Tag: dead

  • کراچی : مسافر بس نے دو سالہ ننھی بچی کو کچل ڈالا

    کراچی : مسافر بس نے دو سالہ ننھی بچی کو کچل ڈالا

    کراچی : اورنگی ٹاؤن میں خونی مسافر بس نے بچی کو کچل دیا، دو سالہ ایمان نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، ڈرائیور اور کنڈیکٹر فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن10نمبر کے قریب مسافر بس کے نیچے آکر کچلی جانے والی 2 سال کی ایمان کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ اورنگی ٹاؤن منگل بازار کی پرہجوم سڑک پر پیش آیا، دو سالہ بچی قریبی مکان کی رہائشی تھی، کھیلتے ہوئی گھر سے باہر سڑک پر آگئی۔

    پولیس کے مطابق 2سال کی بچی سڑک سے گزرنے والی منی بس کے نیچے آگئی، بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر موقع سے فرار ہوگئے، مذکورہ بس تحویل میں لے کر ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو تلاش کیا جارہا ہے۔

    علاوہ ازیں کراچی میں تین تلوار کے قریب کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، پولیس نے کار سوار شخص کو گرفتار کرلیا۔

    ڈیفنس خیابان نشاط پر ڈبل کیبن گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس سے آن لائن فوڈ ڈلیوری کمپنی کا رائیڈر مرتضٰی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، پولیس نے ملزم ڈرائیور کو گرفتارکرلیا۔

    شارع فیصل کارساز کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ماں شدید زخمی جب کہ اس کا بیٹا جاں بحق ہوگیا جبکہ قیوم آباد جام صادق پل پر بھی نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

  • کوئٹہ : معروف عالم دین قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    کوئٹہ : معروف عالم دین قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    کوئٹہ : ایئرپورٹ روڈ پر فائرنگ سے معروف عالم دین مفتی عبد الباقی جاں بحق ہوگئے، مقتول تراویح پڑھنے کیلئے مسجد جارہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے عالم دین مفتی عبد الباقی شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلیے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مفتی عبدالباقی کو تراویح کیلئے مسجد جاتے ہوئے حملہ آوروں نے اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کے مطابق سول اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زیادہ خون بہہ جانے کے باعث مفتی عبدالباقی نے دم توڑ دیا۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تاہم تمام زاویوں سے واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    مزید پڑھیں : داماد کی فائرنگ سے 2 سالیاں قتل، بیوی زخمی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز چنیوٹ میں گھریلو تنازع پر داماد کی سسرال والوں پر فائرنگ کے نتیجے میں دو سالیاں جاں بحق اور بیوی زخمی ہوگئی، ملزم رستم کی بدسلوکی کے باعث اس کی بیوی اسے چھوڑ کر 2 بچوں سمیت میکے آئی تھی۔

    پولیس کے مطابق واقعہ محلہ پورن پلاد میں پیش آیا تاہم زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں الائیڈ اسپتال فیصل آباد بھجوادیا گیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہے اور گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

     

  • بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم، 12 طلبا ہلاک متعدد زخمی

    بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم، 12 طلبا ہلاک متعدد زخمی

    برازیل کی جنوب مشرقی ریاست ساؤ پالو میں ایک بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں یونیورسٹی کے 12 طالب علم ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست کے گورنر ٹارسیسیو فریٹاس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ سانحے کی افسوسناک خبر آئی ہے جس میں ایک بس اور ٹرک کے خوفناک حادثے میں 12 طلباء کی موت ہو گئی۔

    رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طلباء ریاست کے اندرونی حصے میں واقع نجی یونیورسٹی آف فرانکا سے گھر واپس جا رہے تھے۔

    ساؤ پالو کے حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثے کے بعد 21 زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا، تاہم ان میں سے بیشتر طلبا کو معمولی زخم آیا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

    دوسری جانب برازیلین حکومت نے اس افسوسناک واقعے پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ٹرک ڈرائیور کو زخمی حالے میں اسپتال سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ دسمبر 2024 میں بھی برازیل کے جنوب مشرقی ریاست میناس گیریس میں ایک بس حادثے میں 41 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اس حادثے کو 2007 کے بعد برازیل کی وفاقی شاہراہوں پر ہونے والا بدترین حادثہ قرار دیا گیا تھا۔

  • دو بچوں کے ساتھ پکنک پر جانے والی ماں کی پراسرار حالت میں موت، بچہ لاپتہ

    دو بچوں کے ساتھ پکنک پر جانے والی ماں کی پراسرار حالت میں موت، بچہ لاپتہ

    امریکا میں ایک والدہ اپنے 2 بچوں کے ساتھ ساحل پر پکنک منانے گئیں جہاں پراسرار حالات میں ان کی موت ہوگئی، بڑا بیٹا غائب ہوگیا جبکہ چھوٹے بچے کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست کیلی فورنیا کی مونٹیرری کاؤنٹی میں پیش آیا جہاں ایک مقامی خاتون اپنے 7 اور 3 سال کے بچے کے ساتھ ساحل پر وقت گزارنے گئیں۔

    ایک راہگیر نے 3 سال کے بچے کو ساحل پر اکیلا پایا تو پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے وہاں پہنچ کر بچے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

    بچے نے بتایا کہ اس کا بڑا بھائی اور والدہ سوئمنگ کے لیے سمندر کی طرف گئے اور غائب ہوگئے۔

    بچے کی معلومات پر پولیس نے تلاش شروع کی تو ماں کچھ دور ساحل پر بے حس و حرکت حالت میں مل گئی، اسے طبی امداد دی گئی اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

    پولیس نے دوسرے بچے کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے اور اس کے لیے فضائی آپریشن کیا جارہا ہے، قریبی علاقوں اور ساحلی پٹیوں پر بچے کو تلاش کرنے کی کوشش جارہی ہے۔

  • ڈبل روٹی کا ٹکڑا نوجوان باڈی بلڈر کیلئے موت کا سبب کیسے بنا؟

    ڈبل روٹی کا ٹکڑا نوجوان باڈی بلڈر کیلئے موت کا سبب کیسے بنا؟

    تامل ناڈو : بھارت میں نوجوان باڈی بلڈر محض ڈبل روٹی کا ایک نوالا کھانے سے موت کے منہ میں چلا گیا۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریاست تامل ناڈو میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 21 سالہ باڈی بلڈر نوجوان ہری ہرن کی موت ایک ڈبل روٹی کے ٹکڑے سے ہوگئی۔

    تامل ناڈو کا 21 سالہ نوجوان اسٹیٹ لیول چیمپئن شپ کی تیاریوں میں مصروف تھا کہ اس دوران نے ورزش کے دوران ڈبل روٹی کا ایک ٹکڑا کھالیا۔

    کھانے کے وقفے کے بعد وہ جیسے ہی اس نے دوبارہ ورزش کرنا شروع کی تو ڈبل روٹی کا ٹکڑا نوجوان کے حلق میں پھنس گیا اور سانسں لینے میں تکلیف کے باعث وہ نیچے گر کر فوری طور پر بےہوش ہوگیا۔

    نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کی شناخت ہری ہرن کے نام سے ہوئی ہے اور وہ 70 کلو کیٹیگری کے مقابلے میں حصہ لینے والا تھا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نوجوان کی موت ڈبل روٹی کا ٹکڑا غذا کی نالی کے بجائے سانس کی نالی میں پھنسنے کی وجہ سے ہوئی۔

