Tag: declared

  • سیف سٹی چالان سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

    سیف سٹی چالان سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

    لاہور ہائی کورٹ نے سیف سٹی چالان سے متعلق دائر درخواست پر فیصلہ سنادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس طارق سلیم شیخ نے سیف سٹی چالان کوغیر قانونی قرار دے دیا ہے، عدالت نے سیف سٹی ای ٹکٹنگ چالان کی خلاف تمام درخواستیں سماعت کے لئے منظور کرلی ہیں۔

    عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر کیمروں سے ای چالان نہیں کیا جاسکتا۔

    اس سے قبل مارچ میں ہونے والی سماعت کے موقع پر لاہور ہائی کورٹ نے سیف سٹی کیمروں سے کیے جانے والے ای چالان پر سوالات اٹھاتے ہوئے استفسار کیا تھا کہ قانون بنا نہیں تو اتھارٹی ای چالان کس طرح کررہی ہے؟

    یہ بھی پڑھیں: قانون کے بغیر سیف سٹی اتھارٹی ای چالان کیسے کررہی ہے؟ لاہور ہائیکورٹ

    لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرگاڑی کو کیسے بند کیا جاسکتا ہے؟ ڈرائیور کےجرم کی سزا گاڑی کے مالک کو کیسےدی جاسکتی ہے،؟ عدالت کا مزید کہنا تھا کہ قانون سازی کے بغیر اس طرح کےاقدامات غیر قانونی ہیں۔

    واضح رہے کہ سیف سٹی اتھارٹی نے ٹریفک سگنلز پر کیمرے اور سنسرز لگا رکھے ہیں، جن سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خودبخود چالان ہو جاتا ہے اور چالان گاڑی مالک کے گھر پہنچ جاتا ہے۔

    شہریوں کو شکایت تھی کہ لاہور میں ایک گاڑی کے سیکڑوں چالان کیےجاتے ہیں، اور اس نظام کے تحت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا جاتا اور جرمانہ ہوجاتا ہے، جن کے درجنوں چالان ہوگئے ہیں اور جرمانے ادا نہیں کیے گئے آئے روز ٹریفک پولیس ایسی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کرتی ہے۔

  • یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پلازمہ تھراپی سے علاج نقصان دہ قرار دے دیا

    یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پلازمہ تھراپی سے علاج نقصان دہ قرار دے دیا

    لاہور: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پلازمہ تھراپی سے علاج کو نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا اس کےنتیجےمیں مریض کا دل بند ہونے کا خطرہ ہوتا ہے جبکہ سینتھیٹک اینٹی باڈیزکی تیاری شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پلازمہ تھراپی سے علاج کو نقصان دہ قرار دے دیا، اور سینتھیٹک اینٹی باڈیزکی تیاری شروع کردی، وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا پلازمہ تھراپی میں مریضوں کیلئےپیچیدگیاں پیداہوسکتی ہیں، اس کےنتیجےمیں مریض کا دل بند ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

    وائس چانسلریونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی نے پلازمہ میں سے اینٹی باڈیزعلیحدہ کرلی ہیں، ہیومن ہائیبرڈروما ٹیکنیک کے ذریعے مصنوعی اینٹی باڈیز بنائی جا رہی ہیں، جس کے بعد کورونا کے علاج میں پلازما کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔

    یو ایچ ایس اوریونیورسٹی آف لاہورکےدرمیان معاہدہ طے پاگیا ہے، معاہدےپرپروفیسر جاوید اکرم ،سی ای او یونیورسٹی آف لاہور اویس رؤف نےدستخط کیے، دونوں کے اشتراک سے مصنوعی اینٹی باڈیز تیار کی جارہی ہے۔

    پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پرسینتھیٹک اینٹی باڈیز کے منصوبے پرکام شروع کردیا ہے، یو ایچ ایس یہ کارنامہ انجام دینے والی ایشیا کی پہلی یونیورسٹی ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان سال کی بہترین شخصیت قرار

