Tag: decisions

  • سعودی عرب: ذہنی صحت کے مراکز میں مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

    سعودی عرب: ذہنی صحت کے مراکز میں مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

    ریاض: سعودی عرب کی مجلس شوریٰ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مملکت میں ذہنی صحت کے لیے کام کرنے والے مراکز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ نے فروغ ذہنی صحت کے قومی مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزارت تعلیم کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے اسکالر شپ کی حکمت عملی کا پلان تیار کرے۔

    مجلس شوریٰ نے سوموار کو نائب صدر ڈاکٹر مشعل السلمی کی زیر صدارت ایوان میں سال رواں کا انیتسواں اجلاس منعقد کیا۔

    شوریٰ نے مذکورہ مطالبہ فروغ ذہنی صحت کے قومی مرکز کی جانب سے مالی سال 23-2022 کی سالانہ رپورٹ پر صحت کمیٹی کی رپورٹ سننے کے بعد کیا۔

    شوریٰ نے فروغ ذہنی صحت مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ذرائع آمدن کے فروغ کی اسکیم تیار کرے اور اس سلسلے میں پرائیویٹ سیکٹر نیز محکمہ اوقاف اور بغیر منافع والے سیکٹر کے ساتھ یکجہتی اور شراکت کا اہتمام کرے۔

    شوریٰ نے فروغ ذہنی صحت کے مرکز سے کہا کہ وہ اپنے انتظامی ڈھانچے پر نظر ثانی کرے اور اپنے اداروں کے نام ان کی ذمہ داریوں کے مناسب حال رکھے۔

    ارکان شوریٰ نے رپورٹ سننے کے بعد اپنے تاثرات اور تجاویز کا اظہار کیا، رکن شوریٰ فضل البوعنین نے جبیل اور ینبع رائل کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے ینبع انڈسٹریل سٹی میں صنعتی سرمایہ کاری میں کمی کے چیلنج سے نمٹنے کا اہتمام کرے۔

    ایسی جامع حکمت عملی تیار کی جائے جس کی بدولت ینبع انڈسٹریل سٹی صنعت کاروں کے لیے پرکشش بن جائے۔

    ایک اور رکن شوریٰ ناصر الدغیثر نے کہا کہ رائل کمیشن متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے اپنے یہاں سیاحتی، ثقافتی پروگرام اور کھیلوں کے انتظامات کرے تاکہ سرمایہ کار اور سیاح کثیر تعداد میں ینبع انڈسٹریل سٹی آئیں۔

    سعودی شہروں کی تاریخ و ثقافت سے واقف ہوں اور انہیں معلوم ہو کہ شہروں نے کس طرح مرحلہ وار ترقی کی، اس سلسلے میں جدید ابلاغی حکمت عملی اپنائی جائے جس کی مدد سے منفرد قومی کارناموں کو اجاگر کیا جائے۔

  • فلسطینی ایوان صدر نے مکہ سربراہ کانفرنسوں کے فیصلوں کو فلسطینیوں کی فتح قرار دی

    فلسطینی ایوان صدر نے مکہ سربراہ کانفرنسوں کے فیصلوں کو فلسطینیوں کی فتح قرار دی

    یروشلم/ریاض : فلسطینی ایوان صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مکہ سربراہ کانفرنسوں کے فیصلوں نے امریکی انتظامیہ اور اسرائیل کو سخت پیغام دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی ایوان صدر نے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی اسلامی اور عرب سربراہ کانفرنسوں کے دوران فلسطینیوں کی حمایت میں منظور ہونے والی قراردادوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے فلسطینیوں کی فتح اور امریکی انتظامیہ کے لیے دوٹوک پیغام قرار دیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینی ایوان صدر کے ترجمان نبیل ابو ردینہ نے ایک بیان میںکہا کہ مکہ معظمہ میں ہونے والی عرب اور اسلامی سربراہ کانفرنسوں کے دوران فلسطینی کاز کے لیے جو موقف اختیار کیا گیا وہ فلسطینی قوم کی فتح ہے۔

    ان کانفرسوں نے قضیہ فلسطین کے تصفیے کی سازشیں کرنے والوں کے منہ پرزور دار طمانچہ رسید کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مکہ سربراہ کانفرنسوںکے فیصلوںنے امریکی انتظامیہ اور اسرائیل کو سخت پیغام دیا ہے، وہ یہ کہ خطے میں دیر پا امن کا قیام صرف عالمی قراردادوں پرعمل درآمد میں پنہاں ہے۔

    ان کانفرنسوں میں فلسطینیوں کے اصولی موقف کی تائید میں قراردادیں منظور کی گئیں اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنائے کی حمایت کرکے اسرائیل کو سنہ 1967ءسے پہلے والی پوزیشن پرواپس جانے پر زور دیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سب کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ امن کا راستہ واضح ہے اور اس کا عنوان فلسطینی قوم کی آئینی قیادت سے بات چیت ہے نہ کہ نام نہاد اقتصادی منصوبوں یا دوسری ڈیلوں میں ممکن ہے۔

    نبیل ابو ردینہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کے حقوق پر کوئی دوسرا ملک اپنی مرضی نہیں کرسکتا اور نہ فلسطینیوں کے مشورے کے بغیر قوم کی ترجمانی کرسکتا۔ نام نہاد امن منصوبوں کے ذریعے فلسطینی قوم کے حقوق پر حملہ کرنا ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم کے حقوق اور مطالبات جن میں سرفہرست القدس بھی شامل ہے۔ برائے فروخت نہیںہیں۔ چیلنجز اورخطرات کتنے ہی زیادہ کیوں نہ ہوں آخری فتح فلسطینی قوم کی ہے۔