Tag: Deadly

  • برطانیہ میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے حوالے سے نیا انکشاف

    برطانیہ میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے حوالے سے نیا انکشاف

    ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں موجود کرونا وائرس کی نئی قسم دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ جان لیوا اور متعدی ہے۔ ماہرین نے کرونا کی اس قسم سے اموات کی شرح کا تعین بھی کیا ہے۔

    حال ہی میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ برطانیہ میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم پرانی اقسام کے مقابلے میں 64 فیصد زیادہ جان لیوا ہے۔

    برسٹل، لنکا شائر، واروک اور ایکسٹر یونیورسٹیوں کی اس مشترکہ تحقیق میں یکم اکتوبر 2020 سے 29 جنوری 2021 کے دوران کرونا وائرس کی برطانوی قسم سے متاثر 54 ہزار مریضوں کا موازنہ اتنی ہی تعداد میں پرانی قسم سے بیمار ہونے والے افراد سے کیا۔

    ماہرین نے عمر، جنس، نسل، علاقے اور سماجی حیثیت جیسے عناصر کو مدنظر رکھ کر یقینی بنایا کہ اموات کی وجہ کوئی اور نہ ہو۔

    یہ کسی طبی جریدے میں شائع ہونے والی پہلی تحقیق ہے جس میں کرونا کی برطانوی قسم سے اموات کی شرح کا تعین کیا گیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی اصل قسم سے شرح اموات ہر ایک ہزار میں 2.5 تھی مگر برطانوی قسم میں یہ شرح ہر ایک ہزار میں 4.1 تک پہنچ گئی، جو 64 فیصد زیادہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی یہ نئی قسم نہ صرف زیادہ تیزی سے پھیل سکتی ہے بلکہ یہ زیادہ جان لیوا بھی نظر آتی ہے۔

    اس نئی قسم کے نتیجے میں اموات کی شرح میں اضافے کی وجوہات کو مکمل طور پر واضح نہیں کیا گیا، تاہم حالیہ مہینوں میں سامنے آنے والے کچھ شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ بی 1.1.7 سے متاثر افراد میں وائرل لوڈ زیادہ ہوتا ہے، جس کے باعث وائرس نہ صرف زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے بلکہ مخصوص طریقہ علاج کی افادیت کو بھی ممکنہ طور پر متاثر کرسکتا ہے۔

    برطانیہ میں یہ نئی قسم سب سے پہلے ستمبر میں سامنے آئی تھی اور اس کی دریافت کا اعلان دسمبر 2020 میں کیا گیا تھا، جو اب تک درجنوں ممالک تک پہنچ چکی ہے اور امریکا میں یہ دیگر اقسام کے مقابلے میں 35 سے 45 فیصد زیادہ آسانی سے پھیل رہی ہے۔

    امریکی حکام کا اندازہ ہے کہ یہ نئی قسم رواں سال مارچ میں امریکا میں سب سے زیادہ پھیل جانے والی قسم ہوگی۔

    اس نئی قسم سے لاحق ہونے والا سب سے بڑا خطرہ اس کا زیادہ تیزی سے پھیلنا ہی ہے، ایک اندازے کے مطابق یہ پرانی اقسام کے مقابلے میں 30 سے 50 فیصد زیادہ متعدی ہے، تاہم کچھ سائنسدانوں کے خیال میں یہ شرح اس سے زیادہ ہوسکتی ہے۔

  • شارک حملوں سے زیادہ اموات سیلفی کے شوق میں ہوئیں، رپورٹ

    شارک حملوں سے زیادہ اموات سیلفی کے شوق میں ہوئیں، رپورٹ

    نئی دہلی : رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روس میں زیادہ تر ہلاکتیں بلند و بالا عمارتوں اور یا پھر کسی پل سے سیلفی لینے کے شوق میں ہوئیں جبکہ امریکا میں بلند و بالا پہاڑوں پر سلیفی کا شوق موت کا باعث بنا۔

    تفصیلات کے مطابق پوری دنیا میں سیلفی لینے کے شوق میں سب سے زیادہ بھارت کے باشندے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر روس کا ہے، تیسرے نمبر پر امریکہ اور چوتھے پر پاکستان ہے۔

    جرمن نشریاتی ادارے کا کہنا تھاکہ اکتوبر 2011 سے نومبر 2017 تک کے درمیانی عرصے میں کم از کم 259 افراد سیلفی لیتے ہوئے ہلاک ہوئے جب کہ اسی عرصے کے دوران خطرناک ترین قرار دی جانے والی شارک مچھلی کے حملے میں صرف 50 افراد نے اپنی زندگیوں کی بازی ہاری تھی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے باعث بھارتی حکومت نے متعدد ایسے علاقوں اور مقامات پہ سیلفی لینے پر پابندی عائد کردی ہے جو دیگر کی نسبت زیادہ خطرناک تصور کیے جاتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساحلی شہر ممبئی میں 16 ایسے مقامات ہیں جہاں سیلفی لینے پر پابندی عائد ہے۔

