Tag: death

  • کراچی : خواجہ شمس الاسلام کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی : خواجہ شمس الاسلام کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں گزشتہ روز مسجد کے باہر ہونے والی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اور ان کے بیٹے سمیت 2 افراد زخمی ہوئے، ملزم مقتول کے سابق گن مین کا بیٹا نکلا۔

    خواجہ شمس الاسلام کے قتل کامقدمہ ان کے بھائی خواجہ فیض الاسلام کی مدعیت میں درخشان تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مذکورہ مقدمے میں 7 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں دہشت گردی، قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق خواجہ شمس الاسلام کا قاتل ان کے سابق گن مین کا بیٹا عمران آفریدی ہے، جس نے اعتراف جرم کرلیا، ملزم نے چند ماہ قبل بھی خواجہ شمس پر حملہ کیا تھا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ملزم کا الزام ہے کہ اس کے والد کو خواجہ شمس الاسلام نے 2021 میں قتل کرایا تھا۔ تاہم اب وکیل پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے۔

  • کراچی : تھانے سے فرار ہونے والا ملزم پولیس فائرنگ سے ہلاک

    کراچی : تھانے سے فرار ہونے والا ملزم پولیس فائرنگ سے ہلاک

    کراچی (30 جولائی 2025) شہر قائد کے علاقے پاپوش نگر کے تھانے سے فرار ہونے والا ملزم پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے ملزم ہلاک ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں پاپوش نگر تھانے کے عقب میں پولیس کی فائرنگ سے مبینہ ملزم کی ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم عباس کو منشیات فروشی کے کیس میں پاپوش نگر تھانے کے اہلکاروں نے گرفتار کرکے لاک اپ کیا تھا اور پوچھ گچھ کیلیے لاک اپ سے تفتیشی افسر کے کمرے میں لے جایا گیا تھا۔

    ملزم موقع پاتے ہی فرار ہونے کیلیے تھانہ پاپوش نگر کے تفتیشی افسر کے کمرے سے نکل کر بھاگا، مبینہ ملزم کے پیچھے پولیس اہلکار بھی بھاگا اور نہ رکنے پر اس پر پیچھے سے فائرنگ کی۔

    ملزم کو پکڑنے کے دوران پولیس اہلکار کی چلائی گولی زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے جان لیوا ثابت ہوئی، فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ ہلاک ملزم عباس کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا ہے، پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ملزم پر 5 سے زائد مقدمات درج تھے۔

    مزید پڑھیں : 16 سالہ لڑکی کا قاتل پڑوسی نکلا، تہلکہ خیز انکشافات

    کراچی کے علاقے ملیر کھوکھراپار میں لڑکی اریبہ کی لاش ملنے کا معمہ 20 دن میں حل ہوگیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 16 سالہ لڑکی اریبہ کے قتل میں ملوث پڑوسی ملزم محمد حذیفہ کو گرفتار کرلیا۔

    ملزم نے اعترافی بیان میں کہا کہ 10 جولائی کو لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، شور مچانے پر لڑکی کا منہ دبایا جس سے وہ مر گئی، لڑکی پڑوسن تھی، دوست کا پوچھنے میرے گھر آئی تھی۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا ہلک ہوگن کے انتقال پر ردعمل

    ڈونلڈ ٹرمپ کا ہلک ہوگن کے انتقال پر ردعمل

    واشنگٹن(25 جولائی 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریسلر ہلک ہوگن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیڈرل ریزرو بینک کےدورےکے بعد میڈیا سے گفتگو میں ہلک ہوگن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے ایک اچھے دوست کو کھودیا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہلک ہوگن صحیح معنوں میں ’’میگا‘‘ کے حامی تھے، ہلک ہوگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر امریکی صدر نے لکھا کہ ہلک ہوگن نے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں بھی شاندار تقریر کی تھی، انہوں نے دنیا بھر کے مداحوں کو محظوظ کیا اور اُن کا ثقافتی اثر بے حد وسیع تھا۔

    ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں چل بسے

    امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہلک ہوگن کی اہلیہ اسکائی اور اہلِ خانہ سے تعزیت کرتا ہوں، ہلک ہوگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ  ہمارے بغیر دنیا کی معیشت بیٹھ جائے گی، جاپان کے ساتھ ٹیرف ڈیل سے امریکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، ہماری پالیسی کی نتیجے میں یورپی یونین نے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز 71 برس کی عمر میں ہلک ہوگن امریکا کے شہر فلوریڈا میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

  • میں نے بڑے بھائی کو گردہ دیا تھا، آج ڈاکوؤں نے اسے مار ڈالا، بھائی کی دُہائی

    میں نے بڑے بھائی کو گردہ دیا تھا، آج ڈاکوؤں نے اسے مار ڈالا، بھائی کی دُہائی

    کراچی : لانڈھی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر ایک شہری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول چھوٹے بھائی کے عطیہ کیے گئے گردے پر زندگی گزار رہا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 4 کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    مقتول کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ شاہ فہد 2 بچوں کا باپ اور شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں کمپریسر بنانے کا کام کرتا تھا۔

    اہل خانہ کے مطابق علاقے میں اس وقت بجلی نہیں تھی جس کا فائدہ اٹھا کر موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے لوٹ مار کی واردات کی۔

    مقتول شاہ فہد کے بھائی نے بتایا کہ میں نے بڑے بھائی فہد کو ایک گردہ دیا تھا آج ڈاکوؤں نے اس کی بھی جان لے لی۔

    علاوہ ازیں لیاقت آباد سپرمارکیٹ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ شہر قائد کراچی میں رواں برس کے ساڑھے چار ماہ میں اب تک 40 شہری ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    کراچی : 2 بہنوں کا اکلوتا بھائی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز ہی لانڈھی میں ڈاکوؤں نے ایک معصوم کی جان لی تھی جبکہ فائرنگ سے اس کی خالہ بھی زخمی ہوگئی، 10 سالہ امین دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

    لانڈھی 89 میں ڈکیتوں نے نوجوان سے موٹر سائیکل چھینتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے گلی میں موجود 10 سالہ امین گردن پر گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں نوجوان کی خالہ ناصرہ بی بی بھی زخمی ہوئی، جنہیں تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • حیدرآباد : جھگڑے میں صلح کرانے والا اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    حیدرآباد : جھگڑے میں صلح کرانے والا اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    حیدرآباد میں مالک مکان اور کرایہ دار میں جھگڑے کے دوران صلح کروانے والا شخص گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا، ملزم واقعے کے بعد فرار ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے تھانہ حالی روڈ کی حدود میں تین ماہ سے کرایہ کی عدم ادائیگی پر مالک مکان اور کرایہ دار کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں تیسرا شخص جان کی بازی ہار گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملک مالک مکان چینا ولد شوکت گدی اور کرایہ دار فیصل کے درمیان کرائے کی عدم ادائیگی پر شدید تلخ کلامی ہوگئی۔

    اس موقع پر جھگڑا ختم کروانے کیلیے آنے والے چالیس سالہ شخص سنی گدی کو ملزم شوکت گدی نے گولی مار کر قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول صلح کروانے کے لیے پہنچا تھا جس کو مالک مکان شوکت گدی نے غصے میں آکر گردن میں گولی مار دی۔

    مقتول سنی کی لاش کو قانونی کارروائی کیلیے سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا جب کہ ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

    حیدرآباد : سیاسی جماعت کے اہم عہدیدار کو قتل کردیا گیا

    واضح رہے کہ حیدرآباد کی یوسی ہٹڑی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سابق یوسی چیئرمین کامل علی شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق کامل علی کو نواحی گوٹھ میں نامعلوم افراد نے گھرکے باہراس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ رہے تھے۔

