Tag: decision

  • کےالیکٹرک کی سپلائی ٹیرف کی درخواست پر نیپرا کا فیصلہ جاری

    کےالیکٹرک کی سپلائی ٹیرف کی درخواست پر نیپرا کا فیصلہ جاری

    اسلام آباد : نیپرا  نے کےالیکٹرک کے7سالہ بجلی سپلائی ٹیرف پر فیصلہ جاری کردیا، نیا ٹیرف2023-24 سے2029-30 تک کیلئے ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کےالیکٹرک کا نیا اوسط بجلی سپلائی ٹیرف39.97 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔

    نیپرا نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نیا ٹیرف2023-24 سے2029-30 تک کیلئے ہوگا، ٹیرف میں 31.96۔ روپے فی یونٹ بجلی خریداری لاگت شامل ہے۔

    اس کے علاوہ ٹیرف میں 2.86 روپے ٹرانسمیشن،3.31 روپے ڈسٹری بیوشن لاگت، 2.28روپے فی یونٹ سپلائی مارجن اور44پیسے ایڈجسٹمنٹ کٹوتی شامل ہے۔

    نیپرا فیصلے کے مطابق نیا ٹیرف صارفین پر اثرانداز نہیں ہوگا، اضافی بوجھ وفاقی سبسڈی سے پورا کیا جائے گا، کےالیکٹرک کو ریکوری93.25فیصد سے96.50 فیصد تک لانے کاہدف دیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا ٹیرف گزشتہ ٹیرف سے18 فیصد زیادہ ہے، پرانا ٹیرف33.82روپے تھا، ڈسکوز کا بنیادی ٹیرف 29.78 روپے کےمقابلے میں 34 فیصد زائد ہے۔

    مزید پڑھیں : کےالیکٹرک کے ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن ٹیرف کی منظوری

    واضح رہے کہ اس سے قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کےٹرانس میشن و ڈسٹری بیوشن ٹیرف کی منظوری دی تھی۔

    نیپرا نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ نئی ملٹی ایئر ٹیرف مدت مالی سال2023-24 سے 2029-30 تک ہوگی، ملک میں یکساں ٹیرف پالیسی سے صارفین پر براہ راست قیمتوں کا اثر نہیں پڑے گا، ٹرانسمیشن پر 12فیصد ریٹرن آن ایکویٹی کی منظوری دی گئی۔

    فیصلے کے مطابق نیپرا نے نقصانات کے اہداف میں کوئی نرمی نہیں کی، مقررہ ہدف برقرار ہے، قرض اور ایکویٹی تناسب ٹیرف کے لیے 70:30 برقرار رکھا گیا۔

  • کاون ہاتھی کی رہائی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی گونج امریکی عدالت میں

    کاون ہاتھی کی رہائی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی گونج امریکی عدالت میں

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چڑیا گھر میں 35 برس سے قید تنہائی گزارنے والے کاون ہاتھی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی گونج امریکی عدالت میں سنائی دی۔

    تفصیلات کے مطابق جانوروں کے حقوق سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کی عالمی سطح پر پذیرائی کی جارہی ہے۔

    اسلام آباد کے چڑیا گھر میں 35 برس سے قید تنہائی گزارنے والے کاون ہاتھی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا امریکی عدالتی فیصلے میں تذکرہ کیا گیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے جانوروں کے حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی کا غیر معمولی فیصلہ دیا تھا۔

    اسٹیٹ آف نیو یارک کورٹ آف اپیلز کے 14 جون کے فیصلے میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کا تذکرہ کیا گیا، امریکی عدالتی فیصلے میں چیف جسٹس کے فیصلے کا ایک پیراگراف نئے سرے سے لکھ کر شامل کیا گیا۔

    مذکورہ پیراگراف میں لکھا گیا تھا کہ بلاشبہ جانور بھی حساس وجود رکھتے ہیں، ان کے بھی جذبات ہوتے ہیں، جانور بھی خوشی غمی کے لمحات محسوس کر سکتے ہیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ہر قسم کے جانوروں کی قدرتی طور اپنی اپنی رہنے کی جگہیں ہیں، جانور کی اپنی ضرورت کے مطابق ان کو ماحول درکار ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ قدرتی ماحول کے برعکس ایک ہاتھی کو دوسرے ہاتھیوں سے الگ کر کے اکیلے کیسے رکھا جا سکتا ہے، قدرتی طور پر جانوروں کے بھی حقوق ہیں اور وہ ان کو ملنے چاہئیں، جانوروں کا حق ہے کہ وہ اپنی قدرتی ضروریات پوری کرنے والے ماحول میں رہیں۔

