Tag: Death of wife

  • اہلیہ کی وفات کے بعد حق مہر کی ادائیگی کا کیا حکم ہے؟ علماء کرام کی وضاحت

    اہلیہ کی وفات کے بعد حق مہر کی ادائیگی کا کیا حکم ہے؟ علماء کرام کی وضاحت

    نکاح کے وقت دولہا جو رقم نکاح نامے میں اپنی دلہن کے لئے مختص کرتا ہے خواہ وہ نقدی کی صورت میں ہو یا کسی اور شکل میں طے کی جائے اسے حق مہر کہا جاتا ہے۔

    بیوی کو حق مہر کی ادائیگی کے حوالے سے شوہر کو انتہائی تاکید کی گئی ہے، رشتہ ازدواج کے قیام کی صورت میں شوہر کو جلد از جلد مہر کا حق ادا کرنا لازمی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان رمضان میں ایک کالر  نے علمائے کرام سے دریافت کیا کہ اگر بیوی کا اچانک انتقال ہوجائے اور شوہر کی جانب سے حق مہر ادا نہ کیا گیا ہو یا آدھا دیا گیا ہو تو اس صورت میں حق مہر کی ادائیگی کیسے کی جائے گی؟

    اس سوال کے جواب میں مفتی عامر نے بتایا کہ قرآن پاک کی تعلیمات کے مطابق مہر کی ادائیگی شوہر پر واجب ہے، لہٰذا اس کی ہر صورت میں ادائیگی کرنی چاہیے۔ اگر شوہر کا انتقال ہوجائے تو اس کی جائیداد کی تقسیم سے پہلے اس میں سے مہر کی رقم علیحدہ کی جائے۔

    انہوں نے بتایا کہ دوسری صورت میں اگر بیوی کا انتقال ہوجاتا ہے تو مہر کی رقم مرحومہ کے لواحقین کو ادا کی جائے گی جو اس کے وارثین میں برابر تقسیم ہوگی۔

     

  • بیوی کے انتقال کے بعد زندگی کیسے گزری؟ حنیف راجہ ذکر پر افسردہ ہوگئے

    کراچی : معروف کامیڈین اور ٹی وی میزبان حنیف راجہ اپنی مرحومہ اہلیہ کا ذکر کرتے ہوئے افسردہ ہوگئے انہوں نے بتایا کہ میری وائف بہت جلدی مجھے اور بچوں کو چھوڑ کر چلی گئیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں حنیف راجہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ان کے ہمراہ ان کا بیٹا بہو اور صاحبزادی بھی موجود تھیں۔

    پروگرام کی میزبان ندا یاسر نے باتوں باتوں میں ان کی مرحومہ اہلیہ کا ذکر چھیڑ دیا جس کے جواب انہوں نے انتہائی افسردگی کے ساتھ اپنی اہلیہ کی موت اور اس کی وجہ بیان کی۔

    حنیف راجہ نے کہا کہ میری اہلیہ کو سال 2012 میں کینسر تشخیص ہوا تھا میں نے ہرممکن طریقے سے ان کا بھرپور علاج بھی کروایا لیکن وہ یہ تکلیف سال 2018 تک 6 سال سہتی رہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس دوران میں نے کبھی میڈیا یا انڈسٹری کے دوستوں سے اس بات کا تذکرہ کبھی نہیں کیا کیونکہ اکثر لوگ یہ سمجھیں گے کہ شاید میں امداد مانگ رہا ہوں۔

    حنیف راجہ کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ بہت باہمت خاتون تھیں میں جب بھی اس حوالے سے پریشان ہوتا تھا تو وہی میرا حوصلہ بڑھاتی تھیں اور انہوں نے بچوں کا بھی بہت اچھے طریقے سے خیال رکھا۔

    انہوں نے بتایا کہ کینسر کی مریضہ ہونے کے باوجود جب وہ اپنی کیمو تھراپی کروانے جاتی تھیں تو بچوں کیلئے خود کھانا بنا کر جاتی تھیں۔ ان کا انتقال رمضان المبارک کی 27ویں شب کو ہوا تھا۔

    اس موقع پر حنیف راجہ کے بچوں نے بتایا کہ پاپا نے ہم سے کبھی کچھ نہیں چھپایا، پاپا نے بھی ہمیں بہت ہمت دی انہوں نے ہمیں مما کی بیماری سے متعلق سب کچھ بتادیا تھا تاکہ ہم ذہنی طور پر تیار رہیں۔

    واضح رہے کہ حنیف راجہ کے بیٹے کی شادی اکتوبر 2022 میں منعقد ہوئی جس میں جس میں دوست احباب، عزیز واقارب اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ حنیف راجہ نے بتایا کہ نکاح کے وقت میرا بیٹا احمد راجہ اپنی ماں کو یاد کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر روتا رہا۔

  • بیوی کی موت کا صدمہ، شوہر بھی چل بسا، دو جنازے اٹھنے پر کہرام

    بیوی کی موت کا صدمہ، شوہر بھی چل بسا، دو جنازے اٹھنے پر کہرام

    کوہاٹ : درہ آدم خیل میں بیوی کی موت کا صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے شوہر بھی انتقال کرگیا، بیوی کے انتقال کی خبر سن کر شوہر کو بھی دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں شوہر نے محبت میں وفاداری کی مثال قائم کردی، بیوی کی موت کی خبر سن کر خود بھی جہان فانی سے کوچ کرگیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق درہ آدم خیل کے گاؤں رحیم کلی زرغن خیل میں حاجی نورمست کی اہلیہ مبینہ طور پر گردوں کی بیماری میں مبتلا تھی اور اس کا مقامی اسپتال میں علاج جاری تھا۔

    تاہم مرض کے بڑھ جانے کی وجہ سے وہ اتوار کی صبح انتقال کرگئی جس کی موت کی خبر سن کرمرحومہ کے خاوند حاجی نورمست یہ صدمہ برداشت نہ کرسکے اور دل کا دورہ پڑنے سے وہ بھی جاں بحق ہوگئے۔

    دونوں کے جنازے ایک ساتھ گھر سے اٹھے تو عزیز اقارب اس صدمہ پر نہایت رنج زدہ دکھائی دے رہے تھے اور ہر آنکھ پرنم اور فضا سوگوار تھی, بعدازاں دونوں کی نمازہ جنازہ ایک ساتھ پڑھائی گئی جس کے بعد دونوں میاں بیوی کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