    وزیراعظم عمران خان سال کی بہترین شخصیت قرار

    اسلام آباد : اردن کے رائل اسلامی اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے دنیا کے بااثر مسلمانوں کی حالیہ فہرست میں وزیراعظم عمران خان کو ’سال کی بہترین شخصیت‘ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق رائل انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز نے حال ہی میں جاری 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست میں وزیر اعظم عمران خان کو ’سال کی بہترین شخصیت‘ قرار دے دیا۔

    رائل انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز نے فلسطین سے تعلق رکھنے والی امریکی کانگریس کی رکن راشدہ طالب کو ’سال کی بہترین خاتون ‘ قرار دیا ہے۔

    مصر کے دارالحکومت قائرہ میں امریکی یونیورسٹی کے پروفیسر ایس عبداللہ نے کہا کہ اگر 1992 میں 500 مسلمانوں کی فہرست جاری کی جاتی تو اس وقت میں عمران خان کو سال کا بہترین انسان نامزد کرتا جب انہوں نے کرکٹ ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی تھی، کرکٹ ایک کھیل ہے، جس کی میں نے ہمیشہ خوبصورتی اور شدید مسابقتی کھیل کے امتزاج کے لیے تعریف کی ہے۔

    پروفیسر ایس عبداللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کارنامہ صرف ورلڈ کپ جیتا نہیں بلکہ میں ان کی فنڈ ریزنگ مہم سے بھی متاثر ہوں جس سے انہوں نے کینسر کے مریضوں کیلئے اسپتال اور ریسرچ سینٹر بنایا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان مسلم دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل

    ان کا کہنا تھا کہ 1985 میں کینسر کی وجہ سے اپنی والدہ کے انتقال کے بعد عمران خان نے کینسر کے علاج کے لیے اسپتال بنایا، جس سے ان کی مقبولیت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔ جہاں 75 فیصد افراد اپنا مفت علاج کراتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی 22 سالہ جدوجہد کے بعد وزارت عظمیٰ کا عہدہ حاصل کیا اور وہ بدعنوانی اور بد انتظامی معاملات کو حل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، عمران خان کی طرف سے عہدہ سنبھالنے کے بعد مودی کو امن مذاکرات کے لیے خط لکھے، جو ایک بہترین کوشش تھی لیکن بھارتی وزیر اعظم نے ان کا کوئی جواب نہیں دیا۔

  • صدر ٹرمپ نے عالمی عدالت انصاف کو غیر قانونی قرار دے دیا

    صدر ٹرمپ نے عالمی عدالت انصاف کو غیر قانونی قرار دے دیا

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی عدالت انصاف کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی میں کسی امریکی، اسرائیلی یا دوسرے اتحادی کے ٹرائل کی کوشش کا فوری اور سخت ردعمل سامنے آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی فوج داری عدالت کو غیر آئینی قرار دیا ہے اور دوسری طرف افغانستان میں جنگی جرائم کی تحقیقات کی درخواست مسترد کرنے پر عالمی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے افغانستان میں جنگی جرائم سے متعلق درخواست مسترد ہونے کو امریکا کی فتح قرار دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ عالمی فوج داری عدالت نے افغانستان میں جنگی جرائم میں امریکی فوجیوں سے پوچھ گچھ کی درخواست مسترد کر کے افغانستان میں امریکی فتح ونصرت کا ثبوت پیش کیا ہے۔

    امریکی صدر نے خبردار کیا کہ فلسطینیوں کی طرف سے کسی اسرائیلی یا امریکی کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں درخواستوں پر کارروائی کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف کا افغانستان میں جنگی جرائم کی تحقیقات سے انکار نہ صرف عالمی فتح ہے بلکہ یہ قانون کی بالادستی ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج اور شہری اعلیٰ قانونی اور اخلاقی قدروں کی پابندی کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکا نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی چیف پراسیکیوٹر کا ویزہ منسوخ کردیا

    یاد رہے کہ 5 اپریل کو امریکا نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی چیف پراسیکیوٹر فاتو بن سودہ کا ویزا منسوخ کر دیا تھا، جس کی تصدیق بن سودہ کے دفتر نے بھی کر دی تھی۔

    عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کے ویزے کی منسوخی کو افغانستان میں امریکی فوج کے مبینہ جنگی جرائم کی ممکنہ انکوائری کا ردعمل خیال کیا گیا۔

    امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اگر عالمی عدالت فوجداری عدالت نے امریکی فوج یا اس کے اتحادیوں کے خلاف تفتیشی عمل شروع کیا تو اس میں شریک عدالتی اہلکاروں کا امریکا میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا جائے گا۔

    مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اگر انٹرنیشنل کرمنل کورٹ نے اپنا رویہ درست نہیں کیا تو اقتصادی پابندیوں سمیت مزید اقدامات اٹھانے کو تیار ہیں۔

  • امریکا کی پولیٹیکل سیکیورٹی سینیٹر کا اخوان کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ

    امریکا کی پولیٹیکل سیکیورٹی سینیٹر کا اخوان کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ

    واشنگٹن : امریکا کی پولیٹیکل سیکیورٹی سینیٹر کی جانب سے ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئیے ٹرمپ سے اخوان المسلمون کو بھی دہشت گرد قرار دینےکا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران اور اخوان کے بدترین دشمن سمجھے جانے والے فرانک گیونی کے مرکز کی طرف سے کہا گیا کہ ایران کی مذہبی رجیم کا راستہ بند کرنے کے لیے امریکی صدر کا فیصلہ خاصہ اہمیت کا حامل ہے۔

    پولیٹیکل سیکیورٹی سینٹر کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کا مقصد عالمی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والی ریاست کو مالی وسائل سے روکنا ہے۔

    مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج کی سمندر پار دہشت گردی میں ملوث فیلق القدس کے ہاتھوں پر 600 امریکیوں کا خون ہے۔

    مزید پڑھیں : اخوان المسلمون نے مسلمانوں کو نقصان پہنچایا، ان کے خلاف شواہد موجود ہیں: سعودی عرب

    خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں سعودی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر شیخ عبد الطیف نے کہا تھا کہ اخوان المسلمون نے اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچایا تھا، دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شواہد بھی موجود ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر شیخ عبد الطیف کا کہنا تھا کہ اخوان المسلمون نے سعودی عرب میں بھی بغاوت کے بیج بونے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے تھے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ان کے خلاف ثبوت موجود ہے کہ یہ کس طرح دوسرے ممالک میں تخریبی کارروائیاں کرتے تھے۔

    مزید پڑھیں : اخوان المسلمون دہشت گرد تنظیم ہے، مصری حکومت

    یاد رہے کہ دسمبر 2013 میں مصری کی عبوری حکومت نے سابق صدر محمد مرسی کی جماعت اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دے دیا تھا، عبوری حکومت کی جانب سے اخوان المسلمون کو حکومت مخالف مظاہروں، بم دھماکوں اور دیگر تشدد کے واقعات کے بعد دہشت گرد جماعت قرار دیا گیا تھا۔

  • امریکا کی جانب سے دہشت گرد قرار دینے پر ایران خاموش نہیں رہے گا، جنرل باقری

    امریکا کی جانب سے دہشت گرد قرار دینے پر ایران خاموش نہیں رہے گا، جنرل باقری

    تہران : ایرانی افواج کے جنرل محمد باقری نے سپاہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے پر امریکا کو مناسب جواب دینے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی افواج کے چیف آف اسٹاف مینجر جنرل محمد باقری نے امریکی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ ایران اور اس کی طاقتور اور مقدس ریاست کسی بھی بے وقوفانہ فصیلے پر خاموش نہیں رہے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جنرل محمد باقری کا اشارہ مشرق وسطیٰ میں موجود متعدد امریکی دستوں کی جانب تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپاہ پاسداران انقلاب پر پابندی لگاتے ہوئے کہا تھا کہ پاسداران انقلاب ریاستی آلہ کار کے طور پر دہشت گردی کے فروغ میں فعال کردار ادا کررہی ہے، پہلی بار امریکا نے کسی دوسرے ملک کے ریاستی ادارے کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے اپنے دہشت گردانہ عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پاسداران انقلاب کو شام، لبنان، یمن اور لیبیا میں استعمال کیا جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکہ نے ’’ایرانی پاسداران انقلاب‘‘ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ طے شدہ ایٹمی معاہدے نےعلیحدگی کے بعد ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی تھیں جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل گشیدگی میں‌ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب گزشتہ روز ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ملک کے ریاستی ادارے کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ایران نے بھی امریکی اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے امریکا افواج کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔

  • ترکی میں پیاز کا بحران، پیاز دہشت گرد تنظیم قرار

    ترکی میں پیاز کا بحران، پیاز دہشت گرد تنظیم قرار

    انقرہ : ترکی میں پیاز کا بحران شدت اختیار کرگیا جس کے باعث ترک صدر اردوان نے پیاز کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی میں کچھ ماہ قبل ایک تنازعے پر امریکی پابندیوں کے باعث ترک کرنسی کی قدر میں کمی سمیت کئی بحرانوں نے سر اٹھایا تھا لیکن حالیہ دنوں ترکی میں پیاز کے بحران عوام سمیت سیاست دانوں کے لیے مشکل کا باعث بنا ہوا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترکی میں پیاز میں بحران کیا پیدا ہوا سیاست دان پریشان ہوگئے، یہاں تک کہ پیاز کے بحران کی صدائیں ایوان صدر سے بھی بلند ہونے لگیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے پیاز کے بحران کی وجہ ذخیرہ اندوزی کو قرار دیتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے گوداموں پر چھاپے مارنے کا حکم دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ذخیرہ اندوزوں نے اتنی پیاز ذخیرہ کرلی ہے کہ پیاز کے قیمتوں کو پر لگ گئے اب ترک پولیس صدارتی احکامات پر پیاز کی تلاش میں جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پیاز کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر طنز کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    ترکی کی گڈ پارٹی مرال آکسنر صدر پر طنز کرتے ہوئے کہا کہاردوان نے پیاز کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے جس کے باعث ترک عوام تعجب کا شکار ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک صارف نے طنزیہ ٹویٹ کیا کہ ’میرے گھر میں تو پیاز کی ایک پوری بوری موجود ہے ایسا نہ ہو مجھے بھی گرفتار کرکے لیں جائیں۔

    ایک اور صارف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر طنز کیا کہ خلائی گاڑی ان سائیٹ مریخ پر لینڈ کررہی تھی اور یہاں پیاز کو دہشت گرد قرار دے کر گوداموں پر چھاپے مارے جارہے تھے۔

  • بریگزٹ معاہدہ، تھریسامے کے قریبی ساتھی مائیکل فالن نے معاہدے کو بدترین قرار دے دیا

    بریگزٹ معاہدہ، تھریسامے کے قریبی ساتھی مائیکل فالن نے معاہدے کو بدترین قرار دے دیا

    لندن : امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارت میں رکاوٹ پیدا ہونے کی ٹرمپ کی دھمکی پر برطانوی وزیر اعظم کے ایک اور وزیر نے بریگزٹ ڈیل کی مخالفت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں 27 ممالک کے سربراہوں کی جانب سے بریگزٹ معاہدے کے مسودے پر منظوری پر امریکی صدر نے کہا ہے کہ بریگزٹ ڈیل امریکا اور برطانیہ کی تجارتی ڈیل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے انتباہ کے بعد تھریسا مے کے قریبی ساتھی اور سابق وزیر دفاع مائیکل فالن نے بھی برہگزٹ معاہدے کے مسودے کو معاہدے کے حوالے سے بد ترین قرار دیتے ہوئے مسودے کی مخالفت میں آواز بلند کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تھریسا مے کے قریبی ساتھی کی جانب سے مسودے کی مخالفت کے بعد برطانوی پارلیمنٹ سے مسودے کی منظوری مشکل کا شکار ہوگئی ہے۔

