Tag: death

  • فجیرہ میں خوفناک آتش زدگی، شیرخوار بچہ جاں بحق

    فجیرہ میں خوفناک آتش زدگی، شیرخوار بچہ جاں بحق

    ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات  کے رہائشی علاقے میں واقع ایک گھر میں ہونے والی ہولناک آتشزدگی کی لپیٹ میں آکر سات ماہ کا بچہ جھلس کر ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے علاقے الفیصل میں واقع گھر میں ایک روز قبل ہونے والی خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں سات ماہ شیر خوار بچہ جھلس گیا، آتش زدگی کا سب الیکٹرک مصنوعات میں آگ لگنا بتایا گیا ہے۔

    مقامی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے واقعے ہلاک ہونے والے بچے کے والدین نے شیرخوار کے کمرے کا ایئر کنڈیشن چلا کر چھوڑ دیا تھا، جس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

    فوجیرہ پولیس کا کہنا ہے کہ الفیصل کے علاقے سے گھر میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد ہنگامی خدمات انجام دینے والا عملہ اورریسکیو اہلکار فوری طور پرجائے حادثہ پرپہنچے اورآگ پرقابو پانے کی کوشش شروع کردی تھی۔

    فجیرہ پولیس ترجمان کرنل ڈاکٹر سعید حسنی کا کہنا ہے کہ الفیصل ٹاؤن کے گھر میں لگنے والی آگ نے صرف ایک کمرے کو نقصان پہنچایا ہے تاہم کمرے میں سوتا ہوا بچہ آگ کی لپیٹ میں آکر بری طرح جھلس گیا تھا۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ بچے کو اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں واقعہ ال زاحیہ نامی علاقے میں واقع رہائشی عمارت میں پیش آنے والے آتش زدگی کے سانحے میں ایک 10 سالہ ایشیائی لڑکی‘ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئی جبکہ دو افراد دم گھٹ جانے کے سبب نازک حالت میں اسپتال منتقل کیے گئےتھے۔

  • جان مکین کے انتقال پروزیر خارجہ اور آصف زرداری کا اظہار افسوس

    جان مکین کے انتقال پروزیر خارجہ اور آصف زرداری کا اظہار افسوس

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سابق صدر آصف زرداری نے جان مکین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سینیٹر نے پاکستان امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے بیش بہا کوششیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سینیٹرجان مکین کےانتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی گھڑی میں پاکستانی عوام مرحوم سینیٹرکےخاندان کےساتھ ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سینیٹر مکین نے پاکستان امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے بیش بہا کوششیں کی اور خطے میں امن و استحکام کے لئے ہمیشہ باہمی تعاون پر زور دیا۔

    پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹر جان مکین کے دنیا سے گزر جانے کے بعد امریکا کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔

    مملکت خداداد پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی جان مکین کے انتقال پر امریکی حکومت اور اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جان مکین نے امریکا پاکستان کے باہمی تعلقات کے لیے بہت کام کیا۔

    سینیٹر شیری رحمان نے جان مکین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جان مکین کی وجہ سے واشنگٹن ایک بہتر جگہ تھی اور انہوں نے متعدد اختلافات کے باوجود پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تعلقات استوار رکھنے کی کوششیں کی۔

    امریکی ریاست ایریزونا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر جان مکین 81 سال کی عمر میں آج صبح دنیا سے رخصت ہوئے تھے، وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور ان کا علاج جاری تھا۔

    سینیٹرجان مکین کے انتقال کی خبرکا اعلان ان کے اہل خانہ کی جانب سے کیا گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سینیٹرجان مکین 2017 سے دماغ کے کینسر میں مبتلا تھے تاہم جمعہ سے انہوں نے اپنا علاج ترک کردیا تھا۔

    امریکہ کے سینئرسیاست دان سینیٹرجان مکین کا گزشتہ سال جولائی میں آنکھ کا آپریشن کیا گیا تھا اس دوران انکشاف ہوا تھا کہ انہیں برین کینسر ہے۔

    سینیٹرجان مکین کو اس سے پہلے جلد کا کینسر ہوا تھا اور طویل علاج کے بعد وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔

  • لندن: بریٹین گوٹ چیلنج کی اسٹار چاقو زنی کی واردات میں قتل

    لندن: بریٹین گوٹ چیلنج کی اسٹار چاقو زنی کی واردات میں قتل

    لندن : برطانوی دارالحکومت لندن میں برطانیہ کے معروف برطانوی شو  ’بریٹین گوٹ چیلنج ‘ کی اسٹار سیمونی کیرر کو چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے علاقے بیٹرسی میں برطانیہ گوٹ چیلنج کی اسٹار 31 سالہ سیمونی کیرر پر نامعلوم افراد کی جانب سے چاقو کے حملے میں زخمی ہوئی تھی جو اسپتال منتقل کرنے کے دوران ہلاک ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دو روز قبل مقتول نرس سیمونی کیرر کے چھ سالہ بیٹے نے اپنی والدہ کو گھر میں چاقو کے حملوں کے بعد زخمی حالت میں پایا تھا جس کے بعد بیٹے نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی تھی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیمونی کیرر  رواں برس بریٹین گوٹ چیلنج کے فائنل تک اپنی ’بی پازٹیو‘ کے ہمراہ پہنچی تھی۔

    واضح رہے کہ سیمونی نے اپنے جوان بیٹے کی سنہ 2015 میں موت کے بعد ’بی پازیٹیو‘ گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔

    برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مذکورہ خاتون کے قتل کے شبے میں 40 سالہ شخص کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکاروں اور طبی امداد فراہم کرنے کے والے عملے نے سیمونی کی جان بچانے کی بہت کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ سیمونی کیرر کے قتل کیس سمیت برطانوی پولیس کے پاس رواں برس تحقیقات کے لیے 90 قتل کیس آئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے قتل میں کوئی بھی گینگ ملوث نہیں ہے، تاہم واقعے میں ملوث کسی فرد کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں نامعلوم افراد کی جانب سے کم عمر نوجوانوں پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا، چاقو زنی کی واردات میں 4 نوجوان زخمی ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں موسکو 17 میوزیکل گروپ کے ایک اور گلوکار کو تشدد کے بعد اسی مقام پر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا، جہاں اس کے دوست کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن نے جرائم کی شرح میں امریکی شہر نیویارک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق نوجوان گینگ کلچر کا شکار ہورہے ہیں جس کے باعث لندن میں رواں سال چاقو زنی کی وارداتوں میں اب تک 50 سے زائد افراد قتل ہوچکے ہیں۔

  • ریاض : باپ کو قتل کرنے والے سفاک بیٹے کا سر قلم

    ریاض : باپ کو قتل کرنے والے سفاک بیٹے کا سر قلم

    ریاض : سعودی حکومت نے باپ کو قتل کرنے اور لاش کی حرمت پامال کرنے کا جرم ثابت ہونے پر بدھ کے روز بیٹے کو سزائے موت دیتے ہوئے اُس کا سر قلم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے باپ کو قتل کرنے کے بعد پیٹرول چھڑک کر لاش کو نذر آتش کرنے والے سفاک بیٹے کی سزائے موت پر عمل درآمد کرتے قاتل کا سر قلم کردیا گیا۔

    وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مذکورہ شخص نے اپنے والد کو اُس وقت قتل کیا تھا جب وہ گھر میں استراحت کر رہے تھے، بیٹا ترکی بن محمد بن ساری القحطانی کارروائی کے بعد فرار ہوگیا تھا جسے پولیس نے تلاش کر کے گرفتار کیا۔

    سعودی پولیس کا کہنا تھا کہ سفاک بیٹے کو حراست میں لینے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تفتیش کی گئی تو درندہ صفت بیٹے نے باپ کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرم کا اعتراف کرنے کے بعد مجرم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں اس نے جج کے سامنے اپنی درندگی پر اظہارِ ندامت کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی عدالت نے شاہی فرمان کے تحت مقتول کا قصاص لینے کے لیے مجرم کو سزائے موت دیتے ہوئے بدھ کے روز اُس کا سرقلم کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں سماجی جرائم میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، جس نے اللہ کی حدود عبور کیں اسے شریعت محمدی کے تحت سزا دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس جولائی کے مہینے میں سعودی عدالت نے 6 پاکستانیوں پر انسانی اسمگلنگ کا الزام ثابت ہونے پر سزا سنائی تھی علاوہ ازیں پانچ سعودی باشندوں کے بھی سر قلم کیے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں سر قلم کیے گئے افراد کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے جن افراد کے سرقلم کیے جاتے ہیں ان میں منشیات کی اسمگلنگ، دہشت گردی، قتل، زیادتی، مسلح ڈکیتی کے جرائم شامل ہیں۔

    برطانیہ سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ برس سعودی عرب میں ان جرائم پر 153 افراد کو سر قلم کی سزا دی گئی تھی۔