  • کرم میں کشیدگی برقرار، سیز فائر کے باوجود فائرنگ سے مزید 6 افراد جاں بحق

    کرم میں کشیدگی برقرار، سیز فائر کے باوجود فائرنگ سے مزید 6 افراد جاں بحق

    کرم میں سیز فائر کے باوجود کشیدگی میں کمی نہیں آسکی، فریقین میں جھڑپوں کے دوران فائرنگ سے مزید 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع کرم کے مختلف مقامات پر 11 روز سے فائرنگ اور جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ تازہ واقعات میں مزید 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق جھڑپوں اور گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعات میں اب تک 130 افراد جاں بحق اور 186 زخمی ہو چکے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود نے بتایا ہے کہ لوئر کرم کے مختلف مقامات پر سیز فائر کرکے پولیس اور فورسز کے دستے تعینات کیے گئے ہیں جبکہ دیگر علاقوں میں آج فائر بندی کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

    سماجی رہنما میر افضل کا کہنا ہے کہ پارا چنار پشاور مرکزی شاہراہ سمیت دیگر راستے 50 روز سے بند ہیں، شاہراہوں کی بندش سے تیل، اشیائے خورونوش اور ادویات ختم ہوگئیں ہیں۔

  • لندن : سارہ شریف قتل کیس کی سماعت

    لندن : سارہ شریف قتل کیس کی سماعت

    لندن : دس سالہ بچی سارہ شریف قتل کیس کی سماعت آج لندن کی اولڈ بیلی ہائی کورٹ میں ہوگی، نامزد ملزمان مقتولہ کے والد، سوتیلی والدہ اور چچا عدالت میں پیش ہوں گے۔

    سارہ قتل کیس کی سنوائی آج صبح سے شروع ہوگی، مذکورہ مقدمہ میں والد عرفان شریف، سوتیلی ماں بینش بتول اور چچا فیصل ملک عدالت میں پیش ہوں گے، 14 اکتوبر کو مقدمہ جیوری کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کیواناگ کی سربراہی میں سنا جائے گا اور اس کی مدت تقریباً سات ہفتوں تک متوقع ہے۔

    گزشتہ سماعت میں عدالت کو بتایا گیا تھا کہ پولیس کو 10 اگست کی رات 2:47 پر پاکستان سے 8منٹ اور 34 سیکنڈ کی ایک کال موصول ہوئی جس کے بعد سارہ کی لاش ملی تھی۔

    Police

    نامزد ملزمان کو پاکستان سے واپس برطانیہ آنے پر گرفتار کیا گیا اور تینوں ملزمان پر15ستمبر2023کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ دس سالہ سارہ شریف گزشتہ سال اگست میں ووکنگ میں اپنے گھر سے مردہ حالت میں ملی تھی، ملزمان واقعہ کے بعد اچانک پاکستان فرار ہوگئے تھے۔

    سارہ کے بارے میں پولیس کو فون کے ذریعےپاکستان سے اطلاع دی گئی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سارہ کے جسم پرتشدد کے واضح نشانات تھے۔

    سارہ کی موت کی وجوہات کا رپورٹ میں تعین نہیں کیا جاسکا جبکہ تینوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔

  • غیر قانونی پٹرول پمپ میں آگ: میرا سیٹ اپ کوئی نہیں ہٹا سکتا، مالک کی دھمکیاں

    غیر قانونی پٹرول پمپ میں آگ: میرا سیٹ اپ کوئی نہیں ہٹا سکتا، مالک کی دھمکیاں

    کراچی : شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر تین میں منی پٹرول پمپ سے رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے ایک شخص جل کر جاں بحق ہوگیا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ہم نے اسسٹنٹ کمشنر کورنگی کو پیٹرول یونٹ قائم کرنے پر درخواست بھی دی تھی۔

    رہائشی عمارت میں10خاندان مقیم ہیں اور تمام 10فلیٹ مالکان نے غیرمجاز پٹرول پمپ کو یہاں سے ہٹانے کیلیے درخواست جمع کرائی تھی۔

    درخواست میں مؤقف اختتیار کیا تھا کہ اس طرح کے رہائشی علاقوں میں پیٹرول پمپ قائم کرنا حادثات کا باعث بنتے ہیں لہٰذا اسے ختم کرایا جائے۔