    برطانوی وزیر مائیکل فالن کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ماہ بریگزٹ معاہدے کی منظوری کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں معاہدے کے خلاف حق رائے دہی استعمال کروں گا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے معاہدے کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بیلفاسٹ کا سفر اختیار کرنے والی تھیں لیکن اب وہ ویلز میں سیاست دانوں اور کسانوں سمیت دیگر افراد سے خطاب کریں گی۔


    مزید پڑھیں : بریگزٹ ڈیل سے امریکا اوربرطانیہ کی تجارت ختم ہوسکتی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ


    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل برطانیہ اور یورپین یونین کے درمیان ہونے والے متوقع بریگزٹ معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے امریکا اور برطانیہ کی تجارتی ڈیل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    ان کا خیالات کا اظہار واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کیا ان کا کہنا تھا کہ کہ بادی النظر میں دکھائی دیتا ہے کہ بریگزٹ معاہدہ یورپین یونین کے لیے تو کئی فوائد لیے ہوئے ہے لیکن اس کے بعد شاید برطانیہ ہمارے ساتھ تجارت نہ کرسکے۔

    امریکی صدر کے مطابق معاہدے کی شق نمبر 10 کے تحت برطانیہ کو دنیا بھر کےممالک سے نئے تجارتی معاہدے کرنے ہوں گے ۔

  • ایف اے ٹی ایف: پاکستان کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار

    ایف اے ٹی ایف: پاکستان کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار

    پیرس : ایف اے ٹی ایف کے غیر رسمی اجلاس میں پاکستانی وفد کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا، پاکستان کو گرے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس میں ایف اے ٹی ایف کا با ضابطہ اجلاس آج شروع ہو گیا، ایف اے ٹی ایف کا سہ ماہی اجلاس 29 جون تک جاری رہے گا، پاکستان کا نام باضابطہ گرے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے کا امکان ہے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ گزشتہ اجلاس میں کیا گیا تھا، پاکستان کے 3 رکنی وفد نے ایف اے ٹی ایف کو رپورٹ پیش کی تھی، 27 صفحات پرمشتمل رپورٹ 25 اپریل کو پیش کی گئی تھی۔


    مزید پڑھیں: پاکستان کا ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں آنے کا کوئی امکان نہیں، مشیر خزانہ


    سفارتی ذرائع کے مطابق رپورٹ اینٹی منی لانڈرنگ اور اینٹی ٹیرر فنانسنگ اقدامات سے متعلق تھی، ایف اے ٹی ایف کےغیر رسمی اجلاس میں رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دی گئی، پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرنے پر بحث جاری ہے، گرے لسٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان ہوگا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ گرے لسٹ کی صورت میں ایف اے ٹی ایف کے مستقبل کا ایکشن پلان دیا جائے گا، جولائی میں ایف اے ٹی ایف کے وفد کا پاکستان کا دورہ بھی متوقع ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیض آباد دھرنا کیس، خادم رضوی و دیگر ملزمان اشتہاری قرار

    فیض آباد دھرنا کیس، خادم رضوی و دیگر ملزمان اشتہاری قرار

    اسلام آباد : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے  تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی و دیگر رہنماؤں کو مسلسل عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جج شاہ ارجمند نے فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت کی، دورانِ سماعت استغاثہ کے وکیل نے  مؤقف اختیار کیا کہ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ اور چار ملزمان کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمات درج ہیں مگر بار بار طلبی کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہیں ہورہے۔

    عدالت نے طلبی کے باوجود عدم حاضری پر تحریک لبیک کے خادم حسین رضوی ، پیر افضل قادری، مولانا عنایت اللہ اور شیخ اظہر  کو  اشتہاری قرار دیا۔


    مزید پڑھیں : فیض آباد دھرنا: خادم حسین رضوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


    یاد رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں تحریک لبیک کے رہنما خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    گزشتہ سماعت پر پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ملزمان کو مفرور قرار دیا جائے اور عدم حاضری کی صورت میں اشتہاری ٹھہرایا جائے۔

    اس سے قبل سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سیکورٹی اداروں کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔

    واضح رہے کہ ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی پر گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے دھرنا دیا گیا تھا جو تقریباً 22 روز بعد ختم ہوا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