    دستیاب اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس میں زیادہ تر ہلاکتیں بلند و بالا عمارات اور یا پھر کسی پل سے سیلفی لینے کے شوق میں ہوئیں جب کہ امریکہ میں زیادہ تر ہلاکتیں بلند پہاڑوں پر سے سیلفی لینے کے سبب ہوئیں۔

  • ہالینڈ میں‌ ٹرام پر حملہ کرنے والے مشتبہ دہشت گرد نے اعتراف جرم کرلیا

    ہالینڈ میں‌ ٹرام پر حملہ کرنے والے مشتبہ دہشت گرد نے اعتراف جرم کرلیا

    ایمسٹرڈیم : ہالینڈ کے شہر اتریخت میں ٹرام پر فائرنگ کرنے متعدد افراد زخمی و ہلاک کرنے والے مشتبہ دہشت گرد نے عدالت میں اعتراف جرم کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ملک ہالینڈ کے شہر اتریخت میں گزشتہ دنوں ٹرام پر ترک نژاد مشتبہ دہشت گرد نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی جسے ہالینڈ کی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا تھا۔

    ڈچ استغاثہ کا کہنا تھا کہ ٹرام پر حملہ کرنے والا 37 سالہ دہشت گرد نے ذاتی طور پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عدالت میں ترک نژاد متعدد افراد کے قتل کی فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ہالینڈ کے شہر اتریخت میں ترک نژاد شہری نے ٹرام میں سفر کرنے والے مسافروں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    نیدر لینڈز: ترک شہری کی ٹرام میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ 10 بجکر 45 منٹ پر پیش آیا تھا جس کے بعد انسداد دہشت گردی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ایک عمارت کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

    میئر اتریخت نے فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حملے میں 9 افراد زخمی ہوئے۔

    ہالینڈ: ٹرام میں فائرنگ کرنے والا مشتبہ حملہ آور گرفتار

    بعدازاں اتریخت پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

  • ایران: فوجی پریڈ پر حملہ، 24 افراد جاں بحق، 30 زخمی

    ایران: فوجی پریڈ پر حملہ، 24 افراد جاں بحق، 30 زخمی

    تہران : ایران کے شہر احواز میں سیکیورٹی فورسز کی پریڈ کے دوران نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 30 افراد زخمی 24 جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے جنوب مغربی شہر احواز میں پریڈ کے دوران مسلح حملہ آوروں نے بے دریغ فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں درجنوں شہری زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد دینے کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچے سمیت 30 افراد دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بنے ہیں، حملے کے نتیجے میں سپاہ پاسداران کے 8 اہلکاروں سمیت24  افراد کے جاں بحق ہوئے ہیں۔

    ایرانی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ حملہ موٹر سائیکل پر سوار خاکی وردی میں ملبوس 2 دہشت گردوں نے (ایرانی وقت کے مطابق) صبح 9 بجے پریڈ پر حملہ کیا تھا، حکام نے بتایا ہے کہ فائرنگ دونوں مسلح دہشت گردوں کو موقع پر ہی ہلاک کردیا جبکہ دو گرفتار کرلیے گئے۔

    ایرانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں پریڈ میں موجود عام شہریوں پر فائرنگ کی تھی اور اعلیٰ سیکیورٹی افسران کوگولیوں کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ نامعلوم حملہ آور نے پریڈ کا معائنہ کرنے والے شہریوں پر عقب سے فائرنگ کی تھی جو 10 منٹ تک جاری رہی تاہم سیکیورٹی فورسز نے حالات پر قابو پالیا ہے۔

    ایران کے سرکاری نیوز ایجنسی کا کہناہے کہ حملہ عسکریت پسندوں کی جانب سے کیا گیا تھا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق سنہ 1980 میں عراقی آمر صدام حسین کی جانب سے ایران پرمسلط کی گئی جنگ کے 38 برس مکمل ہونے کے حوالے سے احواز سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پریڈ جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ احواز ایران کے ان شہروں میں سے ایک ہے جہاں گذشتہ برس عوام کی جانب سے اشیاء مہنگی ہونے پر حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

    ایسے حملوں کے ذمہ دار امریکی حکام ہیں، جواد ظریف

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ غیر ملکی طاقتوں کے بھرتی دہشت گردوں نے حملہ کیا۔

    وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ حملے کے زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، امریکی حکام ایسے حملوں کے ذمہ دار ہیں۔

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ عوام کی حفاظت کے لئے تیز رفتاری سے مؤثر جواب دیں گے۔


    مزید پڑھیں : پاکستان ایران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے، دفتر خارجہ


    پاکستان ایران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے، دفتر خارجہ

    پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے ایرانی شہر احواز میں فوجی پریڈ کے دوران دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جار ی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کرتا ہے۔