Tag: Declaration

  • عرب سربراہی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری، اہم مطالبات

    عرب سربراہی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری، اہم مطالبات

    ریاض : عرب اسلامک ممالک کے سربراہی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ اور لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جارحانہ پالیسی فوری روکی جائے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

    عرب سربراہی اجلاس میں غزہ میں نہتے اور بے گناہ شہریوں کا محاصرہ غیر قانونی عمل قرار دیتے ہوئے اسرائیل کو غزہ کی پٹی سے فوری نکلنے اور فتح بارڈر کھولنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    فلسطین کو اقوام متحدہ کی مستقل رکنیت دینے کی حمایت پر زور دیا گیا ہے اس کے علاوہ اعلامیہ میں فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی پر عالمی برادری سے فوری توجہ کی اپیل کی گئی ہے۔

    عرب اسلامک ممالک کے سربراہی اجلاس میں لبنان کی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

    اعلامیہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم پر احتساب کیلئے عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر غیرقانونی بستیوں کے قیام کی مذمت بھی کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ اعلامیہ میں انسانی حقوق کی تنظیموں سے فلسطینیوں کی مدد کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل اور افریقی یونین کی جانب سے فلسطینی کاز کی حمایت پر اظہار تشکر کیا گیا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر اسلامی عرب سربراہی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی وفد کی نمائندگی کی، کانفرنس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مسلم مخالف رجحانات اور اسلامو فوبیا کی مذمت کرتے ہوئے کانفرنس میں مشترکہ عالمی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا تاکہ دنیا میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کو روکا جا سکے۔

    اس کے علاوہ کانفرنس میں شریک ممالک کے سربراہان نے آپس میں تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور اقتصادی منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

    اسلامی ممالک کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیے میں تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیقی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت کو تسلیم کیا گیا۔

  • سیلاب کے باعث پاکستان کی آئی ایم ایف سے تعاون کی درخواست

    سیلاب کے باعث پاکستان کی آئی ایم ایف سے تعاون کی درخواست

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے سیلاب کے باعث انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو پالیسی میں مزید تعاون کی درخواست کی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دورہ امریکا پر وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کردیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران حکومت نے سیلاب کے باعث انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو پالیسی میں مزید تعاون کی درخواست کی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے ہمراہ اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کی، وزیر خزانہ نے سیلاب سے انسانی تباہی اور ملک کو ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کے ایم ڈی نے پاکستان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا، ایم ڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، سیلاب کی تباہی پر پاکستان کے ساتھ گہری ہمدردی ہے۔

    وزیر خزانہ نے ایم ڈی کے جذبات پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود قرض پروگرام مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • ‘سیکیورٹی اداروں کی تحقیقات میں یہ نتیجہ نکلا کہ کوئی بیرونی سازش نہیں’

    ‘سیکیورٹی اداروں کی تحقیقات میں یہ نتیجہ نکلا کہ کوئی بیرونی سازش نہیں’

    وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی تحقیقات کے مطابق کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے توثیق کی ہے کہ امریکی مراسلہ سازش نہیں مداخلت ہے۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ خفیہ اداروں نے اعلامیہ کی تحقیقات کی ، واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کو ٹیلی گرام موصول ہوا تمام ترمعلومات، مراسلوں کی بنیاد پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ غیرملکی سازش نہیں تھی۔

    No description available.

    قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے جاری اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دوران تحقیقات غیر ملکی سازش کے کوئی ثبوت نہیں ملے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر نے قومی سلامتی کمیٹی کو بریفنگ دی۔

    قومی سلامتی کمیٹی کےاجلاس میں گزشتہ اجلاس کےفیصلوں کا اعادہ بھی کیا گیا۔

  • ملک کے 5 شہر کرونا وائرس کا گڑھ بن گئے: این سی او سی

    ملک کے 5 شہر کرونا وائرس کا گڑھ بن گئے: این سی او سی

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کرونا وائرس کا 70 فیصد پھیلاؤ 5 شہروں میں ہو رہا ہے، این سی او سی نے متعلقہ حکام کو کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایات کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار اور ایس او پیز پر عملدر آمد پر غور ہوا۔

    اجلاس کو کرونا وائرس سے زیادہ متاثر شہروں پر بریفنگ دی گئی، وینٹی لیٹرز اور آکسیجن بیڈز کی دستیابی کی صورتحال پر غور کیا گیا، کرونا وائرس سے متعلقہ طبی آلات اور سہولتوں کی دستیابی پر بھی غور کیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کا 70 فیصد پھیلاؤ 5 شہروں میں ہو رہا ہے جن میں اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور اور پشاور شامل ہیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ یومیہ مثبت کورونا کیسز کی شرح میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، رواں ہفتہ کرونا وائرس سے یومیہ اموات کی شرح 46 رہی، رواں ہفتے اسپتالوں میں کرونا وائرس مریضوں کے داخلے کی یومیہ شرح 237 رہی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی، حیدر آباد، پشاور اور راولپنڈی میں بھی کیسز کی شرح میں اضافہ جاری ہے، ملک میں کرونا وائرس کے طبی آلات اور طبی سہولتیں دستیاب ہیں۔ صوبوں کو حسب ضرورت طبی آلات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

