا تھا تو وہ جانتا تھا کہ اتنی کم عمر بچی کو گھر میں اکیلا چھوڑنا غلط ہے تاہم وہ جانے پر مجبور تھا کیونکہ اس کے مالی حالات نہایت ابتر تھے۔

    پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ہے اور اس غفلت برتنے کا الزام عائد کیا ہے، اگر الزامات ثابت ہوگئے تو اسے 15 سال قید اور 10 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