لاہور: داتا درباردھماکےکاایک اورزخمی مدثر زخموں کی تاب نہ لاتےہوئےمیواسپتال میں دم توڑگیا، سانحے میں شہید ہونے والوں کی تعداد بارہ ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق داتا درباردھماکے کے بعد لاہور کی فضا چھٹے بھی سوگوار رہی، میواسپتال میں زیرعلاج ایک اورزخمی چل بسا، اندرون لوہاری گیٹ کا رہائشی انیس سالہ مدثر بدھ کے روز ہونے والے دھماکے میں شدید زخمی ہوا تھا، میت ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔
مدثر کے گزرجانے کے بعد دھماکے کے شہداء کی تعداد بارہ ہوگئی ہے جبکہ پچیس زخمی ابھی بھی میو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
سانحہ لاہور کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں پولیس کاسرچ آپریشن جاری ہے، پاک پتن میں چالیس مشکوک افراد کوحراست میں لے لیا ہے جبکہ درباربابا فرید کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
لاہور میں داتا دربار کے باہر خود کش دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال کی گئی تھی ، ذرائع کا کہنا تھا خود کش دھماکے کے تانے بانے ماضی میں پولیس پر ہونےوالے حملوں سے ملتے ہیں، خود کش دھماکے اورمال روڈ پر پولیس پر کئے گئے حملے میں استعمال کیا گیا بارودی مواد مماثلت رکھتا ہے ۔
مزید پڑھیں : داتا دربار کے باہر خود کش دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال
یاد رہے 8 مئی داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور25 زخمی ہوئے تھے ، آئی جی پنجاب نے بتایا تھا ایلیٹ فورس کی گاڑی پرحملہ آورنےخودکش حملہ کیا، دھماکےمیں 7 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی ومذہبی شخصیات نے داتا دربار کے باہرخودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں اتحاد کا پیغام دیا تھا۔