    این سی او سی نے متعلقہ حکام کو کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایات کردیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، دونوں ممالک روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں اقتصادی تعاون اور اعلیٰ سطح کے رابطوں میں اضافہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے میں دفاعی شعبے پر جوائنٹ کمیٹی کا اجلاس راولپنڈی میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک تجارت کے فروغ کے لیے گیٹ وے کے طور پر کام کریں گے، دونوں ممالک ہیوی انڈسٹریز میں ایک دوسرے سے تعاون کو فروغ دیں گے اور حلال فوڈ کے کاروبار میں ادارہ جاتی خدمات فراہم کریں گے جبکہ پاکستان اور ملائیشیا سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تعاون کریں گے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں جاری تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ دونوں کے درمیان قابل تجدید توانائی، قدرتی وسائل، ایرو اسپیس اور ایروناٹیکل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اے آئی اور ای کامرس کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائے گا جبکہ دونوں پارلیمانی ڈپلومیسی جاری رکھیں گے۔ ملائیشین پارلیمنٹ کے اسپیکر وفد کے ہمراہ اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    مشترکہ اعلامیہ کے مطابق لاہور سے کوالالمپور کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ اسٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط اور مثالی بنانے کے لیے تھا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں میں بالمشافہ اور وفود کی سطح پر مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح رابطے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ملک روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھائیں گے اور تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ دورے کے دوران اسلام آباد میں چوتھے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمیشن اقتصادی، سائنسی اور فنی شعبے میں تعاون کے لیے پہلے سے قائم ہے۔

    اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کوالالمپور سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مہاتیر محمد کو مبارکباد دی، مہاتیر محمد نے عمران خان کی خطے میں امن کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔ عمران خان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام پر ملائیشیا کے تعاون کی بھی تعریف کی۔

    دوسری جانب ملائیشین وزیر اعظم نے کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں اور اسلامو فوبیا کے خلاف تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، مہاتیر محمد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔ دورے کی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ ملائیشیا نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے سفارتی کردار کی تعریف کی، جنوبی ایشیا میں امن یقینی بنانے میں وزیر اعظم پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا گیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف بھی کیا گیا۔ ملائیشیا کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سفارشات پر عملدر آمد میں مثبت پیشرفت کی۔

  • ترکی نے کشمیر کے معاملہ پر او آئی سی میں فعال کردار ادا کیا، عمران خان

    ترکی نے کشمیر کے معاملہ پر او آئی سی میں فعال کردار ادا کیا، عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترکی نے مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر او آئی سی رابطہ گروپ میں فعال کردار ادا کیا ہے، وزیراعظم نے ترکی کی مستقل حمایت پرشکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کااعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور ترک صدرکی ملاقات عالمی پناہ گزین کانفرنس کی سائیڈ لائن پرہوئی۔

    دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال اورعلاقائی امور پر گفتگو کی، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں کے درمیان آئندہ سال ہونے والی اسٹریٹجک کونسل اجلاس پر بھی بات چیت کی گئی گئی۔

    اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا،اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر ترکی کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترکی نے مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر او آئی سی رابطہ گروپ میں فعال کردارادا کیا ہے۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پناہ گزینوں کی سب سے بڑی آبادی کی میزبانی پر ترکی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔

  • وزیراعظم عمران خان چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں، اعلامیہ جاری

    وزیراعظم عمران خان چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں، اعلامیہ جاری

    بینجگ : وزیراعظم عمران خان نے چینی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ بیرونی صنعتوں کی منتقلی اور حاصل شدہ ٹیکس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔

    یہ بات انہوں نے چینی سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ سیکٹر کے نمائندگان سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ حکومتی اعلامیہ کے مطابق وفد سے وسیع البنیادبات چیت ہوئی۔

    وزیر اعظم نے چین کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، وزیراعظم نے وفد کو چینی صنعت پاکستان میں منتقل کرنے کیلئے مراعات کی یقین دہانی کرائی۔

    وزیراعظم مختلف شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملے، ملاقات کرنے والوں نے پاکستان میں جاری منصوبوں سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنی کے سربراہوں نے نئےمنصوبے شروع کرنے کی تجاویز سے بھی آگاہ کیا، یہ تجاویز تیل، گیس، توانائی، تعمیرات، ٹائروں کی تیاری اور قیمتی دھاتوں سے بھی متعلق ہیں۔

    چینی کمپنیوں کے سربراہان نے وزیر اعظم کو ٹیکسٹائل و انڈسٹریل پارک ماحول دوست توانائی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بیرونی صنعتوں کی منتقلی سے حاصل شدہ ٹیکس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔

    مزید پڑھیں : پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    قبل ازیں پاکستان اور چین میں وفود کے سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم عمران خان نے کی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بھی مذاکرات میں شرکت کی۔

  • ہر پاکستانی بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس کا اعلامیہ

    ہر پاکستانی بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس کا اعلامیہ

    اسلام ۤباد : پاکستان نے کہا ہے کہ ملک کا ہر شہری بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس برائے کشمیر سے قومی لائحہ عمل مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

    یہ بات اسلام آباد میں ہونے والی قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس برائے کشمیر کے اعلامیہ میں کہی گئی۔ کانفرنس کا اعلامیہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پیش کیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہکشمیری عوام پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں، پاکستان کے عوام، حکومت اور پارلیمان بھی کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کانفرنس سے مسئلہ کشمیر سے متعلق قومی لائحہ عمل مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

    قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس کے اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیرمیں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر روکے۔

    بھارتی غیرقانونی یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی کیخلاف ورزی ہیں،80لاکھ کشمیریوں کو مسلسل کرفیو میں رکھ کر بنیادی انسانی حقوق سلب کیے گئے ہیں،۔

    اعلامیہ کے مطابق آزاد کشمیر سے متعلق اشتعال انگیزی اور بھارتی دھمکیوں سے علاقائی امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں، عالمی پارلیمان بھارت کے غیرقانونی اقدامات کا نوٹس لیں۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق سے متعلق خصوصی کمیشن تشکیل دے اور مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

  • اسرائیل کا 38 سال بعد عراق پر حملہ، ایرانی میزائل تنصیبات بھی تباہ

    اسرائیل کا 38 سال بعد عراق پر حملہ، ایرانی میزائل تنصیبات بھی تباہ

    تل ابیب: اسرائیل نے عراق پر فضائی حملہ کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسرائیل نے 38 سال بعد عرب اسلامی ملک عراق پر حملہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق حملے کیلئے اسرائیلی فضائیہ کا استعمال کیا گیا، اسرائیل نے عراق پر کیے گئے حملے سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ اس سے عراق میں موجود ایران کے ایک خفیہ اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا ۔

    اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس کی فضائیہ نے عراق میں جس خفیہ اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا ہے، وہاں پر ایرانی میزائل موجود تھے، حملے کے نتیجے میں ایرانی میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا، حملے میں عراقی فوج کے 2 کمانڈوز کو ہلاک کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے عراقی حکومت تاحال خاموش ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے 1981 کے بعد پہلی مرتبہ عراق پر اس انداز میں حملہ کیا گیا ہے۔

    اسرائیل دعویٰ کرتا ہے کہ اس نے 1981 میں عراق پر حملہ کرکے اس وقت کے حاکم عراق صدام حسین کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے ایٹمی ری ایکٹر کو تباہ کر دیا تھاتاہم اب اسرائیل نے ایک ایسے وقت میں عراق پر حملہ کیا ہے جب یہ عرب اسلامی ملک طویل جنگ کے بعد آہستہ آہستہ امن کی جانب لوٹ رہا ہے اور اس ملک میں کافی حد تک امن قائم ہو چکا ہے۔

    بین الاقوامی دفاعی ماہرین اسرائیل کے عراق پر اس مبینہ حملے پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں،دفاعی ماہرین کی رائے میں اسرائیل کی یہ جارحیت عراق کو پھر سے جنگ کی آگ میں دھکیل سکتی ہے جبکہ خطے کے حالات بھی مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

  • امریکا توقع رکھتا ہے پاکستان افغان امن عمل میں مثبت کردار جاری رکھے گا: اعلامیہ

    امریکا توقع رکھتا ہے پاکستان افغان امن عمل میں مثبت کردار جاری رکھے گا: اعلامیہ

    اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا توقع رکھتا ہے پاکستان افغان امن عمل میں مثبت کردار جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے امریکی سفارتخانے نے اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیے کے مطابق زلمے خلیل زاد نے 5 اور 6 اپریل کو پاکستان کا دورہ کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ زلمے خلیل زاد نے سول اور عسکری قیادت سے ملاقات کی۔ دورے کے دوران انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔

    امریکی سفارتخانے کے اعلامیے میں کہا گیا کہ فریقین نے زور دیا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے، امریکا توقع رکھتا ہے پاکستان اس عمل میں مثبت کردار جاری رکھے گا۔

    اپنے دورہ پاکستان کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ فروغ امن کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ آرمی چیف سے ان کی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان مفاہمتی عمل پر گفتگو کی گئی۔

    امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں افغان مفاہمتی عمل میں ہونے والی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے اہم دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو دوحہ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت اور افغان امن عمل کے سلسلے میں اپنی حالیہ مصروفیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور افغانستان میں اپنی اہم ملاقاتوں کا احوال گوش گزار کیا تھا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ افغانیوں کے مابین مذاکرات کا انعقاد افغان مفاہمتی عمل کا اہم جزو ہے۔