Tag: dead

  • پنشن وصول کرنے کے لیے خاتون نے 11 سال شوہر کی لاش فریزر میں چھپائے رکھی

    پنشن وصول کرنے کے لیے خاتون نے 11 سال شوہر کی لاش فریزر میں چھپائے رکھی

    اوٹاہ: امریکا میں 75 سالہ خاتون 11 سال تک اپنے شوہر کی لاش فریزر میں چھپا کر اس کی پنشن وصول کرتی رہی۔

    امریکی ریاست اوٹاہ میں پولیس کو معمول کے ویلفیئر چیک کے دوران، جس میں اکیلے رہنے والے اور بزرگ افراد سے ان کا حال چال دریافت کیا جاتا ہے، ایک گھر سے 75 سالہ خاتون مردہ حالت میں ملیں۔

    پولیس نے لاش کو سرد خانے بھجوا کر جب گھر کی چیکنگ کی تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب فریزر سے خاتون کے شوہر کی لاش برآمد ہوئی۔ خاتون نے اپنے شوہر کے بارے میں مشہور کر رکھا تھا کہ وہ ناراض ہو کر انہیں چھوڑ کر کہیں چلا گیا ہے۔

    پولیس اس بارے میں تحقیق کر رہی ہے کہ آیا خاتون نے اپنے شوہر کو قتل کیا یا وہ کسی وجہ سے انتقال کر گیا اور خاتون نے اس کی لاش فریزر میں چھپا دی۔

    پولیس کے مطابق خاتون نے یہ حرکت ممکنہ طور پر اپنے شوہر کی پنشن وصول کرنے کے لیے کی۔ 11 سال کے عرصے کے دوران خاتون نے 1 لاکھ 77 ہزار ڈالرز حاصل کیے۔

    پولیس کو گھر سے ایک خط بھی ملا جو شوہر کی جانب سے لکھا گیا تھا اور اس میں درج تھا کہ ’میری موت میں میری بیوی کا کوئی ہاتھ نہیں‘۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے خاتون نے خود ہی یہ خط لکھ رکھا ہو۔

    پولیس نے مکان کو سیل کر کے کیس کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • عراق میں حکومت مخالف مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 112 ہوگئی

    عراق میں حکومت مخالف مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 112 ہوگئی

    بغداد: عراق کے مختلف شہروں میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، اس دوران شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد 122 ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں جاری خونریزی پر اقوام متحدہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فریقین باہمی مذاکرات کے ذریعے کشیدگی ختم کریں۔

    غیر ملکی خبرررساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا کہ صرف دارالحکومت بغداد میں ان احتجاجی مظاہروں کے دوران مزید پانچ افراد ہلاک اور پندرہ دیگر زخمی ہوگئے۔

    یوں گزشتہ منگل کے دن ان مظاہروں کے آغاز سے اب تک عراق میں مارے جانے والوں کی مجموعی تعداد ایک سو بارہ ہو گئی ہے۔ ان میں سے ایک سو چار مظاہرین اور آٹھ ملکی سکیورٹی اہلکار تھے۔

    عراق میں غربت اور کرپشن کے باعث ان حکومت مخالف عوامی مظاہروں میں اب تک چھ ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ زخمیوں میں بارہ سو کے قریب فوجی اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    عراق: حکومت مخالف احتجاج، 100 سے زائد افراد جاں بحق، وزیر اعظم کا اصلاحات کا اعلان

    ادھر عراق میں احتجاجی مظاہروں کے بعد وزیر اعظم عادل عبد الہمدی نے ملک میں قانونی اور مالیاتی اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم نے بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتیں دینے، کم آمدن والے شہریوں کو رہایشی اراضی الاٹ کرنے کے اعلانات کیے، اور سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں حکومت سے تعاون کیا جائے۔

  • بھارت کے سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں چوہے لاش کی آنکھیں کتر گئے

    بھارت کے سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں چوہے لاش کی آنکھیں کتر گئے