  • بنگلا دیش میں طالب علم کی ہلاکت پرشدید مظاہروں میں 317 بسیں نذر آتش

    بنگلا دیش میں طالب علم کی ہلاکت پرشدید مظاہروں میں 317 بسیں نذر آتش

    ڈھاکا : بنگلا دیش  میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے نوجوانوں کی ہلاکت پر طالب علموں کی جانب سے کیے جانے والے شدید احتجاج کے دوران 317 بسیں نذر آتش جبکہ 51 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کی گنجان آباد سڑک پر ڈورتی ہوئی تیز رفتار بس نے  موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا تھا، نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد کالج کے طلبہ کی جانب سے شدید مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات سے قبل سے شہر میں پر تشدد مظاہروں کا ہونا موجودہ حکومت کو کمزور اور انتخابات پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

    بنگلادیشی پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کچلنے والی بس کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    بنگلادیشی خبر رساں اداروں کے مطابق کالج کے طلبہ نے نوجوانوں کی ہلاکت پر شہر کا ٹریفک سسٹم مفلوج احتجاجاً کردیا تھا، جس کے بعد مظاہرے پرتشدد ہوگئے اور مظاہرین کی جانب سے 317 بسوں کو آگ لگادی گی، جبکہ 51 افراد مظاہروں کے دوران زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس قبل بھی ایک تیز رفتار بس نے طالب کو روند دیا تھا جس کے بعد طلبہ نے لاپرواہ بس ڈرائیور کی گرفتاری اور سزا کے لیے مظاہرے کیے تھے۔

    بنگلا دیش کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’حکومت کی جانب سے طلبہ کو بارہا یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ واقعے میں ملوث شخص کو سخت سزا دی جائے اور ان کے تمام مطالبات بھی تسلیم کیے جائیں گے۔

    وزیر داخلہ اسد زمان نے کہا کہ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں بس حادثوں سے متعلق قانون کے لیے مسودہ بھی پیش کیا جائے گا، ساتھ ساتھ اسد زمان کا نے اپوزیشن جماعت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مظاہروں میں بنگلا دیشن نیشنل پارٹی نے اپنے طلبہ کارکنان کو مظاہرین میں شامل کیا ہے۔

    بنگلا دیشی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کے پاس اپوزیشن جماعت بی این پی کے طلبہ ونگ کے ممبران کا مظاہروں میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ والدین اپن بچوں کو ان مظاہروں سے دور رکھیں، طلبہ کو پر تشدد احتجاج پر اکسانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب سے بنگلادیش کی اپوزیشن جماعت کے جنرل سیکریٹری نے حکومت کی جانب سے عائد کیے جانے والے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملکی بحران اور سڑکوں پر ہونے والے ہولناک حادثات کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

    جنرل سیکریٹری مرزا فخر الااسلام کا کہنا ہے کہ جو حکومت طلبہ کے مسائل اور ٹریفک حادثات پر کنٹرول نہ حاصل کرسکے اسے فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔

    خیال رہے کہ بنگلا دیش میں ہر برس 4 ہزار افراد ٹریفک حادثات میں موت کا شکار ہوجاتے ہیں، جو دنیا بھر میں ٹریفک حادثات کی بلند ترین سطح ہے۔

  • برطانیہ میں چاقو زنی کی واردات ایک اور گلوکار ہلاک

    برطانیہ میں چاقو زنی کی واردات ایک اور گلوکار ہلاک

    لندن : برطانیہ میں موسکو17 میوزیکل گروپ کے ایک اور گلوکار کو تشدد کے بعد اسی مقام پر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا جہاں، اس کے دوست کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بدھ کے روز ایک اور گلوکار کو تشدد کے بعد وارہیم اسٹریٹ پر قتل کردیا گیا جہاں ایک ماہ قبل مقتول کے دوست کو قتل کیا گیا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ لندن کے مذکورہ علاقے میں گذشتہ روز تین افراد شدید زخمی حالت میں ملے تھے جن میں 23 سالہ ریپر جس کی شناخت صادیقی کے نام سے ہوئی تھی، جو کچھ دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ رواں برس مئی میں اسی مقام پر صادیقی کے دوست 17 سالہ ریحیم بارٹن کو بھی تشدد کے بعد چاقو کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔

    میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے قتل کے شبے میں دو مشتبہ افراد کو جائے حادثہ سے گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

    برطانوی پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کا تعلق موسکو 17 میوزک گروپ سے تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پرتشدد واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر دو زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن کی حالت تاحال تشویش ناک ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن نے جرائم کی شرح میں امریکی شہر نیویارک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق نوجوان گینگ کلچر کا شکار ہورہے ہیں جس کے باعث لندن میں رواں سال چاقو زنی کی وارداتوں میں اب تک 50 سے زائد افراد قتل ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • فلسطین میں اسرائیلی شہریوں پر حملہ، ایک شخص ہلاک