  • قومی اسمبلی اجلاس بلا کر ‘ عدم اعتماد’ پر ووٹنگ کرانے کا حکم

    قومی اسمبلی اجلاس بلا کر ‘ عدم اعتماد’ پر ووٹنگ کرانے کا حکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ہفتہ نو اپریل کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا حکم صادر فرمادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کی رولنگ سے متعلق از خود نوٹس پر سپریم کورٹ کے لاجر بینچ نے تاریخی فیصلہ سنادیا ہے اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے تین اپریل کو کئے گئے تمام اقدامات کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

    سپریم کورٹ کے لارجر بینچ تاریخ ساز اور متفقہ فیصلہ دیا، عدالت عظمیٰ کی جانب سے دئیے گئے مختصر فیصلے میں حکم دیا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ، ایوان زیریں کا اجلاس نو اپریل بروز ہفتے کے روز صبح دس بجے طلب کیا جائے۔

    عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو جلد نمٹایا جائے، اسپیکر عدم اعتماد تحریک نمٹانے تک
    اجلاس ملتوی نہیں کرسکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: رولنگ کالعدم، عدم اعتماد برقرار، قومی اسمبلی بحال

    سپریم کورٹ نے متفقہ فیصلے میں کہا کہ قومی اسمبلی تحلیل ہونے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے، تاریخ ساز فیصلے سے قبل ججز نےآپس میں تفصیلی مشاورت کی، رولنگ سےمتعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

    عدم اعتماد تحریک میں ووٹ ڈالنے کے لئے کسی بھی رکن قومی اسمبلی کو نہ روکا جائے۔

    سپریم کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ عدم اعتماد کامیاب ہو تو نئے وزیراعظم کےانتخاب میں تاخیر نہ کی جائے۔

  • کورونا کے وار تیز، اسلام آباد کی کئی گلیاں سیل کرنے کا فیصلہ

    کورونا کے وار تیز، اسلام آباد کی کئی گلیاں سیل کرنے کا فیصلہ

     وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد کل رات 12 بجے سے 24 گلیوں کو سیل کردیا جائے گا

    کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھنے پر اسلام آباد کے 21 تعلیمی ادارے پہلے ہی بند کردیے گئے ہیں تاہم اب انتظامیہ نے کل رات 12 بجے سے24 گلیوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا اعلامیہ سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مختلف سیکٹرز کی 24 گلیوں کو سیل کردیا جائے گا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جن گلیوں کو سیل کیا جائے گا ان میں اسلام آباد سیکٹرجی6 فور کی گلی نمبر 52,56,59,79 اور 80 شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ سیکٹر ایف ٹین فور کی گلی نمبر 50،52 اور53 کو بھی سیل کیا جائے گا۔

    سیکٹرایف الیون ٹو کی گلی نمبر 21 23 اور 28، سیکٹرجی الیون ٹو کی گلی نمبر 15،21 اور 46 بھی بند کردی جائیں گی۔

    جب کہ سیکٹر ایف ایٹ ون کی گلی نمبر 31، 35،37،38،42،44 اور سیکٹرایف ایٹ تھری کی گلی نمبر5،6،10،11 اور 17 بھی اگلے حکم نامے تک سیل رہیں گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق گلیوں کو سیل کرنے کا فیصلہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔

  • جنوبی افریقہ اور کوہلی کے تنازعے میں سعید اجمل کیوں درمیان میں آگئے؟

    جنوبی افریقہ اور کوہلی کے تنازعے میں سعید اجمل کیوں درمیان میں آگئے؟

    بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز روی چندرن ایشون کی گیند پروٹیز کے کپتان ڈین ایلگر کے پیڈز پر لگی اور امپائر نے انہیں آؤٹ دے دیا لیکن انہوں نے اس فیصلے کو ریویو کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ریویو کا نتیجہ ڈین ایلگر کے حق میں نکلا کیونکہ ڈیجیٹل ریویو سسٹم (ڈی آر ایس) کے مطابق جب گیند جنوبی افریقی کپتان کے پیڈز پر لگی تب اس کی اونچائی وکٹوں سے زیادہ تھی۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی سمیت تقریباً پوری ٹیم کو یقین تھا کہ ڈین ایلگر آؤٹ ہوگئے ہیں لیکن پھر بھی ڈی آر ایس کی جانب سے ان کا ناٹ آؤٹ قرار پانا ان کے لیے اضطراب کا باعث بنا۔

    انہوں نے اس غلطی پر جنوبی افریقی براڈ کاسٹر سپر سپورٹ کو بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا اور سٹمپز کے مائیک کے پاس جا کر کہا کہ اپنی ٹیم پر بھی توجہ دیں جب وہ گیند چمکا رہے ہوتے ہیں صرف ان کی پوزیشن پر نہیں۔ آپ بس ہمیشہ لوگوں کو پکڑنے کے چکر میں لگے رہتے ہیں۔

    بھارت کے نائب کپتان کے ایل راہل کی جانب سے بھی کہا گیا کہ یہ پورا ملک ہے 11 لوگوں کے خلاف، روی چندرن ایشون نے سوپر سپورٹ کی ٹیم کو کہا کہ آپ جیتنے کے لیے بہتر راہ تلاش کریں، سپر سپورٹ۔

    اس کے بعد ٹویٹر پر سعید اجمل کا نام ٹرینڈ کرنے لگا۔

    سنہ 2011 کے ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل میں سچن ٹنڈولکر سابق پاکستانی بولر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے لیکن ٹنڈولکر نے آئین گولڈ کے اس فیصلے پر ریویو لیا جس پر انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔

    اس وقت بھی سعید اجمل نے یہی کہا تھا کہ سچن ٹنڈولکر آؤٹ ہوگئے تھے لیکن ریویو میں انہیں ناٹ آؤٹ دینا غلط فیصلہ تھا۔

    اس حوالے سے جمعرات کے روز سعید اجمل نے ایک پاکستانی ٹی وی چینل پر کہا کہ میں نے ڈین ایلگر کا ریویو آج کئی بار دیکھا ہے اور اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ گیند وکٹوں سے اوپر نہیں جارہی تھی۔ گیند ان کے گھٹنے پر لگی تھی اور وہ آؤٹ تھے۔

    پھر سعید اجمل نے 2011 کا واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب 2011 کے ورلڈ کپ میں سچن ٹنڈولکر کے آؤٹ ہونے کا فیصلہ ریویو میں تبدیل ہوگیا تھا تو مجھے کہا گیا تھا کہ ٹیکنالوجی پر بھروسہ کرنا چاہیئے۔ آج وہی لوگ کہہ رہے ہیں ٹیکنالوجی پر ٹرسٹ نہیں کرنا چاہیئے۔

    اس حوالے سے بھارت کے سابق بیٹسمین وسیم جعفر نے لکھا کہ آپ کو پتہ ہے ناں وہ کہتے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی 99 فیصد ایکیورٹ ہے۔ آج ہم نے بقیہ ایک فیصد دیکھ لیا۔

    سوشل میڈیا صارفین بھی اس معاملے پر بھارت پر طنز و مزاح کے نشتر برساتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

    شاہد ندیم نامی صارف نے لکھا کہ آخر کار ویراٹ کوہلی نے ثابت کردیا کہ امپائر آئین گولڈ کا سچن ٹںڈولکر کے خلاف فیصلہ 100 فیصد درست تھا۔

    کچھ صارفین نے بھارتی صارفین کو مخالفین کی عزت کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈینیئل الیگزینڈر نامی صارف نے کہا کہ انڈین کھلاڑیوں اور خصوصی طور پر ویراٹ کوہلی کو مخالفین، امپائرز، میچ ریفری، تماشائیوں اور اس کھیل کی عزت کرنا سیکھنا چاہیئے۔

  • آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ

    آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے مشاورت میں گندم کی قیمت 19 سو 50 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، فیصلے سے آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے خزانہ، خوراک، فوڈ سکیورٹی اور دیگر وزارتوں کے حکام کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں گندم، آٹے کی قیمت اور سرکاری گندم ریلیز کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ملاقات میں معیاری آٹے کی سستے نرخوں پر فراہمی پر مشاورت کی گئی۔ معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی جمشید اقبال چیمہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے مشاورت میں گندم کی قیمت 19 سو 50 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، فیصلے سے آٹے کی فی کلو قیمت 55 روپے ہوگی، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 11 سو روپے تک ہوگی۔