  • دو بچے تیزاب کو شربت سمجھ کر پی گئے، تڑپ تڑپ کر جاں بحق

    دو بچے تیزاب کو شربت سمجھ کر پی گئے، تڑپ تڑپ کر جاں بحق

    اٹک : گھر میں صفائی کیلئے رکھے گئے تیزاب کو شربت سمجھ کر پینے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔ لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے نواحی علاقے ڈہوک گاما میں2کمسن بچے تیزاب پینے سے جان کی بازی ہار گئے، دونوں کمسن بھائیوں نے باتھ روم کی صفائی کا تیزاب شربت سمجھ کر پی لیا۔

    اپنے بچوں کو تڑپتا دیکھ کر والدہ پر غشی کے دورے پڑگئے، سیف اللہ اور سمیع اللہ کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئیں، لاشیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔

    واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر میں لاہور کے گریٹر اقبال پارک کے ایک ریسٹورنٹ میں مبینہ طور پر تیزاب پینے سے 2 بچے شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس کے مطابق تیزاب ہوٹل میں منرل واٹر کی بوتل میں موجود تھا، کچھ بوتلیں ریسٹورنٹ میں الگ سے رکھی ملی تھیں۔

  • امریکا میں ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں برآمد

    امریکا میں ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں برآمد

    واشنگٹن: امریکا میں غیر قانونی پناہ گزینوں سے بھرے ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں ملی ہیں، تمام افراد کی موت ہیٹ اسٹروک اور گھٹن کے باعث ہوئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکسس کے شہر سان انتونیو میں ایک ٹرک سے کم از کم 46 افراد کی لاشیں ملی ہیں، یہ غیر قانونی پناہ گزین تھے جن کو ٹیکسس کے جنوب میں اسمگل کیا جا رہا تھا۔

    حکام نے دیگر 16 افراد کو ٹرک سے مقامی اسپتال بھی منتقل کیا ہے۔

    سان انتونیو کے فائر کنٹرول کے محکمے کے مطابق ان افراد کی موت ہیٹ اسٹروک اور گھٹن کے باعث ہوئی تاہم مرنے والوں میں بچے شامل نہیں۔

    فائر چیف چارلس ہڈ کا کہنا ہے کہ جن متاثرین کو اسپتال پہنچایا گیا وہ ہیٹ اسٹروک اور گھٹن کا شکار تھے، یہ ریفریجیریٹڈ ٹریکٹر ٹرالر تھا لیکن بظاہر اس کا کوئی اے سی کام نہیں کر رہا تھا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرک ریاست کے جنوب مغربی علاقے میں ریل کی پٹڑی کے قریب سے کھڑا ملا تھا۔

    ٹویٹر پر شیئر کی گئیں تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرالر کے ارد گرد پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ ایمبولینس بھی کھڑی ہیں۔

    خیال رہے کہ میکسیکو کی سرحد سے امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش میں گزشتہ دہائیوں کے دوران ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ واقعہ ان میں سے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ہے۔

    سان انتونیو کے علاقے میں سنہ 2017 میں 10 غیر قانونی تارکین وطن ایک ٹرک میں ہلاک ہوگئے تھے جبکہ سنہ 2003 میں پیش آنے والے ایک واقعے میں 19 غیر قانونی پناہ گزین حبس کے باعث ٹرک میں ہلاک ہوگئے تھے۔

  • بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے 18 ہاتھی ہلاک

    بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے 18 ہاتھی ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 18 ہاتھیوں کی موت واقع ہوگئی، ریاستی حکومت نے 18 ہاتھیوں کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آسام میں آسمانی بجلی گرنے سے 18 جنگلی ہاتھی ہلاک ہوگئے، محمکہ جنگلات کے افسر ایم کے یادو کا کہنا ہے کہ جمعرات کو گاؤں کے کچھ افراد نے ایک جگہ پر 14 ہاتھیوں کو مردہ پایا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسی طرح دیگر 4 ہاتھیوں کو بھی دوسری جگہ پر مردہ پایا گیا ہے۔ ریاستی وزیر جنگلات پاریمل سکلابیدیا کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت نے 18 ہاتھیوں کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    وزیر کے مطابق ابتدائی رپورٹ دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ ہاتھیوں کی ہلاکت آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی ہے لیکن حتمی طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہاتھیوں کی ہلاکت کی اصل وجہ فرانزک ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔ رپورٹ سے علم ہوگا کہ کہیں ہاتھیوں کی موت زہریلی چیز کھانے سے تو نہیں ہوئی۔