    فلسطین میں اسرائیلی شہریوں پر حملہ، ایک شخص ہلاک

    تل ابیب : رم اللہ کے علاقے میں فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی شہریوں پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے علاقے رماللہ میں جمعرات کے روز تین اسرائیلی شہریوں کو حملہ کرکے زخمی کردیا تھا، جن میں 31 سالہ اسرائیلی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حملے میں زخمی ہونے والے دیگر دو اسرائیلی بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں 50 سالہ شخص کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے، جبکہ دوسرے شخص کو معمولی زخم آئے تھے۔

    اسرائیلی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے اسرائیلی شہریوں پر فائرنگ کرکے قتل کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے باعث ایک شخص ہلاک جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز کا خیال ہے کہ 17 سالہ فلسطینی حملہ آور رماللہ کے قریبی گاؤں کوبر میں روپوش ہے، جس کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو کوبر روانہ کردیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین کے آزادی پسند گروپ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی شہریوں پر حملہ کرکے نوجوان نے بہادری کا مظاہرہ کیا ہے، گذشتہ روز اسرائیل کے عام شہریوں پر ہونے والا حملہ بدھ کے روز غزہ میں شہید کیے گئے مجاہدین کا بدلہ تھا۔

    اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی شہریوں پر چاقو کے وار، فائرنگ اور گاڑی سے کچل کر ہلاک کرنے کے واقعات سنہ 2015 سے اسرائیلی عرب اور فلسطینیوں کی جانب سے کیے جارہے ہیں، جس کے باعث درجنوں اسرائیلی شہری ان حملوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

    اسرائیلی حکام کی جانب سے فلسطین پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ فلسطین اسرائیلی شہریوں پر ہونے والے حملوں کو مزید ہوا دے رہا ہے۔ اسرائلی شہریوں پر حملوں کی وجہ فلسطینی علاقوں پر کئی عشروں سے اسرائیلی قبضہ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • چین میں چاقو زنی کی واردات، پاکستانی نوجوان ہلاک

    چین میں چاقو زنی کی واردات، پاکستانی نوجوان ہلاک

    بیجنگ : چین میں چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والا پاکستانی طالب علم دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا، مقتول نانجنگ نارمل یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر نانجنگ میں چینی شہری کی جانب سے چاقو کے وار میں زخمی ہونے والا 26 سالہ پاکستانی شہری زخموں کی تاب لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔

    چینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان سنہ 2017 سے چین کی نانجنگ نارمل یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا، جس کی شناخت معیز الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

    چینی پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان 11 جولائی کی رات سڑک پر اپنی گرل فرینڈ کے ہمراہ بس کا انتظار کررہا تھا کہ اس دوران ایک 28 سالہ چینی شہری سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہاتا پائی ہوگئی، جس کے بعد چینی شخص وہاں سے چلا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم چند لمحوں بعد تیز دھار چاقو کے ہمراہ واپس آیا اور پاکستانی نوجوان پر چاقو کے متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں معیز الدین شدید زخمی ہوگیا تھا۔

    چین کے طبی امداد فراہم کرنے والے عملے کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری کو انتہائی تشویش ناک حالت میں اسپپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم معیز الدین ایک روز زیر علاج رہنے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گیا۔

    چینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی مشن نے شنگھائی میں متعلقہ حکام نے فوری رابطہ کیا تھا ساتھ ساتھ پولیس کو بھی معاملے کی تحقیقات کرکے انصاف فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ چینی حکومت نے بھی واقعے کے حوالے ہر ممکن تعاون کرنے کی تقین دہانی کروائی ہے، پاکستانی مشن اور ہماری وزارت چین میں قتل ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی طالب علم کی میت کو پاکستان لانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے جاری ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • کینیڈین کوہ پیما ’کے ٹو‘ کی چوٹی سر کرنے کے دوران ہلاک

    کینیڈین کوہ پیما ’کے ٹو‘ کی چوٹی سر کرنے کے دوران ہلاک

    کراچی : کینیڈین کوہ پیما دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ سر کرنے کے دوران اونچائی سے گر کر جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا کے ملک کینیڈا کا 53 سالہ کوہ پیما ’سرگ ڈیشرلوٹ‘ دنیا کی 8 ہزار 611 میٹر(28 ہزار 251 فٹ) اونچی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ کو سر کرنے کی کوشش کے دوران جان کی بازی ہار گیا۔