    جمشید اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں فی کلو قیمت 56 روپے اور بنگلہ دیش میں 80 روپے ہے، افغانستان میں آٹے کی قیمتیں اس سے بھی زیادہ ہیں۔ پاکستان میں خطے بلکہ دنیا کے دیگر ممالک سے بھی کم قیمت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جو زیادہ غریب ہیں ہمارے پاس ان کا ڈیٹا ہے، انہیں 43 روپے فی کلو قیمت پر آٹا فراہم کریں گے۔ مرکز اور صوبے گندم اور آٹے کی ایک ہی قیمت رکھیں گے، صوبے اپنی اپنی کابینہ سے حتمی فیصلے لیں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امید ہے اگلے ہفتے سے سرکاری گندم کی ریلیز شروع کر دیں گے، نجی شعبے کو حکومت کے طے شدہ نرخ سے زائد فروخت کی اجازت نہیں۔ حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، سرکاری گندم کی ریلیز کے لیے لبرل پالیسی ہوگی۔ عوام تسلی رکھیں، سستا اور معیاری آٹا فراہم کیا جائے گا۔

  • کویت: اقامہ منسوخ ہونے والے غیر ملکیوں کے لیے خوشخبری

    کویت: اقامہ منسوخ ہونے والے غیر ملکیوں کے لیے خوشخبری

    کویت سٹی: کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت (پی اے ایم) نے غیر ملکی کارکنان کے حقوق کے لیے خصوصی پاور آف اٹارنی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وہ اپنے مالی واجبات وصول کرسکیں گے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے حقوق کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پاور آف اٹارنی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کویت سے باہر پھنسے افراد جن کے ورک پرمٹ (اقامہ) منسوخ کردیے گئے ہیں، وہ اپنے مالی واجبات ایک خصوصی پاور آف اٹارنی کے ذریعے حاصل کرنے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔

    اس پاور آف اٹارنی کے اجرا کے بعد کارکنان اپنے مالی واجبات حاصل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ غیر ملکی جو ملک سے باہر پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے ورک پرمٹ منسوخ کردیے گئے ہیں، اپنے ثبوت کے ساتھ خصوصی وکیل کے ذریعے لیبر کا مقدمہ دائر کرسکتے ہیں۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ ورک پرمٹ کی تجدید نہ ہو پانا کارکن اور کفیل کے درمیان متعلقہ معاملہ ہے جبکہ ویزا کی تجدید قانون میں موجود قانونی ضوابط اور دونوں فریقین کی خواہش سے مشروط ہے جو ایک فریق دوسری پارٹی پر مسلط نہیں کرسکتا۔

  • ٹریفک حادثے کے مقدمے میں یو اے ای کی عدالت کا بڑا فیصلہ

    ٹریفک حادثے کے مقدمے میں یو اے ای کی عدالت کا بڑا فیصلہ

    یو اے ای : راس الخیمہ کی ایک سول عدالت نے انشورنش کمپنی کو اس کے ایک ڈرائیور کی جانب سے ایک نجی کمپنی کے ملازم کو ٹکر مارنے کے جرم میں ایک لاکھ ہزار درہم معاوضہ دینے کا حکم دیا ہے، جس کے نتیجے میں ملازم کے بائیں بازو میں فیکچر اور کان پر زخم اور اسی طرح دیگر زخم بھی آئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق راس الخیمہ میں ایک نجی کمپنی کے ملازم نے انشورنش پالیسی سے منظور شدہ ایک ایشین ڈرائیور کے خلاف ٹریفک حادثے کی شکایت کی۔ اس حادثے میں درخواست گزار کے جسم پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔

    اس کے بائیں بازو میں فیکچر، کان پر زخم اور کہنی پر گہری چوٹیں آئیں جس کے باعث وہ حرکت نہیں کرسکتا تھا۔ کارکن کو صقر اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا آپریشن ہوا اور وہ نو دن تک ہسپتال میں زیرعلاج رہا۔

    متاثرہ شخص نے سول عدالت میں مقدمہ دائر کیا جس میں حادثے کا سبب بننے والے ڈرائیور اور انشورنش کمپنی کو اس حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اسے اس کا معاوضہ دیا جائے جس کا اسے اس حادثے کے بعد مالی، جسمانی اور اخلاقی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح وکیل کی فیس اور عدالت کے اخراجات بھی اس میں شامل کیے جائیں۔

    کارکن نے واضح کیا کہ اس کے علاج پر کافی اخراجات آئے ہیں اور ابھی مزید علاج بھی چل رہا ہے ، اس کے علاوہ وہ ڈیوٹی پر نہ جانے کے کی وجہ سے پانچ ماہ سے اپنی تنخواہ سے بھی محروم ہے جو 3200 درہم بنتی ہے۔

    درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح اسے مجموعی طور پر 16000 درہم خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کے علاوہ اخلاقی نقصان جس کا کوئی ازالہ نہیں ہوسکتا۔

    مدعا علیہ کے وکیل نے اس کیس کو خارج کرنے کی استدعا کی اور انشورنش کمپنی کے وکیل نے ایک دستاویز پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس کیس کو قانون میں پیش کردہ طریقہ کار کے مطابق سنا جائے اس لیے کہ مدعی کے بائیں بازو میں فیکچر ہوا ہے جس کا معاوضہ5000 درہم بنتا ہے۔

    دریں اثنا بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سن کر دونوں مدعی علیہان کو ایک لاکھ ہزار درہم مدعی کے اخلاقی، نفسیاتی اور مالی نقصان کے باعث معاوضہ دینے کا حکم دیا، اسی کے علاوہ انہیں وکیل کی فیس اور عدالتی اخراجات ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔

  • سعودی عرب: قومی خزانے کو ضیاع سے بچانے کے لیے اہم فیصلہ

    سعودی عرب: قومی خزانے کو ضیاع سے بچانے کے لیے اہم فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قومی خزانے کو ضیاع سے بچانے کے لیے 5 برس تک سڑکوں کی کھدائی پر پابندی لگا دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ریاض میونسپلٹی نے 5 برس کے لیے سڑکوں کی کھدائی پر پابندی لگا دی ہے۔

    میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ادارے کو شہر کی سڑکیں کھودنے کی اجازت نہیں ہوگی، میونسپلٹی آئندہ ماہ سڑکوں کی کھدائی کے ٹھوس ضابطے جاری کرے گی۔

    مذکورہ فیصلہ سرکاری اور نجی تمام اداروں کے لیے ہے۔

    ریاض کے میئر فیصل بن عیاف کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر تارکول بچھانے اور ان کی استر کاری کے بعد 5 سال تک کسی بھی ادارے کو، خواہ وہ سرکاری ہو یا نجی آئندہ 5 برس تک سڑک کی کھدائی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتہائی ضرورت والے حالات اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    ریاض کے میئر مزید کہا کہ یہ پابندی قومی خزانے کو ضیاع سے بچانے اور دارالحکومت کے تمام اداروں کے درمیان مکمل یکجہتی پیدا کرنے کی غرض سے لگائی گئی ہے۔

    میئر نے توقع ظاہرکی کہ نئے ضابطے شہر کے عمرانی ماحول کو بہتر بنانے میں سازگار ثابت ہوں گے۔

    ان کے مطابق شہریوں کی یہ شکایت بھی دور ہوجائیں گی کہ جہاں ایک سڑک پوری طرح سے تیار ہوتی ہے، اگلے ہی روز یا ایک ہفتے کے اندر کوئی نہ کوئی ادارہ آکر کسی نہ کسی کام کے تحت سڑک کھود کر اس کا منظر بدل دیتا ہے۔

  • القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے والے ممالک فیصلہ واپس لیں، عرب پارلیمنٹ

    القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے والے ممالک فیصلہ واپس لیں، عرب پارلیمنٹ

    قاہرہ:عرب پارلیمان نے جمہوریہ ہنڈوراس اور ناورو سمیت دوسرے ممالک کی طرف سے القدس کوتسلیم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان ممالک پر اپنے فیصلے تبدیل کرنے پرزور دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قاہرہ میں قائم عرب پارلیمان کے صدر دفتر سے جمہوریہ ہنڈوراس اور ناورو کو مکتوبات ارسال کیے ہیں جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لیں۔

    مکتوبات میں کہا گیا ہے کہ عرب پارلیمنٹ کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینا قضیہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے اور اس سے القدس میں صہیونی ریاست کے غیرقانونی غلبے کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا غیرذمہ دارانہ، عالمی قوانین، اقوام متحدہ کی قراردادوں اورعرب اقوام اور فلسطینیوں کی دیرینہ خواہشات کی توہین ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 58 فلسطینی شہید

    یاد رہے کہ امریکا پہلے ہی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرکے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرچکا ہے جس کے خلاف فلسطین، عرب ممالک، عالم اسلام اور امریکا کے اتحادیوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی جانب سے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کے بعد متعدد امریکی اتحادیوں نے بھی اپنے سفارت خارنے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیے تھے۔