    مقامی فاریسٹ رینجر کا کہنا ہے کہ اس نے جلے ہوئے درخت دیکھے ہیں جب کہ گاؤں کے افراد کا بھی کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ ہاتھیوں کی ہلاکت بدھ کو آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی ہو۔

  • چلتی واشنگ مشین میں کودنے والا بچہ ہلاک

    چلتی واشنگ مشین میں کودنے والا بچہ ہلاک

    نیوزی لینڈ میں ایک کم عمر بچہ چلتی ہوئی واشنگ مشین کے اندر پھنس کر ہلاک ہوگیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ فرنٹ لوڈ واشنگ مشین جس کا دروازہ سامنے کی طرف ہوتا ہے بچوں کے لیے ایک خطرہ ہے۔

    نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں پیش آنے والے اس واقعے کی زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں شام 5 بجے ایک بچے کے واشنگ مشین سے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔

    پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر بچے کو اسپتال منتقل کیا لیکن وہ دم توڑ گیا، بچہ مشین کا دروازہ کھول کر اس وقت اس کے اندر داخل ہوگیا جب مشین چل رہی تھی۔

    واقعے کے بعد اہل علاقہ سوگوار ہوگئے اور والدین کے دکھ میں شریک ہونے کے لیے ان کے گھر پر جمع ہوئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ فرنٹ لوڈ واشنگ مشین جس کا دروازہ سامنے کی طرف ہوتا ہے بچوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، اس طرح کی واشنگ مشین بچوں میں تجسس پیدا کرتی ہے اور وہ اسے دیکھنے کے لیے اس کے اندر کود جاتے ہیں۔

    اندر جانے کے بعد وہ پھنس سکتے ہیں اور ان کا دم گھٹ سکتا ہے یا کوئی بڑا لاعلمی میں مشین چلا سکتا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں ہر سال 5 سال سے کم عمر 3 ہزار کے قریب ایسے بچوں کو اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا جاتا ہے جو واشنگ مشین سے کسی حادثے کا شکار ہوجاتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں والے گھر میں ایسی واشنگ مشین رکھتے ہوئے اہل خانہ کو بہت محتاط رہنا چاہیئے، انہیں چاہیئے کہ لانڈری روم کا دروازہ مستقل بند رکھیں اور استعمال کے وقت بھی نہایت دھیان سے کپڑے دھوئیں۔

  • پاکستان میں کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں‌ ہوئی، ڈاکٹر ظفر مرزا

    پاکستان میں کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں‌ ہوئی، ڈاکٹر ظفر مرزا

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کروناوائرس سے پہلے مریض کی موت کی خبر جھوٹی قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئٹ کیا کہ جیونیوز کی گلگت بلتستان میں کرونا سے موت کی خبردرست نہیں ہے، پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک کوئی موت نہیں ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ گلگت کے مریض کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا، میڈیا سے درخواست ہے کہ جلدی میں خبر دینے کے بجائے پہلے معاملے کی تصدیق کرلیا کریں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کروناوائرس سے پہلی موت کی خبر منظر عام پر آئی تھی۔

    پاکستان میں کرونا وائرس سے پہلی موت، مریضوں‌ کی تعداد 247 تک پہنچ گئی

    جبکہ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کرونا کی پہلی موت کی تصدیق بھی کی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ انتقال کر جانے والے شخص کی عمر نوے برس تھی اور اُس کا تعلق گلگت بلتستان کے علاقے چلاس سے تھا۔

    تاہم اب وفاقی حکومت نے خبر کی تردید کردی ہے۔