    گلگت بلتستان کے محکمہ سیاحت کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ کینیڈین کوہ پیما کے ساتھ چوٹی پر کیمپ نمبر 2 اور 3 کے درمیان یہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے۔

    کینیڈین کوہ کی چوٹی سر کرنے کے دوران ہلاکت کی تصدیق سیاحوں کے ٹرپ کا انتظار کرنے والی کمپنی ’سمٹ قراقرم‘ ترجمان سخاوت حسین نے کردی ہے۔

    سیاحوں کے لیے ٹرپ کا انتظام کرنے والی کمپنی سمٹ قراقرم کے ترجمان سخاوت حسین نے بھی کینیڈین کوہ پیما کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    سمٹ قراقرم کمپنی کے ترجمان سخاوت حسین کا کہنا ہے کہ ’مجھے کینیڈین سیاح کے بلندی سے گر ہلاک ہونے کی خبر بیس کیمپ نے دی اور بتایا کہ کوہ پیما کے جسد خاکی کو جدید بیس کیمپ پہنچا دیا گیا ہے‘۔

    سخاوت حسین نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ ’اونچائی سے گر کر ہلاک ہونے والا کوہ پیما اپنے اہل خانہ سے رابطے میں تھا‘۔

    خیال رہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ کے بعد پاکستان اور چین کی سرحد پر واقع دنیا کی بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ ہے۔

    یاد رہے کہ پہلی بار 1954 میں کے ٹو کو سر کیا گیا تھا، تاہم اب تک کے ٹو کو سر کرنے کی کوشش کرنے والے 80 کوہ پیما جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ صرف 306 کوہ پیما ہی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • گھانا میں جنازوں پر رونا اور ڈانس کرنا کاروبار بن گیا

    گھانا میں جنازوں پر رونا اور ڈانس کرنا کاروبار بن گیا

    گھانا : مغربی افریقہ کے ملک گھانا میں مرنے والے سے محبت کا اظہار اور غم کا ماحول کرنے لیے بھاری معاوضے کے عوض رونے اور ڈانس کرنے والے افراد کو بلوایا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقہ کے اکثر ممالک میں جنازوں کی سماجی اہمیت بہت زیادہ ہے، جس پر رونے والوں اور غم زدہ ہونے والوں کے غم کو کم کرنے کے لیے کرائے پر ڈانس کرنے والے افراد کو بلوایا جاتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر گھانا کے حوالے متعدد ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جس میں گھانا میں ہونے والوں جنازوں میں غم اور رونے دھونے کا ماحول کم کرنے کے لیے کرائے پر ڈانس کرنے والوں کو بلوایا جاتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے گھانا میں جنازوں پر ڈانس کرنے والے افراد تابوت کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر جنازے کو کسی ڈانس پرفارمنس میں تبدیل کردیتے ہیں، گھانا میں جنازوں پر ڈانس کرنا باقاعدہ کاروبار بن گیا ہے۔

    مغربی افریقہ کے شہری جنازوں پر رونے کے لیے موت کا جشن مناتے ہیں اور اس کے لیے ڈانس کرنے والوں کو بھاری معاوضے کے عوض بلوایا جاتا ہے، جو آہستہ آہستہ پورے ملک میں مشہور ہورہا ہے۔

    گھانا کے شہریوں کا کہنا ہے کہ جنازوں میں ڈھول بجانا اور گانا گانا یہاں کی رسم و رواج کا حصّہ ہے، اسی لیے گھانا کے لوگ موت کے دوران بھی موسیقی کو فراموش نہیں کرتے۔

    جہاں گھانا میں جنازوں میں موسیقی اور ڈانس کو فراموش نہیں کیا جاتا وہیں، گھانا کے شہری اپنے پیاروں کے جنازوں میں رونے اور غم زدہ ہونے والوں کو معاوضے دے کر بلواتے ہیں۔ جس سے مرنے کے ساتھ اہل خانہ کی محبت کا اندازہ ہوتا ہے۔

    مغربی افریقی ملک کے شہری مرنے والے سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کےلیے جعلی رونے والوں کو دعوت دیتے ہیں جس کے باعث گھانا میں جنازوں پر نالہ و فریاد کرنا بھی ایک کاروبار بن گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افریقہ میں جنازوں پر 15 سے 20 لاکھ روپے خطیر رقم خرچ کی جاتی ہے، ساتھ ساتھ مردے کی تدفین کے لیے بڑے بڑے اشتہارات بھی لگوائے جاتے ہیں اور انہیں قیمتی تابوتوں میں رکھ کر دفن کیا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں