Tag: dead level

  • حب ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم  ، صرف 3دن کے پانی کا کوٹہ رہ گیا

    حب ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ، صرف 3دن کے پانی کا کوٹہ رہ گیا

    کراچی : حب ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہوگئی، جس سے کراچی کے لئے صرف 3 دن کے پانی کا کوٹہ رہ گیا اور شہری بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، حب ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہوگئی، جس کی وجہ سے ضلع وسطی اور غربی میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا۔

    واٹر بورڈ حکام کے مطابق شہر کو حب ڈیم سے 30کروڑ گیلن سے زائد پانی فراہم کیا جارہا ہے اور حب ڈیم سے شہر کو صرف تین دن کے پانی کا کوٹہ رہ گیا ہے۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ حب ڈیم میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے لیول انتہائی کم سطح پر پہنچ گیا ہے، بارشیں نہ ہوئیں تو جولائی کے آخری ہفتے میں پانی کی فراہمی مکمل بند ہوجائے گی۔

    واضع رہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران بدستور جاری ہے، جس کی وجہ سے ہائیڈرنٹ مافیا کی چاندی ہوگئی ہے اور شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

    کراچی کے بعض علاقوں میں 15 سے 30 دن کے بعد پانی فراہم کیا جارہا ہے، جس سے نارتھ کراچی، سیکٹر نائن، ناگن چورنگی مسلم ٹاون، سرسید ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد ، اورنگی ٹاون، بلدیہ ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ حب ڈیم اور کینجھر جھیل کراچی کو پانی کی فراہمی کے دو بڑے ذرائع ہیں، جہاں سے پانی دھابیجی، گھارو اور حب پمپنگ اسٹیشنز کے ذریعے شہر کو سپلائی کیا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی

    تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی

    اسلام آباد : تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول کے قریب پہنچ گئی، آئندہ چند روز کے دوران ملک میں پانی اور بجلی کے نئے بحران کا خدشہ بڑھ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کم ہو گئی ہے، اگر بالائی علاقوں میں بارشیں نہ ہوئیں تو آئندہ چند روز میں تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی ختم ہو جائے گا۔

    اس وقت تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد صرف 13 ہزار 100 کیوسک اور اخراج 28 ہزار کیوسک ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی آمد صرف 19 ہزار 100 کیوسک اور اخراج 22 ہزار کیوسک ہے۔

    ماہرین کے مطابق اگر ڈیموں میں پانی ختم ہو گیا تو گندم کی فصل میں بڑے پیمانے پر کمی کا اندیشہ ہے، تربیلا ڈیم سے 3 ہزار 478 میگا واٹ کی بجائے صرف 550 میگاواٹ جبکہ منگلا ڈیم سے ایک ہزار کی بجائے صرف 280 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ اگر ڈیمو ں میں پانی ختم ہو گیا تو بجلی کی پیداوار مزید کم ہو جائے گی۔