    نئی دہلی : بھارت کے شہر کلکتہ کے سرکاری اسپتال آرجےکھر کے مردہ خانے میں ہلاک ہونے والے شخص کی آنکھوں مبینہ طور پر چوہے کُتر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کلکتہ کے سرکاری ہسپتال آر جے کھر میڈیکل کالج کے مردہ خانے میں حادثے کے باعث ہلاک ہونے والے 69 سالہ سموناتھ داس کی لاش رکھی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق جب سموناتھ داس کی لاش ان کے بیٹے کے حوالے کی گئی تو آنکھیں غائب تھیں،اس حوالے سے بتایا گیا کہ رواں ماہ 18 اگست کو ٹریفک حادثے میں سموناتھ کی موت واقع ہوئی، جس کے بعد آر جے کھر میڈیکل کالج میں ان کا پوسٹ مارٹم ہوا اور پھر لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔

    سموناتھ کے بیٹے سشانت نے ہسپتال حکام کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ مردہ خانے کے ملازمین نے بتایا کہ ان کے والد کی آنکھیں چوہے کتر گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کی لاش کو پلاسٹک کی بڑی شیٹ اور ایک کپڑے میں اچھی طرح لپیٹ کر دیا گیا،ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے پلاسٹک ہٹائی تو دیکھا کہ والد کی آنکھیں غائب تھیں۔

    مرنے والے شخص کے بیٹے نے بتایا کہ مردہ خانے کے ملازمین نے چوہوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے،علاوہ ازیں اس بارے میں بتایا گیا کہ کلکتہ حکام نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    میڈیکل کالج کے پرنسپل سدھابان بٹیال نے بتایا کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، تشکیل دی گئی کمیٹی 72 گھنٹے میں اپنی رپورٹ جمع کرائے گی۔

    دوسری جانب صوبائی وزیر برائے صحت چندریما بھتاچاریہ نے واقعہ سے متعلق گفتگو کرنے سے گریز کیا۔

  • عراقی کردستان میں‌ فائرنگ، ترک سمیت تین سفارتکار ہلاک

    عراقی کردستان میں‌ فائرنگ، ترک سمیت تین سفارتکار ہلاک

    بغداد/انقرہ:نیم خود مختار عراقی کردستان کے صدر مقام یربیل میں فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم تین ترک سفارت کار ہلاک ہو گئے، ترک ایوان صدر نے یربیل (عراقی کردستان) سفارتکار کی ہلاکت کا بدلہ لینے کااعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یربیل میں ترک قونصل خانے کے ڈپٹی قونصل جنرل بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں، ترک وزارت خارجہ نے بھی یربیل میں اپنے قونصل خانے میں کام کرنے والے ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ نامعلوم مسلح بندوق برداروں نے سفارتکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ ایک ریستوران میں کھانا کھا رہے تھے۔

    یربیل پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایک مسلح شخص نے فائرنگ کی اور بعد میں جائے حادثہ سے فرار ہو گیا۔

    عینی شاہدین نے بتایا کہ انھوں نے حملے کے بعد جائے حادثہ اور عینکاوہ کے علاقے میں جگہ جگہ ناکے لگے دیکھے ۔ مذکورہ وہ کا علاقہ ریستوران کے لیے مشہور ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابھی تک کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    کردستان لیبر پارٹی کے عسکری ونگ کے ترجمان دیار دنیر نے یربیل حملے سے اپنی تنظیم کی لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

    واضح رہے کہ ترکی، عراق کا ہمسایہ ملک ہے، اور وہ شمالی عراق کے علاقوں پر زمینی اور فضائی حملے کرتا رہتا ہے جن میں وہ کردستان لیبر پارٹی کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بناتا ہے.

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کردستان لیبر پارٹی کو امریکا اور یورپی یونین دہشت گرد تنظیم گردانتے ہیں۔

  • آپ کا بیٹا انتقال کرچکا ہے، بھارت میں ایک اور زندہ شخص مردہ قرار

    آپ کا بیٹا انتقال کرچکا ہے، بھارت میں ایک اور زندہ شخص مردہ قرار

    نئی دہلی: بھارتی شہرلکھنو میں مردہ قرار دیے جانے والے مسلمان نوجوان آخری رسومات کے دوران اٹھ کر بیٹھ گیا جنہیں دیکھ کر گھر والے حیرت زدہ ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر لکھنو سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ نوجوان شہری محمد فرقان طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا اسپتال پہنچنے تک نوجوان بے ہوش ہوچکا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ نے نوجوان کا 7 لاکھ روپے کا بل بنانے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا، فرقان کے اہلخانہ نے ڈاکٹر کی جانب سے موت کی تصدیق ہونے کے بعد رشتے داروں کو آگاہ کرنا شروع کیا تاکہ نوجوان کی آخری رسومات ادا کی جاسکیں اور آخری رسومات کے لیے مذہبی پیشوا کی خدمات طلب کیں۔

    مردہ قرار دیے جانے والے شہری کی آخری رسومات روایتی طریقے سے جاری تھیں کہ غم سے نڈھال بڑے بھائی نے فرقان کے ہاتھ، پاؤں میں جنبش دیکھی اور اہلخانہ کوآگاہ کیا جس کی تصدیق اہل خانہ نے بھی کی۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اہل خانہ نے واقعے کے بعد فرقان کو آواز دی تو نوجوان نے آنکھیں کھولی جس کے بعد اسے دوبارہ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کے زندہ ہونے کی تصدیق کردی۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں مردہ شخص پوسٹ مارٹم کے دوران جی اٹھا

    یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھی بھارتی ریاست راجستھان میں مردہ قرار دیے جانے والے 95 سالہ بزرگ آخری رسومات میں اٹھ کر بیٹھ گئے تھے جنہیں دیکھ کر گھر والے خوف سے بھاگ کھڑے ہوئے۔

    مردے کے زندہ ہونے کے بعد اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے اُن کے ساتھ تصاویر بنوائیں مذکورہ واقعہ 11 نومبر بروز اتوار پیش آیا۔

  • بھارت: لیچی کھانے سے مہلک بیماری نے 150 بچوں کی جانیں لے لیں

    بھارت: لیچی کھانے سے مہلک بیماری نے 150 بچوں کی جانیں لے لیں

    نئی دہلی: بھارت میں لیچی کھانے سے پیدا ہونے والی مہلک بیماری کے باعث ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 150 سے زائد ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں کچی لیچی کھانے سے سینکڑوں بچے دماغ کی مہلک بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں، جن میں سے 150 ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ابتدائی طور پر وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر ضلع مظفرپور کے چیف مجسٹریٹ نے انکوائری کا حکم دیا ہے، جبکہ اس بیماری کا نام Encephalitis Syndrome ہے۔

    سری کرشنا میڈیکل کالج اور اسپتال ( ایس کے ایم سی ایچ) میں اس وقت 100 سے زائد بچے زیر علاج ہیں اور بستروں کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، اسی ہسپتال کے کاریڈور میں کھڑے پریشان حال والدین میں 25 سالہ دلیپ ساہنی بھی شامل ہیں جو ایک مزدور ہیں، وہ اپنی ساڑھے 4 سالہ بیٹی مسکان کو بیمار پڑنے کے صرف 24 گھنٹے بعد اسپتال لائے تھے۔

    ایکیوٹ انسیفلائٹس سینڈروم ایکیوٹ انسیفلائٹس سینڈروم دماغی سوزش ہے، اس مرض کی علامات دماغ کے متاثرہ حصے کی بنیاد پر تبدیل ہوسکتی ہیں، عام طور پر سردرد، بخار، ذہنی الجھن اور جھٹکے لگنا شامل ہیں،اس بیماری کو بہار میں مقامی زبان میں چمکی بخار کہا جاتا ہے۔

    کئی ڈاکٹر بچوں کی ہلاکت کی خبر کی وجوہات کی تصدیق اب تک نہیں کررہے لیکن ایک نظریہ یہ بھی ہے کہ لیچی میں پایا جانے والا زہریلا مواد غریب خاندانوں کے ان بچوں کو متاثر کررہا ہے جو رات میں کھانا کھائے بغیر سوتے ہیں، اور بیماری ہلاکتوں کا سبب بن رہی ہے۔

  • بھارت میں لیچی کھانے سے ہلاک بچوں کی تعداد 100 ہوگئی

    بھارت میں لیچی کھانے سے ہلاک بچوں کی تعداد 100 ہوگئی

    بہار: بھارت میں لیچی کھانے سے ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی، شہریوں نے اپنی زمینوں سے اگنے والے لیچی کی فصل کو تلف کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے علاقے مظفر گڑھ کے کسانوں اور شہریوں نے اپنی زمینوں سے اگنے والے لیچی کی فصل کو تلف کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست بہار میں لیچی کھانے سے پراسرار دماغی بیماری میں مبتلا ہو کر مرنے والے بچوں کی تعداد 100 ہوگئی۔

    بھارتی ریاست بہار میں دماغ کی سوزش کے باعث 10 سال سے کم عمر کے بچوں کی پراسرار ہلاکتوں کی وجہ وزارت صحت نے لیچی کو قرار دے دیا۔

    ریاست بہار کی وزارت صحت نے والدین کو ہدایت جاری کی ہیں کہ بچوں کو خالی پیٹ لیچی کھلانے سے گریز کریں، لیچی میں ایسے اجزاء موجود ہوتے ہیں جو دماغ کی سوزش کا باعث کا بن سکتے ہیں۔

    تحقیقات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ بھارت ریاست بہار کے سب سے متاثرہ علاقے مظفر گڑھ میں اگنے والی لیچی میں ایک زہریلا مادہ پایا گیا ہے جو دماغی مرض کا باعث بنتا ہے۔

    وزارت صحت کی تجویز پر ریاست بہار کے علاقے مظفر گڑھ کے کسانوں اور شہریوں نے اپنی زمینوں سے اگنے والے لیچی کی فصل کو تلف کردیا جب کہ مارکیٹ سے بھی لیچی کے ذخیرے کو اٹھایا جا رہا ہے۔

    بہار میں گرمی کے باعث 91 افراد ہلاک، عوام کا وزیر صحت کے خلاف احتجاج

    دوسری جانب بھارت میں شدید گرمی بھی قہر برسارہی ہے، شدید گرمی کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 100 سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • جیل میں دو گروہ کے درمیان خونی تصادم، 40 قیدی ہلاک

    جیل میں دو گروہ کے درمیان خونی تصادم، 40 قیدی ہلاک

    ساؤ پاؤلو : برازیلن جیل میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہوگئے، دونوں گروہ کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب مہمانوں کی ملاقات کا وقت تھا۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کی جیل میں قیدیوں اور ان کے مہمانوں کے دو گروہ کے درمیان خوں ریز تصادم میں ہلاکتوں کی تعداد 40 ہوگئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کی ایک خطرناک جیل میں قیدیوں کے درمیان جھڑپ سے جیل میدان جنگ بن گیا، قیدیوں نے چاقوﺅں، خار دار برشوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے دو گروہ کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب مہمانوں کی ملاقات کا وقت تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مہمانوں کے گروہ کے درمیان بھی جھڑپ شروع ہوگئی، پولیس نے فساد پر قابو پانے کے لیے مزید نفری طلب کی جس کے بعد ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے اکثر تیز دھار آلہ کی ضرب کا نشانہ بنے جب کہ کچھ قیدیوں کو گلا گھونٹ کر بھی ہلاک کیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ محکمہ جیل خانہ جات نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ جیل شمالی برازیل کی ریاست ایمیزوناس میں واقع ہے اور دو برس قبل اسی جیل میں قیدیوں کی بغاوت کو کچلنے کے دوران 56 قیدی مارے گئے تھے۔

  • بھارت: والدین کی غفلت، جواں سال لڑکی جھلس کر ہلاک

    بھارت: والدین کی غفلت، جواں سال لڑکی جھلس کر ہلاک

    ممبئی: بھارت میں گھر والوں کی غفلت سے جواں سال لڑکی جھلس کر ہلاک ہوگئی، والدین بیٹی کو کمرے میں بند کرکے شادی میں شرکت کے لیے چلے گئے، آگ لگنے کے بعد لاک نہ کھل سکا۔

    تفصیلات کے مطابق ممبئی میں گھر والوں کی غفلت سے جوانسال لڑکی ہلاک ہوگئی، بھارتی ٹی وی کا کہنا ہے کہ ایک ہولناک واقعہ گذشتہ روز بھارتی شہر ممبئی میں واقع سبربن داداڑ کے پولیس اسٹیشن کمپاونڈ میں پیش آیا جہاں 16 سالہ شراوانی چون کی آگ لگنے سے مو ت واقع ہوگئی۔

    شراوانی چون اپنے کمرے میں سو رہی تھی جبکہ اس کے گھر والے سمجھے کے شراوانی اپنے کمرے میں پڑھ رہی ہے اور اس کو باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، شراوانی کی فیملی نے شراوانی کے کمرے سمیت گھر کو لاک کیا اور ایک شادی میں شرکت کے لیے چلے گئے۔

    فائر بریگیڈ کے مطابق آگ 1بج کر 45 منٹ پر بھڑکی اور داداڑ پولیس اسٹیشن کمپاونڈ میں موجود 5 منزلہ عمارت کی تیسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، فائر بریگیڈ کے نمائندے نے تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کے شراوانی کا کمرہ اند سے لاک تھا جبکہ کمرے سے مٹی کے تیل کی ایک خالی بوتل بھی برآمد ہوئی ہے۔

    فائر بریگیڈ کے نمائندے نے مزید بتایا کہ شراوانی کو مقامی اسپتال لے جایاگیا مگر وہ آگ سے بری طرح سے جھلس چکی تھیں، ڈاکٹرز نے شراوانی کو داخل کرنے سے منع کر دیا اور ان کی موت کی تصدیق کی۔

    شراوانی کے والد وکولا پولیس اسٹیشن میں نائک پولیس تعینات ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں کافی نقصان ہوا ہے اور شبہ ہے کہ اپارٹمنٹ میں نصب ایئر کنڈیشنڈ میں شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں آگ لگی جس نے سارے اپارٹمنٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور اپارٹمنٹ سے بر آمد ہونے والی مٹی کے تیل کی بوتل کی بھی تفتیش کی جارہی ہے۔

  • میکسیکو میں حکومتی تحویل میں لیا گیا صحافی تشدد کے بعد قتل

    میکسیکو میں حکومتی تحویل میں لیا گیا صحافی تشدد کے بعد قتل

    میکسیکو سٹی : میکسیکو صحافیوں کے لیے خطرناک ممالک کی فہرست میں شامل ہے، میکسیکو کے صحافی فرانسسکو رومیرو کو تشدد کے بعد چہرے پر دو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے کرائم رپورٹر فرانسسکو رومیرو کو قتل کی دھمکیاں ملنے پر وفاقی حکومت کی جانب سے چار محافظ فراہم کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود وہ بہیمانہ طور پر قتل کر دیئے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فرانسسکو رومیرو ان 12 صحافیوں میں شامل تھے جنہیں قتل کی دھمکیوں پر وفاق کی جانب سے تحفظ فراہم کیا گیا تھا، انہیں صبح 5 بجے ایک کال موصول ہوئی جس میں نائٹ کلب میں ایک حادثے کی اطلاع دی گئی جس پر وہ نائٹ کلب گئے تھے جہاں انہیں تشدد کے بعد قتل کردیا گیا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ صحافی نے اپنے چاروں محافظوں کو رات 10 بجے ہی گھر روانہ کردیا تھا اور خود سو گئے تھے جبکہ نائٹ کلب جاتے ہوئے وہ اپنا حفاظتی بٹن بھی ساتھ لیکر نہیں گئے جسے دبا کر پولیس کو خطرے کی اطلاع دے سکتے تھے۔

    فرانسسکو رومیرو ریاست کے ایک اہم اخبار سے منسلک تھے اور اپنا فیس بک پیج بھی چلاتے تھے جس میں وہ سیاست اور جرائم کے درمیان تعلق سے پردہ اٹھاتے تھے۔ میکسیکو صحافیوں کے لیے خطرناک ممالک میں شامل ہیں جہاں رواں برس 5 صحافی قتل کیے گئے ہیں۔