Tag: Day of Disabled Persons

  • آج دنیا بھر میں معذور افراد کا عالمی دن منایا جارہا ہے

    آج دنیا بھر میں معذور افراد کا عالمی دن منایا جارہا ہے

    کراچی : معذور افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج معذوروں کا دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد معذور افراد کی مختلف شعبوں میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

    صحت اور تندرستی اللہ تعالی کی بڑی نعمتوں میں شامل ہیں، زندگی کی مشکل کا ان سے پوچھیں جو کسی جسمانی معذوری کا شکار ہیں، معذور افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج معذوروں کا دن منایا جارہا ہے۔

    معذور افراد کا عالمی دن منانے کا آغاز سال1992 میں اقوام متحدہ میں معذور افراد کی داد رسی کے لیے قرارداد پاس کر کے کیا گیا۔ اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا مقصد معذور افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انہیں کسی بھی طرح کے احساس کمتری کا شکار ہونے سے بچا کر ان کو زندگی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں اس وقت 65 کروڑ کے قریب افراد کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہے۔ یہ تعداد کل آبادی کا 10 فیصد ہے یعنی ہر 10 میں سے ایک شخص معذور ہے۔

    اس وقت دنیا بھر میں تقریباً 2 کروڑ نومولود بچے ماؤں کی کمزوری اور دوسری وجوہات کی بنا پر معذور پیدا ہوتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ معذور افراد کی 80 فیصد تعداد مختلف ترقی پذیر ممالک میں رہائش پذیر ہے جہاں انہیں کسی قسم کی سہولیات میسر نہیں۔ ان افراد کو عام افراد کی طرح پڑھنے لکھنے اور آگے بڑھنے کے مواقع بھی میسر نہیں۔

    اس کے برعکس ترقی یافتہ ممالک میں موجود 20 فیصد معذور افراد کو دنیا بھر کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ ان کا علاج معالجہ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    آج کا دن منانے کا مقصد یہی ہے کہ رنگ، نسل اور ذات سے بالاتر ہو کر خصوصی افراد کی بحالی میں انفرادی و اجتماعی طور پر بھر پور کردار ادا کیا جائے۔

    خصوصی افراد نے دنیا کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا اور اپنی صلاحیتوں سے یہ ثابت کر دیا اگران کے ساتھ ان کے ساتھ تعاون کیا جائے تو یہ عام لوگوں کی طرح اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔

    آج کا دن منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم رنگ، نسل اور ذات سے بالاتر ہو کر یہ عہد کریں کہ خصوصی افراد کی بحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

  • پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات کیے ہیں: عثمان بزدار

    پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات کیے ہیں: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات کیے ہیں، ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عملدر آمد یقینی بنایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خصوصی افراد کے حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات کیے ہیں، خصوصی تعلیم کے 4 نئے ادارے تعمیر اور 8 اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے 9 کروڑ روپے سے 14 نئی بسیں فراہم کی گئیں۔ ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عملدر آمد یقینی بنایا گیا ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عدم استحکام کی سازشیں کرنے والوں کے عزائم پورے نہیں ہوں گے، وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کو کرپشن سے پاک کریں گے۔