    رہائشی عمارت میں10خاندان مقیم ہیں اور تمام 10فلیٹ مالکان نے غیرمجاز پٹرول پمپ کو یہاں سے ہٹانے کیلیے درخواست جمع کرائی تھی۔

    درخواست میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ غیر مجاز پٹرول پمپ سیٹ اپ عمارت مکینوں کی جان کیلئے خطرناک ہے، لہٰذا ایسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگائی جائے۔

    درخواست گزاروں کے مطابق انتظامیہ نے پٹرول پمپ سیل بھی کیا تھا، لیکن ایک ہفتے کےاندر پٹرول پمپ مالک نے اسے ڈی سیل کروادیا۔

    عمارت کے مکینوں کا کہنا ہے کہ پمپ مالک نے کہا کہ میں ڈی سی، اے سی اور پولیس سب کو پیسے دیتا ہوں، پمپ مالک نے کہا کہ میرا سیٹ اپ کوئی نہیں ہٹا سکتا۔

    علاقہ مکین نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا شخص سراج سیلون پر بال کٹوانے آیا تھا، آگ لگتے ہی شعلوں نے دکان کو گھیر لیا، سراج دکان کے اندر ہی دم گھٹنےسے جاں بحق ہوا۔

  • غصہ ہماری موت کا سبب بھی بن سکتا ہے؟

    غصہ ہماری موت کا سبب بھی بن سکتا ہے؟

    غصہ ایک انسانی عمل ہے جو ہم سب کو آتا ہے لیکن جب یہ ضرورت سے زیادہ بڑھ جائے تو یہ ہماری اپنی جان کو نقصان پہچانے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

    غصے کی عموماً دو وجوہات ہوتی ہیں جن کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ جس میں بیرونی اور داخلی اسباب شامل ہیں۔

    عموماً غصہ بیرونی اسباب کے نتیجے میں ہوتا ہے جیسے کام کی جگہ آفس وغیرہ میں کوئی مسئلہ ہو جائے یا کسی بندے سے اختلاف رائے ہونے کے نتیجے میں آتا ہے۔

    اس کے علاوہ جبکہ غصے کا سبب داخلی اسباب بھی ہو سکتے ہیں جیسے بے چینی، یا طویل انتظار۔ کیونکہ اس قسم کے احساسات غصے کا سبب بنتے ہیں۔

    تاہم یہ بات یاد رکھیں کہ غصہ کسی بھی وجہ سے آئے صحت کیلئے کسی طرح بھی بہتر نہیں کیونکہ تحقیق کے مطابق یہ غصہ آپ کی زندگی کے دورانیے کو کم بھی کرسکتا ہے۔

    امریکا میں ہونے والی تحقیق میں محققین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ لوگوں کو جب کسی بھی بات پر غصہ آتا ہے تو ان کے خون کی شریانوں کی اندرونی سطح کے خلیات ٹھیک طرح سے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔

    stroke risk

    اس کے علاوہ اگر کوئی بھی شخص ہر وقت غصے میں رہتا ہے تو ایسی صورت میں اس کی خون کی شریانوں کو دائمی نقصان پہچ رہا ہے۔

    نیویارک میں کولمبیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق خلیوں کو پہنچنے والا نقصان خون کے بہاؤ میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے، جس سے دل پر دباؤ بڑھتا ہے اس طرح دل کا دورہ پڑنے یا فالج کا خطرہ بڑھ سکتا ہے اور یہ حالت اگر طویل عرصے تک قائم رہے تو یہ امراض قلب کی وجہ بھی بن سکتی ہے۔

    جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں محققین کا کہنا ہے کہ بے چینی اور اداسی صحت کو غصے کی طرح نقصان نہیں پہنچاتی۔

    اس تحقیق کے مصنف پروفیسر ڈائیچی شمبو کے مطابق بہت سے مطالعات سے بات سامنے آئی ہے کہ منفی جذبات کے احساسات اور امرض قلب کے درمیان تعلق موجود ہے۔

    غصے اور دل کے درمیان تعلق کو جاننے کے لیے ایک تحقیق کی گئی جس میں 280 شرکاء کو آٹھ منٹ کی ذاتی نوعیت کی گفتگو یا کچھ پڑھنے میں مشغول ہونے کو کہا گیا جس سے ان شرکاء میں مختلف جذباتی کیفیتیں پیدا ہوئی جیسے غصہ، اداسی، اضطراب یا شرکاء کسی بھی طرح کے جذباتی احساسات سے عاری رہے۔ سائنسدانوں نے ہر کام کے بعد شرکاء کی خون کی شریانوں میں موجود خلیات کا تجزیہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ان جذباتی کاموں کا ان پر کیا اثر ہوا۔

    محققین نے نوٹ کیا کہ غصے کی وجہ سے ان کی خون کی نالیوں کے پھیلاؤ میں 40 منٹ تک خلل پیدا ہوا۔یہ خلل ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ ان نتائج کے مطابق ذہنی تندرستی قلبی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔

  • خاتون کو اپنا جنازہ پڑھوانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

    خاتون کو اپنا جنازہ پڑھوانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

    عمان: اردن میں ایک خاتون نے انشورنس کی رقم حاصل کرنے کے لیے مرنے کا ڈرامہ کیا اور اپنا جنازہ بھی پڑھوا لیا تاہم ان کی جعلسازی پکڑی گئی۔

    اردو نیوز کے مطابق اردن میں خاتون نے انشورنس کی رقم حاصل کرنے کے مرنے کا ڈرامہ کیا تاہم وہ ناکام ہوگیا، خاتون نے 3 انشورنس کمپنیوں سے 20 لاکھ ڈالر کی بیمہ پالیسیاں لے رکھی تھیں۔

    اردن کے ایک سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ وسیع البنیاد تحقیقات کے ذریعے خاتون کی جعلسازی کا سراغ لگا لیا گیا۔

    ملزمہ نے 2022 کے آخر میں کئی لوگوں کی مدد سے خود کو مردہ ظاہر کرتے ہوئے انشورنس کمپنیوں سے 20 لاکھ ڈالر بیمہ کی مد میں حاصل کر لیے تھے۔

    اردنی خاتون نے 3 انشورنس کمپنیوں میں لائف انشورنس اسکیم حاصل کی تھی، انہوں نے اکتوبر 2022 کے دوران اپنی فرضی موت کا اعلان کیا، ان کا باقاعدہ جنازہ بھی اٹھایا گیا اور گھر پر تعزیتی تقریب بھی منعقد کی گئی۔

    یہ سب کچھ وکلا کے ذریعے لائف انشورنس پالیسی کا کلیم حاصل کرنے کے لیے کاغذی کارروائی مکمل کروانے کے لیے کیا گیا تھا۔

    انشورنس کمپنیوں کے ماہرین کو خاتون کی فائل پر شک گزرا تھا، اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ خاتون نے انشورنس پالیسی کیش کروانے کے لیے میڈیکل فائل جمع نہیں کروائی تھی۔

    انشورنس کمپنی نے سیکیورٹی فورس سے رابطہ کیا، تفتیشی ٹیم نے خاتون کی موت کی حقیقت جاننے کے لیے کارروائی کی تو پتہ چلا کہ موت کا واقعہ فرضی ہے۔

    پولیس اہلکاروں نے وہ قبر بھی کھولی جس کے حوالےسے دعویٰ کیا گیا تھا کہ مذکورہ خاتون کی یہاں تدفین کی گئی ہے، کھدائی سے پتہ چلا کہ قبر میں خاتون کے بجائے پلاسٹک کا ایک کھلونا موجود ہے۔

    خاتون جن کا نام البتول ہے، نے مشرقی عمان کے پرائیویٹ اسپتالوں اور پوسٹ مارٹم سیکشن میں کام کرنے والے 8 افراد کے ساتھ سازباز کر کے انشورنس کمپنیوں کے ساتھ جعلسازی کی تھی۔

    ان میں سے 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں خاتون کا باپ بھی شامل ہے جو شعبہ سیاحت سے منسلک ہے۔